All posts by Khabrain News

آئی ایم ایف کو اسحاق ڈار پر اعتماد نہیں، انہیں فی الفور مستعفی ہونا چاہیے: شاہ محمود قریشی

ملتان : (ویب ڈیسک) وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو اسحاق ڈار پر اعتماد نہیں، انہیں فی الفور مستعفی ہونا چاہیے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بجٹ کو مسترد کر دیا ہے، 215 ارب روپے کے مزید ٹیکسز کی نوید قوم کو سنائی گئی ہے، جس بجٹ پر ووٹنگ ہوگی وہ نیا فنانس بل ہوگا، جو پہلے ٹیکس لگے وہ اپنی جگہ موجود ہیں، اب مزید 215 ارب روپے کے ٹیکسز لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اسحاق ڈار پر اعتماد نہیں ہے، وزیراعظم نے بھی ایم ڈی آئی ایم ایف کے ساتھ بات کی، مزید 215 ارب روپے کا بوجھ پاکستانیوں پر ڈالا ہے، آئی ایم ایف ریونیو ٹارگٹ سے مطمئن نہیں ہے، جو باتیں کی جا رہی ہیں وہ حقائق پر مبنی نہیں ہیں، وقتی طور پر لوگوں کا منہ بند کیا جا رہا ہے لیکن حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فنانس بل کو ریوائز کیا جا رہا ہے، شہروں میں 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، یہ بجٹ قوم، تاجر، کسان اور صنعتکار مسترد کر چکے ہیں، اب آئی ایم ایف نے بھی بجٹ مسترد کر دیا ہے، میری گزارش ہے اسحاق ڈار صاحب مستعفی ہوں اور کسی اور کو ذمہ داری سنبھالنے دیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یونان کشتی حادثہ پر بہت تکلیف ہوئی، دیکھنا چاہیے لوگ مجبور ہو کر گھر کیوں چھوڑ رہے ہیں، تیس تیس لاکھ دے کر موت کوئی خریدنے نہیں جاتا، جہاز میں پانی تک نہیں ملا، لوگ پیاسے مر گئے، اس کا تدارک ہونا چاہیے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی نئی بلا نہیں، انسانی سمگلنگ عرصہ دراز سے ہو رہی ہے، اس کی بیخ کنی ہونی چاہیے، میں عہدوں اور ٹکٹوں کی سیاست سے بالا ہوگیا ہوں، میں اس وقت نظریے کی سیاست کر رہا ہوں اور نظریے پر قائم ہوں۔

علمائے کرام کا فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) علمائے کرام کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جناح ہاؤس بابائے قوم اور پاک فوج کا گھر تھا، اس پر حملہ کرنے والے ملک دشمن عناصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ افواجِ پاکستان عالمِ اسلام کی فوج ہے، پاک فوج کی بقاء میں ملک کی بقاء ہے، ناگہانی آفات میں بھی پاک فوج کا مثالی کردارہے جو ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستان کے محافظ صرف وہ لوگ نہیں جو وردی پہن کر کھڑے ہیں، پاکستان کا محافظ ہر محب وطن پاکستانی ہے۔
وفد کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان جہاں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی ضامن ہے ، وہیں افواجِ پاکستان اسلام کا پرچم بھی بلند رکھنے کی ضامن ہے، افواجِ پاکستان پر انگلی اٹھانے یا ایسا شرمناک اقدام کرنے سے پہلے یہ یاد رکھیئے گا کہ ہم پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علماء کرام کے وفد نے ملکی اثاثوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ آور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزائیں دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

آزاد کشمیر کی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، ارکان اسمبلی آج حلف اٹھائینگے

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا، ارکان اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب آج 3 بجے ہوگی، 27 سے زائد ارکان اسمبلی وزرائے حکومت کا حلف اٹھائیں گے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کابینہ اراکین سے حلف لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کو مشیر حکومت اور معاون خصوصی بنایا جائے گا، انوارالحق گروپ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے متجاوز، بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں لوگ انتہائی گرم موسم اور بجلی کی طویل بندش کے دہرے عذاب سے دوچار ہیں، ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 598 میگاواٹ پر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 402 میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 200 میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 563 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1 ہزار 245 میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 100 میگاواٹ ہے، بگاس سے 130 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 164 میگاواٹ ہے، سسٹم اوور لوڈ اور ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں 12 گھنٹے سے زائد بجلی غائب ہے۔
لاہورمیں شدید گرمی اور جان لیوا حبس میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی اوور لوڈڈ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی۔
لیسکو کی بجلی کی طلب 5500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، لوڈ بڑھنے کے باعث ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں اضافہ ہوا، سٹاف کی کمی کے باعث شکایات کا بروقت ازالہ ممکن نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈگن کے باعث بچے، بوڑھے، خواتین اور بیمار شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی بھی کمی کا سامنا ہے۔
لاہور کے علاقے مزنگ، کچا جیل روڈ، عامر ٹاون، ہربنس پورہ، شاہدرہ ٹاؤن، امامیہ کالونی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے تک بجلی بند رہی، شدید گرمی اور حبس سے شہری نڈھال ہوگئے۔

صدر مملکت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خاندان کے افراد بھی ان کے ہمراہ ہونگے ، صدر مملکت کی غیر موجودگی میں اب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے قائم مقام صدر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

فیصل آباد : ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، بدنام زمانہ انتہائی مطلوب انسانی سمگلرگرفتار

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل فیصل آباد نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ انتہائی مطلوب انسانی سمگلرگرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی سمگلر طاہر ندیم کے خلاف 30 سے زائد مقدمات درج تھے، ملزم کیخلاف ایف آئی اے فیصل آباد سرکل میں 14 مقدمات اور 3 انکوائریاں بھی درج تھیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں فراڈ کے تحت 16 مقدمات بھی درج تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں سے جعل سازی اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے لوٹے، ملزم شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ، کینیڈا، جاپان و دیگر ممالک بھیجنے میں ملوث تھا ، ملزم فیصل آباد کے شہریوں سے جعل سازی اور فراڈ کرنے میں بھی ملوث رہا۔
حکام کے مطابق ماضی میں ملزم کے خلاف 6 مقدمات میں چالان میں جمع کروایا گیا تھا۔ ملزم مذکورہ مقدمات میں عدالتی مفرور بھی ڈکلیر ہوا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 25 پاکستانی پاسپورٹس، جعلی بینک مہریں برآمد کر لی گئی، ملزم سے مختلف ممالک کے جعلی ویزے، چیک بکس، اسٹاپ پیپرز اور متعدد چیکس بھی برآمد ہوئے ہیں ۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے نتیجے میں ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکومت کا شوگر ڈرنکس، جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 9 واں اقتصادی جائزہ مکمل کرنے کیلئے آئی ایم ایف کی شرائط پر ٹیکسز کی بھرمار کا سلسلہ رک نہیں سکا، وفاقی حکومت نے شوگر ڈرنکس، جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی حکومت درآمدی و برانڈڈ شوگر ڈرنکس اور جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھائے گی، شوگر ڈرنکس اور جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 10 فی صد سے بڑھا کر 20 فی صد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف ای ڈی کے علاوہ شوگر ڈرنکس اور جوسز پر 18 فی صد سیلز ٹیکس عائد ہے، نئے ٹیکسز کے باعث درآمدی و برانڈڈ تمام جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو بڑھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کھاد پر بھی ایف ای ڈی اور زمین کی خریداری پر ٹیکس دوگنا کر دیا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے بھارتی سکواڈ کا اعلان

ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچز کی ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25۔2023 کا حصہ ہوگی، بھارتی ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 12 جولائی سے ڈومینیکا میں پہلے ٹیسٹ سے کرے گی ، دوسرا ٹیسٹ 20 جولائی کو پورٹ آف سپین کے کوئنز پارک اوول میں شروع ہوگا۔ یشسوی جیسوال، رتوراج گائیکواڈ اور مکیش کمار کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امیش یادو ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ اعلان کردہ سکواڈ میں روہت شرما ( کپتان ) اور اجنکیا رہانے (نائب کپتان)ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل، ویرات کوہلی، رتوراج گائیکواڑ، یشسوی جیسوال، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، روی چندرن ایشون ، رویندرا جدیجہ ، اکسر پٹیل، شاردول ٹھاکر، محمد سراج، مکیش کمار، جے دیو انادکت، ایشان کشن اور نودیپ سینی شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں آج مزید دو میچز کا فیصلہ ہو گا

ہرارے : ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں آج مزید دو میچز کا فیصلہ ہو گا۔ آئی سی سی کے زیر اہتمام ورلڈ کپ کوالیفائر کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ زمبابوے میں جاری ہے ، آج پہلا میچ سری لنکا اور آئرلینڈ جبکہ دوسرا میچ عمان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گروپ بی کے پہلے میچ میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں کوئنز سپورٹس کلب ، بلاوایو میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ گروپ بی کا دوسرا میچ عمان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان بلاوایو اتھلیٹک کلب میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا سرفہرست جبکہ سکاٹ لینڈ دوسرے اوراومان تیسرے نمبر پر ہے اور آئرلینڈ نے ابھی تک کوئی میچ نہیں جیتا۔

بیلاروس کی مداخلت، روس اور ویگنر گروپ کے مابین مذاکرات کامیاب

ماسکو : ( ویب ڈیسک ) روس کے خلاف بغاوت کرنے والے نیم فوجی دستے ویگنر گروپ نے کامیاب مذاکرات کے بعد بغاوت ختم کردی۔ بیلاروس کی ویگنر گروپ اور روسی قیادت کےدرمیان مصالحت کی کوششیں رنگ لے آئیں، بیلاروس کے صدر کی کوششوں کے بعد ویگنرگروپ روس میں پیش قدمی روکنے پر آمادہ ہوگیا اور سربراہ ویگنرگروپ یووگنی پری گوژن نے کشیدہ صورتحال کو کم کرنے پراتفاق کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلا روس کے صدر نے روسی قیادت اور باغی گروپ کے درمیان مفاہمت کیلئے کردار ادا کیا اور دونوں فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کیا جس کے بعد ویگنر کے سربراہ پری گوژن نے اہلکاروں کو واپسی کا حکم دیا۔ انہوں نے اپنے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ماسکو کی جانب پیش قدمی روکتے ہوئے یوکرین واپس جاکر اپنے کیمپوں میں پوزیشنز سنبھال لیں۔ پریگوزن کا کہنا تھا کہ ان کے جنگجو جو ماسکو کی طرف پیش قدمی کر رہے تھے خونریزی سے بچنے کے لیے مڑ کر اپنے بیرکوں کی طرف لوٹ رہے ہیں، ویگنر ملٹری کمپنی کو ختم کرنا چاہتے تھے، ہم نے 23 جون کو انصاف کے مارچ کا آغاز کیا، 24 گھنٹوں میں ہم ماسکو سے 200 کلومیٹر کے اندر پہنچ گئے تھے اور اس دوران ہم نے اپنے جنگجوؤں کے خون کا ایک قطرہ بھی نہیں بہایا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ لمحہ آ گیا ہے جب خون بہہ سکتا ہے، اس ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے کہ دونوں طرف روسی خون بہے گا، ہم اپنے دستوں کا رخ موڑ رہے ہیں اور منصوبہ بندی کے مطابق فیلڈ کیمپوں میں واپس جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ روس کے نیم فوجی دستے ویگنر نے روسی فوجی قیادت کے خلاف بغاوت کا اعلان تھا جس پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ویگنر گروپ کی فورسز کی جانب سے مسلح بغاوت غداری ہے اور جس نے بھی روسی فوج کے خلاف ہتھیار اُٹھائے اسے سزا دی جائے گی۔