All posts by Khabrain News

اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دیے۔ چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لیے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گے۔ انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔

ہائبرڈ ماڈل پر بھارتی میڈیا نے غلط خبریں چلائیں, نجم سیٹھی

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر بھارتی میڈیا نے غلط خبریں چلائیں۔ نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل ایک حل ہے کوئی بلیک میلنگ نہیں، ہائبرڈ ماڈل کی ہماری تجویز کو تسلیم کرلیا گیا ، بھارتی میڈیا نے غلط خبریں چلائیں، ہائبرڈ ماڈل کےلیے ہم نے بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی تجویز تھی پورا ایشیاء کپ ایک ہی نیوٹرل وینیو پر کرایا جائے، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی پریس ریلیز میں ہائبرڈ ماڈل کا لفظ استعمال کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ کسی کی کوشش تھی کہ ہائبرڈ ماڈل کو ورلڈ کپ سے لنک کیا جائے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آ گئے

لاہور:(ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن نے سابق وزیرحماد اظہر کے خلاف کروڑوں روپے کے کرپشن کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی ہے ۔ سابق وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے خلاف اینٹی کرپشن نے شیخو پورہ میں مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔حماد اظہر کیخلاف درج ایف آئی آر کے مطابق سابق وزیر نے ایفکو اسٹیل ملز کی تعمیر میں کمرشلائزیشن فیسوں کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔حماد اظہر اور میونسپل کمیٹی فیروز والا کے بلڈنگ انسپکٹر حاجی محمد اقبال کو ایف آئی آر میں نامزدکیاگیا۔ ایفکو کی غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ڈسٹرکٹ کونسل شیخوپورہ اور میونسپل کمیٹی فیروزوالا کے دیگر ذمہ داران کا تعین دوران تفتیش کیاجائے گا۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 2700 روپے اضافہ

کراچی:(ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 36 ڈالر بڑھ کر 1965 ڈالر کی سطح پر آگئی۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں اضافے کے بعد پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونےکی قیمت 2700 روپے کے اضافے سے 223400 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 2315روپے بڑھ کر 191530 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

کراچی لیاقت آباد سپرمارکیٹ مخدوش قرار، 750 دکانیں سیل کردی گئیں

کراچی:(ویب ڈیسک) ممکنہ سمندری طوفان اور بارشوں کے سبب ایس بی سی اے نے لیاقت آباد سپر مارکیٹ کی 9 منزلہ عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے سیل کردیا جس میں 750 دکانیں ہیں۔ عمارت کی بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، میزنائن فلور اور 9 منزلہ بلڈنگ کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا ہے، سپرمارکیٹ میں چار سرکاری دفاتر بھی ہیں جنہیں سیل کیا گیا ہے۔ سیل شدہ عمارت میں واٹر بورڈ، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، لائبریری اور کے ایم سی لیز کے دفاتر موجود ہیں۔ یہ کارروائی ایس بی سی اے کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد کی جانب سے کی گئی، سیل شدہ سپرمارکیٹ کی بیسمنٹ میں گزشتہ کئی سال سے کئی فٹ پانی جمع ہے جس کے سبب لیاقت آباد سپرمارکیٹ کو کئی سال قبل بھی انتہائی مخدوش قرار دیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان لاپتا ہو گئے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان لاپتا ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اعظم خان کے اہلخانہ کی جانب سے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ اعظم خان کل شام کو گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آئے ، درخواست اعظم خان کے بھتیجے کی طرف سے دی گئی ہے ،اعظم خان کا موبائل نمبر بھی بند ہے ۔ پولیس کاکہناہے کہ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ، جس کے بعد مقدمہ کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

عریشہ رضی خان نے اپنا نکاح خفیہ رکھنے کی وجہ بتادی

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ عریشہ رضی خان نے اپنے نکاح کو خُفیہ رکھنے کی وجہ بتادی۔ تفصیلات کے مطابق عریشہ رضی خان نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے ایک پروگرام میں اپنی بہن سارہ رضی خان کے ہمراہ شرکت کی۔ دوران شو میزبان نے ان سے سوال کیا کہ”آپ کے نکاح کی تصویروں کو لے کر ایک تنازع کھڑا ہوا، آخر آپ اپنے نکاح کی خبر اپنے مداحوں سے کیوں چُھپا رہی تھیں؟”میزبان کے سوال پر اداکارہ نے جواب دیا کہ “وہ وقت مناسب نہیں تھا، میں خود اپنے پرستاروں کو بتانا چاہتی تھی لیکن میری خواہش تھی کہ جب میری رخصتی ہو اس وقت میں اپنے نکاح کا اعلان کروں۔” بطور چائلڈ آرٹسٹ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ عریشہ رضی خان نے مزید کہا کہ “میں رخصتی کے وقت بالترتیب تمام تقریبات کی تفصیلات اپنے پرستاروں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی تھی،چونکہ مجھے معلوم تھا کہ رخصتی میں ابھی کافی وقت ہے اس لئے پہلے سے نکاح کا اعلان کرنا ٹھیک نہیں سمجھا۔” یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی کے آخر میں 22 سالہ عریشہ رضی خان کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز ان کے فوٹوگرافر کی جانب سے اچانک منظر عام پر آنے کے بعد وائرل ہوگئی تھی۔

وزیراعظم کی مسلم لیگ (ن) بلوچستان کےوفدکی ملاقات ، سیاسی صورتحال پرمشاورت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جعفر خان مندوخیل کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جعفر خان مندوخیل کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کاکہنا تھا کہ حکومت بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا اصل اثاثہ باصلاحیت بلوچ نوجوان ہیں، حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی ، وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے لیے خصوصی منصوبے شامل کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا۔
لیگی وفد میں جمال شاہ کاکڑ، سردار یعقوب ناصر، آغا شاہ زیب درانی، عامر افضل مندوخیل، چوہدری نعیم، نصیر اچکزئی اور ظہیر خان کاکڑ شامل تھے۔

فوڈ فورٹیفیکیشن – ناقص غذائیت کا حل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ناقص غذائیت طویل عرصے سے بڑھتی جا رہی ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کا ایک طریقہ ‘فوڈ فورٹیفیکیشن’ ہے۔ فورٹیفیکیشن کے ذریعے کھانے کی مصنوعات میں اہم غذائی اجزاء کا اضافہ کیا جاتا ہے تاکہ ان کی قدرتی غذائیت کومزید بہتر بنایا جا سکے۔ گزشتہ کئی سالوں سے یہ غذائیت کی کمی، خاص طور پر وٹامن اور معدنیات کی قلت کو کم کرنے کا ایک قابل عمل حل رہا ہے۔
فورٹیفیکیشن، خاص طور پر بچوں کے کھانے میں غذائیت کی قلت کو کم کرنے کا ایک بہترین حل ہے جس سے ان کی صحت پر مثبت اثرات واقع ہوتے ہیں۔ وٹامن اے، آئرن، آیوڈین، زنک اور فولک ایسڈ جیسے ضروری وٹامنز آور معدنیات کے مقدار میں اضافہ کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔
ناقص غذائیت کو کم کرنے کے لیے ایک مؤثر طریقہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس کے مفید اثرات آبادی کے ایک بڑے حصہ تک پہنچ سکتے ہیں کیونکہ اس میں عام طور پر استعمال ہونے والی مصنوعات میں غذائی اجزاء شامل کیے جاتے ہیں۔ یہ مصنوعات آسانی سے مختلف علاقوں اور کمیونٹیز میں دستیاب کی ہوتی ہیں، بشمول دیہی اور دور دراز کے علاقے جہاں متنوع خوراک تک رسائی محدود ہوتی ہے۔
فورٹیفیکیشن کا ایک حدف یہ بھی ہے کہ آبادی میں موجود مخصوص غذائی اجزاء کی قلت کو بھی دور کیا جا سکے۔ مثال کے طور پر، آئرن کی کمی کے عوارض کو گندم کے آٹے، دودھ اور ڈیری نیوٹریشن سلوشنز کی آئرن فورٹیفیکیشن کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے، آئوڈین کی کمی کو ختم کرنے کے لیے نمک میں آیوڈین کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ حکمت عملی ناقص غذائیت کے مضر اثرات کو دور کرنے میں مدد کرتی ہے اور متعلقہ صحت کے مسائل کے خطرے کو کم کرتی ہے۔
غذائیت کی کمی پر قابو پانے کے لیے مصنوعات کو مضبوط بنانا ضروری ہے کیونکہ مائیکرو نیوٹرینٹ کی کمی مدافعتی افعال کو نقصان پحنچا سکتی ہے، انفیکشن اور بیماریوں کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، ذہنی نشو و نما میں رکاوٹ بن سکتی ہے، اور ‘سٹنٹڈ گروتھ’ میں حصہ ڈال سکتی ہے۔ وٹامنز اور معدنیات کے ساتھ کھانے کو مضبوط بنانے سے ان غذائی اجزاء کی مناسب مقدار کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے اوران کمیوں کو وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔
ناقص غذائیت پر قابو پانے کے لیے فورٹیفیکیشن کا ایک قابل عمل حل ہونے کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ اسے اکثر دیگر مداخلتوں کے مقابلے میں سستا سمجھا جاتا ہے۔ یہ موجودہ خوراک کی پیداوار اور تقسیم کے نظام سے فائدہ اٹھاتی ہے، جس سے لوگوں کی غذائی عادات میں کم سے کم تبدیلیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ مزید برآں، خوراک کو مضبوط بنانے کی قیمت نسبتاً کم ہے، جس سے یہ آبادیوں کی غذائیت کی کیفیت کو بہتر بنانے کے لیے اقتصادی طور پر قابل عمل طریقہ ہے۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں جن کے لیے بڑے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے مشکل ہیں، غذائی اجزاء جیسے آئرن اور ضروری وٹامنز کی قلت کو کم کرنے کے لیے فوڈ فورٹیفیکیشن نسبتاً آسان طریقہ ہے۔ایک جو تھوڑے وقت میں بڑا اثر دکھا سکتا ہے۔۔ شاید یہی وقت ہے کہ حکومت سرکاری اور نجی شعبے کی فوڈ کمپنیوں کو مصنوعات کو مضبوط بنانے کے لیے ترجیح دینا شروع کرے اور تو اور ان کی آگاہی میں بھی اضافہ کرے تاکہ صارفین فورٹیفائیڈ فوڈ کی قدر کریں اوران کا استعمال کریں۔

الیکشن نہ بھی ہوتا تب بھی بجٹ ایسا ہی پیش کرتے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، اگلے مالی سال میں ساڑھے 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف بآسانی حاصل کر لیں گے۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا کہ الیکشن نہ بھی ہوتا پھر بھی بجٹ ایسا ہی پیش کرتے، ایف بی آر کا 9 ہزار 200 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف سائنسی بنیادوں پر رکھا گیا، ایف بی آر کا نئے مالی سال کا ہدف غیر حقیقی نہیں ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ مہنگائی اور شرح نمو کے حساب سے ٹیکس کا ٹارگٹ رکھا جاتا ہے، بجٹ میں 223 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات شامل کئے گئے ہیں، اس سال 9 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان رجسٹرڈ کئے گئے، 7 لاکھ ہدف کے بجائے 9 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان شامل ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے، اقتصادی جائزے میں تاخیر کی وجہ سے بجٹ اسٹریٹجی پیپر بھی تاخیر کا شکار ہوا، اگلے مالی سال ساڑھے 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف بآسانی حاصل کر لیں گے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن نہ بھی ہوتا تو ملک کو زیرو فیصد گروتھ سے نکالنا تھا، نوجوان طبقہ، خواتین کو بااختیار بنانا اور اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام حکومت کی ترجیح ہے، بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر اور ایس ایم ایز پر توجہ دی ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اس سال اوسط مہنگائی 29 فیصد اور کور انفلیشن 20 فیصد ہے، سرکاری ملازمین سب سے زیادہ پسا ہوا طبقہ ہے، پنشنرز کو بھی مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں تاجروں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بندرگاہوں پر 11 ہزار کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں، جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے کراچی پورٹ پر کھڑے کنٹینرز کی کلیئرنس میں تاخیر کی رپورٹ طلب کر لی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے ہیں، سمگلنگ کم ضرور ہوئی ہے مگر ابھی ختم نہیں ہوئی، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ایکشن لے رہے ہیں، 5 ارب روپے مالیت کی چینی قبضے میں لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی منافع پرٹیکس سے متعلق ترمیم کی گئی ہے، وفاقی حکومت نے اس پر قانون شامل کیا ہے اور وہی تناسب کا فیصلہ کرے گی، 99 ڈی کے قانون کے تحت 50 فیصد تک ٹیکس غیرمعمولی منافع پر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چین سے ایک ارب ڈالر آج یا سوموار کو آجائیں گے جو ہم نے قرض واپس کیا وہ دوبارہ مل رہا ہے، چین کے ساتھ ایک ارب ڈالر پر گفت و شنید مکمل ہوچکی ہے، بینک آف چائنہ کے ساتھ بھی 30 کروڑ ڈالر پر بات چیت چل رہی ہے، چین کے سواپ معاہدے کے تحت بھی ڈالرز آئیں گے۔