All posts by Khabrain News

میئر کراچی کا علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے کام کا جائزہ لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
نو منتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صبح کے وقت شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کیلئے نکل پڑے جہاں انھوں نے نہ صرف صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا بلکہ سڑکوں کا بھی معائنہ کیا۔
اس دوران شہر کے مختلف ایریاز میں سندھ سالڈ ویسٹ کی ٹیمیں صفائی کے کاموں میں مصروف نظر آئیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مختلف مقامات پر عملہ صفائی کے کاموں میں مصروف پایا گیا۔
میئر کراچی نے عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں محنت و لگن کے ساتھ شہر کی خدمت کرنی ہے، صفائی ستھرائی کے حوالے سے شکایات 1128 پر درج کروائی جا سکتی ہیں۔

منی لانڈرنگ ریفرنس: حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمے میں حمزہ شہباز کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی بھی مؤخر کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج قمر الزماں کے سامنے ہوئی۔
نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سلیمان شہباز، ہارون یوسف اور طاہر نقوی کیخلاف شواہد نہیں ملے، عدالت نے ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی مؤخر کردی
حمزہ شہباز نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتا، عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کارروائی 5 جولائی تک ملتوی کردی۔

حکومت کا یو ٹرن: سیلاب متاثرین سے معاف بجلی بلوں کی وصولی شروع

کراچی: (ویب ڈیسک) سیلاب اور بارش سے متاثرہ سندھ کے تاجروں کے پچھلے برس کے معاف کیے گئے بجلی کے بلوں کے حوالے سے حکومت نے یوٹرن لے لیا اور اب پانی اترتے ہی ان سے بجلی بلوں کی وصولی شروع کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال برسات اور سیلاب کے آفت زدہ قرار دیے گئے علاقوں میں 2 ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کیا تھا، اعلان کے بعد سکھر کے تجارتی مراکز میں ستمبر 2022 کے بل معاف کیے گئے، مگر رواں ماہ سکھر کے تاجروں کو ایڈجسٹمنٹ کے نام پر گزشتہ سال کے معاف کیے گئے بل بھی لگا کر بھیج دئیے گئے۔
اس حوالے سے تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے، ایسے میں حکومت کی جانب سے یوٹرن لے کر ان پر اچانک سے بجلی بم گرایا گیا ہے۔
ایک تاجر نے کہا کہ اس علاقے کو آفت زادہ قرار دے دیا تھا اور اس کے بعد سارے یوٹیلیٹی بلز معاف ہو گئے تھے، کوئی بل نہیں تھا لیکن اب ایک دم بل بجلی کے بلوں کے اندر پیسے لگ کر آرہے ہیں۔
ایک اور تاجر نے کہا کہ تاجر برادری بہت پریشان ہے، ایک تو جون کا بل آپ کو پتا کتنا زیادہ آتا ہے، دوسرا ستمبر کا بل بھی اس میں ایڈجسٹ کردیا گیا ہے، ایڈجسٹ کرنے کے بعد وہ بل لاکھوں روپے کا ہوگیا ہے۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اس ماہ پھر بل لگ کے آیا ہے، کاروبار کی پوزیشن یہ ہے کہ آپ خود دیکھیں کہ کاروبار بالکل نہیں ہے، انہوں نے ہمیں ریلیف دیا، اس سال اچانک ہم پر بم پھوڑ دیا۔
حکام سکھر الیکٹرک پاور اینڈ کمپنی کے مطابق وفاقی حکومت کے احکامات پر سیپکو سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے کمرشل صارفین سے گزشتہ سال کے معاف کیے گئے بل وصول کیے جارہے ہیں۔

سورج سوا نیزے پر،گلیشیر پگھلنے کا خدشہ، درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان آج سے 24 جون تک شدید گرمی کا عندیہ،لاہور،اسلام آباد اور کشمیرکا درجہ حرارت 4سے 6سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) آج سے 24 جون کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

فرانس : وسطی پیرس میں دھماکے سے 37 افراد زخمی

پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک بڑے دھماکے کے نتیجے میں 37 افراد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی پیرس میں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد وہاں موجود متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی جبکہ دھماکے کے نتیجے میں 37 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے قبل گیس کی شدید بو آ رہی تھی۔ پیرس کے پراسیکیوٹر نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد کہا کہ کیمرے کی فوٹیج کی ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکہ عمارت کے اندر ہوا۔ پیرس پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس لیکج سے ہوا ہے، دھماکے کے بعد ایک عمارت کا اگلا حصہ زمین بوس ہوگیا اور عمارت کو ابتدائی طور پر آگ نے لپیٹ میں لے لیا لیکن بعد میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ جس علاقے میں دھماکا ہوا وہ پیرس کے بائیں کنارے کے علاقے میں لاطینی کوارٹر سے جنوب کی طرف ہے جو سیاحوں میں مقبول ہے اور طلباء کی آبادی کے لیے جانا جاتا ہے۔

معیشت تباہ، ریاست بدحال ہے، کسی شعبے میں استحکام نہیں: شیخ رشید

لاہور : (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے 50 دن اور آئی ایم ایف کے فیصلے کو 8 دن رہ گئے ہیں، پاکستان میں کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں عدم استحکام نہیں، معیشت تباہ، ریاست بدحال، سیاست کا برا حال ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ 2 کروڑ لوگ بے روزگار، 10 کروڑ خطہ غربت کی لکیر سے نیچے اور ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، دیکھتے ہیں شہباز شریف فرانس سے آئی ایم ایف کو منوا کر آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک وینٹی لیٹر پر ہے جب انڈسٹری نہیں چلے گی تو روزگار نہیں ملے گا اور بیروزگار بھوک کے مارے سمندروں میں ڈوب کے مریں گے، یہ کہتے تھے ہم آئیں گے تو دودھ شہد کی نہریں بہہ جائیں گی لیکن انہوں نے مہنگائی، بیروزگاری کا طوفان کھڑا کر دیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈار کہتا تھا ڈالر 200 کا کروں گا اب آئی ایم ایف کیلئے امریکہ برطانیہ کے سفیروں کے پاؤں میں پڑا ہے، جو 50 سال سے یہاں سرمایہ کاری کر رہے تھے وہ بھی اپنےشیئر بیچ کر جا رہے ہیں جب پاکستانی ہی سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو آئین و قانون کی تضحیک کی موجودگی میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیئے گئے جن کو جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ غیرملکی دوروں پر ہیں، پولیس گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کر رہی ہے، چادر اور چاردیواری کو رسوا کر رہی ہے، اتنی ملک میں گندم نہیں کاٹی جا رہی جتنی پولیس جھوٹی ایف آئی آر کاٹ رہی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے کیسوں کا جمعہ بازار اور کرپشن کا انبار لگا ہے جس کو چاہتے ہیں اٹھا لیتے ہیں ایک کیس میں ضمانت ہونے پر دوسری ریڈی میٹ ایف آئی آر جیل کے دروازے پر منتظر ہوتی ہے۔

یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیوں کی منظوری دیدی

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شامل رکن ممالک کی جانب سے یوکرین جنگ کے تناظر میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 11 ویں پیکیج کی منظوری دیدی۔ بطور صدر یورپی یونین سوئیڈن کی جانب سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ایسی اشیاء کو بھی پابندی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر روس کے فوجی سیکٹر کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔ نئی پابندیوں کے تحت روسی حکومت کے زیر کنٹرول پانچ براڈ کاسٹنگ اداروں کے لائسنس بھی منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ نئی پابندیوں کے تحت مبینہ طور پر یوکرینی بچوں کو غیر قانونی طور پر روس ڈیپورٹ کرنے کے الزام میں 71 افراد اور 33 اداروں کے اثاثے منجمند کردئیے گئے ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق کسی تیسرے ملک ایسی حساس اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو کہ دوہرے مقاصد کیلئے قابل استعمال ہوں، اور وہ ایسی اشیاء روس کو فروخت کر دے۔ یورپی یونین کے اجلاس میں ایسے مشتبہ ممالک کی فہرست بھی تیار کی گئی ہے جن کو حساس اور دوہرے استعمال کی اشیاء فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ یورپی یونین کی جانب سے طویل عرصے سے روس کے پڑوسی ممالک آرمینیا، قازقستان، کرغستان، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور چین کی جانب سے یورپی یونین کی اشیاء کی مانگ بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا تھا۔ یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وین ڈیر لین کی جانب سے بھی نئی پابندیوں کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نئی پابندیوں کی تیاری کے مرحلے پر ہنگری اور یونان کی جانب سے اپنی کمپنیوں پر جنگ میں مدد کا الزام عائد کرکے لگائی گئی یوکرینی پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد یوکرین نے فوری طور پر یونان کی 5 شپنگ کمپنیوں کو پابندی کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔ دوسری جانب ہنگری کی او ٹی پی بینک تاحال یوکرین کی پابندیوں کی فہرست پر برقرار ہے تاہم ہنگری کی جانب سے نئی پابندیوں کی حمایت کی گئی ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے لگائی گئی نئی پابندیوں کے اعلان سے قبل برطانیہ میں روسی سفارت خانے کی جانب سے چند روز پہلے گیارہویں پابندیوں کا پیکیج اور پس منظر کے عنوان سے امریکی صدر کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کی گئی تھی۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان کا دورہ سری لنکا، مشق میں شرکت

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان نے سری لنکا کا دورہ کیا اور بحری مشق میں شرکت کی۔ ترجمان پاکستان بحریہ کے مطابق سری لنکا کی بندرگاہ کولمبو آمد پر پاکستانی سفارتی حکام اور میزبان بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکا کی سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس ٹیپو سلطان کا سری لنکا کا دورہ اور بحری مشق میں شرکت سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ پاک تحریہ ترجمان کے مطابق دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کے بحری جہازوں کے مابین مشق کا انعقاد کیا گیا۔

توہین الیکشن کمیشن کیس، عدالت نے حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا۔ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے توہین الیکشن کمیشن میں شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پٹیشن پر سماعت کی اور الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سےروک دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے 2 صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کیس کی کارروائی جاری رکھے لیکن حتمی فیصلہ نہ دے۔ الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے جولائی کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کر لیا گیا، حکم نامہ کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے 27 جنوری کے نوٹس اور 13 جون کے شوکاز نوٹس کو چیلنج کیا گیا۔

یونان کشتی حادثہ: گجرات پولیس کا اہلکار بھی زندہ بچ جانے والوں میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) یونان کشتی حادثہ میں زندہ بچ جانے والے 12 پاکستانیوں میں سے ایک گجرات پولیس کا اہلکار نکلا۔ گجرات پولیس کا ملازم عثمان صدیق پنجاب پولیس سے چھٹی لے کر اٹلی جانے کے لیے لیبیا روانہ ہوا، عثمان صدیق نے غیرقانونی طریقہ سے اٹلی جانے کے لیے ایجنٹ کو لاکھوں روپے ادا کئے۔ عثمان صدیق لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے کشتی حادثہ میں زندہ بچنے والے خوش نصیبوں میں شامل ہے۔ یونانی حکام نے اپنی تفتیش مکمل کرنے کے بعد عثمان صدیق کو کیمپ سے جانے کی اجازت دے دی۔