All posts by Khabrain News

تھانہ نذر آتش کیس: سابق وزیر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج اعجاز احمد بٹر نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد سمیت 12 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا جبکہ دیگر 22 شریک ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضمانت ملنے والے 22 ملزمان میں زیادہ تر نابالغ لڑکے شامل ہیں جبکہ چار ملزمان کے حق میں بیلف رپورٹ موجود تھی۔
9 مئی کو یاسمین راشد کے زیراستعمال موبائل فون اور گاڑی برآمد
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف پُرتشدد احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس نے 9 مئی کو ڈاکٹر یاسمین راشد کے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی برآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد کا موبائل فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا ہے، تفتیشی ٹیم نے جیل میں پی ٹی آئی رہنما سے تفتیش کی، جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ اکٹھے ہو کر احتجاج کیلئے گئی تھیں۔

ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں تعطل اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران میاں شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی تلقین کی۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کر کے معیار کو یقینی بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے، ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔

184/3 کیخلاف کسی بھی ریمیڈی کو ویلکم کرینگے: چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز قانون کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ہم 184/3 کے خلاف کسی بھی ریمیڈی کو ویلکم کریں گے۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز قانون کے خلاف کیس پر سماعت کی، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی بنچ کا حصہ تھے۔
سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکیل نے استدعا کی کہ مجھے 10 منٹ دیں، میں دلائل دینا چاہتا ہوں، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ ہم تو آپ کا کیس سن ہی نہیں رہے، اٹارنی جنرل کے بعد آپ کو سن لیتے ہیں۔
اٹارنی جنرل کے دلائل
اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب ہائی کورٹ کسی کیس کا فیصلہ کرتی ہے تو انٹرا کورٹ سمیت دیگر اپیل کے فورمز موجود ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جاتا ہے، جب سپریم کورٹ آرٹیکل 184/3 کے تحت کوئی کیس سنتی ہے تو یہ پہلا عدالتی فورم ہوتا ہے، آئین کے تحت ریاست کے تینوں ستونوں کے امور متعین ہیں، قانون ساز عہدِ حاضر کو سامنے رکھ کر قانون سازی کرتے ہیں، ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز ایکٹ کے تحت آرٹیکل 184/3 کے فیصلے کے خلاف اپیل 5 رکنی بنچ سنے گا۔
منصور عثمان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس 5 رکنی بنچ میں وہ 3 ججز بھی شامل ہوں گے جنہوں نے پہلے فیصلہ دیا ہو گا، جسٹس منیب اختر نے گزشتہ روز آبزرویشن دی کہ 184/3 کو دیگر کیسز سے الگ کیوں کر دیا، ہائی کورٹ کے کئی فیصلوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل اور سپریم کورٹ سے بھی اپیل کا حق ہوتا ہے، آرٹیکل 184/3 میں نظرِ ثانی کا دائرہ کار وسیع ہوتا ہے، آئین کے تحت ریاست کے تینوں ستونوں کے امور کو متعین کر دیا گیا ہے، سیکشن 3 میں کہیں نہیں لکھا کہ 5 رکنی لارجر بنچ میں مرکزی کیس کے بنچ کے ججز شامل نہیں ہوں گے، قانون آج کے تقاضوں کے مطابق بنایا جاتا ہے۔
اس موقع پر چیف جسٹس کچھ کہنے لگے تو جسٹس اعجازالاحسن نے اٹارنی جنرل کو دلائل جاری رکھنے کا کہہ دیا۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عدالت آرڈر 26 تک خود کو محدود نہیں کرتی، آرٹیکل 188 نظر ثانی کے دائرہ کار کو محدود نہیں کرتا۔
اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں بھارتی سپریم کورٹ کا 2002ء کے کیوریٹیو ریویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے بھارتی سپریم کورٹ نے دوسری نظرِ ثانی کی اجازت دی۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جی بالکل لیکن وہ محدود اختیار کے تحت دی گئی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرٹیکل 188 سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود نہیں کرتا، اس آرٹیکل کے تحت سپریم کورٹ اپنے اختیارات کو وسیع کر سکتی ہے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آپ بھارتی سپریم کورٹ کے جس کیس کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں نظر ثانی اور اپیل کا فرق برقرار رکھا گیا تھا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن ٹریبونلز اور مسابقتی ٹریبونلز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں براہ راست سپریم کورٹ آتی ہیں، سنگین غداری کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سپریم کورٹ آ سکتی ہے، آرٹیکل 185 کے تحت ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے، سپریم کورٹ اپنے اختیارات کو توسیع دے سکتی ہے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آپ کے دلائل آپ کی اپنی کہی باتوں سے متصادم نظر آتے ہیں، نظر ثانی تو نظر ثانی ہی رہتی ہے، اسے اپیل کا درجہ تو پھر بھی حاصل نہیں، ان تمام قوانین میں فیصلے کے خلاف اپیل کا ذکر ہے، یہاں اس قانون میں آپ نظر ثانی کو اپیل بنانے کی بات کر رہے ہیں، اپیل اور نظر ثانی میں زیرِ غور معاملہ الگ الگ ہوتا ہے، فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دینا الگ چیز ہے، نظر ثانی کا دائرہ اختیار الگ ہے، سمجھنا چاہتا ہوں آپ کا پوائنٹ کیا ہے۔
سوال یہ ہے کہ نظر ثانی کس بنیاد پر ہونی چاہیے؟ چیف جسٹس
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک مکمل انصاف کا ٹیسٹ ہے اور بھارتی قانون میں بھی یہی ہے، اپیل میں کیس کو دوبارہ سنا جاتا ہے، ہمیں اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے، ہم 184/3 کے خلاف کسی بھی ریمیڈی کو ویلکم کریں گے، اگر اسے احتیاط کے ساتھ کیا جائے، سوال یہ ہے کہ نظر ثانی کس بنیاد پر ہونی چاہیے؟
اٹارنی جنرل نے کہا کہ نظر ثانی کے لیے بننے والے لارجر بنچ میں پہلے فیصلہ دینے والے جج بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ مزید کتنا وقت لیں گے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ اگلی سماعت میں دلائل مکمل کرنے کے لیے 45 منٹ لوں گا، آئندہ سماعت پر نظر ثانی کے سکوپ پر دلائل دوں گا۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جو بنیادی سوال ہے اس پر بھی ہم آگے نہیں بڑھ رہے، اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے مزید سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

بجٹ میں سود کیخلاف حکومت کا کوئی اقدام نظر نہیں آیا: مشتاق احمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ مفروضوں پر مشتمل بجٹ میں سود کیخلاف حکومت کا کوئی اقدام نظر نہیں آیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ کل وزیر مملکت فنانس نے بتایا کہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر دی گئیں، یہ دراصل آئی ایم ایف کا سودی بجٹ ہے، اس بجٹ میں سود کیخلاف کوئی اقدام نظر نہیں آ رہا، پیش کردہ بجٹ مفروضوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضے کون لے رہا ہے؟ اس پر کمیشن بنایا جائے، اس وقت ملک سری لنکا سے زیادہ ڈیفالٹ اور بے انتہا مہنگائی ہے، میں ایف بی آر کو فراڈ بی آر کہتا ہوں، مجھے نہیں لگتا کہ معیشت پٹڑی پر چڑھے گی، بجٹ میں خیبرپختونخوا کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔
سینیٹر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں سود کا خاتمہ کیا جائے، سول سروس اور پولیس ریفارمز کی جائیں، مزدور کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔

سینیٹ: الیکشن ایکٹ 2017 میں مزید ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ میں الیکشن ایکٹ 2017 میں مزید ترمیم کے بل کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے۔
سینیٹ میں چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت شہادت اعوان نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
بل کے مطابق الیکشن ایکٹ کی شق 57 اور 58 میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت الیکشن کی تاریخ کااختیار صدر مملکت سے واپس لے لیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن نیا شیڈول اور عام انتخابات کی تاریخ کااعلان کرے گا جبکہ الیکشن پروگرام میں ترمیم بھی کر سکے گا۔
تاحیات نااہلی ختم،بل منظور
اجلاس میں آرٹیکل 62ون ایف کے تحت نااہلی سے متعلق بل بھی منظور کرلیا گیا جس کے تحت نااہلی زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے لیےہوگی ۔
بل میں کہا گیا ہے کہ آئین میں جس جرم کی مدت سزا متعین نہیں، اس میں نااہلی پانچ برس سے زیادہ نہیں ہوگی، متعلقہ شخص پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہو گا۔
الیکشن ایکٹ کی اہلی اور نااہلی سے متعلق سیکشن 232 میں ترمیم کا بل پیش گیا، جس میں کہا گیا کہ اہلیت اور نااہلی کا طریقہ کار، طریقہ اور مدت ایسی ہو جیسا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں فراہم کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ جہاں آئین میں اس کے لیے کوئی طریقہ کار، طریقہ یا مدت فراہم نہیں کی گئی ہے، اس ایکٹ کی دفعات لاگو ہوں گی۔
بل میں تجویز کیا گیا کہ سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ یا کسی بھی عدالت کے فیصلے یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے پانچ سال کے لیے نااہل ہو سکے گا۔
سینیٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے اس کی مخالفت کی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں قائد ایوان، اپوزیشن لیڈر اور اراکین کی مراعات کا بل بھی منظور کرلیا گیا جسے سینیٹر کہدہ بابر، منظور احمد، رضا ربانی اور دیگر نے ایوان میں پیش کیا۔

طوفان بائپر جوائے : سندھ کے مختلف ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ

کراچی : (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر سول ایوی ایشن حکام نے پروازوں کیلئے نیا نوٹم جاری کردیا، جس کے مطابق کراچی، سکھر، موہنجو داڑو اور نوابشاہ ایئر پورٹس پر پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
سی اے اے کے اعلامیے کے مطابق محفوظ ہوائی سفر سے متعلق نوٹم تیز ہواؤں کے امکان کے باعث جاری کیا گیا جوآج رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نوٹم کے تحت کراچی، سکھر، موہنجوداڑو اور نواب شاہ ایئرپورٹس پر پروازوں کو لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے باعث سندھ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کا راج ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے ۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ 18 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ، اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے ۔

شلپا شیٹی کے گھر ڈکیتی کے الزام میں 2 افراد گرفتار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی کے گھر ڈکیتی کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹی کے ممبئی کے نواحی علاقے جوہو میں واقعہ عالیشان گھر میں ڈکیتی کی واردات گزشتہ ہفتے ہوئی تھی، واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی تھیں۔
پولیس کا بتانا تھا کہ ملزمان نے شلپا شیٹی کے گھر سے قیمتی سامان چوری کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کے شبہ میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جن سے پوچھ گچھ جاری ہے، پولیس نے ملزمان کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
واضح رہے کہ شلپا شیٹی کا گھر میں ہوئی ڈکیتی کی واردات پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔

شوبز کی دنیا بہت ظالم، جتنی شہرت دیتی اتنا سکون چھین لیتی ہے: کرن تعبیر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرن تعبیر نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی اتنا ہی سکون چھین لیتی ہے۔
پاکستانی اداکارہ کرن تعبیر نے شوبز انڈسٹری کی تلخ حقیقتوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے اسے مصنوعی اور چاپلوسی کی دنیا قرار دے دیا۔
انسٹاگرام پر اداکارہ نے سوال جواب کے سیشن کے دوران کہا کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی ہے یہ اتنا ہی سکون آپ سے چھین لیتی ہے اور انہیں اپنا سکون بہت پیارا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ شوبز کی دنیا بہت مصنوعی ہوتی ہے، وہ ڈپریشن کا شکار بناتی ہے، اس لیے ابھی وہ شوبز میں آنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ابھی وہ اپنی زندگی سکون سے گزار رہی ہیں۔
کرن تعبیر نے لکھا کہ ایسا نہیں کہہ رہی کہ اب اداکاری نہیں کروں گی لیکن ابھی سکرین پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔
شوبز سے متعلق رائے دینے کے سوال پر کرن تعبیر نے لکھا کہ شوبز بہت ظالم دنیا ہے یہ جتنا آپ کو دیتی ہے اس سے کہیں زیادہ آپ سے چھین بھی لیتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ شوبز میں انسان اپنے لئے خوش رہنا اور جینا بھول جاتا ہے، بس ایک دوڑ لگی رہتی ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، کیونکہ کسی کی کامیابی ایک ڈرامے تک محدود نہیں رہتی، ایک کے بعد دوسرے کو حاصل کرنے کی جستجو لگی رہتی ہے، جس کے لیے پھر دوسروں کی چاپلوسی بھی کرنی پڑتی ہے۔
کرن تعبیر نے لکھا کہ شوبز میں نہ چاہتے ہوئے بھی آگے بڑھنے کے لیے دوسروں کے خراب رویے کو برداشت کرنا پڑتا ہے جبکہ لابی کا حصہ بننے کے لیے بکواس اور خراب چیزوں کو بھی اپنانا پڑتا ہے، کیریئر بنانے کے لیے لوگوں کو سر، سر اور میڈم میڈم کہنا پڑتا ہے اور پھر وہ لوگ خود کو خدا سمجھ بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ شوبز میں اگر کوئی یہ سب نہیں کرسکتا تو پھر اس کے لیے صرف سائیڈ رول ہی بچتے ہیں، وہ شخص پھر ہیرو یا ہیروئن بننے کے خواب نہ دیکھے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ گلنڈا جیکسن چل بسیں

لندن: (ویب ڈیسک) 2 بار آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ اور سابق سیاستدان گلنڈا جیکسن 87 برس کی عمر میں چل بسیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکارہ گلنڈا جیکسن لندن میں واقع اپنے گھر میں مختصر علالت کے بعد وفات پا گئیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ نے حال ہی میں دوسری جنگ عظیم کی حقیقی کہانی پر بننے والی فلم ’ دی گریٹ ایسکیپر‘ کی عکس بندی مکمل کی تھی جس میں انہوں نے برطانوی اداکار مائیکل کین کے ساتھ کام کیا تھا۔
انہوں نے 1970 میں مصنف ڈی ایچ لارنس کے ناول پر مبنی فلم ’ویمن ان لو‘ کے لئے اور 1973 میں فلم ’اے ٹچ آف کلاس‘ میں نمایاں کارکردگی کے لئے بہترین اداکارہ کا آسکر اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اس کے علاوہ گلنڈا جیکسن 1992 میں لندن کے اپنے مقامی حلقے سے لیبر ایم پی منتخب ہوئیں، بعدازاں 1997 سے 1999 میں ٹونی بلیئر کی حکومت کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔
معروف اداکارہ گلنڈا جیکسن کے لواحقین میں ان کا ایک بیٹا 54 سالہ معروف برطانوی کالم نگار ڈینیئل پیئرس جیکسن ہوجز ہے۔

’’جوائے لینڈ‘‘ سال 2023 کی بہترین فلم قرار

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار نے پاکستانی فلم “جوائے لینڈ” کو سال 2023 کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔
ٹرانسجینڈر کے موضوع پر مبنی صائم صادق کی فلم میں علی جونیجو اور علینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
برطانوی اخبار نے ’جوائے لینڈ‘ کو ایک لطیف ٹرانس ڈرامہ قرار دیا ہے جو ایک بیوہ کی جنسی شناخت اور معاشرتی مسائل کو موضوع بحث بناتا ہے۔
یاد رہے کہ جوائے لینڈ کو پاکستان کی طرف سے آسکر میں بھیجا گیا تھا اور شارٹ لسٹ بھی ہوئی لیکن وہ آسکر جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فلم کو ریلیز کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد حلقوں کی طرف سے اسے ایک پروپیگنڈا فلم قرار دیا گیا تھا۔