All posts by Khabrain News

ملکی تباہی کا باعث بننے والی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملکی تباہی کا باعث بننے والی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
مارگلہ ایونیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے دو انتہائی اہمیت کے حامل پراجیکٹس کا افتتاح کیا، ان منصوبوں کا افتتاح ایک تسلسل ہے، شہباز شریف نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک حکومت ملک کی تباہی کا باعث بن رہی تھی، اب فتنے کا ادراک اور شناخت ہو چکی ہے، میں پوچھتا ہوں کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے لوگ کہاں ہیں؟ ہمارے دور میں پوری دنیا کے اخبار لکھ رہے تھے کہ پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان آگے بڑھا 12 اکتوبر کسی نہ کسی شکل میں آ جاتا ہے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، ترقی کا عمل 2018 سے شروع ہوگا، آج ہماری سب کی ذمہ داری ہے کہ اس موقع پر پاکستان کی خدمت کرنے والی جماعت کا ساتھ دیا جائے۔

گزشتہ ایک سال پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی مجھے 4 سال جیلوں میں گھماتے رہے، ثبوت تھے تو سامنے لے آتے، گزشتہ ایک سال پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش اور سازشیں کی گئیں۔
مارگلہ ایونیو کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں ایک خطا کار انسان ہوں، حوصلہ افزائی اور ہمت افزائی کرنے پر رانا ثناء اللہ کا شکر گزار ہوں، پاکستان ضرور قائد کا پاکستان بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال طوفانی سال رہا جس میں پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی، سازشیں کی گئیں، امریکا نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، بالآخر 9 مئی کو ان کی سازشیں انتہاؤں کو چھو گئیں اور وہ کام ہوا جو دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان قائد کا پاکستان بنے گا، آج صبح چین کے ساتھ 1200 میگاواٹ کا نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کا بھی معاہدہ ہوا ہے، پاکستان میں ایٹمی پلانٹ نواز شریف کے دور میں لگے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 برسوں میں عمران خان نے چین کے حوالے سے ہر چیز بند کر دی تھی، الٹے سیدھے الزامات لگائے کہ شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں میں سے 45 فیصد کمیشن کھایا ہے، اگر ایسا تھا تو 4 سال مجھے جیلوں میں گھماتے رہے اُس وقت ثبوت لے آتے، خدا کا شکر ہے کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہم اختلافات اور سازشیں ختم کر کے قوم کی طرح آگے بڑھنے کا وعدہ کریں تو جس سفر میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس میں جلد آگے نکل جائیں گے۔
وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کر دیا، 10.4 کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرے گی، یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، اس منصوبے پر 2 ارب 69 کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
شاہراہ سے اس علاقے کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، اس شاہراہ کے اطراف میں سی ڈی اے کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی ہے، اس موقع پر وزیراعظم کو اس منصوبے کا ماڈل پیش کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ،سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چودھری، انجم عقیل خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔
پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان سویٹ ہومز کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ کیا، وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ وینز کی چابیاں پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرپرسن زمرد خان کے حوالے کیں۔
وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے
اس موقع پر وزیراعظم نے وینز میں طالبات کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو بھی کی۔
وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کیڈٹ کالج میں زیرتعلیم بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمرد خان نے جو بیڑہ اٹھایا ہے اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر عطا فرمائے۔
شہباز شریف نے بچوں سے کہا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور قوم کے عظیم معمار بنیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس موقع پر زمرد خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 3 سرکاری چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر 29 جون سے یکم جولائی تک چھٹیوں کی منظوری دیدی، منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے سرکاری چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سطح پر عید پر 2 روز کی سرکاری چھٹی ہوگی، وفاقی ملازمین کیلئے جمعرات اور جمعہ کی چھٹی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتہ میں چھ روز کام کرنے والے دفاتر کیلئے تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے، 6 روز کام کرنے والے دفاتر کیلئے جمعرات ،جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کل ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد عید 29 جون 10 ذوالحج کو منائی جائے گی۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس: عدالت کا پی ٹی آئی کے اعتراضات پر سماعت کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو شوکاز نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی کے اعتراضات پر سماعت کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس پر پی ٹی آئی کے اعتراضات پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا حکم سنایا، عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل انور منصور عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالت نے حکم دیا کہ پی ٹی آئی کے اعتراضات سنتے ہوئے فیئر ٹرائل کے تمام تقاضے پورے کریں۔
عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ لارجر بنچ نے فیصلہ دیا ہے آپ اس کے مطابق کارروائی آگے کیوں نہیں بڑھا رہے؟ آپ عدالت کا وقت کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ وکیل الیکشن کمیشن نے موقف اپنایا کہ پٹیشنر کے خلاف شوکاز کی کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی، دیگر گواہوں کو جرح کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو کیس کی سماعت کا موقع کیوں نہ دیا جائے؟ آخر ایسی کیا بات تھی الیکشن کمیشن کو فیصلے میں سمجھ نہیں آئی؟ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو کس نے کہا کہ آپ ہائی کورٹ کے آڈر کے پابند نہیں ہیں؟
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر کے الیکشن کمیشن کو کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی کے اعتراضات الیکشن کمیشن نے مسترد کر دئیے تھے جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی سے منسلک اہم دہشتگرد کمانڈر جہنم واصل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کا بڑا دشمن، جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی سے منسلک اہم دہشتگرد کمانڈر سربکف مہمند جہنم واصل ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کے اندرونی اختلافات انتہائی شدت اختیار کر چکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ سربکف کی موت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، دہشت گرد کمانڈر سربکف مہمند کی موت انتہائی پرسرار حالات میں ہوئی۔
پچھلے کچھ روز سے دہشت گردوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سربکف مہمند کو زہر دئیے جانے کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں، سربکف مہمند ایک طویل عرصے سے دہشت گرد کارروائیوں میں مشغول تھا اورسربکف غازی میڈیا نیٹ ورک کے نام سے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف زہریلا پروپیگنڈا بھی پھیلا رہا تھا۔
سربکف جھوٹ اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا اور علاقائی امن پسند لوگ سربکف کو انتہائی نفرت کی نگاہ سے دیکھتے تھے، بھتہ خوری اور بد اخلاقی کی وجہ سے اپنے ہی ساتھی دہشت گردوں سے شدید اختلافات کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں، اختلافات کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سربکف کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا جو کچھ عرصہ پہلے ٹی ٹی پی میں ضم ہو گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ضم ہونے کے باوجود دونوں گروپوں کو ایک دوسرے سے اختلافات رہتے تھے جس کی بنیادی وجہ اغوا اور بچوں کے استحصال کے لئے علاقے کی تقسیم تھا، سربکف مہمند پشاور پولیس لائنز حملے سمیت دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، اس طرح پولیس آفیسرز کو نماز کی حالت میں شہید کروانے والا اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

اشرافیہ بھی عوام کے نشانے پر، پریشر ککر جلد پھٹنے والا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اشرافیہ بھی عوام کے نشانے پر ہے، ضمیر فروشوں کی جگہ سرفروشوں کی ضرورت ہے، پریشر ککر جلد پھٹنے والا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے دوست ممالک سیاسی استحکام کا مشورہ دے رہے ہیں اور ہم ہر ہفتے چین سے بھیک مانگ رہے ہیں، نظرثانی اور اپیل میں مقابلے کا فیصلہ محفوظ ہے، ساری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر ہے، کھیلنے والے چھاتی کے ساتھ تاش لگا کر کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ عوام اور پاکستان کی بقاء کا ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلہ 3 ہزار روپے کا ہے، نہ بجلی گیس کا بل نہ بچوں کی فیس نہ مکان کا کرایہ، نہ بزرگوں کی دوائی نہ قبر کے پیسے ہیں، انڈسٹری کارخانے بند اور روزگار نہیں ہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہنر مند لوگوں کا پاکستان چھوڑنے کا یہ عالم ہے کہ ارجنٹ فیس پر بھی پاسپورٹ مہینوں تک دستیاب نہیں۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یونان میں ڈوبنے والوں کی لاشیں پاکستان لانے کا فی الفور انتظام کیا جائے، یورپ میں بڑی تعداد میں افسردہ لوگ 300 پاکستانیوں کی شہادت پر سڑکوں پر نکلے، معاشی ناانصافی، معاشی قتل کے خلاف احتجاج کیا، لیکن ہمارے ہاں وہی ایک سرکاری پریس ریلیز مرنے والوں کے نصیب میں تھی۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کردیئے گئے، ای سی پی کے 4 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر نثار درانی سمیت 4 رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ تمام فریقین کی جانب سے پیش ہوا ہوں، گزشتہ آرڈر نہیں ملا، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ جوابدہ تو آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا، جس پر فیصل چودھری نے کہا کہ ان کی غیر حاضری کی درخواست جمع کرا رہا ہوں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 11 جولائی تک ملتوی کردی۔

چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ سے پاک چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 12 سو میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے، چین کی طرف سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، یہ معاہدہ چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کا پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چین کے صدر شی جن پنگ کے بے حد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے میں اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں، پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 12 سو میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا، چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے، منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالر ہے، گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں افراطِ زر کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں، چینی کمپنی نے افراطِ زر کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھائیں، چینی کمپنی نے میری درخواست پر 30 ارب روپے کی رعایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ فوجی قیادت کے منصوبے میں دلچسپی لینے پر شکر گزار ہوں، یہ منصوبہ سول اور ملٹری لیڈر شپ کے ون پیج پر ہونے کا نتیجہ ہے، چین نے حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں پاکستان کی بے مثال مالی مدد کی ہے۔
چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
چین اور پاکستان نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب میں شرکت کی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی تقریب میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ چشمہ 3 کا افتتاح دسمبر 2016ء اور چشمہ 4 کا افتتاح ستمبر 2017ء میں ہوا تھا۔

محسن نقوی کا شاہدرہ ہسپتال کا دورہ، ادویات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو ادویات و سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کا دورہ کیا جہاں مریضوں اور تیمارداروں نے سہولیات کی عدم فراہمی پر شکایات کے انبار لگا دیے، مریضوں نے نگران وزیراعلیٰ کو باہر سے خریدی گئی ادویات کی رسیدیں دکھائیں، ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا، مریضوں کے ساتھ ایسے سلوک کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔
محسن نقوی نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو شاہدرہ ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی بھی شاہدرہ ہسپتال آکر صورتحال کو دیکھیں۔
اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور ڈی سی لاہور رافعہ حیدر بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ موجود تھیں۔

پاکستان نے چیلنجز، کم وسائل کے باوجود کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی: صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کا عالمی دن لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے، محدود وسائل کے باوجود کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینا ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے، پاکستان نے چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کیلئے ابتدائی طور پر پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، وقت کے ساتھ امداد کم ہونے کے باوجود مہاجرین کی فلاح و بہبود اور رضاکارانہ واپسی کا پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افراد کے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا، پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے پناہ گزینوں کیلئے باوقار زندگی کی تعمیرِ نو کیلئے اقدامات کئے اور وہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سمیت فلاحی اداروں کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان نے افغان مہاجرین کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے ہیں، پاکستان نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔
صدر مملکت نے مدد فراہم کرنے پر عالمی تنظیموں اور تمام افراد کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی اقدار ہماری پہچان ہیں، انہیں تھامے رکھنے کی ضرورت ہے۔