All posts by Khabrain News

9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوئی: فردوس عاشق اعوان

لاہور: (ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوئی اور نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی نے جنم لیا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میں پونے 2 سال سیاست سے دور رہی، جس بیانیے کے ساتھ پارٹی اور چیئرمین چل رہے تھے اس کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتی تھی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ جب تک سیاسی حریفوں کو ہدف بنا رہے تھے میں چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی تھی، مگر جب انہوں نے توپوں کا رخ افواج پاکستان کی طرف کیا تو مجھے خاموش ہو کر سائیڈ پر بیٹھنا پڑا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی و سیاسی عدم استحکام اور ایک دوسرے سے نفرت ہے، 9 مئی کے واقعات میں شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد ایسا بیانیہ پروموٹ کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ وہ وقت تھا جب پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح پاکستان کا استحکام ہے، سیاست میں ہٹ دھرمی اور انا والا مؤقف لے کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیاست میں کچھ دو اور کچھ لو کے تحت، حالات اور صورت حال کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں، ابھی ہم پارٹی سٹرکچر بنانے میں مصروف ہیں، ممبر سازی اگلا مرحلہ ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری کھلی دعوت ہے کہ پی ٹی آئی کے متاثرین کے لیے دروازے کھلے ہیں، آئی پی پی ثابت کرے گی کہ ہم ریاست اور سیاست دونوں کے ساتھ چلیں گے۔

پولیس اور ایکسائز ٹیم کا سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے گھر چھاپہ

پشاور: (ویب ڈیسک) پولیس اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سابق صوبائی وزیرشہرام ترکئی کے گھر چھاپہ مارا۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر شہرام ترکئی کی پشاور میں موجود رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران 2 لگژری گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت شہرام ترکئی گھر میں موجود نہیں تھے اور اس دوران کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی۔
ایک بیان میں شہرام ترکئی نے کہا کہ بغیر کسی سرچ وارنٹ کے گھر کی تلاشی لی گئی۔
اس سے قبل گزشتہ رات صوابی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے گھر پر ایکسائز حکام نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا جس دوران غیر رجسٹرڈ گاڑیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
اسد قیصر نے کارروائی کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

منی لانڈرنگ مقدمہ: مونس الٰہی کی اہلیہ سمیت 4 ملزمان کی ضمانت میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی اہلیہ سمیت 4 ملزمان کی ضمانت میں 21 جون تک توسیع کر دی گئی۔
بینکنگ جرائم کورٹ لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمہ میں مونس الہٰی کی اہلیہ تحریم الہٰی ، زارا الٰہی سمیت 4 ملزمان کی عبوری ضمانت پرسماعت ہوئی، جج محمد اسلم گوندل نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔
ایف آئی اے کا تفتیشی افسر رخصت پر ہونے کے باعث عدالت پیش نہ ہوا، چاروں ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔
درخواست گزار نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں نامزد کیا گیا، عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
بعدازاں عدالت نے ملزمان کی ضمانتوں میں 21 جون تک توسیع کر دی۔

بپر جوائے: کراچی سے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا، ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی سے بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا، سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طوفان کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے جبکہ کراچی سے 220 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، اس وقت طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار تقریباً 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10 سے 15 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جبکہ کیٹی بندر اور اطراف میں لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں آج تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ہوائیں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی رہ سکتی ہے، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپور خاص اور عمرکوٹ کے اضلاع میں 17 جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق نقل مکانی کرنے والے مزید تھوڑا وقت کیمپوں میں گزارنا ہوگا، طوفان کے باعث 81 ہزار سے زائد افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ بپرجوائے کا بھارتی گجرات میں لینڈ فال نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کرلیا ہے۔ طوفان کیٹی بندر سے 125 کلو میٹر جنوب اور جنوب مغرب میں ہے، طوفان پہلے کمزور ہوکر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

صحافیوں کی آزادی کےحامی، پاکستانی سیاسی معاملات کا امریکاسے تعلق نہیں:محکمہ خارجہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست کا معاملہ پاکستانی عوام کیلئے ہے، پاکستانی عوام نے آئین کے مطابق خود فیصلے کرنے ہیں۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران میتھیوملر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافیوں کو آزادی کے ساتھ کام کی اجازت ہونی چاہیے، جمہوری معاشروں میں آزاد میڈیا کا کردار اہم ہوتا ہے۔ میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی معاملات کا امریکا سے تعلق نہیں ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امریکا پر الزامات کی تردید کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات جھوٹے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ترجیحی بنیادوں پر پاکستان میں انسانی حقوق، صحافیوں کے تحفظ جمہوریت اور جمہوری اقدار اور قانون کی بالادستی جیسے بنیادی اور اہم معاملات پر پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

نومنتخب میئر کراچی کا رات گئے مختلف علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) نومنتخب میئر کراچی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور برساتی نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نومنتخب میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات دیر گئے ضلع شرقی اور اولڈ سٹی ایریا میں گارڈن نالے کا دورہ کر کے برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ نومنتخب میئر کراچی نے جوہر چورنگی انڈر پاس پرجاری کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے گلستان جوہر اور اطراف کے عوام کو ریلیف ملے گا، تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات جماعت اسلامی کو بھی سمجھنی چاہیے کہ ہمیں کراچی کیلئے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی تینوں نے ٹاؤنز جیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے میئر کے انتخاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہو گئے تھے۔

سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی

لاہور : ((ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں سابق گورنر پنجاب کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے رات گئے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ کرنے والے افراد فرار ہوگئے۔ لطیف کھوسہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کی جو اتنی شدید تھی کہ گولیاں گھر کے دروازے کو چیرتی ہوئی اندر کھڑی گاڑیوں کو لگیں اور فائرنگ سے میرا ڈرائیونگ بھی زخمی ہوا۔ دوسری جانب ایس پی کینٹ اویس شفیق فائرنگ کے واقعے کے بعد سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پہنچے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لطیف کھوسہ کے گھر پر پستول اور رائفل سے سات فائر کئے گئے ، ایک گولی گیراج میں موجود ڈرائیور جاوید کو لگی جسے زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے حملہ آوروں کی شناخت میں مدد لی جارہی ہے ۔

بھارتی خواتین کھلاڑیوں کو جنسی ہراساں کرنے والے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کیخلاف کارروائی کا آغاز

نیودہلی:(ویب ڈیسک) خواتین ریسلرز کو مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے والے بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن سندھ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی بھی ہیں۔ برج بھوشن سنگھ کے خلاف خواتین ریسلرز کئی ہفتے سے احتجاج کررہی تھیں۔ بعدازاں اپریل میں ریسلرز برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کے لیے نیودہلی میں دھرنے پر بیٹھ گئی تھیں جن پر ریاستی پولیس نے تشدد اور لاٹھی چارج بھی کیا تھا۔ برج بھوشن سنگھ کے خلاف عالمی ایونٹس میں تمغہ جیتنے والی ریسلرز ونیش پھوگٹ اور ساکشی ملک کے علاوہ دیگر خواتین ریسلرز نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ نیو دہلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد بھوشن سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ برج بھوشن سنگھ اترپردیش اسمبلی کے رکن ہیں اور ایک عشرے سے زائد عرصے سے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ہیں۔ انہوں نے خواتین ریسلرز کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں پارلیمنٹ سے باہر کرنے کی سازش قرار دیا تھا۔

پنجاب حکومت کا 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار ملزمان سے متعلق اہم فیصلہ

لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار ملزمان کا جیل میں ہی ٹرائل کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ 9مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کیخلاف قانونی کارروائیوں پرپیشرفت کاجائزہ لے لینے کے لیے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 9 مئی کےواقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ہی ٹرائل کیا جائے گا جبکہ ملزمان کےخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی شر پسند کو معاف نہیں کیا جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہو گی،مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کارروائیاں تیز کی جائیں۔ نگران وزیر اعلیٰ کو حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہونے پر 200 افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’حکومت پہلے ہی پیٹرول پر 35 اور ڈیزل پر 20 روپے کم کرچکی ہے، گزشتہ دنوں بین الاقوامی سطح پر خام اور گیس کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے باعث حکومت نے ایندھن کی قیمتیں 30 جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ 31 مئی کو حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی تھی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا تھا۔ کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 253 روپے فی لیٹر، پیٹرول 262 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت 147 روپے 68 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 164.07 روپے پر آگئی تھی۔