All posts by Khabrain News

روپیہ تگڑا ہونے لگا، ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی کرنسی کی بے قدری، پاکستانی روپیہ تگڑا ہونے لگا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی ہوگئی۔
ڈیلرز کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی روپے کی قدر میں مزید بہتری آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر کی فروخت مزید 5 روپے کی کمی سے 295 روپے پر آگئی جبکہ قیمت خرید 292 روپے ہے۔
واضح رہے کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں دو روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 10 روپے کی کمی ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چند روز قبل کہا تھا کہ امریکی ڈالر کی اصل قیمت 260 سے 280 روپے کے درمیان ہے۔

نامور کرکٹرز کی 9 مئی واقعات کی مذمت، شہدائے پاک فوج کو خراج عقیدت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور کرکٹرز نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت اور افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کرکٹرز کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے والے شرپسند عناصر فوج اور ملک کے دشمن ہیں، سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث کرداروں کو بھی بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
کرکٹراحمد شہزاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، اس وطن کی مٹی سے محبت کے لئے جن شہداء نے اپنی جانیں قربان کی ہیں تمام محب وطن پاکستانی ان سے پیار کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، شہداء کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔
کرکٹر عمر اکمل کا کہنا تھا میں اور میری فیملی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، جن لوگوں نے یہ کام کیا ان سے یہ گزارش ہے کہ اس طرح کا کام دوبارہ مت کریں، پاک آرمی اور ہمارے سکیورٹی اداروں کی وجہ سے ہم لوگ آزادی سے گھومتے ہیں اور وہ ہمارے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہیں، پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد۔

ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں جان ماریں گے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے: امام الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ پوری ٹیم ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں جان مارے گی نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کرکٹر امام الحق کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں سپنرز کا کرداراہم ہو گا، پہلی اور نئی مینجمںٹ میں بہت فرق ہے، براڈ برن کا طریقہ کارمختلف ثقلین مشتاق کا بتانے کا انداز کچھ اور تھا۔
امام الحق نے کہا قوم کو ہماری ٹیم سے بہت امیدیں ہیں، ایشین کنڈیشنز ہماری ٹیم کو بہت سپورٹ کرینگی، پاکستان میں 6 سے 7 ماہ گرمی پڑتی ہے اس سے واقف ہیں، تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کام ہورہا ہے، سٹرائیک ریٹ پر کام ہونے والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سری لنکا سیریز، ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کو کوچز کی طرف سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، کوچز کی جانب سے تربیتی کیمپ میں بیٹرز کو سپن پرمختلف شاٹس کھیلنے سے متعلق بتایا جارہا ہے، ایشیا اور ورلڈ کپ میں سپنرز کا کردار اہم ہو گا۔

دنیا بھر سے 11 کروڑ افرادگھربار چھوڑ کرنقل مکانی پرمجبور ہوئے : اقوام متحدہ

جینیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے 11 کروڑ افراد زبردستی اپنے آبائی گھر چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ، افغانستان سے آنے والے مہاجرین اور سوڈان میں جاری جنگ کی وجہ سے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اپنے ہی ملکوں میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہواہے ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال کے اواخر میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد دس کروڑ 84 لاکھ تھی، جبکہ سال 2021 کے بعد اس تعداد میں ایک کروڑ 91 لاکھ کا اضافہ ہوا جو، اب تک ہونیوالا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
سوڈان میں جاری تنازعات سے بھی بے گھر افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال مئی تک یہ تعداد 11 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے جنیوا میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11کروڑ افراد لڑائی، ظلم، امتیازی سلوک، تشدد اور دیگر وجوہات بالخصوص ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے تارکین وطن کے ساتھ ہونیوالے سلوک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی قیادت کو مہاجرین کے حق میں عوامی رائے قائم کرنی چاہیے اور بتانا چاہیے کہ لوگ بین الاقوامی تحفظ کا حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے یورپی یونین، امریکہ اور برطانیہ کے دروازیں کھلے رہنے چاہیے ، لوگوں کو وہاں پناہ لینے کا اختیار حاصل ہونا چاہیے جہاں وہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

بپرجوائے : بھارتی ریاست گجرات میں ریڈالرٹ جاری

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی محکمۂ موسمیات نے طوفان بپرجوائے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریاست گجرات کے ضلع کچھ اور سورا شٹرا میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان بپرجوائے کل شام گجرات کی جاکھوا پورٹ کو عبور کرے گا ، طوفان کے زیرِ اثر کچھ کے منڈوی ساحل پر آج بھی تندو تیز ہوائیں اور اونچی لہریں بن رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کاکہنا ہے کہ ممبئی کے ساحل پر بھی طوفان کے زیر اثر طغیانی ہے اور اونچی لہریں پیدا ہو رہی ہیں۔
بھارتی شہر پور بندر میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے ، گجرات کے ساحلی علاقوں سے 37 ہزار سے زائد افراد کا انخلاء کرا لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث گجرات میں ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے اور کئی ٹرینیں معطل کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب ممبئی میں طوفان کے زیر اثر ہواؤں کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ کر کے رن ویز بند کر دیئے گئے ہیں اور شہر میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

مالی : المناک ٹریفک حادثے میں 15افراد ہلاک ،32 زخمی

باکو: (ویب ڈیسک) افریقی ملک مالی میں دوبسوں اور ٹرک کے مابین تصادم میں 15 افراد ہلاک او ر 32زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالی کی وزارت ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حادثہ صبح چار بجے پیش آیا جہاں سیگو شہر میں دو بسیں مویشی لے جانے والے 10 ٹن وزنی ٹرک سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 15افراد ہلاک اور 32زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
حکام کاکہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی تیزرفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا ۔
واضح رہے کہ مالی میں اکثر وبیشتر ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں ،رواں برس 25 فروری کو ایک منی بس الٹنے سے 21 طلباء جان کی بازی ہار گئے تھے ۔

گلوبل ہیومن رائٹس گورننس کا2 روزہ اجلاس آج سے بیجنگ میں شروع ہوگا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی انسانی حقوق فورم گلوبل ہیومن رائٹس گورننس کا2روزہ اجلاس آج (بدھ) سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شروع ہو گا۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق تو قع ہے کہ اجلاس میں تقریباً 100 ممالک اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے 300 سے زیادہ نمائندے شرکت کریں گے۔
فورم کا موضوع ’’مساوات، تعاون اور ترقی: ویانا اعلامیہ اور پروگرام آف ایکشن اینڈ گلوبل ہیومن رائٹس گورننس کی 30 ویں سالگرہ‘‘ ہے۔
افتتاحی اور مکمل اجلاسوں کے علاوہ 5 متوازی سیشن منعقد کیے جائیں گے جن میں بین الاقوامی تعاون اور عالمی انسانی حقوق کی حکمرانی، عالمی سلامتی اور انسانی حقوق کا تحفظ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کا طریقہ کار اور ڈیجیٹل دور میں عالمی انسانی حقوق کے تحفظ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
فورم کی مشترکہ میزبانی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس، وزارت خارجہ اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے: محسن نقوی

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہسپتالوں اور ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے ہسپتالوں کی سکیورٹی میں بہتری لانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، اجلاس میں لاہورسمیت 5 شہروں میں اربن ڈسپینسریوں کی بحالی اور تعمیر ومرمت کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ اینتھیزیالوجسٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دوران اجلاس محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کیلئے100 ایمبولینسز مہیا کردی گئی ہیں جبکہ 112 مزید دی جائیں گی، ڈیجیٹل سسٹم کے تحت دیہی اورعلاقائی ہسپتالوں میں مریضوں کی آمدورفت اورعلاج کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 119 رورل ہیلتھ سینٹرز کی سروسز میں بہتری کا ہدف جلد حاصل کر لیا جائے گا، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تھری کلر بیڈ شیٹس اور ایمرجنسی کیلئے ڈسپوزیبل بیڈ شیٹس مہیا کی گئی ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں اے سی، پنکھے، واٹر کولر فعال ہونے چاہئیں، صفائی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے، کم آمدن والے لوگوں کی سہولت کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: فواد چودھری 17 جون کو عدالت طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو17 جون کو طلب کر لیا۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اسلام آباد طاہر عباس سپرا نے فواد چودھری کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ فواد چودھری کا فون نمبر درج ہے، کیا آپ نے کال کی؟ جس پر تعمیلی افسر نے بتایا کہ فواد چودھری کا موبائل فون بند ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ابھی پھر فون کریں اور بتائیں کہ آپ کا کیس ہے عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے، تعمیلی افسر نے فواد چودھری کا نمبر پھر بند ہونے کا بیان دیا۔
عدالت نے فواد چودھری کو 17 جون کو طلب کرتے ہوئے ان کے لاہور اور اسلام آباد والے گھر کے ایڈریس پر طلبی کے نوٹس کی تعمیل کا حکم دے دیا۔
عدالت نے فواد چودھری کے طلبی کے سمن کی تعمیل کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان کے ضامن کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا جب کہ کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔

سمندری طوفان: متاثرین کو گھر جیسی سہولتیں فراہم نہیں کی جا سکتیں، شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متاثرین کو گھر جیسی تمام سہولتیں فراہم نہیں کی جا سکتیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کمشنر کو متاثرین کو ممکنہ حد تک سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، نقل مکانی کرنے والوں کو اسکولوں اور سرکاری عمارات میں ٹہرایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہی ہے، وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے طوفان سے متاثر ساحلی علاقوں کے لوگوں کو بھی گھر بنا کر دیں گے، ہر دوسرے تیسرے مہینے کراچی کے لیے بسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کراچی کے جنوب میں چند سو کلو میٹر جبکہ ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں 340 کلو میٹر دور ہے، طوفان کل (15 جون کی) دوپہر یا شام پاکستان میں کیٹی بندر کے اطراف اور بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔