All posts by Khabrain News

جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں نئے جج کی تعیناتی میں اہم پیشرفت، عدالت عظمیٰ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دوسری خاتون جج کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی۔

گورنر سندھ کا سمندری طوفان سے متاثر 5 ہزار افراد کیلئے روزانہ کھانا بھجوانے کا اعلان

کراچی : (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سمندری طوفان کے متاثرین سے روزانہ 5 ہزار افراد کا کھانا بھجوانے کا وعدہ کر لیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقے چشمہ گوٹھ ابراہیم حیدری کا ہنگامی دورہ کیا اور ماہی گیروں سمیت متاثرین میں کھانا اور راشن تقسیم کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ محبت بانٹنے آوں گا، ووٹ مانگنے نہیں آوں گا۔ مشکل کی گھڑی میں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس وقت ہزاروں افراد بے روز گار ہو چکے ۔ ان کے گھروں میں طوفان آنے سے قبل ہی طوفان آ چکا ہے۔ مچھلی پکڑنے اور گھڑ سواری کرنے والوں سمیت دیگر افراد کا کاروبار بند ہو چکا۔ روزانہ 5 ہزار افراد کا کھانا گورنر ہاؤس سے آئے گا۔

حیدر آباد سے پیپلز پارٹی کے کاشف شورو بلامقابلہ میئر اور صغیر قریشی ڈپٹی میئر منتخب

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے کاشف شورو بلامقابلہ میئر اور صغیر قریشی ڈپٹی میئر حیدر آباد منتخب ہو گئے۔ الیکشن کمیشن نے میئر اور ڈپٹی میئر کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کاشف شورو صوبائی وزیر جام خان شورو کے بھائی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق میئر و ڈپٹی میئر کے دیگر امیدوار دستبردار ہونے کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوا، ٹی ایل پی کے امیدواروں کے کاغذات مسترد ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات 15 جون کو ہونے ہیں جس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو میئر کراچی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ کراچی کی میئر شپ کے لیے جماعت اسلامی کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ ن اور جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان کے سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان کے سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئے۔ شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی خصوصی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف، نوید قمر، مصدق ملک، طارق فاطمی اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔ شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے، دونوں رہنما کثیرالجہتی فورمز میں باہمی تعاون کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے سے مضبوط ہوتے ہیں، قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔

“میری خوبصورتی قدرتی ہے کبھی سرجری نہیں کروائی”،دپیکاپڈوکون

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کا کہنا ہے ان کی خوبصورتی قدرتی ہے پرکشش نظر آنے کیلئے آج تک کوئی سرجری نہیں کروائی۔ بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بتایا کہ” انہیں بھی دوسری اداکاراﺅں کی طرح کیریئر کے آغاز میں مزید خوبصورتی کے لئے سرجری کے مشورے دیئے گئے تھے تاہم انہوںنے ان مشوروں پر کبھی کوئی توجہ نہ دی۔ “اداکارہ نے انکشاف کیا کہ” کیریئر کے آغاز میں جب وہ صرف 18 سال کی تھیں، تب انہیں کسی نے پرکشش نظر آنے کے لیے چھاتی کی سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔”

سارہ عمیر صدیقی کی بریک کے بعد ایک بار پھر شوبز میں واپسی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ سارہ عمیر صدیقی نے بریک کے بعد ایک بار پھر شوبز کی دنیا میں واپسی کر لی۔
سارہ عمیر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں میزبان کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے شادی کے فوری بعد کام کرنا چھوڑ دیا اور تمام تر توجہ اپنے نئے گھر کو دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ 17 برس کی عمر سے شوبز کا حصہ رہی ہیں، شادی کے بعد انہوں نے گھریلو ذمہ داریوں کی ادائیگی کا سوچا، ان کے شوہر جو کہ معروف ڈرامہ ہدایت کار ہیں محسن طلعت نے انہیں کبھی کام کرنے سے نہیں روکا، تاہم شوبز سے بریک لینے کا فیصلہ ان کا ذاتی تھا۔
سارہ کا کہنا تھا کہ اس دوران انہوں نے کئی مرتبہ شوبز میں واپسی کا سوچا لیکن اس دوران انہوں نے دو بچوں کو جنم دیا، جس کے بعد ان کی تمام تر توجہ بچوں کی جانب مرکوز ہوگئی۔
سارہ نے بتایا کہ اب انہوں نے ارادہ کرنے کے بجائے ایک پراجیکٹ سائن کر لیا ہے اور شوبز میں ان کی واپسی ہو گئی ہے۔

ٹیکساس: سمندری پانی میں آکسیجن کی کمی کے باعث لاکھوں مچھلیاں ہلاک

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کے ساحل پر سمندری پانی میں آکسیجن کی کمی ہونے کے باعث لاکھوں مچھلیاں مر گئیں۔
ٹیکساس میں گلف آف میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں اچانک سے لاکھوں مردہ مچھلیاں نمودار ہونے کے بعد انتظامیہ نے سیاحوں کیلئے انتباہ جاری کر دیا، انتظامیہ نے سیاحوں کو ساحلوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی۔
ٹیکساس پارکس اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق پانی میں آکسیجن کی سطح کم ہونے کے بعد دم گھٹنے کے باعث بڑے پیمانے پر مچھلیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

میڈیا چینلز کے بعد سوشل میڈیا بھی مودی سرکار کے زیر عتاب آگیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) میڈیا چینلز کے بعد اب سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز بھی مودی سرکار کے زیر عتاب آگئے، ٹوئٹر کے سابق سی ای او نے بھارت میں صحافتی آزادی سے متعلق چشم کشا انکشافات کر دیے۔
ٹوئٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے کسان احتجاج کے دوران ٹوئٹر بلیک آؤٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تنقیدی صحافیوں کی آواز کا گلہ گھونٹنے کا بھی کہا جاتا تھا اور مطالبات نہ ماننے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
سروس کی بندش، دفاتر پر چھاپے، حتیٰ کہ ملازمین کے گھروں پر ریڈز کی بھی دھمکیاں دی گئیں، گزشتہ سال مودی کے خلاف ڈاکومنٹری نشر کرنے پر بی بی سی کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔

آئی سی سی بین الاقوامی کرکٹ کو ٹی 20 لیگز کی چمک دمک سے بچانے کیلئے متحرک

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بین الاقوامی کرکٹ کو ٹی 20 لیگز کی چمک دمک سے بچانے کیلئے متحرک ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے آئندہ ماہ ’لیگ کرکٹ‘ کے معاملے پر اہم قانون سازی کی جائے گی، نئے قوانین کے تحت لیگ کرکٹ میں ہر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس وقت امارات لیگ میں 9 جبکہ امریکا کی میجر لیگ میں 6 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ہے، متوقع قوانین کے تحت ہر لیگ کو کھلاڑیوں سے معاہدے کی صورت میں متعلقہ بورڈز کو 10 فیصد بھی ادا کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ سے بجلی نرخوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے، عائشہ پاشا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے وزارت خزانہ حکام سے بجلی نرخوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے، سیکٹر میں گردشی قرضہ پر آئی ایم ایف کے تحفظات تاحال برقرار ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف حکام کے ساتھ آج تکنیکی مذاکرات ہوں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ ریسورس موبالائزیشن، ٹیکسیشن پر بات ہوگی، حکام کے ساتھ پاور سیکٹر، پرائمری سرپلس پر بات ہو گی، آئی ایم ایف کی جانب سے پاور سیکٹر کے نرخوں میں اضافے کا مطالبہ ہے۔
عائشہ غوث پاشا کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ نمبرز اور آئندہ کی سٹریٹجی پر بات ہو رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ترقیاتی بجٹ کے اخراجات پر بھی بات چیت ہو گی، سٹاف لیول معاہدہ ہو جائے تو ایگزیکٹو بورڈ کا خصوصی اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔