All posts by Khabrain News

پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس کے روٹ میں تبدیلی کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس کے روٹ کو تبدیل کر دیا، روٹ تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شالیمار ایکسپریس اب یکم جولائی سے براستہ فیصل آباد کراچی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خسارے میں چلنے کی وجہ سے شالیمار ایکسپریس کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔

جناح ہاؤس حملہ کیس: قومی ویمن فٹبال ٹیم کی گول کیپر شمائلہ ستار گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں قومی ویمن فٹبال ٹیم کی گول کیپر شمائلہ ستار کوگرفتار کر لیا۔ قومی فٹبال ٹیم کی گول کیپرشمائلہ ستاربھی جناح ہاؤس حملے میں ملوث نکلیں،انوسٹی گیشن پولیس نے شمائلہ ستار کو لاہورسےگرفتارکرلیا ۔ ذرائع کے مطابق وہ 9 مئی کوجناح ہاؤس کےباہرتوڑپھوڑ میں ملوث پائی گئیں، پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی گول کیپر کو حراست میں لیا ، ان کا نام جیو فینسنگ کی حتمی فہرست میں آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شمائلہ ستار کو گرفتار کرنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جیل میں شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ پولیس نے جناح ہاؤس حملےکا مقدمہ دہشتگردی سمیت سنگین دفعات کےتحت درج کررکھاہے۔ واضح رہے کہ شمائلہ ستار فٹبال کی قومی ٹیم میں بطورگول کیپرنمائندگی کررہی ہیں۔

ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ میں عثمان خواجہ کی سنچری سے آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم

برمنگھم: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے شاندار سنچری سکور کر کے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔ آسٹریلیا نے برمنگھم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز 14 رنز بغیر کسی نقصان سے اپنی اننگز کی شروعات کی اور دن کے اختتام تک 5 وکٹ پر 311 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو تاحال مہمان ٹیم پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔ ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر ہی عثمان خواجہ کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد مارنوس لیبوشن صفر پر پویلین لوٹ گئے، لگاتار دو وکٹ گرنے پر انگلش ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، تاہم عثمان خواجہ نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ مل کر پہلے ٹیم کا سکور 67 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر اسمتھ صرف 16 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے۔ اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہیڈ نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی، پھر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، پانچویں وکٹ پر عثمان خواجہ نے کیمرون گرین کے ساتھ مل کر 72 رنز کا اضافہ کیا، اس دوران آسٹریلوی اوپنر نے سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کیمرون گرین 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ایلکس کیری اور عثمان خواجہ نے چھٹی وکٹ پر 91 رنز کی شراکت قائم کر لی ہے اور ٹیم کا سکور 5 وکٹ پر 311 رنز تک پہنچا دیا ہے۔ عثمان خواجہ 126 جبکہ ایلکس کیری 52 رنز پر ناقابل شکست ہیں، تاہم آسٹریلیا کو انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 82 رنز درکار ہیں۔

سوڈان: فوج اور آر ایس ایف کے درمیان 72 گھنٹے کی جنگ بندی کا معاہدہ

خرطوم : (ویب ڈیسک ) سوڈان میں تنازع کے دونوں فریقین نے 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ مشترکہ سعودی امریکی بیان میں گزشتہ شام اعلان کیا گیا کہ سوڈان میں تنازع کے دونوں فریقوں نے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے سے شروع ہوکر 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ بیان میں دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ جنگ بندی کی مدت کے دوران وہ نقل و حرکت اور حملوں، جنگی طیاروں یا ڈرونز کے استعمال، توپ خانے سے بمباری سے گریز کریں گے ، اپنی پوزیشنز کو مضبوط کرنے اور دوبارہ فوجیوں کی فراہمی سے بھی گریز کریں گے۔ اس عرصہ میں پورے سوڈان میں نقل و حرکت کی آزادی اور انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دی جاتی رہے گی۔ سوڈانی وزیر صحت ہیثم ابراہیم کے مطابق سوڈان میں اپریل کے وسط میں شروع ہونے والے تنازعے کے بعد سے اب تک 3 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، خرطوم کے 130 ہسپتالوں میں سے نصف اب بھی کام کر رہے ہیں اور مغربی دارفور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی سروس بند ہے۔ یاد رہے خرطوم میں ہفتہ کے روز بھی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپ ہوئیں اور اس دوران مختلف قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ، خرطوم کے جنوب میں ایک فضائی حملے میں 5 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔ واضح رہے سوڈان میں لڑائی کا آغاز 15 اپریل سے ہوا تھا ، عبدالفتاح البرہان کی زیر قیادت فوج اور محمد حمدان دقلو کی زیر قیادت ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان متعدد لڑائیاں ہوئی ہیں اس دوران عارضی جنگ بندی کے معاہدے بھی ہوتے رہے اور ناکام بھی ہوتے رہے ہیں۔

اسحاق ڈار کی معاشی پالیسی سے صرف شریف خاندان خوش ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈار کی معاشی پالیسی سے صرف شریف خاندان خوش کیونکہ خاندان نے ہی خاندان میں سیاسی عہدے بانٹے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید نے لکھا کہ ٹیکنوکریٹ ہوں یا ڈیموکریٹ آئی ایم ایف کے بغیرچاره نہیں، 30 جون تک آئی ایم ایف کا پتہ لگ جائے گا، معیشت ڈوبتی ہے تو ملک ڈوبتا ہے، بجٹ پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی تقریر میں زمین آسمان کا فرق ہے، سیاسی عدم استحکام تباہی و بربادی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈار نے معیشت کا جنازہ نکال دیا، شہباز شریف کہتا ہے جو ڈار کی ٹانگیں کھنچے گا اُسے کان سے پکڑ کر نکال دوں گا، بلاول کو سیلاب کی تباہی کی امداد کی یاد ایک سال بعد آئی، پاکستان کے تمام معاشی امور کے ماہر کہتے ہیں کہ ڈار ناکام ترین وزیر خزانہ ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آنے والی حکومت کیلئے آگے کھائی اور پیچھے گڑھا ہے، B پلان نامعلوم ہے، سیاسی کھچڑی کیسے بن رہی ہے اس کا اندازہ لگانا آسان کام نہیں ہے، بلاول نے کہا جس طرح کراچی میں الیکشن جیتے اسی طرح ملک میں جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں 5 بندے بل پاس کرتے ہیں اور 24 کروڑ لوگوں پر مسلط ہو جاتا ہے ہر آدمی داؤ پے بیٹھا ہے دیکھنا یہ ہے کس کا داؤ لگے گا یا سب داؤ کی زد میں آئیں گے، ملک میں آئینی سیاسی اقتصادی مالیاتی بحران شدید ہوگیا ہے، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ باشعور ہو چکے، ترقیاتی فنڈ کا ووٹ نہیں رہا، اگر غریب کو ووٹ کا حق مل گیا تو سب کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی، حکمرانوں کی آنکھوں پر پرده پڑ چکا ہے، زمینی حقائق سے بے خبر ہیں جو فیصلہ کر رہے ہیں الٹا اُن کے گلےپڑ رہا ہے۔

باپ سے محبت کے اظہار کیلئے ’’ورلڈ فادرز ڈے‘‘ آج منایا جا رہا ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں باپ سے محبت کے اظہار کیلئے ’’ ورلڈ فادر ڈے ‘‘ آج منایا جا رہا ہے۔ ہر برس جون کے تیسرے اتوار کو اس دن کے منانے کا مقصد باپ کی عظمت،عزت و وقار کا اعتراف اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز،اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مقررین باپ کے مقام و مرتبے اور عظمت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔ اس دن کے موقع پر بچے اپنے والد کو کارڈز، پھول اور تحائف پیش کریں گے۔

کراچی : سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال

کراچی : (ویب ڈیسک) سمندری طوفان کے اثرات سے 500 کے وی جامشورو- این کے آئی (کراچی) ٹرانسمیشن لائن کے متاثرہ انسولیٹرز تبدیل کردیے گئے جس کے بعد کراچی میں بجلی بحال کر دی گئی ۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق سمندری طوفان سے ہوا میں نمی کا تناسب ایک خاص حد سے تجاوز کرنے سے انسولیٹرز میں خلل آیا، این ٹی ڈی سی کے لائیو لائن عملے نے کم سے کم وقت میں انسولیٹرز کی تبدیلی کا کام مکمل کیا۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق 500کے وی کے ٹو کے تھری ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کیلئے ٹیمیں متحرک کر دی گئیں ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ کراچی کو 220 کے وی جھمپیر- کے ڈی اے سرکٹ کے ذریعے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

یونان میں کشتی ڈوبنے کا حادثہ ، دفتر خارجہ کا بیان آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والوں میں سے 12 پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق کردی تاہم ابھی تک جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےآج ایک بیان میں کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ جاں بحق ہونے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت ، بازیابی اور امداد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے، یہ شناختی عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تصدیق کے مقاصد کے لیے یونان میں پاکستان مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔
ان سے یہ بھی درخواست ہے کہ وہ مستند لیبارٹریوں سے ڈی این اے رپورٹس اور مسافر کی شناختی دستاویزات info@pakistanembassy.gr پر شیئر کریں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے حکام کا کہنا ہے کہ یونان کے قریب ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی سے 500 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
خوفناک سانحہ میں لاپتہ ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جس میں 78 افراد ہلاک ہوئے تھے، بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، ماہی گیری کی کشتی میں 750 افراد سوار تھے جو جنوبی یونان میں پائیلوس سے 50 ناٹیکل میل دورڈوب گئی تھی۔

اتحادیوں نے گورنر خیبرپختونخوا پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

پشاور: (ویب ڈیسک) اتحادیوں نے گورنر خیبرپختونخوا پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کیخلاف اتحادی جماعتیں متحرک ہوگئیں، حاجی غلام علی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر ہاؤس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگا دیا۔
دوسری جانب نگران صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر فیروز جمال نے اتحادیوں کے تحفظات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے گورنر کی کارکردگی کو لائق تحسین قرار دیدیا، جبکہ صوبائی اتحادیوں نے وزیراعظم اور مرکزی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔

ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 جون کو ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 جون کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے جس میں چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔
کراچی میں رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی اجلاس کے علاوہ اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت ہوں گے۔
خیال رہے کلائیمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق پاکستان میں ذی الحج کا چاند 19 جون کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، جس کے نتیجے میں عيدالاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہو سکتی ہے۔
سی ڈی پی سی رپورٹ میں کہا گہا تھا کہ چاند کی پیدائش 18 جون کی شب 9 بج کر 37 منٹ پر ہوگی، پاکستان میں 20 جون کو یکم ذی الحج ہونے کا امکان ہے تاہم چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔