All posts by Khabrain News

کے پی کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا، آمدن بڑھانے کیلئے قلیل مدتی اقدامات کی تجویز

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، صوبائی آمدن بڑھانے کے لیے قلیل مدتی اقدامات کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ میں بی آر ٹی کی سبسڈی کے لیے ایک ارب روپے رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب پنجاب میں 336 ارب روپے کا سرپلس بجٹ منظور کر لیا گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اور 80 برس سے زائد عمر کے پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
بلوچستان کا بجٹ بھی پیش کردیا گیا ہے، گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
گریڈ 17 اور اوپر کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی جبکہ مزدور کی کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

9 مئی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا: علماء کرام

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلامک سکالرز اور علماء کرام کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا ، وفد نے 9 مئی کے واقعات اور جناح ہاؤس کی حالت زار اور جلاؤ گھیراؤ پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔
علماء کرام نے 9 مئی کی شرپسندی کو سوچے سمجھے منصوبے کی سازش قرار دیا۔
دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے شرکاء کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں نے شرپسندوں کی رہنمائی کی۔
علماء کرام نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں نے جناح ہاؤس اور شہداء کی یادگاروں کو نہیں بلکہ پاکستان کو جلانے کی مذموم کوشش کی جس سے ہر محبِ وطن کا دل جلا ہے اور رنجیدہ ہے۔
وفد کے شرکاء نے پرزور مطالبہ کیا کہ شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

ملک بھر میں آج سے گرمی بڑھے گی: محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

لاہور/ اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے پارہ اوپر جانا شروع ہوگا، 24 جون کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام سورج کی روشنی میں باہر نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بزرگ اور بچے صبح 10 سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں نہ نکلیں۔

نگران پنجاب کابینہ کا اجلاس آج دوبارہ طلب کر لیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران پنجاب کابینہ کا اجلاس آج دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی آج دوپہر کو پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات آج ہوگی : ذرائع

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کیلئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج استنبول سے لندن پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی آج شام میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے دوران پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین بھی لندن میں ہی موجود ہیں، جہانگیر خان ترین اپنے طبی معائنے کیلئے لندن گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین کی لندن میں موجودگی کے باوجود نواز شریف سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

سمندری طوفان بپر جوائے ہوا کے شدید کم دباؤ میں تبدیل

کراچی: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپر جوائے ہوا کا شدید کم دباؤ بن چکا ہے، جس کی باقیات اب بھی بھارت کے وسطی راجستھان پر ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران شہر میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران مغرب اور جنوب مغرب سے ہوائیں چلتی رہیں گی۔
دوسری جانب طوفان بپرجوائے کے ٹلنے کے بعد بدین کے ساحلی مرکز زیرو پوائنٹ پر ماہی گیروں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں۔
ماہی گیر اپنی کشتیوں کی مرمت اور کشتیوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ کئی ماہی گیر کھلے سمندر میں شکار کے لئے بھی روانہ ہو رہے ہیں۔

بھارت: طوفان کے دوران پیدا ہونے والی بچی کا نام ‘بپر جوائے’ رکھ دیا گیا

گجرات : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان ‘بپر جوائے’ کے ٹکرانے کے بعد ایک گجراتی خاندان نے نومولود بچی کا نام ہی ‘بپر جوائے’ رکھ دیا۔
بھارتی میڈیا ‘این ڈی ٹی وی’ کے مطابق کچھ کے ضلع میں قائم کی جانے والی جاکھاؤ پناہ گاہ میں مقیم گجراتی خاندان میں سمندری طوفان سے قبل بچی کی پیدائش ہوئی۔ گجراتی خاندان نے اپنی ایک ماہ کی نومولود بچی کا نام بپر جوائے رکھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق نومولود کی پیدائش ایک ماہ پہلے ہوئی جس کے بعد اب ‘بپر جوائے’ نامی بچی اُن بچوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا جن کا نام سائیکلون کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے مشرقی ساحل پر پیدا ہونے والے بچوں کے نام سمندری طوفان کے نام پر تتلی، فانی اور گلاب بھی رکھے جاچکے ہیں۔
خیال رہے کہ سمندری طوفان کو ‘بپر جوائے’ کا نام بنگلہ دیش نے دیا تھا جس کا مطلب تباہی ہے۔ اسے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) ممالک نے 2020 میں اپنایا تھا۔

ملک کے خودکار چیک کلیئرنگ سسٹم ‘نِفٹ’ پر بڑا سائبر حملہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے اہم خودکار چیک کلیئرنگ سسٹم (نِفٹ) پر بڑا سائبر حملہ، اسلام آباد اور کراچی میں ڈیٹا سینٹرز متاثر ہونے کے باعث بینکوں کو چیک کلیئرنگ کے عمل کو معطل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
نیشنل انسٹیٹیوشنل فیسیلیٹیشن ٹیکنالوجیز ‘نِفٹ’ کے مطابق 16 جون بروز جمعہ کو ‘نفٹ’ کے سسٹمز کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی حفاظتی اقدامات کے ذریعے فوری طور پر صورتحال پر قابو پالیا گیا جس سے ڈیٹا اور سسٹمز کسی بڑے نقصان سے بچ گئے۔
نِفٹ نے بتایا کہ “ہماری ٹیمیں اس حملے کی نوعیت اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو سمجھنے کیلئے سائبر حملے کی کوشش کی مکمل چھان بین کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے یہ یقینی بنایا جارہا ہے کہ سروسز مکمل طور پر دوبارہ شروع کرنے سے پہلے سسٹمز محفوظ رہیں۔”
‘نِفٹ’ کے مطابق 19 جون 2023 بروز پیر کو کلیئرنگ سروسز کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔
‘نِفٹ’ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ “ہم نے سائبر حملے کی کوشش سے منسلک کسی بھی خطرے کو کم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ ہمارے ڈیٹا، سسٹمز، کلائنٹس اور اسٹیک ہولڈرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔”
خیال رہے کہ ‘نِفٹ’ پاکستان کے 43 بینکوں کا چیک کلیئرنگ ہاؤس ہے جہاں ‘امیج بیسڈ کلیئرنگ سروسز’ کے ذریعے سالانہ 46 کھرب روپے کی انٹر بینک چیک ادائیگیاں کلیئر کی جاتی ہیں۔

ملک کو دیوالیہ نہیں ہونے دیا، پاکستان کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا ہے، احسن اقبال

نارووال: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو دیوالیہ نہیں ہونے دیا، پاکستان کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے جس کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔
نارووال میں تعمیراتی ڈویژن کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی طرف سی پیک کے حوالے سے متوجہ ہورہی تھی، پاکستان دنیا کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا، 2018ء کی تبدیلی پاکستان کے عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک اناڑی اور ناتجربہ کار کو صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا گیا، اس نے اپنے سرپرستوں اور ڈونرز کو بنی گالہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کھلی چھٹی دی، پاکستان کے عوام کو لوٹنے کا پرمٹ دیا گیا، نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان سے تمام سرمایہ کار دوڑ گئے، ترقی کے تمام منصوبے بند ہوگئے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے ریکارڈ منصوبے لگے، 4 سال کے عرصے میں 2 ہزار کلومیٹر کی موٹرویز کا جال بچھایا گیا، ہم پاکستان میں ترقی کے منصوبوں کو دوبارہ چالو کر رہے ہیں، پاکستان اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے۔

یونان کشتی حادثہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے انکوائری کی ہدایت کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری اور انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کی جائے، انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے، چیف سیکٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن کی تعیناتی کر دی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی ہے۔