All posts by Khabrain News

9 مئی کے واقعات: گرفتار ملزم کے لواحقین کی نوجوانوں کو محتاط رہنے کی تلقین

ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) 9 مئی کے واقعات میں ملوث ایبٹ آباد کے رہائشی ایک اور نوجوان عبد الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا جس کے لواحقین نے نوجوانوں کومحتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔
گرفتار نوجوان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور بیٹے کے فعل پر شرمندہ ہیں، افواج پاکستان دنیا میں پاکستانی قوم کی عزت و تکریم کا باعث ہے۔
گرفتار نوجوان کے والد کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے میرے بیٹے کے ذہن میں شرانگیزی کو پروان چڑھایا، اپنے بچوں کو چیئرمین پی ٹی آئی کے شرانگیز پروپیگنڈے سے دور رکھیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے عسکری تنصیبات سمیت تاریخی مقامات پر شدید احتجاج کیا تھا، احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کے الزام میں اب تک متعدد پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان بیٹے اور بھتیجے سمیت گرفتار

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر غلام سرور کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق غلام سرور خان کو اسلام آباد میں ان کے دوست کے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ان کے بیٹے اور بھتیجے سابق ایم این اے منصور حیات اور سابق ایم پی اے عمار صدیق کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تینوں رہنما 9 مئی کو ٹیکسلا میں ہونے والے واقعات کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

رائیونڈ: موٹرسائیکل اور ٹرک میں تصادم ، 2افراد جاں بحق

رائیونڈ: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے رائیونڈ میں موٹرسائیکل اور ٹرک میں تصادم دو افراد کی جان لے گیا ۔ ریسکیو کے مطابق افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل پر سوارتین افراد میں سے دو جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد پاجیاں کے رہائشی تھے ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور ٹرک کو قبضہ میں لیکر کارروائی کا آغاز کر دیا۔

دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی آج 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی آج 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت اصفہانی کی محبت بھری شادی کے 2 برس بعد ان کے ہاں پنکی پیدا ہوئیں جن کا نام بے نظیر رکھا گیا، بے نظیر بھٹو 21 جون 1953ء کو پنٹو نرسنگ ہوم کراچی میں پیدا ہوئیں۔ شہید بے نظیر بھٹو اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی لاڈلی بیٹی ہونے کی وجہ سے بچپن میں ہی اپنے والد کے ساتھ غیرملکی دوروں پر جایا کرتی تھیں، بے نظیر بھٹو نے کم عمری میں ہی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں، وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں سٹوڈنٹ لیڈر بھی رہ چکی تھیں، 1977ء میں اپنے والد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے بعد وہ میدان سیاست میں اتریں، اپنی والدہ بیگم نصرت بھٹو کے ہمراہ انہوں نے جنرل ضیاء کی آمریت کا خوب مقابلہ کیا اور نظر بند کردی گئیں۔ 1982ء میں بے نظیر بھٹو پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن منتخب ہوئیں، جلاوطنی کے بعد وہ 1986ء میں پہلی بار جب لاہور پہنچیں تو ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہوں نے ملک بھر کا دورہ کیا۔ 1987ء میں بے نظیر بھٹو آصف زرداری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں اور 1988ء کے عام انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی کے بعد وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو صدر غلام اسحاق خان نے برطرف کیا تو وہ دوبارہ جدوجہد کے میدان میں آ گئیں، دوسری بار وہ پھر 1993ء میں وزیراعظم منتخب ہوئیں لیکن 1996ء میں پھر سے انہیں برطرف کردیا گیا۔ بے نظیر بھٹو جلاوطنی کے بعد 18 اکتوبر 2007ء میں جب وطن لوٹ آئیں تو کراچی ایئرپورٹ پر ایک بار پھر ان کا تاریخی استقبال ہوا تب کارساز کے مقام پر ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں اڑھائی سو سے زائد افراد شہید ہوئے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ملک بھر میں انتخابی جلسے کر رہی تھیں، اسی سلسلے میں 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں کامیاب جلسے سے خطاب کرنے کے بعد واپس جاتے ہوئے انہیں شہید کردیا گیا۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج ملک بھر میں 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

مودی کا شرمناک منصوبہ بے نقاب، اقلیتوں پر ہندو طرز کا قانون نافذ کرنے کی تیاریاں

ممبئی: (ویب ڈیسک) مودی سرکار کا انتخابات سے قبل ایک اور اوچھا ہتھکنڈا آزمانے کی تیاری جاری ہیں، مودی کا مذہبی آزادی سلب کرنے کا شرم ناک منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔
بھارتی سرکار کی اقلیتوں پر ہندو طرز کا قانون نافذ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے، 22 ویں بھارتی لاکمیشن نے یکساں سول ضابطے کے نام سے تجاویز مانگ لیں، ‏یوسی سی کو اقلیتوں کی مذہبی تعلیمات اور قوانین پر فوقیت ہو گی، یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نافذ ہونے کے بعد اقلیتوں کو ہندو طرز کے قوانین پرعمل کرنا ہو گا۔
قانونی ماہرین نے مودی کا مذہبی آزادی سلب کرنے کا شرم ناک منصوبہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون اقلیتوں کے حقوق کے خاتمے کا باعث بن جائے گا۔
دوسری جانب اقلیتی مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مودی سرکاری کی اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنانے کی چال ہے، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے یو سی سی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے درواز ے بند

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کر دئیےگئے۔
کورونا وباء کے دوران سرکاری رہائش گاہ پرخلاف قانون پارٹیوں پرجھوٹ بولنے کی سزا کے تحت برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کیے گئے ہیں۔
بورس جانسن پارلیمنٹ میں داخلے کے لیے سابق اراکین کو ملنے والے خصوصی پاس سے محروم کر دئیے گئے ہیں۔
اراکین پارلیمنٹ نے بورس جانسن سے متعلق پرویلج کمیٹی کی رپورٹ پر مہر ثبت کردی ہے، رپورٹ منظور کرنے کے حق میں 354 اور مخالفت میں صرف 7 ووٹ پڑے، کمیٹی نے بورس جانسن کو 90 روز کیلئے معطل کرنے اور پارلیمنٹ میں داخلے سے روکنے کی سفارش کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی بورس جانسن کی ابتدا میں صرف 10 دن سے زائد کی معطلی چاہتی تھی، بورس جانسن کے کمیٹی پرالزامات کے بعد کمیٹی نے معطلی کی مدت میں اضافہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بورس جانسن کے حلقے میں 20 جولائی کو ضمنی الیکشن کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

مغرب کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر مزید انحصار نہیں کر سکتے : روس

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ ہم مغرب کے ساتھ کیے گئے وعدوں اور معاہدوں پر مزید انحصار نہیں کر سکتے جو تعمیری شراکت داری کو فروغ دینے کی بنیاد کے طور پر پیش کیے گئے تھے۔
اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ رشین فیڈریشن اور مغرب کے درمیان تعلقات نہ صرف یکسر تبدیل ہوئے ہیں بلکہ اکثر علاقوں میں طویل عرصے سے رکے ہوئے ہیں، پتہ نہیں یہ سب کب بدلے گا۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ تاریخ کے اس موڑ پر مغرب نے روس کو ’ کھو دیا ‘ ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جتنی جلدی ہم باقی وہموں کو دور کریں گے اتنا ہی ہماری اپنی ترقی کے لیے بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن نے موجودہ صورتحال کا واضح اندازہ لگایا ہے، انہوں نے متعدد مثالیں دیں کہ کس طرح سوویت یونین کے ختم ہونے کے بعد کئی سالوں تک روس مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہا تھا، یہاں تک کہ کچھ علاقوں میں اتحادی تعلقات بھی، تاہم، سب کچھ خاک میں مل گیا کیونکہ مغرب برابر تعاون کے لیے تیار نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مغرب ہمیں صرف ایک ایسے علاقے کے طور پر دیکھتا ہے جس کی کھوج کی جائے اور اسے نوآبادیاتی معنوں میں استعمال کیا جائے تاکہ دوسروں کی قیمت پر زندگی گزاری جا سکے، ہمارے پاس وسائل ہیں، مغرب ہمیں ٹیکنالوجی فراہم کر رہا تھا اور ہمیں مغرب کو سستے تیل، گیس اور دیگر معدنی وسائل دینے تھے جن سے ہم مالا مال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوویت دور سے تزویراتی استحکام کی ضمانت دینے والے معاہدے تباہ ہو چکے ہیں جن میں اینٹی بیلسٹک میزائل ٹریٹی، انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی اور ٹریٹی آن اوپن اسکائیز شامل تھے اور اب ہم اسٹریٹجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی کو بھی معطل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ مغرب اور خاص طور پر امریکیوں نے ان بنیادی اصولوں کو کمزور کر دیا ہے جن پر یہ معاہدہ قائم تھا۔

غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے پرویز الہٰی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، اینٹی کرپشن کی جانب سے پراسیکیوٹر عبدالصمد نے دلائل مکمل کئے، پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار نے دلائل دیئے۔
ایڈووکیٹ رانا انتظار نے پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جبکہ پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پرویز الہٰی مقدمہ میں براہ راست ملزم ہیں لٰہذا درخواست ضمانت خارج کی جائے۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے آج جاری کرتے ہوئے عدالت نے پرویز الہٰی کی 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔
بعد ازاں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعلیٰ اور ان کے بیٹے مونس الہٰی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹکراؤ کی پالیسی سے اتفاق نہیں کرتا: اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ بات ہی نہیں کریں گے والی بات غلط ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹکراؤ کی پالیسی سے اتفاق نہیں کرتا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسد عمر نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف نے ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ لئے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے مجموعی طور پر سوا 2 کروڑ ووٹ لئے، اس لئے سیاسی طور پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ جنہیں سوا 2 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالا ان سے سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے بات نہیں کروں گا۔
تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جرم کئے ہیں تو اپنا نظام بہتر کریں مگر سیاسی ڈائیلاگ سے منع نہیں کر سکتے، اس وقت ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، اپنی پوزیشن پر کمپرومائز کر کے حل نکالنا پڑے گا ورنہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میں ٹکراؤ کی اسٹریٹجی سے متفق نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی جو مرضی اسٹریٹجی اپنائیں، میں اتفاق نہیں کرتا، سیکرٹری جنرل کا کام مفت مشورہ دینا نہیں بلکہ اسٹریٹجی پر عمل کرنا ہے، جس اسٹریٹجی سے اختلاف کر رہا ہوں پھر اس پر عمل بھی نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی سے پہلے سے ہی اختلاف کر رہا تھا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ ایک مختلف سطح پر تھا، جو چیزیں پہلے کہہ رہے تھے وہ 9 مئی کو نظر آئیں، میں کہتا رہا کہ ہم خطرات کو صحیح طریقے سے بھانپ نہیں پا رہے۔

یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم و انسانی سمگلر وہاڑی سے گرفتار

وہاڑی: (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم و انسانی سمگلر وہاڑی سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسانی سمگلنگ اور یونان کشتی حادثہ کے مرکزی ملزم ممتاز آرائیں کو وہاڑی سے گرفتار کیا گیا، ممتاز آرائیں سے واقعہ کے دوسرے مرکزی ملزم اسلم کا موبائل بھی برآمد کر لیا گیا، ملزم سے اہم دستاویزات، موبائل ڈیٹا سمیت اہم شواہد بھی برآمد کر لئے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ملزمان کی گرفتاری و تفتیش میں بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اندوہناک سانحہ میں ملوث سفاک ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔