All posts by Khabrain News

چودھری پرویز الہٰی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، پرویز الہٰی کو ایف آئی اے کی ٹیم نے صبح کیمپ جیل سے حراست میں لیا تھا، پرویز الہٰی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے مقدمہ پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار نے دلائل دیے، پراسیکیوشن کی جانب سے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس کی سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے مخالفت کی۔
پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے نے منی لانڈرنگ کی، 2004ء میں ایک کمپنی بنائی گئی جس میں 71 فیصد شیئر ان کے ہیں، یہ آف شور کمپنی ہے، یہ کمپنی پانامہ میں شامل ہے، کمپنی میں مونس الہٰی کے 23 فیصد شیئرز ہیں۔
ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز الہٰی سے مکمل ریکارڈ چاہیے، ملزم سے تفتیش کرنی ہے جس کیلئے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیے کہ جس مقدمے میں پرویز الہٰی کو گرفتار کیا گیا ہے اس میں پہلے بھی انکوائری ہو چکی ہے، پرویز الہیٰ کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔
بعدازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عسکری ٹاور حملہ کیس: خدیجہ شاہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر

لاہور: (ویب ڈیسک) عسکری ٹاور حملہ کیس میں پی ٹی آئی ورکر خدیجہ شاہ نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی۔
انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے خدیجہ شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خدیجہ شاہ کا عسکری ٹاور حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، خدیجہ شاہ 9 مئی کو عسکری ٹاور پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد ہیں۔
یاد رہے انسداد دہشتگردی عدالت نے 19 جون کو پولیس کی جانب سے خدیجہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قبل از حج آپریشن مکمل

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قبل از حج آپریشن مکمل کر لیا گیا، مجموعی طور پر کوئٹہ ایئرپورٹ سے 58 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔
کوئٹہ انٹرنیشل ایئرپورٹ سے آپریٹ ہونے والی 58 پروازوں سے کل 7675 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے، 27 سرکاری حج پروازوں کے ذریعے 3934 عازمین حج روانہ ہوئے جبکہ 31 پرائیویٹ پروازوں کے ذریعے 3741 عازمین فریضہ حج کیلئے روانہ ہوئے۔
پی آئی اے کی 19 پروازوں سے 2645 نجی عازمین حج سعودی عرب گئے، فلائی دبئی کی 9 پروازوں سے 756 نجی حج عازمین روانہ ہوئے، ایئر اربیہ کی 2 پروازوں سے 212 نجی عازمین حج روانہ ہوئے جبکہ سیرین ایئر کی ایک پرواز سے 128 نجی حج عازمین روانہ ہوئے۔

کرسٹیانو رونالڈو سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے پہلے فٹبالر بن گئے

لزبن : (ویب ڈیسک) پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 200 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے پہلے فٹ بالر بن گئے ، ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کرلیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسیٹانو رونالڈو نے یورو 2024 کے کوالیفائر میچ میں پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ۔
پرتگالی فٹبالر نے آئس لینڈ کے خلاف گول کرکے اپنا 200 واں میچ یاد گار بنالیا اور اس طرح رونالڈو کے انٹرنیشنل کیرئیر کے 123 گول مکمل ہوگئے ہیں۔
یورو کو الیفائنگ چیمپئن شپ میں پرتگال نے آئس لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی۔
اس موقع پر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ میں یہاں اس وقت تک رہوں گا جب تک فٹبال فیڈریشن کے صدر اور کوچ کو یقین نہیں آتا کہ میں ٹیم کو فتح یاب کرسکتا ہوں، میں یہاں آنا کبھی نہیں چھوڑوں گا، کیونکہ یہ خواب ہوتا ہے، میں اپنے خاندان، دوستوں اور پرتگالیوں کو خوش رکھنا چاہتا ہوں۔
رونالڈو کا ملک (پرتگال ) کی طرف سے یہ کارنامہ سر انجام دینے پر گنیز بک آف ریکارڈ میں نام درج کیا گیا ، سٹار فٹبالر کو آئس لینڈ کے خلاف میچ سے قبل سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا۔
گزشتہ برس بھی رونالڈو کا نام بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیاتھا ۔
واضح رہے کہ رونالڈو نے 2003 میں 18 سال کی عمر میں پرتگال کیلئے ڈیبیو کیا تھا، اس نے اپنی قومی ٹیم کے ساتھ 2016 کی یورپی چیمپئن شپ جیتی تھی۔
رونالڈو اِن دنوں سعودی کلب النصر کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ اس معاہدے کے بعد کئی نامور فٹبالرز نے بھی سعودی کلبز کو جوائن کیا ہے ۔
کرسٹیانو رونالڈو جنوری میں النصر کلب سے منسلک ہوئے تھے اور سعودی پروفیشنل لیگ میں انہوں نے 16 میچز میں 14 گول کیے ، سعودی پرو لیگ میں ان کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

شوہر یا سسرال کی طرف سے اسلام قبول کرنے کا دباؤ ہے نہ میرا ابھی ارادہ: سنیتا مارشل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ و ٹاپ ماڈل سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ ان کا ابھی اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ان پر کوئی زبردستی ہے۔
ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران سنیتا مارشل نے اعتراف کیا کہ شادی کے روز کیے گئے فیصلے کے تحت ہمارے بچے اسلام کو فالو کرتے ہیں لیکن اپنی بات کروں تو اسلام قبول کرنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے، نہ ہی اس حوالے سے شوہر حسن یا میرے خاندان کی طرف سے کوئی دباؤ ہے، انسٹا گرام پر اسلام قبول کرنے سے متعلق کمنٹ آتے رہتے ہیں لیکن اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
بچوں کے اسلام فالو کرنے سے متعلق سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ اگر شروع سے ہی فیصلہ کرلیا جائے تو مشکل نہیں ہوتی، ہم نے شادی سے پہلے ہی اس چیز کا فیصلہ کرلیا تھا کہ ہمارے بچے اسلام ہی فالو کریں گے چونکہ میں ایک مسلم فیملی میں رہتی ہوں اس لیے حسن کے خاندان والے میرے بچوں کو بہتر سکھا سکتے ہیں، آج میرے بچے قرآن پڑھتے ہیں، نماز پڑھتے ہیں اور روزے بھی رکھتے ہیں، اگر میں یہ فیصلہ نہ کرتی اور وقت کے ساتھ ساتھ بچوں پر چھوڑدیتی تو وہ کنفیوز ہوجاتے لہٰذا آج میں اپنے فیصلے پر بہت خوش ہوں۔

پاکستان کی ورلڈ کپ میں افغانستان سے وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف رکھا گیا مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔
پی سی بی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے مجوزہ فیڈ بیک میں ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں سے ایک میچ میں ٹیم تبدیل کرنے کو کہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے کہا ہے کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشین حریف سے میچ رکھ دیا جائے تاکہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوسکے۔
پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان سے مقابلہ کر چکی ہو گی اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں بھی کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہو گا لہٰذا غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرا دیا جائے۔

لاطینی امریکا : زنانہ جیل میں ہنگامہ آرائی، فائرنگ اور آتشزدگی سے 41 قیدی ہلاک

نیویارک : (ویب ڈیسک) لاطینی امریکی ملک ہونڈوراس میں زنانہ جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 41 قیدی خواتین ہلاک ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیل حکام کا کہنا ہے کہ دارالخلافہ تیگوسیگلپا سے 12 میل کے فاصلے پر موجود خواتین کی جیل میں قید باریو گینگ اور مارا سالواتروچا کی کارندوں کے درمیان جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی شدت اختیار کرگئی ۔
حکام کاکہنا ہے کہ جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں جل کر ہلاک ہونے والی قیدیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جیل میں 900 خواتین قید تھیں ، ہنگامہ آرائی کے بعد سات زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہونڈوراس کے جیلوں میں ہنگامہ آرائی کے واقعات اس سے قبل بھی رپورٹ ہوچکے ہیں ، 2019 میں گینگز کے تصادم میں 18 قیدی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2012 گینگز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہونے والی ہنگامہ کے بعد آتشزدگی کے باعث 350 قیدی ہلاک ہوگئے تھے ۔

دورہ امریکا : انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کو شرمندگی کا سامنا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا پہنچتے ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوشرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، مودی کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتنقید کرتے ہوئے امریکی ممبران کانگریس نے امریکی صدربائیڈن کو خط لکھ دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 75 امریکی ممبران کانگریس نے امریکی صدر کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں بھارت میں مذہبی عدم برداشت، معلومات تک رسائی، انٹرنیٹ کی بندش اور سول سوسائٹی کے گروپس کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی کنٹری رپورٹ برائے انسانی حقوق کا ذکر بھی شامل کیا گیا۔
خط میں ممبران نے لکھا کہ بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات میں صدر بائیڈن جہاں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات کریں گے وہیں ان تمام معاملات پر بھی بات کریں، بھارت کے ساتھ دوستی مشترکہ اقدار پر استوار ہونی چاہیے اور دوست کھل کر اپنے اختلافات پر بات کر سکتے ہیں اور ایسا ہونا بھی چاہیے۔
اس خط پر 18 سینیٹرز اور 57 ایوان نمائندگان نے دستخط کیے ہیں۔
امریکی رکن کانگریس نے اعلان کیا کہ وہ مودی کے خطاب کیلئے بلائے گئے ایوان کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گی۔
واضح رہے کہ نریندر مودی 2014 میں بھارت کے وزیراعظم بننے کے بعد سے پانچ بار امریکہ کا دورہ کر چکے ہیں تاہم بھارت میں ان کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے دوران انسانی حقوق کی بگڑتی صورت حال پر تشویش کے باوجود یہ ان کا پہلا دورہ ہے جو مکمل طور پر سفارتی حیثیت کا حامل پہلا دورہ ہے۔

لیونل میسی سعودی عرب سے کتنے کروڑ ڈالر کما رہے ہیں؟

لاہور: (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کو فیفا ورلڈکپ جتوانے والے لیونل میسی نے سعودی کلب الہلال سے کھیلنے کی پیشکش کو مسترد کیا ہے تاہم وہ سعودی عرب کے سیاحتی سفیر کے طور پر پرکشش معاہدے سے کروڑوں ڈالرز کما رہے ہیں۔
لیونل میسی نے سعودی عرب سے سیاحتی سفیر کے معاہدے پر سال 2021ء میں دستخط کیے تھے تاہم اس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں، سیاحتی سفیر ہونے کے ناطے سعودی عرب اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو 3سال کے دوران ڈھائی کروڑ ڈالرز یعنی (پاکستانی روپوں میں 7ارب 17کروڑ روپے سے زائد) معاوضہ ادا کرے گا جبکہ معاہدے کے تحت میسی کو سعودی مقامات کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کے خلاف کوئی منفی بیانات دینے سے گریز کرنا ہوگا،میسی رواں سال مئی میں اپنی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب چھٹیاں منانے گئے تھے جس کی تصاویر بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جنہیں خوب پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ لیونل میسی کو سال میں ایک بار خاندان کے ہمراہ سعودی عرب آنے پر 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ سفری اخراجات بھی حکومت ہی ادا کرے گی۔
یاد رہے کہ پیرس سینٹ جرمن کلب چھوڑنے پر سعودی کلب الہلال نے انہیں 500ملین یورو (پاکستانی روپوں میں 1.5کھرب روپے سے زائد) کی پیشکش کی تھی لیکن میسی نے امریکی کلب انٹرمیامی کو ترجیح دی، میسی کا انٹر میامی سے معاہدہ طے پاگیا ہے لیکن تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

چترال، اپر دیر، کوہستان اور سوات میں فلش فلڈ کا خطرہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم اے نے چترال، اپر دیر، کوہستان اور سوات میں فلش فلڈ کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے گلیشئر پھٹنے کا خطرہ ہے،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں کمیونٹی کو پیشگی اطلاع دی جائے، سیاحوں،مسافروں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔