All posts by Khabrain News

کراچی کا میئر کون؟ فیصلہ آج ، پی پی اور جماعت اسلامی میں سخت مقابلہ متوقع

کراچی: (ویب ڈیسک) میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لئے انتخاب آج ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی جانب سے مرتضیٰ وہاب جبکہ جماعت اسلامی ( جے آئی ) کی طرف سے حافظ نعیم الرحمان مدمقابل ہوں گے۔
کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن سندھ نے کے ایم سی بلڈنگ کے بجائے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا ہے جہاں شو آف ہینڈ کے ذریعے پولنگ صبح 11 بجے شروع ہوگی جبکہ حتمی نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا۔
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر موجود ہوگی جبکہ ریٹرننگ آفیسر ( آر او ) اور ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر ( ڈی آر ) کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ اختیارات دیئے گئے ہیں۔
میئر کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے 184 نشستیں درکار ہوں گی، اس وقت سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 155، جماعت اسلامی 130، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) 62، مسلم لیگ (ن) 14، جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) 4 اور تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کی 1 نشست ہے۔
366 کے ایوان میں میئر کے انتخاب کیلئے انہی ممبران کی اکثریت درکار ہے جو اس وقت ہال میں موجود ہونگے، پیپلز پارٹی کو نون لیگ اور جے یو آئی کی حمایت حاصل ہے اس طرح ان کے ووٹرز کی کل تعداد 173 ہے۔
جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مشترکہ ممبران 192 ہیں جو میئر کی کرسی حاصل کرنے کیلئے کافی تھے مگر پی ٹی آئی کے کچھ امیدواروں نے ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کیلئے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ رینجرز کو بطور کوئیک رسپانس فورس میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کیلئے تعینات کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کا آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز پر تحفظات کا اظہار

لاہور : (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستر پریزروئز نے اپنے ایک بیان میں نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو قرض پروگرام کی شرائط کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی سکیم ایک نقصان دہ مثال پیدا کرتی ہے۔
ایستر پریزروئز کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا عملہ استحکام برقرار رکھنے کے لئے پالیسیوں پر بات چیت میں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ تجاویز میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کا موقع گنوا دیا گیا ہے ، بجٹ میں نئے ٹیکس اخراجات کی طویل فہرست ٹیکس کے نظام کی شفافیت کو مزید کم کرتی ہے اور اس سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے درکار وسائل میں کمی آئے گی۔
انہوں نے توانائی کے شعبے پر مالی دباؤ میں کمی کیلئے اقدامات پر زوردیا اور بجٹ کی منظوری سے پہلے اسے بہتر بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش بھی کی۔
واضح رہے کہ 9 جون کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 24-2023 کا 144 کھرب 60 ارب روپے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا پیپلز پارٹی کیلئے اچھا نہیں ہوگا : حافظ نعیم الرحمان

کراچی : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا پیپلز پارٹی کے لیے اچھا نہیں ہوگا، میئر کا الیکشن ایک رسمی الیکشن ہونا چاہیے، جماعت اسلامی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 15 جنوری سے ہی کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کا آغاز ہوگیا تھا، میئر کراچی کے انتخاب سے پہلے بلدیاتی نمائندوں کو اغوا کیا گیا ہے، اقلیتی نشست پر منتخب پی ٹی آئی کے اقلیتی نمائندے کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ہمیں ووٹ دیئے ہیں، منتخب نمائندوں کو محفوظ طریقے سے ایوان میں پہنچانے کا انتظام کرلیا ہے، کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے ہیں، ہم 9 ٹاؤن بدترین دھاندلی کے باوجود جیت چکے ہیں، کیا وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے ہمارا میئر آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کو گرفتار اور اغوا ہی کرنا ہے تو مجھے ہی گرفتار کرلیں، الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے، تاہم الیکشن کمیشن کو پتا نہیں چلتا کہ یہ کیا ظلم ہورہا ہے۔

سمندری طوفان ’ بپر جوائے ‘ آج پاکستانی حدود میں داخل ہوگا

کراچی : (ویب ڈیسک) بحیرہ عرب کے سمندری طوفان ’ بپر جوائے ‘ کا رخ تبدیل ہو گیا، کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا تاہم آج دن 11 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اب کراچی سےتقریباً 275 کلومیٹر دور، ٹھٹھہ سے 300، کیٹی بندر سے 240 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اس وقت طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ لہروں کی اونچائی 30 فٹ ہے، اس وقت “بپرجوائے” شمال، شمال مشرق کی سمت بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج شام کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر ٹکرائے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔
سمندری طوفان کے باعث منوڑہ جانے والا زمینی راستہ بھی منقطع ہوچکا ہے جبکہ ہاکس بے کے سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے۔
ٹھٹھہ ،بدین اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے جھکڑ، ایمر جنسی نافذ، شہر قائد میں بوندا باندی، کیٹی بندر کو خالی کرالیا گیا، گڈانی میں بھی لہریں انتہائی بلند، مزید موسلا دھار بارشوں کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مقامی زبان میں سمندری طوفان سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام موسمیاتی حالات سے آگاہ رہیں اور ساحل پر جانے سے گریز کریں، ماہی گیر کھلے سمندر میں کشتی رانی سے بھی گریز کریں، ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل اور ان سے تعاون کریں۔
کمشنر کراچی نے شہریوں کے ساحل سمندر پر جانے، ماہی گیری، کشتی رانی، تیراکی اور نہانے پر طوفان کے خاتمے تک کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
انخلا کا عمل جاری
انتظامیہ، پاکستان نیوی اور آرمی کی جانب سے ساحلی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، نیوی کے غوطہ خوروں نے سمندر میں پھنسے درجنوں ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
ساحلی علاقوں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، ہدایات کے باوجود بعض افراد اب بھی ساحلی علاقوں میں موجود گھر بار چھوڑنے سے انکار کر رہے ہیں۔
بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ
دوسری جانب سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
بپر جوائے کے ممکنہ خدشے کے باعث دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کمشنر مکران اور قلات طوفان سے نمٹنے کے اقدامات کی نگرانی کریں، ماہی گیر سمندر کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان سے صورتحال پر مشاورت کی جائے۔
وزیراعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے متوقع صورتحال کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تیاری پر بریفنگ دی گئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم، مشنری اور امدادی سامان کے ساتھ گوادر میں موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے، سمندری طوفان میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔

عادل راجہ کو برطانوی پولیس نے تفتیش کے بعد رہا کردیا

لندن : (ویب ڈیسک)یو ٹیوبر اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عادل راجہ کو برطانوی پولیس نے تفتیش کے بعد رہا کردیا ہے۔ عادل راجہ کے وکیل مہتاب عزیز نے بتا یا ہے کہ عادل راجہ کو پولیس نے تقریبا آٹھ گھنٹے حراست میں رکھا،عادل راجہ نے پیر کو اپنا یو ٹیوب چینل بند کرنے کے سلسلے میں بات کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ منگل کو عادل راجہ کی گرفتاری کے بعد میں نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے بتا یا کہ عادل راجہ اور ان کی فیملی کے ارکان کے فون بھی فی الحال بند ہیں،خیال ہے کہ عادل راجہ کو انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔ مہتاب عزیز نے بتا یا کہ عادل راجہ کسی غلط کام میں ملوث ہوتے تو میں خود پولیس کو رپورٹ کرتا، مجھے یقین ہے کہ عادل راجہ کسی غلط کام میں ملوث نہیں۔

مریم نواز کی خواتین ونگ کو گھر گھر انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائز و سینئر نائب صدر مریم نواز کے زیر صدارت ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پارٹی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں ن لیگ لاہور کے صدر سیف کھوکھر، ن لیگ لاہور خواتین ونگ کی صدر سعدیہ تیمور نے بھی شرکت کی، مریم نواز کو لاہور کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اجلاس میں مریم نواز نے خواتین ونگ کو گھر گھر انتحابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں لاہور کے متوقع ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر امیدواروں بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر سابق خواتین کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے عام انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست ازسرنو مرتب کرنے کی ہدایت کی، پارٹی اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران یونین کونسل سے لے کر صوبائی حلقہ کی تنظیموں بارے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

سعودی گاکا سکیورٹی اسسٹنٹ ٹیم کا ملتان ایئرپورٹ کا دورہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سعودی ‘گاکا’ سکیورٹی اسسٹنٹ ٹیم نے ملتان ایئرپورٹ کا دورہ کیا، ملتان ایئرپورٹ پہنچنے پر سعودی سکیورٹی ٹیم کو بریفنگ دی گئی۔ سعودیہ عرب کی “گاکا” سکیورٹی ٹیم نے ملتان ایئرپورٹ پر ٹرمینل عمارت کا معائنہ کیا، سعودی ایوی ایشن سکیورٹی ٹیم نے اے ایس ایف سکیورٹی سرچ کا جائزہ لیا، “گاکا” سکیورٹی وفد نے نجی کارگو کمپنی کے سکیورٹی انتظامات کو بھی دیکھا۔ اس موقع پر سعودی وفد نے ایئرپورٹ کے حفاظتی حصار یا پیرامیٹرز کا جائزہ بھی لیا، سعودی “گاکا” سکیورٹی وفد نے کیٹرنگ کمپنی کے سکیورٹی اقدامات کی جانچ پڑتال بھی کی۔

پاکستان نیوی میرینز کا کرِیکس ایریا میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن

کراچی: (ویب ڈیسک) سمندری طوفان “بپر جوئے” کے پیش نظر پاکستان نیوی میرینز نے کرِیکس ایریا میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ ترجمان بحریہ کے مطابق غوطہ خوروں نے سمندر میں پھنسے درجنوں ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ماہی گیروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پارٹی نام کا استعمال: استحکام پاکستان تحریک کا جہانگیر ترین کو لیگل نوٹس

لاہور: (ویب ڈیسک) پارٹی کا نام استعمال کرنے پر استحکام پاکستان تحریک نے جہانگیر ترین کی پارٹی کو نوٹس بھجوا دیا۔ لیگل نوٹس استحکام پاکستان تحریک کے صدر احمد کلیم کی جانب سے بھجوایا گیا، لیگل نوٹس پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین اور صدر علیم خان کو بھجوایا گیا۔ استحکام پاکستان تحریک کے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے موجود استحکام پاکستان تحریک پارٹی کا نام چوری کرنا الیکشن ایکٹ 2017 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق استحکام پاکستان تحریک ایک پارٹی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جس کا بنیادی نعرہ مستحکم پاکستان ہے، استحکام پاکستان تحریک 17 مئی 2022 کو رجسٹرڈ ہوئی۔ بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں جہانگیر ترین اور علیم خان کو 7 دن کا وقت دیا گیا ہے، سات دنوں میں اپنی پارٹی کا کوئی اور نام تجویز کریں جو ان کے ذاتی نظرئیے سے مطابقت رکھتا ہو۔

روس سے آنے والے ایل پی جی کنٹینرز پاک افغان بارڈر پر پھنس گئے

`پشاور (ویب ڈیسک) روس سے آنے والے ایل پی جی کنٹینرز پاک افغان بارڈر پر پھنس گئے، ایل پی جی کے کنٹینرز 14روز بعد بھی کلیئرنس نہ مل سکی، کنٹینرز تاحال افغان سرزمین پر موجود ہیں۔ روس سے آنے والے ایل پی جی سے بھرے کنٹینرز 14روز سے کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے پاک افغان بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں، کنٹینرز تاحال افغان سرزمین پر موجود ہیں۔
دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث ایل پی جی کنٹینرز کو کلیئرنس ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ایل پی جی کے 21کنٹینرز ہیں، جو 14روز پہلے افغانستان میں پاک افغان بارڈر پر پہنچے ہیں،ان کنٹینرز کو ٹرین کے ذریعے یہاں تک پہنچایا جارہا تھا،بتایا گیا ہے کہ بارڈر کا نظام نیا ہے جس کی وجہ سے کلیئرنس مشکلات کا سامنا ہے، چینی کرنسی میں ادائیگی کی وجہ سے بھی کلیئرنس میں مسئلہ بن رہا ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ آج 10کنٹینرز پاکستان میں داخل ہوجائیں گے۔ یاد رہے گزشتہ روز کی نیوزایجنسی کی ایک خبر کے مطابق روسی خام تیل کے بعد ایل پی جی گیس کے 10 کنٹینرز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ گیس ازبکستان تک ریل کے ذریعے پہنچائی جاتی ہے، جسے ایران اور افغانستان سپلائی کیا جاتا ہے تاہم اب لسٹ میں پاکستان بھی شامل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق خیال رہے کہ چند روز قبل روس سے خام تیل کا پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے، 183 میٹر لمبے جہاز میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لایا گیا تھا۔
جبکہ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نےنجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا، روس سے تیل خریدنے کا معاہدہ عوام کو سستا تیل فراہم کرنا ہے، اگلے ہفتے دوسرا جہاز بھی پہنچ جائے گا۔ واضح رہے کہ روس سے تیل، گیس اور توانائی کے دیگر ذرائع برآمد کرنے کے لیے رواں سال جنوری میں معاہدے ہوئے تھے۔