All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی کے مزید 9 سابق ممبران نے پارلیمنٹ لاجز کی رہائش گاہیں خالی کردیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈی نوٹیفائی ہونے والے پی ٹی آئی کے مزید 9 سابق ممبران نے پارلیمنٹ لاجز رہائش خالی کردیے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ شیخ راشد شفیق، ڈاکٹر نوشین حامد، تفشین صفدر، آفتاب صدیقی، عالمگیر خان اور راجہ خرم شہزاد، آصمہ قدیر، سبط اللہ اور شیر افگن نے رہائش گاہیں خالی کردیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر خالی ہونے والے لاجز کی تعداد 24 ہوگئی۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا تھا۔ خط کے متن کے مطابق آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے، پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کوسرکاری رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ رہائشیں خالی نہ کرنے پر آپریشن کرنا ہے لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے متعدد بار نوٹس کے باوجود تاحال پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے۔

پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ 10 مارچ کو انڈیا میں ریلیز ہوگی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈائریکٹر صائم صادق کی فلم ’جوائےلینڈ‘ 10 مارچ کو انڈیا میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی دنیا بھر میں ریلیز کی تاریخوں کا اعلان انسٹاگرام میں فلم کے آفیشل پیج پر کیا گیا ہے۔
شعیب منصور کی فلم ’بول‘ کے بعد ’جوائے لینڈ‘ ایک دہائی بعد انڈیا میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔
فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج کے مطابق فلم اسپین، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، انڈیا اور مشرقی یورپ کے ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ مشرقی یورپ کیلئے ایچ بی او نے فلم کے حقوق حاصل کیے ہیں جبکہ اٹلی، لاطینی امریکا اور اسرائیل کیلئے بات چیت جاری ہے۔
واضح رہے کہ فلم کو ہم جنس پرستی کے متنازعہ موضوع پر پاکستان میں شدید تنقید کا سامنا ہے اور پنجاب حکومت نے صوبے میں اس کی نمائش پر پابندی بھی لگائی تھی۔

پی ایس ایل 8: پشاور زلمی کی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں کراچی پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کیلئے پشاور زلمی کی ٹیم کپتان بابر اعظم کی قیادت میں کراچی پہنچ گئی۔
پشاور زلمی کے تمام پاکستانی پلئیرز اور کوچز کراچی پہنچ گئے ہیں، پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کل کراچی پہنچیں گے۔
پشاور زلمی کے غیر ملکی کرکٹرز 10 فروری کے بعد کراچی پہنچنا شروع ہوں گے۔ پشاور زلمی پی ایس ایل 8 میں پہلا میچ 14 فروری کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں مزید 7 فلطسینی شہید

غزہ: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ایک علاقے میں چھاپہ کار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 7 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جیریکو کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے علی الصبح چھاپہ مارا اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 7 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اسرائیلی فوج کی اس جارحیت میں 3 فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں مسلح نوجوانوں نے 28 جنوری کو چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جن کی گرفتاری کے لیے آج جانے والی ٹیم پر بھی فائرنگ کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ دفاعی فائرنگ میں دو حملہ آوروں سمیت 7 افراد مارے گئے مارے جانے والے نوجوانوں کا تعلق حماس سے تھا اور وہ اس علاقے کے اہم عہدیدار تھے۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ادھر قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 48 سالہ خاتون کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 43 ہوگئی جن میں 8 بچے شامل ہیں۔

کویت: کفیل کے بیٹے نے فلپائنی ملازمہ کو زیادتی بعد زندہ جلا دیا

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ گھریلو ملازمہ کو کفیل کے 17 سالہ بیٹے نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلادیا ۔
عرب میڈیا کے مطابق تین روز قبل صحرائی علاقے کی سڑک سے ایک جلی ہوئی لاش ملی تھی جس کی شناخت 35 سالہ فلپائنی خاتون جولیبی رانارا کے نام سے ہوئی ۔
لاش کے پوسٹ مارٹم اور فرانزک ٹیسٹ میں خاتون کے ساتھ زیادتی کی تصدیق بھی ہوئی،پولیس ان رپورٹس اور فلپائنی ملازمہ کے اہل خانہ سے حاصل ہونے والی معلومات کی وجہ سے سفاک قاتل تک پہنچ گئی جوایک 17 سالہ لڑکا ہے جس کے گھر وہ کام کیا کرتی تھی۔
زیادتی اور قتل کے اس ہولناک واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے فلپائن نے کویت کے لیے ملازمین کے بھرتی کے دفاتر کو بلیک لسٹ کردیا اور فلپائنیوں کو ملازمت کے لیے کویت جانے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ اس وقت کویت میں 2 لاکھ 68 ہزار فلپائنی ملازمت کی غرض سے مقیم ہیں اور ان میں زیادہ تر گھروں میں امور خانہ داری کا کام کرنے والی ملازمائیں ہیں۔
دوسری جانب بہیمانہ قتل کے بعد سے صرف چار روز میں 114 فلپائنی گھریلو ملازمائیں اپنے آبائی وطن لوٹ چکی ہیں جبکہ 400 سے زیادہ فلپائنی باشندوں نے ہنگامی مرکز میں پناہ لی ہے۔

عمران خان کی جیل بھرو تحریک ملک میں فساد پیدا کرنے کی سازش ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے خود گرفتاری دیں پھر کارکنوں کو اپیل کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان پہلے وقت، دن اور تاریخ کا اعلان کریں کہ کس کیس میں اور کس عدالت میں گرفتاری دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل بھرو تحریک ڈیلی ویجرز اور دیہاڑی داروں کو پیسے دے کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش ہے، عمران خان جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، جیل بھرو تحریک ملک میں فساد اور انتشار پیدا کرنے کی سازش ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اپنی ضمانتوں کیلئے روتے ہیں، پھر کہتے ہیں جیل بھرو تحریک چلائیں گے، عمران خان بہروپیا ہے، بات کچھ اور کام کچھ اور کرتا ہے، جیل بھرو تحریک سے پہلے ضمانتیں کینسل کروائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ریسکیو ٹیمیں ترکیہ بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے کے بعد آفت زدہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہی ہے، تربیت یافتہ اربن سرچ، ریسکیو ٹیموں کو آلات، ادویات کے ساتھ ترکیہ روانہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انقرہ میں ہمارا مشن متعلقہ ترک حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، زلزلے کی آفت کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

 

برطانیہ میں نرسز کا تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں لاکھوں نرسز نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کااعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں مختلف اداروں کے ملازمین تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتالیں کررہے ہیں جس کے بعد اب لاکھوں نرسز نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ایمبولینس ورکرز نے بھی 10فروری سے ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی بزنس سیکرٹری نے نرسز کے ہڑتال کے اعلان کو تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگا، ایمبولینس ورکز کی ہڑتال کے دوران برطانوی فوج خدمات انجام دےگی۔

کراچی: 5 اوباش نوجوانوں کی نوعمر لڑکی سے اجتماعی زیادتی

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیہ ٹاؤن میں 5 اوباش نوجوانوں نے نوعمر لڑکی کو خالی مکان میں لیجاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بلدیہ تھانے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق مدعیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ بلدیہ سرحدی کالونی میں حقانی مسجد کے قریب کی رہائشی ہے۔ تین جنوری کو شام ساڑھے پانچ بجے وہ اپنی والدہ کو بتاکر دادی کے گھر (جو دو تین گلیوں کے فاصلے پر ہے) جارہی تھی کہ راستے میں ایک تنگ گلی میں ایک لڑکا جس کا نام ساجد عرف جوجو ہے اور اسی محلے میں رہتا ہے موجود تھا جس نے مجھے روکا اور زبردستی گلی کے کونے تک کھینچتا ہوا لے گیا۔
لڑکی نے بتایا کہ گلی کونے پر ایک رکشا پہلے سے کھڑا تھا جس میں 4 لڑکے موجود تھے جنہوں نے مجھے زبردستی رکشے میں بٹھایا اور مواچھ موڑ سپارکو روڈ کی جانب ایک خالی مکان میں لے گئے جہاں انہوں نے مجھے پانی پلایا جس میں کوئی چیز ملی ہوئی تھی، بعد ازاں چاروں لڑکوں نے میرے ہاتھ پاؤں پکڑے اور ساجد عرف جو جو نے مجھے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد چاروں لڑکوں نے بھی باری باری زیادتی کی۔
لڑکی کے مطابق وہ شور شرابہ کرتی رہی لیکن انہوں نے مجھے نہیں چھوڑا اور رات دیر ہونے پر وہ مجھے چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد میں اپنے گھر پہنچی، پولیس نے نوعمر لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد نامزد ساجد عرف جو جو کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈالر بیک فٹ پر آگیا، انٹربینک ریٹ 276 روپے سے نیچے آگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام شرائط تسلیم کیے جانے سے قرض پروگرام کی ممکنہ بحالی اور دوست ممالک سے بھی مالیاتی تعاون کی توقعات پر پیر کو ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 276 روپے سے نیچے آگئے تاہم اوپن ریٹ اتار چڑھاؤ کے باوجود مستحکم رہے۔
کاروبار کے ابتدا میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 2.54 روپے کی کمی سے 274.03 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.28 روپے کی کمی سے 275.29 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 4 روپے کی کمی سے 279 روپے کی سطح پر آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ بغیر کسی تبدیلی کے 283 روپے پر مستحکم رہ کر بند ہوئے۔