All posts by Khabrain News

بھارتی فوج میں ہر تیسرے روز ایک خودکشی، جموں کشمیر سرفہرست

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی افواج میں خود کشیاں عروج پر, ہر تیسرے روز ایک خودکشی ہو رہی ہے، سالانہ 100سے زائد خودکشی کے واقعات پیش آتے ہیں جن میں اکثر جموں و کشمیر میں پیش آتے ہیں۔
2001سے اب تک مختلف واقعات میں 3300سے زائد بھارتی فوجی خودکشی کر چکے ہیں ، پچھلے5سالوں میں 800سے زائد بھارتی جوانوں نے بالا افسران کے رویے سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
23 جنوری2023کو کرنل کھنہ نے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کر لی جبکہ 9جنوری 2023کو فیروز پور میں لیفٹیننٹ کرنل نشانت نے بیوی کو گولی مار کر موت کو گلے لگا لیا ۔
مرد تو مرد بھارتی فوج میں خواتین افسران بھی خود کشی پر مجبور 2006میں لیفٹیننٹ سشمیتا چکروتی نے بھرتی کے صرف 10ماہ بعد اپنی جان لے لی تھی ، سشمیتا کے مطابق بالا افسران اُسے رات گئے ڈانس پارٹیوں اور ناجائز مطالبات کے لئے مجبور کر تے تھے۔
اکتوبر2019کو پونا میں لیفٹیننٹ کرنل رشمی مشراء نے دوپٹے سے پھندہ ڈال کر خودکشی کی، دسمبر2016میں جموں میں میجر انیتا کماری نے سر پر گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کردیا تھا۔
2007میں کیپٹن نیہا راوت نے اپنے میجر جنرل لال پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا ۔
2007، سے اب تک بھارتی افواج میں خواتین افسران کے ساتھ زیادتی اور جنسی ہراسگی کے1243واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں ۔

امریکی وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

بیجنگ : (ویب ڈیسک) امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے 2 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورے کا مقصد امریکا اور چین کے تعلقات کو بحال کرنا ہے ، اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ چینی ہم منصب چن گینگ، اعلیٰ سفارت کار سمیت ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان رابطے بڑھا کر کسی ممکنہ تصادم سے بچنے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2018 کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا چین کا پہلا دورہ ہے ، رواں سال فروری میں امریکی فضائی حدود میں مشتبہ چینی غباروں کے اڑنے پر بلنکن نے چین کا دورہ ملتوی کردیا تھا۔

لاہور: انڈر پاس میں پھنسا ایل پی جی کنٹینر 9 گھنٹے بعد نکال لیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں ایل پی جی گیس کا کنٹینر انڈر پاس میں پھنس گیا جسے 9 گھنٹے کی کوشش کے بعد کرینوں کی مدد سے نکالا گیا۔
پولیس کے مطابق مسلم ٹاؤن انڈر پاس پر رات گئے ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی سے ایل پی جی گیس کا کنٹینر پھنس گیا، اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس فوری طور پر وہاں پہنچی اور ایک سائیڈ کی ٹریفک کو عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔
ٹریفک پولیس نے کرینوں کی مدد سے 9 گھنٹے کے بعد کنٹینر کو باہر نکالا۔
سی ٹی او لاہور نے ڈرائیور کے خلاف غفلت اور لا پرواہی برتنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جیل سے رہائی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے والے 27 کارکن گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے رہائی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے والے 27 کارکنوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کارکن جیلوں سے رہائی کے بعد چیئرمین سے ملنے زمان پارک پہنچے تھے۔
کارکنوں کا تعلق ضلع قصور، لاہور، گوجرانوالا اور سرگودھا سے ہے، کارکن ملاقات کے بعد واپس جانے لگے تو مختلف علاقوں میں لگے ناکوں پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
گرفتار کارکنوں کی فہرست کے مطابق گرفتار کارکنوں میں زیادہ تر کا تعلق ضلع قصور، لاہور، گوجرانوالا اور سرگودھا سے ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کارکنوں کو ابھی تک کسی مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں لاہور ہائی کورٹ نے لاہور سمیت پنجاب کے 11 اضلاع میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام افراد کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان میں فلم بنانے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ ملے گا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے نیشنل امیچورفلم فیسٹیول ایوارڈ کیلئے ہائی اچیورز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کیلئے آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں، 1970 سے 2000 کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی رکی رہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2000ء کے بعد فلم انڈسٹری میں ترقی کا سفر شروع ہوا، بڑے میڈیا ہاؤسز نے فلمیں بنائیں جس سے انڈسٹری بحال ہونا شروع ہوئی، سنیما گھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہو رہی اور ملٹی سکرین سینما مہنگے ہونے سے عام عوام کا فلم دیکھنا چیلنج بن چکا ہے۔
لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ 2017ء میں حکومت نے پہلی فلم پالیسی جاری کی، فلم پالیسی میں فلم، ڈرامہ اور موسیقی کی بحالی کا وژن فراہم کیا گیا، 2018 میں ہم نے فلم پالیسی کو بجٹ میں شامل کیا اور گزشتہ سال وزارت اطلاعات کے تحت فلم ڈویژن کا آغاز کیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سنیما اور پروڈکشن کے آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے، کارپوریٹ سیکٹر فلم کیلئے رقوم فراہم کرے گا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم میکنگ کے اندر کنٹری بیوشن یا فنڈ فراہم کرنے پر بھی ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، موجودہ حکومت نے فلم کے شعبے میں بہت سی مراعات دی ہیں، حکومت پاکستان کا فلم فنانس فنڈ شروع ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نے 2 ارب روپے کے فلم فنانس فنڈ کا اعلان کیا ہے اور حکومت فلم، ڈاکیومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنیما گھروں کو 10 سال کیلئے ٹیکس فری کیا گیا ہے، سنیما گھروں کی آمدن پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، عام عوام، متوسط اور نچلے طبقے کیلئے تفریح کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن لوگوں نے مولاجٹ نہیں دیکھی جنہوں نے پچھلی مولاجٹ کو ہٹ کروایا تھا، پاکستان کے بیانیے کو صرف سکرین ٹورازم سے فروغ دیا جا سکتا ہے، فلم کے شعبے میں 5 سے 10 سال کیلئے بہت سی مراعات دی گئی ہیں۔

پاکستان کا ایک اوردشمن بی ایل ایف کمانڈر نواز علی رند اندرونی لڑائی میں ہلاک

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاکستان کا ایک اور دشمن جنم واصل ، کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا کمانڈر نواز علی رند اندرونی لڑائی میں مارا گیا، نواز رند کی ہلاکت ہمسایہ ملک میں پراسرار حالات میں ہوئی۔
عسکریت پسند نواز علی رند کا تعلق آواران سے تھا، جو 2014 سے بی ایل ایف کا سرکردہ رکن تھا ، نواز رند سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔
شمبے کی گرفتاری کے بعد عسکریت پسند گروپوں میں پھوٹ پڑ چکی ہے، بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کے اتحاد بی آر اے ایس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انٹیلی جنس اداروں کی کامیابیوں سے دہشتگرد تنظیمیں دباؤ کا شکار ہیں، گھیرا تنگ ہونے سے دہشت گرد تنظیمیں اپنے ہی کمانڈرز کو مارنے لگی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل جماعت الاحرار کا کمانڈر بھی اسی طرح کے حالات کا شکار ہوا تھا ، ملک دشمنوں کواب سر چھپانے کا ٹھکانہ نہیں مل رہا ، امید ہے اس طرح کے واقعات سے بلوچستان میں دہشت گردی میں واضح کمی آئے گی۔

وزیراعظم کا کلرکہار بس حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد-لاہور موٹر وے پر پیش آنے والے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کلر کہار پر بس حادثے کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں پر دلی طور پر رنجیدہ ہوں، سالٹ رینج پر حادثات کا تواتر کے ساتھ ہونا پریشان کن ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ موٹروے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹر وے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے تمام معیارات پر پورے اترتے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کر کے ہی سفر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس دردناک حادثے میں اُن سے بچھڑ گئے۔

پاکستان کو تیل کی خریداری میں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی: روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے کہا ہے کہ پاکستان کو تیل کی خریداری میں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی۔
غیرملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کو تیل برآمد کرنا شروع کر دیا ہے اور اس کی مد میں چینی کرنسی یوآن کو بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔
روس کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر صحافیوں سے گفتگو میں ملک کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف نے کہا کہ پاکستان کو تیل کی ترسیل شروع ہوگئی ہے اور پاکستان کیلئے قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
ان کے اس بیان نے پاکستانی حکام کے ان دعوؤں پر سوال اٹھا دیئے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ رواں سال کے اوائل میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ماسکو نے اسلام آباد کو رعایتی قیمت پر تیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
روسی وزیرِ توانائی سے جب پاکستان کے ساتھ چینی کرنسی میں تجارت سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ادائیگی دوست ممالک کی کرنسیوں میں کی جائے گی۔
روسی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کو مائع قدرتی گیس کی برآمد کیلئے قیمتوں پر ابھی تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکا، بات چیت طویل مدتی معاہدوں کے بارے میں ہے لیکن اب تک ہم اسپاٹ سپلائی کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور اسپاٹ گیس کی قیمتیں اب زیادہ ہیں۔

کلر کہار بس حادثے کی ویڈیو سامنے آگئی، واقعے کا مقدمہ بھی درج

کلرکہار: (ویب ڈیسک) کلرکہار سالٹ رینج میں بس حادثے کی ویڈیو سامنے آگئی، واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
گزشتہ روز راولپنڈی سے جھنگ جاتے ہوئے مسافر بس کو کلر کہار سالٹ رینج میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
اب اس حادثے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کار بھی حادثے کا شکار بس کی زد میں آئی۔
ویڈیو میں دیکھا سکتا ہے کہ صبح 10 بج کر 13 منٹ پر ایک نیلے رنگ کی تیز رفتار بس موڑ کاٹتے ہوئے پلٹی اور قلا بازی کھاتے ہوئے دوسرے روڈ پر چلتی سفید رنگ کی کار کو روندتی ہوئی رک گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی اور بس دونوں کو شدید نقصان پہنچا۔
بس حادثے کا مقدمہ درج
دوسری جانب سالٹ رینج مسافر بس حادثے کا مقدمہ تھانہ کلر کہار میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ موٹر وے پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں اڈا منیجر، بس مالک، ڈرائیور، موٹر وہیکل ایگزامینر کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسافروں نے اڈا منیجر اور ڈرائیور کو بتایا تھا کہ بس ٹھیک نہیں۔

کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کرنیوالی دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی بحال

لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کرنے والی دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی بحال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے 500 کے وی کے ٹو کے تھری، اور این کے آئی لائن کا کنڈکٹر متاثر ہوا تھا، دونوں لائنیں بحال کر دی گئی ہیں۔ این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کے انجینئرز اور سٹاف نے بحالی کا کام رات گئے تک مکمل کیا، پہلی ٹرانسمیشن لائن گزشتہ روز 2 بجے بحال کر دی گئی تھی۔ ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے مطابق اس وقت کے الیکٹرک کو 3 ٹرانسمیشن لائنوں سے بجلی کی ترسیل جاری ہے۔