All posts by Khabrain News

معروف بھارتی تامل اداکار کازان خان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

تامل ناڈو: (ویب ڈیسک) جنوبی بھارتی فلموں کے معروف اداکار کازان خان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق کازان خان تامل اور تیلگو فلموں میں ویلن کے کرداروں کیلئے مشہور تھے، جنوبی بھارتی فلموں کے پروڈیوسر این ایم بدوشا نے اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کازان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے این ایم بدوشا نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ مشہور ویلن اداکار کازان خان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے، انہوں نے کئی تامل تیلگو فلموں میں اداکاری کی ہے۔ اداکار کی موت کی خبر سُن کر شوبز انڈسٹری کے ساتھی اداکاروں سمیت مداحوں نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی۔

سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی، سرمایہ کاروں کے 40 ارب ڈوب گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی اُتار چڑھاؤ کے بعد بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 244.20 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 41538.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.58 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 6 کروڑ 16 لاکھ 79 ہزار 101 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

پاکستان میں سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ڈالر کی کمی سے 1961 ڈالر کی سطح پر آگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 3430 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار 500 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 900 روپے کی سطح پر آگئی۔ دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2650روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2271.94 روپے پر مستحکم رہی۔

مئی 2023 میں ترسیلات زر میں مزید کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک نے مئی کی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مئی کی ترسیلات زر کی تفصیلات کے مطابق ورکرز ترسیلات کا حجم مئی 2023 میں 2.10 ارب ڈالر رہا، مئی میں ترسیلات اپریل کے مقابلے 4 فیصد کم رہیں، مئی کی ترسیلات گزشتہ برس مئی سے 12.8 فیصد کم رہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے 11ماہ میں ورکرز ترسیلات زر 24.83 ارب ڈالر رہیں، 11ماہ کی ترسیلات پچھلےمالی سال کے 11 ماہ کے مقابلے میں 3.65 ارب ڈالر کم ہیں۔ بینک دولتِ پاکستان کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال سب سے زیادہ 5.92 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جبکہ متحدہ عرب امارات سے 4.32 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔

ایرانی وزیر سرمایہ کاری کی چودھری سالک سے ملاقات، دوطرفہ تجارت پر زور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایران کے وفد نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین سے ملاقات کی ہے، ایرانی وفد کی قیادت ایران کے نائب وزیر سرمایہ کاری نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے تیل و گیس، آئی ٹی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر زور دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے جبکہ ایران نے پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر معاہدہ کرنے کا عندیہ دے دیا، جس کا مقصد ایرانی کمپنیوں کو پاکستان میں متعارف کرانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا مہم کے تانے بانے دشمن ملکوں سے مل رہے ہیں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں، آنے والے دنوں میں حیران کن اعداد و شمار سامنے آئیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی باقاعدہ بغاوت کی تیاری کر رہا تھا، ملک پر قابض ہو کر اپنے گھٹیا ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے سینئر افسر، وزیر اعظم اور مجھ پر قتل کا الزام لگایا، الزامات کے کوئی ثبوت فراہم نہ کر سکے، جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جھوٹا اور مکار قرار دے دیا، انہوں نے اپنے قتل کے غلط الزامات عائد کیے، چیئرمین پی ٹی آئی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے سنی سنائی بات پر الزامات عائد کیے۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی گرفتاری کو ریڈ لائن کے طور پر سامنے رکھا، ایک سال سے غلیل فورس، پٹرول بم کی تیاری کی، پارٹی کارکنوں کی ذہن سازی کی گئی، یہ لوگ دس لاکھ لوگوں پر مشتمل ٹائیگر فورس تیار کر رہے تھے، نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانون پوری طرح حرکت میں ہے، نو مئی واقعات آڈیو، ویڈیو، اقبالی بیانات پر جلد پیشرفت ہو گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کسی بے گناہ کو ملوث نہیں کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر بے بنیاد مہم کے اسرائیل، دشمن ہمسایہ ملکوں سے تانے بانے مل رہے ہیں، سوشل میڈیا پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا پراپیگنڈا کیا گیا، جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پراپیگنڈے کو ان خواتین نے مسترد کیا، اس فتنہ کی نو مئی کو اس نے خود شناخت کرائی، اب فتنہ اپنے انجام کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ گرفتاری والے دن معلوم تھا کہ احتجاج کریں گے، سیاسی احتجاج کے بجائے شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا، احتجاج کی حدتک تو معلومات تھی لیکن شہدا کی یادگاروں کو جلانے کی نہیں، نو مئی کو پولیس کو ہدایت تھی کہ اسلحہ استعمال نہیں کریں گے، پولیس نے ان کو روکنے کی بھرپور کوشش کی، قوم اپنی مسلح افواج اور محب وطن قوتوں کے ساتھ کھڑے ہو گئے اور شرپسندوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس کی توہین پر سزا ملتی تو نو مئی کا واقعہ نہ ہوتا، صرف بیان بازی پر نہیں شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہو گی، جھوٹ بولنا اور پھر پیچھے ہٹنا یہ چیئرمین پی ٹی آئی کا طریقہ کار ہے، اب یہ ایکسپوز ہو چکا قوم اس پر اعتماد نہیں کرے گی، آرمی ایکٹ کا طریقہ کار بہت باریک بینی پر مشتمل ہے، ملٹری تنصیبات کے حوالے سے 7 کیسز ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جب تک انویسٹی گیشن کا رزلٹ نہیں آتا تب تک کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، سابق وزیر اعظم کے طور پر قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سکیورٹی دی گئی ہے، اس حوالے سے ان کی سکیورٹی کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے، چیئرمین پی سی بی کے معاملے پر کسی جماعت کی ایک رائے ہو سکتی ہے، اس حوالے سے اختلاف کی کوئی صورت نہیں، وزیر اعظم تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ابھی تک کسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، میری ذاتی رائے میں پنجاب میں ہمیں انتخابی اتحاد کی ضرورت ہے نہ ہی یہ ہمارے سیاسی مفاد میں ہوگا، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے، چیئرمین نادرا پر استعفیٰ لینے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں، انکوائری کا عمل ہوا تھا لیکن کوئی سیریس بات نہیں تھی، چیئرمین نادرا کو حکومتی اعتماد پر کام کرنا ہوتا ہے، آرمی چیف کا ڈیٹا لیک کرنے میں چیئرمین نادرا کا ذاتی کوئی عمل دخل نہیں تھا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چین کو اعتماد چاہئے، مولانا فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چین کو اعتماد کی ضرورت ہے، چین کے ساتھ دوستی میں جو بھی رکاوٹ آئے اسے ملیا میٹ کر دینا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، چین نے اپنے پیسوں سے گوادر میں بین الاقوامی معیار کا ایئرپورٹ بنایا، سی پیک کے 10 سال پورے ہو گئے، اس منصوبے میں پاکستان کی ترقی کا راز ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان میں غیر متنازعہ ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے چین کے حوالے سے پالیسی کو تسلسل سے اپنایا، سی پیک صرف ایک سڑک نہیں اس کے ساتھ بہت سے اور منصوبے منسلک تھے۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے کہا کہ مغربی ممالک پاکستان کو اب بھی کالونی سمجھتے ہیں، چین نے بہت سارے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ہم گزشتہ حکومت کے عزائم سمجھ چکے تھے، دنیا کے ساتھ اعتماد بحال کرنے میں وقت لگے گا،۔ انہوں نے کہا کہ قومی وحدت کے ساتھ ملک کو آگے لے کر جائیں گے، روس کو بھی ابھی سمجھ آگئی ہے کہ اسلامی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے ہیں، ہم نے پہلے ہی سے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی تائید کی ہے۔

سیاست نہیں چھوڑ رہا، فی الحال فیملی کو وقت دوں گا، باؤ رضوان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صوبائی وزیر باؤ رضوان نے کہا ہے کہ سیاست نہیں چھوڑ رہا، فی الحال فیملی کو وقت دوں گا۔ سابق صوبائی وزیر باؤ رضوان نے ویلنشیا ٹاؤن قبرستان میں بلوچستان میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی فیاض سنبل کی قبر پر حاضری دی، انہوں نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ باؤ رضوان نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی، شہید کے بیٹے محمد سمیع بھی باؤ رضوان کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میرے بھائی نے جان کا نذرانہ پیش کر کے سیکڑوں جانیں بچائیں، اگر خود کش بمبار اپنے مطلوبہ ہدف تک پہنچ جاتا تو بہت زیادہ نقصان ہو جاتا، فیاض سنبل شہید نے جواں مردی کا مظاہرہ کیا۔ شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھلایا جا سکتا، کرنل شیر خان شہید کو تو دشمن نے بھی سلیوٹ کیا تھا، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی سے دکھ ہوا، 9 مئی واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ باؤ رضوان نے کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں، اللہ تعالیٰ ایسےلوگوں کو ہدایت دے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف حکم امتناع میں ایک ماہ کی توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف آئینی درخواستوں پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے آٹھ جون کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف جاری حکم امتناع میں ایک ماہ کی توسیع کر دی، سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ میں شامل جسٹس شاہد وحید کی علالت کے باعث کھلی عدالت میں سماعت نہ ہو سکی، آئینی درخواستوں پر سماعت جولائی تک ملتوی کر دی۔ تحریری حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نےعدالتی اصلاحات قانون اور نظرثانی کے نئے قانون میں درستگی کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی ہے، اٹارنی جنرل کے مطابق دونوں قوانین میں غلطیوں کی درستگی کیلئے ڈرافٹ شروع ہو چکا، پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن اور عید تعطیلات کی وجہ سے قانون سازی کیلئے مزید وقت درکار ہے۔

مجھے ایسے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں: پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جس سیل میں مجھے رکھا گیا ہے اس میں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں، ٹانگیں ٹیڑھی کر کے سیل میں رہنا پڑتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ دس دن سے ایک ہی شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے، دوائی نہ ہی ڈاکٹر کی سہولت ہے، میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے ہوئے، میں نے تو اپنے دور میں کسی سے برا سلوک نہیں کیا نہ کسی کو اپنا دشمن سمجھا، دس دن بعد لوگوں کو دیکھ رہا ہوں، ملاقات کروانا تو دور کی بات ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کون لوگ ہیں جو اس طرح کی بات کر رہے ہیں کہ میں تحریک انصاف میں نہیں، یہ بات وہ کر رہے ہیں جو وکٹ کی دونوں جانب کھیل رہے ہیں، میرے ساتھ جو ہو رہا ہے جو حالات اور کیس ہیں وہ تحریک انصاف کی وجہ سے ہے، تحریک انصاف میں ہی ہوں۔