All posts by Khabrain News

پاکستان کوچین سے ایک ارب ڈالرموصول ہوگئے، سٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کو چین سے ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک نے رقم وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چین سے ایک ارب ڈالر کی رقم مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے ملنے والا ایک ارب ڈالر کمرشل قرضہ ہے، ایک ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں ہفتے چین کو پیشگی ادائیگی کی تھی، اب چین پاکستان کو یہ رقم واپس کر رہا ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ ہم نے چین کو جو قرض واپس کیا ہے وہ دوبارہ مل رہا ہے، چین سے ایک ارب ڈالر جلد موصول ہو جائیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ایک ارب ڈالرپر گفت و شنید مکمل ہوچکی ہے جب کہ بینک آف چائنا کے ساتھ بھی 30 کروڑ ڈالر پر بات چیت چل رہی ہے، چین کے سواپ معاہدے کے تحت بھی ڈالرز آئیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بجٹ سٹریٹجی پیپر میں تاخیرکی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں تاخیر تھی، آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ کی شرائط رکھی ہے جسے ہم پورا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تمام انتظامات کر دیے گئے ہیں، ایک گیس پائپ لائن کا اثاثہ 50 ارب ڈالر کا پاکستان کے پاس ہے جب کہ ریکوڈک سے اربوں ڈالرحاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان، شاہین کی واپسی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جب کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں محمد حریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار شامل کیا ہے جب کہ سابق جنوبی افریقن فاسٹ باؤلر مورنے مورکل باؤلنگ کوچ ہوں گے۔
ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار سپنرز ،چار فاسٹ باؤلرز، چھ مستند بیٹرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔
تاہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہو گئی ہے، انہیں آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
قومی سکواڈ
قومی سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان ) ،محمد رضوان ( نائب کپتان اور وکٹ کیپر )، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔
شاہین آفریدی کے پاس ٹیسٹ سیریز میں ریکارڈ بنانے کا موقع
شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے، فاسٹ باؤلر کے 3 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی باؤلر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا۔
شاہین آفریدی کا ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار
شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال بعد دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر وہ خوش ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کو بہت زیادہ محسوس کررہے تھے اور اس فارمیٹ سے دور رہنا ان کے لیے بہت مشکل ہوگیا تھا۔
شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکا میں گزشتہ سال انجری کے بعد سے پورا ہوم سیزن باہر رہے اور اب سری لنکا ہی میں ان کی واپسی ہورہی ہے اور وہ اس واپسی کو یادگار بنانے کے لیے پرامید ہیں اور ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری کی تکمیل کے بھی منتظر ہیں، وہ اپنے پرستاروں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں انہیں بھرپور سپورٹ کی اور اب وہ آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔

تاحیات نااہلیت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے سے ٹکرائےگی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تاحیات نااہلیت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے سے ٹکرائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی میئر کے الیکشن نے دنیا میں پاکستان کی جمہوریت کا پورسٹ مارٹم کر دیا، حکومت الیکشن سے فراری ہے دیکھنا ہوگا اب سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، لوگوں کو سرعام اٹھایا جا رہا ہے، صحا فی اور صحافت کو زنجیریں پہنائی جا رہی ہیں۔
سابق وزیر نے کہا کہ جس آئی ایم ایف نے دیوالیہ سے بچانا ہے ڈار نے اُسی پر یلغار کر دی، ڈار کی نااہلی کا خمیازہ پاکستان عالمی تنہائی کی صورت میں بھگت رہا ہے، ڈار نے معاشی ناکامی تسلیم کر لی چین کو 1 ارب ڈالر دے کر واپس لیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت نےسارے حربے استعمال کر لئے ہیں لیکن بات نہیں بن رہی، بات کہاں جا کے رُکے گی اللہ ہی بہتر جانتا ہے، تجارتی خسارہ 40 فیصد، ترسیلات 13 فیصد اور برامدات 12 فیصد کم ہوگئیں، ڈالر نایاب، مہنگائی آسمان پر جبکہ غریب زمین بوس ہوگیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پکڑ دھکڑ ،اغوا اور قتل کی خبریں ہیں، اعظم خان لاپتہ اور لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ ساری قوم ڈپریشن کا شکار ہے اور وزیراعظم کیرم بورڈ کھیل کر جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں، 30جون تک آئی ایم ایف کا کٹی کٹا نکل آئے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 9 ماہ میں 22 وزراء نے 93 بیرون ملک دورے کئے، کروڑوں روپے بے مقصد خرچ ہوئے، 5 ڈالر خیرات بھی نہیں ملی، بلاول نے نصف سنچری مکمل کی اور 3-3 بار امریکہ اور یو اے ای گئے، وزیرخارجہ نے دنیا میں سب سے زیادہ بے مقصد دورے کرنے کا اعزازحاصل کیا، خاندانی سیاسی پارٹی نے اہم عہدے خاندان میں ہی تقسیم کر لئے۔

بغاوت پر اکسانے کا کیس: فواد چودھری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں اہم پیشرفت ، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت کمیشن کے دیگر اراکین کو دھمکیاں دینے کے خلاف فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔
فواد چودھری عدالت میں پیش ہوگئے ، عدالت نے فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ 24 جون کو فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی جائے گی، عدالت نے مقدمے کی نقول بھی فواد چوہدری کو فراہم کردی ہیں۔
واضح رہے کہ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

پنجاب : سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 6 دہشت گردگرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملتان سے 3 ، گوجرانوالہ سے 2 اور ڈیرہ غازی خان سے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے ، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنطیموں سے ہے ، دہشت گردوں سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹرز، لیپ ٹاپ پرائما کارڈ اور 18ہزار 800 روپے نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت لیاقت،ندیم، عنایت، عمار، اعجاز اور یونس کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گردوں کے خلاف 6 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق کہ رواں ہفتے227 کومبنگ آپریشنز کے دوران 24 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ، کومبنگ آپریشنز میں 11694 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔
حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

سابق گورنر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی نیاز احمد کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس اے میں درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔ لطیف کھوسہ کے گھر کے اطراف لگے کیمروں سے ملزمان کی تصاویر پولیس کو موصول ہوگئی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے چار ملزمان تھے، دو ملزمان موٹرسائیکل پر اور دو پیدل تھے جب کہ ملزمان کی ڈی ایچ اے ناکہ سے گزرنے کی تصویر بھی حاصل کرلی ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوا، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حربوں سے وکلاء کی تحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، ہم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں۔

حیدرآباد : نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق

حیدرآباد : (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع حیدر آباد میں تفریح کے لئے آنے والا نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق المنظر جامشورو کے مقام پر دوستوں کے ساتھ تفریح کے لئے آنے والا نوجوان دریائے سندھ میں نہانے کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، نوجوان کی شناخت اسلم خان یوسف ذئی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 22 سال تھی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کی لاش 6 گھنٹوں بعد پانی سے نکالی گئی ، نوجوان لطیف آباد کے علاقے کوہسار کا رہائشی تھا ، نوجوان کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

شمالی وزیرستان: جنگ آزادی کے ہیرو حاجی مرزا علی خان کے مزار پر میوزیم کا قیام

شمالی وزیرستان: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں جنگ آزادی کے ہیرو حاجی مرزا علی خان المعروف فقیرایپی سے منسوب میوزیم قائم کر کے وہاں ان کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر ساز و سامان رکھا گیا ہے۔ میوزیم میرانشاہ سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب کی جانب واقع تاریخی گورویک مرکز میں فقیر ایپی کے مزار کے احاطے میں قائم کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک نے بتایا کہ پاک فوج نے جدید انداز میں فقیر ایپی مزار کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کے بعد مزار کے قریب عجائب گھر بھی قائم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فقیر ایپی کے مزار پر قائم کیے گئے میوزیم میں حاجی مرزا علی خان کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر ساز و سامان رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کا کہنا تھا کہ میوزیم کا کام مکمل ہو گیا ہے، جلد ہی اسے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ ریحان گل نے بتایا کہ گورویک میں فقیر ایپی کے سپاہیوں کے زیر استعمال غار بھی بحال کئے گئے ہیں جبکہ فقیر ایپی کی رہائش گاہ اور اسلحہ بنانے کی فیکٹری کو بھی محفوظ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورویک میں فقیر ایپی کا مزار سیاحت کا مرکز ثابت ہو گا جہاں ملک بھر سے لوگ اس عظیم مجاہد کے مزار کی زیارت کرنے اور عجائب گھر میں تاریخی ساز و سامان دیکھ سکیں گے۔

اوکاڑہ: ٹریفک حادثے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل بہاولنگر جاں بحق

اوکاڑہ: (ویب ڈیسک) اوکاڑہ میں ٹریفک حادثے کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل بہاولنگر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاؤں سکھ پور کے قریب دیپالپور روڈ پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی نے وین کو ٹکر دی ماری، جس کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل عاصم حنیف موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل پروموشن کورس مکمل کر کے لاہور سے واپس پاکپتن آ رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئے۔

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری

کراچی: (ویب ڈیسک) نو منتخب میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوسی لیاقت آسکانی، آصف خان، کرم اللہ وقاصی، شکیل چودھری اور پیر معظم و دیگر ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر جنوبی مرتضیٰ شیخ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف اور دیگر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، نو منتخب میئر کراچی نے پاکستان خصوصاً کراچی کی ترقی اور شہر و شہریوں کی بہتری کیلئے دعا مانگی۔ اس موقع پر نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ کا کہنا تھا کہ شہر قائد کی بہتری کے لئے اپنی خدمات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔