All posts by Khabrain News

’’جوائے لینڈ‘‘ سال 2023 کی بہترین فلم قرار

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار نے پاکستانی فلم “جوائے لینڈ” کو سال 2023 کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔
ٹرانسجینڈر کے موضوع پر مبنی صائم صادق کی فلم میں علی جونیجو اور علینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
برطانوی اخبار نے ’جوائے لینڈ‘ کو ایک لطیف ٹرانس ڈرامہ قرار دیا ہے جو ایک بیوہ کی جنسی شناخت اور معاشرتی مسائل کو موضوع بحث بناتا ہے۔
یاد رہے کہ جوائے لینڈ کو پاکستان کی طرف سے آسکر میں بھیجا گیا تھا اور شارٹ لسٹ بھی ہوئی لیکن وہ آسکر جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فلم کو ریلیز کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد حلقوں کی طرف سے اسے ایک پروپیگنڈا فلم قرار دیا گیا تھا۔

کے الیکٹرک کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں 5 پیسے یونٹ کمی کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیپرا نے کے الیکٹرک کے اپریل کیلئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک نے 49 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 3 روپے 93 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف 1 ماہ کیلئے تھا لہٰذا اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 3 روپے 98 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔
نیپرا کے مطابق اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا، لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ سٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

حکومتی اتحادیوں نے نئے مالی سال کے بجٹ پر سوال اٹھا دیئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، حکومتی اتحادی نفیسہ شاہ نے نئے مالی سال کے بجٹ پر سوال اٹھا دیئے۔
حکومتی اتحادی نفیسہ شاہ نے کہا نئے بجٹ سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا، سب سے پہلے تو ہمیں اس پر بات کرنی چاہیے کہ یہ بجٹ حقیقی ہے یا نہیں، بجٹ کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ یہ حقیقی نہیں ہے۔
کمیٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم شرکت پر اظہار تشویش کیا، چیئرمین کمیٹی قیصر شیخ نے کہا وزیر خزانہ اسحاق ڈارآج تک کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، مجھے ان کے نہ آنے پر بہت تکلیف ہے، وزیر خزانہ کو شاید کمیٹی سے کوئی شکایت ہے، ہم گزارش ہی کر سکتے ہیں۔
کمیٹی نے سوا سال سے نیشنل بینک کے صدر کی عدم تقرری پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، کمیٹی ارکان کا کہنا ہے کہ صدر زرعی ترقیاتی بینک کا عہدہ بھی طویل مدت سے خالی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ بینکس کے صدور کیلئے امیدوار شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں، وزیرخزانہ کی سربراہی میں کمیٹی جلد انٹرویوز کرے گی، دونوں بینکوں کے صدور کے تقرر کاعمل جلد مکمل ہوجائے گا، مسابقتی کمیشن کا بورڈ بھی کابینہ کی منظوری سے جلد مکمل ہو جائے گا۔
نمائندہ راولپنڈی چیمبر نے کہا اس بجٹ میں کچھ شعبوں کو ریلیف دیا گیا ہے، پہلے بھی صرف بڑے کاروباری افراد کو مراعات دی گئی تھیں، بجلی ریٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے ایس ایم ایز کیلئے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں سے یہ نہ پوچھنا کہ ڈالر کہاں سے آئے درست نہیں ہے، اگر وہ چوری کے ڈالرز لائیں گے تو کیا اجازت ہو گی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر مملکت خزانہ نے بتایا بجٹ میں آئی ایم ایف شرائط پوری کی گئیں، یہ آئی ایم ایف کا سودی بجٹ ہے، اس بجٹ میں سود کے خلاف کوئی اقدام نظر نہیں آ رہا، حکومت کا پیش کردہ بجٹ مفروضوں پر مبنی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 287 روپے 30 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 287 روپے 37 پیسے پر بند ہوا تھا۔

ساجد سدپارہ بغیر مصنوعی آکسیجن نانگا پربت سر کرینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ نے بغیر مصنوعی آکسیجن نانگا پربت سر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
نوجوان کوہ پیما ساجد سدپارہ نانگا پربت بیس کیمپ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں اور وہ اگلے ماہ اسے سر کرلیں گے۔
رپورٹس کے مطابق 8126 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کا نواں بلند ترین پہاڑ ہے ، ساجد سدپارہ 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں بغیر اضافی آکسیجن سر کرنا چاہتے ہیں اور وہ اب تک 6 بلند ترین چوٹیاں بنا مصنوعی آکسیجن سر کر چکے ہیں۔
اپریل میں ساجدسد پارہ بغیر اضافی آکسیجن کے نیپال کی 8 ہزار 91 میٹر اونچی اناپرنا چوٹی سر کرنے والے کے پہلے پاکستانی بن گئے ۔
قبل ازیں ساجد سدپارہ نے بغیر اضافی آکسیجن کے تین دن اور 18 گھنٹے میں کے ٹو، گیشربرم ون، گیشربرم ٹو، مناسلو اور اناپورنا سرکرنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا ۔
واضح رہے کہ ساجد سدپارہ لیجنڈ کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے ہیں، ساجد سدپارہ ان تمام 14 چوٹیوں کو سر کرکے اپنے والد کے خواب کی تکمیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔

ناٹنگھم اوپن ٹینس : اینڈی مرےکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

لندن : (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اینڈی مرے اے ٹی پی ناٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔
اے ٹی پی ناٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے مشہور شہر ناٹنگھم میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے ۔
انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح اینڈی مرے نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی ہیوگو گرینیئر کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 5-7 سے شکست دے کرکوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
36 سالہ اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی پر خوش ہیں ، ناٹنگھم اوپن میں شرکت کا فائدہ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ضرور ہوگا۔
اینڈی مرے کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ حریف سوئس کھلاڑی ڈومینک سٹیفن سٹرکرسے ہوگا۔

امریکا میں طوفان سے نظام زندگی متاثر، مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا میں طوفان سے نظام زندگی بری طرح متاثرہے اور مختلف حادثات میں تین افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست اوکلا ہوما میں چار، ٹیکساس میں دو اور مشی گن میں ایک بگولے نے تباہی مچائی ، جبکہ اوہائیو اور فلوریڈا میں بھی طوفانی بگولوں کی اطلاعات ہیں۔
طوفانی گولے جہاں سے گزرے،تباہی کی داستان چھوڑ گئے، طوفان سے اوکلا ہومااور ٹیکساس میں گزشتہ روز 43 ہزار افراد کو بجلی کی فراہمی معطل رہی، بگولوں سے بجلی کے کھمبے گرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا ہے، متعدد گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں اور کئی درخت اُکھڑ گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات نے آج بھی شدید طوفان آنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی

ممبئی : (ویب ڈیسک) سمندری طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی ، طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپرجوائے سے بھارتی گجرات کے ضلع کچھ کے علاقوں جاکھو اور مانڈوی میں تیز ہواؤں اور شدید بارش سے مختلف درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں 3 ہزار 672 سے زائد بجلی کے کھمبے گرنے سے طویل دورانیے سے بجلی منقطع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 23 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس وقت بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریلوے نے 70 ٹرینوں کو منسوخ یا ان کا روٹ تبدیل کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے کی کیٹیگری انتہائی شدید سے شدید میں بدل گئی ہے ، گجرات میں ہواؤں کی رفتار 115 سے کم ہو کر 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی ہے ، طوفان کے باعث راجستھان میں آج شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے ۔
دوسری جانب بھارتی محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے آج شمال مشرق میں راجستھان کی طرف بڑھے گا، طوفان کے زیرِ اثر راجستھان میں شدید بارش کا امکان ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان گزشتہ شام گجرات کے ساحلی اضلاع کچھ اور سوراشٹرا سے ٹکرایا، یہ طوفان آج شام تک ڈیپ ڈپریشن میں بدل جائے گا۔

جین میرٹ پاکستان میں پہلی خاتون برطانوی ہائی کمشنر مقرر

لندن : (ویب ڈیسک) برطانیہ نے جین میریٹ کو پاکستان کے لیے نئی برطانوی ہائی کمشنر مقرر کردیا ہے۔
جین میریٹ جولائی کے وسط میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی ، جین میریٹ پاکستان میں پہلی خاتون برطانوی ہائی کمشنر ہوں گی۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں ہائی کمشنر تقرری پر خوشی ہے، مستقبل میں پاک برطانیہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق جین میریٹ اس سے قبل ستمبر 2019 سے جون 2023 تک کینیا میں ہائی کمشنر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے چکی ہیں۔

کینیڈا کے شہر مانیٹوبا میں بس حادثہ، 15 افراد ہلاک، 10 زخمی

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں ایک ٹرک اور بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی کینیڈا میں ایک ٹرک اور چھوٹی بس میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے، بس میں سوار مسافروں میں زیادہ تعداد بزرگوں کی تھی۔
حادثہ ونی پیگ سے 170 کلومیٹر مغرب میں جنوب مغربی مانیٹوبا میں کاربیری قصبے کے قریب دو بڑی سڑکوں کے سنگم پر پیش آیا۔
مانیٹوبا رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے کمانڈنٹ اسسٹنٹ کمشنر راب ہل نے کہا کہ تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، افسوس کی بات ہے کہ یہ مانیٹوبا اور پورے کینیڈا میں ایک ایسا دن ہے جسے ایک المیہ اور ناقابل یقین دکھ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے اور پولیس نے بتایا کہ 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے کہا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز زندہ ہیں تاہم اس بارے تصدیق نہیں ہو سکی کہ حادثے کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان لوگوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
ٹروڈو کا کہنا تھا کہ میں اس درد کا تصور نہیں کر سکتا جو متاثرہ لوگ محسوس کر رہے ہیں۔
مانیٹوبا کی پریمیئر ہیدر سٹیفنسن نے ٹویٹر پر کہا کہ کاربیری کے قریب المناک حادثے کی خبر سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔
یاد رہے کہ کینیڈا کی تاریخ کا بدترین ٹریفک حادثہ 1997 میں اس وقت پیش آیا جب صوبہ کیوبیک میں ایک بس کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔