All posts by Khabrain News

کوئی اثاثے نہیں چھپائے، ریفرنس بے بنیاد ہے: عمران خان کا توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کو جواب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خان ریفرنس میں الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ میں نے کوئی اثاثے نہیں چھپائے، ریفرنس بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
عمران خان کی جانب سے ساٹھ صفحات پر مشتمل جواب کے مطابق گزشتہ حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران 329 تحائف وصول کئے، توشہ خانہ کے 58 تحائف عمران خان اور ان کی اہلیہ نے وصول کیئے، 30 ہزار سے زائد مالیت کے کل 14 تحائف سابق وزیراعظم اور اہلیہ کو ملے۔
جواب میں کہا گیا کہ تمام تحائف ٹیکس ریٹرن اور اثاثوں کی تفصیلات میں موجود ہیں، توشہ خانہ تحائف کے چار یونٹ بیچے گئے، توشہ خانہ تحائف کے بدلے 3 کروڑ سے زائد کی رقم ادا کی گئی۔
عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ ریفرنس گھمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی ہے اور ریفرنس میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، ریفرنس کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی نے عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کردی۔

اشفاق احمد کو مداحوں سے بچھڑے 14 برس بیت گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) آج اردو اور پنجابی کے نامور ادیب، افسانہ و ڈرامہ نگار، دانشور، براڈ کاسٹر اشفاق احمد کی 14ویں برسی منائی جا رہی ہے، آپ 7 ستمبر 2004 کو اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
معروف مصنف اشفاق احمد 22 اگست 1925ء کو مکتسر ضلع فیروز پور میں پیدا ہوئے، انہوں نے دیال سنگھ کالج اور اورینٹل کالج لاہور میں تدریس کے فرائض انجام دیئے۔
اشفاق احمد ان نامور ادیبوں میں شامل ہیں جو قیام پاکستان کے فوراً بعد ادبی افق پر نمایاں ہوئے، 1953 میں ان کا افسانہ گڈریا ان کی شہرت کا باعث بنا، آپ داستان گو اور لیل و نہار نامی رسالوں کے مدیر بھی رہے، ان کے افسانوی مجموعے ایک محبت سو افسانے، اجلے پھول، سفر مینا، پھلکاری اور سبحان افسانے کے نام سے شائع ہوئے۔
ایک محبت سو افسانے اور اجلے پھول ان کے ابتدائی افسانوں کے مجموعے ہیں۔ بعد میں سفر در سفر (سفرنامہ)، کھیل کہانی (ناول)، ایک محبت سو ڈرامے (ڈرامے) اور توتا کہانی (ڈرامے) ان کی نمایاں تصانیف ہیں۔
حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز کے اعزازات عطا کیے تھے، صوفی مزاج کے حامل اشفاق احمد 7 ستمبر 2004ء کو لاہور میں وفات پاگئے اور ماڈل ٹائون کے قبرستان میں سپردخاک ہیں۔

چین میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہو گئی

سیچوان : (ویب ڈیسک) چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں دو روز قبل آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صوبہ سیچوان میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 259 افراد زخمی ہوئے جبکہ 26 افراد منگل کی رات تک لاپتہ تھے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔خبرایجنسی کا بتانا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں مرمت کرکے ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔
حالیہ زلزلے کو صوبے سیچوان میں 2017 کے بعد سے آنے والا سب سے شدید زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے جس نے متعدد عمارتیں تباہ کر دیں اور بجلی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
یاد رہے کہ سیچوان میں دوروز قبل 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ زیر زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، زلزلے سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔

گوجرانوالہ میں کتے کے کاٹنے سے خاتون جاں بحق

گوجرانوالہ : (ویب ڈیسک) گوجرانوالہ میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں کتے کے کاٹنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے احمد نگر میں پیش آیا جہاں آوارہ کتے نے خاتون کو کاٹ لیا۔پولیس کے مطابق خاتون کھیتوں میں کام کر رہی تھی کہ اس دوران کتے نے حملہ کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی، خاتون کو فوری طور پر طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی تاہم جسم میں زہر پھیلنے کے باعث خاتون جانبر نہ ہو سکی۔

حکومت پاکستان کا قرض 50 ہزار 503 ارب روپے ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق وفاقی حکومت کا قرض 50 ہزار 503 ارب روپے ہو گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت کا قرض جولائی 2021 سے جولائی 2022 کے دوران 27 فیصد بڑھا، حکومت کا مقامی قرض 31 ہزار ارب روپے ہے اور ایک سال میں حکومت کا مقامی قرض 16 فیصد بڑھا ہے۔مرکزی بینک کے مطابق حکومت کا بیرونی قرض 19 ہزار ارب روپے ہے اور ایک سال میں ملک کا بیرونی قرض 49 فیصد بڑھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے حال ہی میں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جس کی پہلی قسط پاکستان کو موصول بھی ہو گئی ہے۔

مزید بارشوں سے پاکستان میں سیلابی صورتحال بدترین ہو سکتی ہے: اقوام متحدہ

لاہور : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے مہینوں میں مزید بارشوں سے موجودہ ابتر سیلابی صورتحال بد ترین ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کا کہنا ہے کہ مزید بارشیں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیں گی۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ سیلاب سے بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق سیلاب سے پاکستان میں اب تک تین کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے پر آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے، آج پاکستان ہے تو کل ایسا کسی اور ملک کے ساتھ ہو سکتا ہے اور پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے سب سے زیادہ شکار ممالک میں ہوتا ہے۔

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر عالمی برادری پاکستان کو ہرجانہ ادا کرے: ایچ آر سی پی

لاہور : (ویب ڈیسک) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر عالمی برادری پاکستان کو ہرجانہ ادا کرے۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ آلودہ گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف صفر اعشاریہ چار فیصد ہے لیکن ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ملک پاکستان ہی ہے۔کمیشن نے تجویز دی کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے وسائل بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں استعمال ہونے چاہییں۔
ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایسی آفت کی لپیٹ میں ہے جس میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں، عالمی برادری خصوصاً آلودہ گیسوں کے زیادہ اخراج کے ذمہ دار ملک، پاکستان کو فوری طور پر ہرجانہ ادا کریں۔

یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، شہداء کو خراج عقیدت پیش

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم پاک فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر حاضری دی اور سلامی پیش کی۔
سات ستمبر پاک فضائیہ کے شہیدوں اور جانبازوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، یوم فضائیہ کے موقع پر نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قبر پر پاک فضائیہ کے دستے نے حاضری دی، ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس سمیت اعلیٰ افسران نے بھی قبر پر پھول رکھے، میڈیا سے گفتگو میں ائیر وائس مارشل زعیم افضل کا کہنا تھا کہ راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ 1971 میں راشد منہاس شہید نے اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی تھی جب وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ
ہو رہے تھے کہ اچانک ان کے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا، 20 سالہ راشد منہاس نے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کو زمین کی جانب موڑ کر دشمن کے عزائم خاک میں ملادیئے اور جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم کا آذر بائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، امداد پر اظہار تشکر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام حیدر علیوف سے ٹیلی فون پر بات کی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کی امداد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مون سون کے دوران معمول سے کہیں زیادہ بارشوں کے باعث شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ذریعہ معاش اور انفراسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے، اس کے نتیجے میں متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیاں بہت ہی محدود رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او جیسے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا ایک اہم رکن ہے، دونوں ممالک کےعوام دینی و ثقافتی وابستگی اور گہرے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

افغانستان سےدرآمد ہونے والے پھلوں اور میوہ جات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھادی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) افغانستان سے پاکستان درآمد ہونے والے پھلوں اور میوہ جات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھادی گئی۔ اضافی ٹیکسز کی باعث قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگا۔
کسٹم حکام کے مطابق کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسز کا نفاذ ہوچکا ہے جو 21 فروری 2023 تک نافذ العمل رہے گا۔
سیب پر فی ٹن 59 ہزار، انگورکی فی ٹن درآمد پر 42ہزار 811 روپے ڈیوٹی بڑھادی گئی۔ انار پر60ہزار 842 ، خوبانی پر 33 ہزار 527 روپے ڈیوٹی بڑھائی گئی ہے۔
تاجر برادری نے ٹیکسز میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پھلوں کی درآمد روک دی گئی ہے۔ طور خم بارڈر پر تازہ پھلوں کی سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہیں۔
تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی کو کم کرکے تجارت کو فروغ دیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث پھلوں کے باغات اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ درآمد پر اضافی ٹیکسز کے باعث پھلوں کی قیمتیں 50 سے 100 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔