All posts by Khabrain News

ہمقدم پروگرام کا افتتاح، ساڑھے 3 ارب روپے سے خصوصی افراد کی ماہانہ مالی معاونت کی جائیگی ، عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر بزدار حکومت کا خصوصی افراد کیلئے تاریخ ساز اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کیلئے ساڑھے 3 ارب روپے کے ”ہمقدم“ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب احساس پروگرام کے تحت” ہمقدم“ پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ”ہمقدم“ پروگرام کے تحت مالی معاونت کیلئے اہل خصوصی افراد میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی افراد کے لئے” ہمقدم“ پروگرام کا آغاز تاریخی اقدام ہے۔”ہمقدم“ پروگرام کے تحت خصوصی افرادکی مالی معاونت کی جائے گی۔”ہمقدم “ پروگرام سے ساڑھے 63 ہزار سپیشل افراد مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو 27 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں اور 10 کروڑ روپے سے خصوصی افراد کو وہیل چیئر، آلہ سماعت اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ۔ ماضی کی حکومت کی عدم توجہ کے باعث خصوصی افراد کو سماجی و معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔خصو صی افراد کو قومی دھارے میں شامل کیا جانا بہت اہمیت کا حامل ہے اور خصوصی افرادکی معاشی خودمختاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ خصوصی افراد کو سماجی و معاشی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت خصوصی افرا دکیلئے ”ہمقدم“ پروگرام کی تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے کیونکہ یہ تقریب معاشرے کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے منعقد کی گئی ہے جو ہم سب کیلئے سپیشل ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت حکومت پنجاب نادار اور محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہے۔ پنجاب احساس پروگرام کے تحت پسماندہ طبقات کے معیار زندگی میں بہتری، عدل، مساوات اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ناصر جمال چیمہ نے ”ہمقدم“ پروگرام اور اتھارٹی کے جاری اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور بخاری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ناصر جمال چیمہ، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، سہیل ظفر، سلیم بریار، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزےراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری

بنگلا دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے، کوشش ہو گی کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجایا جائے، اس پچ سے اسپنرز کو مدد ملے گی۔

دوسری جانب بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ٹیم آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے اور دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

اپوزیشن کا منی بجٹ کیخلاف شدید مزاحمت کا فیصلہ

شہباز شریف، بلاول بھٹو، نوازشریف اور فضل الرحمن کا حکومت کیخلاف رابطے بڑھانے کافیصلہ۔
اپوزیشن کا حکومتی نااہلی و ناقص کارکردگی پر بھی سیاست کرنے کا فیصلہ۔
حکومت اور اپوزیش میں سیاسی محاذ آرائی اور کشیدگی بڑھ گئی۔
اپوزیشن کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بھی بائیکاٹ۔
پارلیمنٹ میں شدید مزاحمت ہوگی۔ اپوزیشن اتحاد مزید فعال بنانے پر اتفاق۔
عوامی سطح پر حکومت مخالف مزاحمت بڑھے گی۔

سموگ کے خاتمہ کیلئے 15 نکاتی ایکشن پلان تیار

اسلام آباد:پاکستان میں بڑھتی فضائی آلودگی پر وزیر اعظم عمران خان نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سمیت فضائی آلودگی خاموش قاتل ہے ،اس سے بچنے کیلئے تمام شہروں کی انتظامیہ اور سرکاری ادارے آج کے بعد الیکٹرک بسیں خریدیں گے،سموگ میں کمی  لانے کے لئے ریجنل ایشو کی حثیت دے کر بھارت سے رابطہ کیا جائے گا ۔

وزیراعظم   عمران خان کی زیر صدارت فضائی آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس  اسلام اباد میں ہوا ،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی، وفاقی اور صوبائی وزرا سمیت اعلی حکام نے  شرکت کی ،وزیراعظم کو فضائی آلودگی بالخصوص سموگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی  اور اسکے خاتمے کیلئےمعاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعظم کو 15 نکاتی ایکشن پلان پیش   کرتے ہوئے فضائی آلودگی میں کمی کے لئے پاکستان میں یورو فائیو پٹرول درآمد کرنے سفارش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یورو فائیو کی درآمد تک مقامی آئل ریفائنریز بھی یورو فائیو کے معیار کا پٹرول تیار کریں،اجلاس کو  بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اینٹوں کے بھٹہ مالکان  پابندی کے باوجود بجلی بچانے کے لئے پاور پلانٹس استعمال نہیں کرتے، ایکشن پلان  کے تحت اینٹوں کے بھٹوں کو بجلی پر منتقل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اصولی اقدامات اُٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کیلیے شرمناک دن ہے، وزیراعظم

عمران خان نے سیالکوٹ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کے لیے شرم ناک دن ہے، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیالکوٹ فیکٹری پر حملہ آور سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کے لیے شرمناک دن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں خود اس کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں، اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں جاری ہیں، تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج سیالکوٹ کی ایک نجی فیکٹری میں ہجوم نے تشدد کرکے سری لنکن مینیجر کو موت کے گھاٹ اتار دیا بعد ازاں سڑک بلاک کرکے اس کی لاش کو نذر آتش کردیا۔

‏سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کا سری لنکن پرانتھا کمارا کا بہیمانہ قتل انتہای قابل مزمت اور شرمناک ہے- آرمی چیف

‏سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کا سری لنکن پرانتھا کمارا کا بہیمانہ قتل انتہای قابل مزمت اور شرمناک ہے- آرمی چیف
ایسے ماوراے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں – آرمی چیف
اس گھناونے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سول ایڈمنسٹریشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاے – آرمی چیف

سیالکوٹ واقعہ، 50 افراد کو حراست میں لے لیا گیا: ترجمان پنجاب حکومت

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکن شہری کا حادثہ بہت افسوسناک ہے، 50 افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، واقعہ میں ملوث افرادکےخلاف کارروائی ہو گی۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں سری لنکن منیجر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان علما کونسل سری لنکن منیجرکے قتل کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ مجرمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سری لنکن منیجرپر حملہ کرنے والوں نے اس قانون کی بھی توہین کی ہے۔ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجرکو قتل کرنے والوں کا عمل غیراسلامی اور غیرانسانی ہے۔
قبل ازیں سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین نے غیر ملکی منیجر کو تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا ،واقعہ کے بعد وزیراعلٰی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیاتھا ۔
پولیس کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا ۔ ملازمین نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر بلاک کردی، پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کے بعد وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی تھی۔

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا

نیب نے آغا سراج درانی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور رہنما پیپلزپارٹی آغا سراج درانی کو سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔ آغا سراج درانی سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست کے حوالے سے پیش ہوئے تھے۔ تاہم عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔
آغا سراج درانی اپنی درخواست مسترد ہونےکے بعد کافی دیر تک سپریم کورٹ کے اندر ہی موجود رہے اورباہر نہیں نکلے، جب کہ نیب کی ٹیم آغا سراج درانی کو گرفتار کر نے کیلئے سپریم کورٹ کے باہر موجود رہی، تاہم جیسے ہی وہ عدالت سے باہر آئے انہیں نیب کے اہلکاروں نے فوری گرفتار کرلیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، جب کہ آغا سراج درانی ذاتی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے آغا سراج درانی کی ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم نہیں دے سکتے، ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمار کس دیئے کہ آپ پہلے نیب اتھارٹی کو سرنڈر کریں، سرنڈر کریں گے تو آپ کی درخواست ضمانت ٹیک اپ کر لیں گے۔ سپریم کورٹ نے آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت آئندہ سماعت کے لیے فکس کردی۔

خواتین کو جائیداد میں حصہ دیں اور زبردستی شادی نہ کرائیں، طالبان

طالبان حکومت نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ خواتین کو جائیداد میں حصہ دیا جائے اور شادی بھی اُن کی مرضی سے کرائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے ایک حکم نامے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لڑکیوں کی شادی کے لیے اُن کی رضامندی حاصل کرنا چاہیئے۔
حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عورت کوئی جائیداد نہیں بلکہ ایک عظیم اور آزاد مخلوق ہے جسے کوئی بھی امن کے بدلے یا دشمنی ختم کرنے کے لیے دوسرے فریق کے حوالے کر سکتا ہے۔
خواتین کو جائیداد میں حصہ اور شادی کے حوالے سے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ خواتین کو زبردستی شادی پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے اور بیواؤں کو ان کے مرحوم شوہر کی جائیداد میں حصہ ملنا چاہیے۔
ترجمان طالبان کے بیان میں عورتوں کو شادی اور جائیداد میں حصہ ملنے کے حوالے سے تو بڑی صراحت سے وضاحت کی گئی ہے تاہم لڑکیوں کی تعلیم، ملازمت اور حکومت میں شمولیت سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔
واضح رہے کہ 15 اگست کو افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے تاحال کسی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ عالمی قوتوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے خواتین کے ساتھ رویے اور برتاؤ کو دیکھتے ہوئے انھیں تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

رواں سال کا آخری مکمل سورج گرہن کل ہوگا

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا آخری مکمل سورج گرہن کل ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن جنوبی افریقا، جنوبی آسٹریلیا، جنوبی امریکا، بحیرہ اوقیانوس، بحرالکاہل، انٹارکٹیکا اور بحیرہ ہند کےعلاقوں میں دیکھا جاسکے گا جب کہ پاکستان میں سورج گرہن نظر نہیں آئے گا۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:29پر ہوگا اور سورج کو مکمل گرہن دوپہر 12 بجے لگے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا اختتام دوپہر 2 بج کر37منٹ پرہوگا۔