All posts by Khabrain News

بد قسمتی سے سرجریز حسن کا عالمی معیار بن چکی ہیں: حمیرا اصغر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر نے کہا ہے کہ فیشن انڈسٹری میں ایک عام چہرے والے ماڈل کو سرجریز کرانے کا ہی مشورہ دیا جاتا ہے، بد قسمتی سے سرجریز حسن کا عالمی معیار بن چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیشن کی دنیا میں اب حسن کا معیار بدل رہا ہے، ایک عام چہرے والی ماڈل کو بھی اپنے چہرے کے نقش کو نکھارنے کے لیے مختلف سرجریز کا مشورہ دیا جاتا ہے کہ بوٹکس کروا لو ، یا آئی براوز کو لفٹ کروا لو ، ناک کی سرجری کروا لو وغیرہ وغیرہ۔
حمیرا نے کہا کہ یہ ٹریٹمنٹس فیشن کے لیے تو ضروری ہیں تاہم اب بھی ٹی وی ڈراموں میں عام چہروں کو ہی لیا جاتا ہے، بیوٹی کا یہ معیار ٹی وی کے لیے ضروری نہیں ہے بلکہ یہ فیشن کے برعکس ہے۔
حمیرا اصغر نے کہا کہ بد قسمتی سے حسن کا اب فیک معیار ہی ٹرینڈ کر رہا ہے، ایک خاص انداز کی ناک، چہرے کی بناوٹ کا ایک خاص انداز ہو یا ہونٹوں کا بوٹکس کر لیا جائے، چونکہ سب سرجری ہے یا یہ کہیں کہ پلاسٹک کی سب کی شکلیں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔
حمیرا کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب اپنا کیئریئر ماڈلنگ سے ٹی وی میں شفٹ کیا تو ان کو پھر یہ کہا جانے لگا کہ بالوں کو نیچرل کلر میں کریں، اپنی جلد کا خیال رکھیں کیونکہ آپ جیسی ہیں ویسا ہی اچھا ہے۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) شہنشائے غزل مہدی حسن کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے۔
نامور گلوکار نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں گا کر برصغیر پاک وہند میں کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا اور فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس اور نگار ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
مہدی حسن نے 18 جولائی 1927 کو بھارتی ریاست راجستھان میں معروف موسیقی گھرانے میں آنکھ کھولی، 1935 میں صرف آٹھ سال کی عمر میں گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
قیام پاکستان کے بعد 20 سالہ مہدی حسن اہل خانہ کے ساتھ پاکستان آ گئے اور پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں محنت مزدوری کے طور پر سائیکلیں مرمت کرنے کا کام شروع کیا، وہ موٹر اور ٹریکٹر کے میکینک بھی رہے۔
مہدی حسن کو 1962 میں ریلیز ہونے والی فلم ”فرنگی“ میں گائی گئی غزل” گلوں میں رنگ بھرے“ سے شہرت ملی، طویل علالت کے بعد دنیائے موسیقی کے عظیم گلوکار مہدی حسن 13 جون 2012 کو ابدی نیند سو گئے۔

آئندہ مالی سال جاری کھاتوں کا خسارہ 4 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے، گورنر سٹیٹ بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں جاری کھاتوں کا خسارہ 4 ارب ڈالر رہنے کی توقع ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی کے بعد معاشی تجزیہ کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں اپریل 2023ء تک آنے والے 6.1 ارب ڈالر جمع کیے گئے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں آنے والے ڈالرز میں سے 3.5 ارب ڈالر خرچ ہوگئے جبکہ اوورسیز پاکستانی 1.4 ارب ڈالر واپس لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ آر ڈی اے سے 1.1 ارب ڈالر مزید نکال کر روپوں میں تبدیل کروا لیا، آئندہ مالی سال پاکستان کو 23 ارب ڈالر کا قرض اور سود ادا کرنا ہے، بیرونی اور اندرونی قرض کی ری سٹرکچرنگ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ رواں ماہ 3.6 ارب ڈالر قرض ادا کرنا ہے، قرض کی مد میں اب تک 40 کروڑ ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں، 2.3 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے رول اوور ہوجائیں گے، 90 کروڑ ڈالر کو رواں ماہ فنانس کرنا اہم ضرورت ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں غیر معمولی کمی

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے، برینٹ خام آئل کے سودے 2.95 ڈالر کمی کے بعد 71.84 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2021 کے بعد یہ خام تیل کی کم ترین قیمت ہے، اس کے علاوہ ویسٹ ٹیکساس خام تیل کے سودے 3.05 ڈالرکمی کے بعد 67.12 ڈالر فی بیرل پر طے ہوئے ہیں۔

ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس کا 86 واں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا

برن: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کے زیر اہتمام ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس کا 86 واں ایڈیشن آج ( منگل ) سے سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوگا ۔
ٹور ڈی سوئس سائیکل ریس 8 روز جاری رہنے کے بعد 19 جون کو اختتام پذیر ہوگی جبکہ ریس میں 22 ٹیموں کے سائیکلسٹ ٹائٹل کے حصول کے لئے ان ایکشن ہوں گے اور برطانوی سائیکلسٹ جیرائنٹ تھامس اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے ۔
یاد رہے کہ سائیکل ریس 8 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 1118.2 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔

یو ایس اوپن گالف ٹورنامنٹ کا آغاز 15 جون سے ہوگا

کیلیفورنیا : (ویب ڈیسک) امریکی گالف ایسوسی ایشن (یو ایس جی اے ) کے زیر اہتمام یو ایس اوپن گالف ٹورنامنٹ کے 123 ویں ایڈیشن کا آغاز 15 جون سے امریکا میں ہوگا۔
پی جی اے ایونٹ میں دنیائے گالف کے نامور کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے جبکہ برطانوی گالفر میٹ فٹز پیٹرک اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے ۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں، 72 ہولز پر کھیلے جانے والا ٹورنامنٹ لاس اینجلس، کیلیفورنیا میں لاس اینجلس کنٹری کلب کے نارتھ کورس پر 15 سے 18 جون تک شیڈول ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز آج سے کرے گی

ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز آج سے کرے گی۔
ایونٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ آج بروز منگل نیپال کے خلاف تن کے وونگ روڈ ریکری ایشن گراؤنڈ ہانگ کانگ میں کھیلے گی۔
ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کررہی ہیں جبکہ قومی ٹیم گروپ اے میں ہانگ کانگ، نیپال اور بھارت کے ساتھ ہے۔
پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 جون کو میزبان ٹیم ہانگ کانگ اور تیسرا میچ 17 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
کپتان قومی ٹیم فاطمہ ثنا ء کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی کو پتہ ہے کہ اس کا کیا رول ہے اب یہ ان کا کام ہے کہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں، اگرچہ انفرادی کارکردگی اور مہارت کا اہم رول ہوتا ہے تاہم مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین ہے اور یہ تمام کھلاڑی بڑی باصلاحیت ہیں۔

بائپر جوائے طوفان: بھارت میں سمندری ہواؤں کی رفتار میں شدت، الرٹ جاری

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بائپر جوائے سائیکلون سے خطرے کے پیش نظر بھارتی محکمہ موسمیات نے گجرات میں سوراشٹرا اور کچ کے ساحلوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا، طوفان سے ہوا کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے جبکہ انتہائی شدید طوفانی لہریں جمعرات کی سہ پہر تک بھارت کے ساحلوں سے ٹکرائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری ہواؤں کی رفتارمیں مسلسل تیزی آ رہی ہے جس سے حالات مزید خراب ہونے لگے ہیں، ممبئی کے جوہو ساحل کے قریب تیز لہروں کی زد میں آ کر ایک لڑکا ہلاک ہوگیا ہے۔
گجرات کے ساحل کے قریب واقع 10 دیہاتوں میں آج انخلاء جاری رہے گا، ساحل کے قریب نشیبی علاقوں میں مقیم تقریباً 7500 افراد کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، انتہائی شدید طوفانی لہریں جمعرات کی سہ پہر تک کچ اور دیگر علاقوں سے ٹکرائیں گی۔
بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے پوربندر سے جنوب مغرب میں 300 کلومیٹر دور ہے، طوفان 15 جون کی شام تک گجرات جاکھاؤ پورٹ، سوراشٹرا، کچ اور دیگر ملحقہ ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا، طوفانی ہوائیں 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 150 کلو میٹر تک چلنے کے امکانات ہیں۔
کچ، دیو بھومی دوارکا، پوربندر، جام نگر، راجکوٹ، جوناگڑھ اور موربی اضلاع کیلئے شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی گئی، گجرات میں قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر فورسز کی ایک، ایک درجن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ ماہی گیروں کو گجرات، کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹرا اور لکش دیپ کی سمندری حدود میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

مودی نے اقتدار کی خاطر ہندو اکثریت کو اقلیتوں کے سامنے کھڑا کر دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم مودی نے اقتدار کی خاطر ہندوستان میں مذہبی تقسیم کی گہری دراڑ ڈال کر ہندو اکثریت کو اقلیتوں کے سامنے کھڑا کر دیا۔
سی ایس ڈی ایس کے حالیہ سروے نے بھارت میں بڑھتی ہندو مسلم نفرت کا بھانڈا پھوڑ دیا، سروے میں کیے گئے سوالات کے جوابات میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان واضح فرق پایا جاتا ہے، صرف 2 فیصد ہندؤں کے مقابلے میں 28 فیصد بھارتی مسلمانوں نے مودی دور میں معاشی حالات کو خراب ترین قرار دیا۔
بی جے پی کی کارکردگی سے 59 فیصد ہندو مطمئن جبکہ 57 فیصد مسلمان نالاں ہیں، بی جے پی کو ووٹ ڈالنے کے معاملے پر 45 فیصد ہندو جبکہ صرف 15 فیصد مسلمانوں نے مثبت جواب دیا، مسلمانوں کی اکثریت کانگرس جبکہ ہندو اکثریت بی جے پی کو ووٹ ڈالنے کی خواہاں ہے۔
سروے کے مطابق 50 فیصد ہندو جبکہ صرف 15 فیصد مسلمان مودی کو دوبارہ وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں، 68 فیصد ہندو مودی کو پسند جبکہ 70 فیصد مسلمان مودی سے شدید نفرت کرتے ہیں، بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ہندو نواز پالیسیوں اور مسلم کش اقدامات کی بدولت مذہبی تقسیم مزید گہری ہو چکی ہے۔

ڈی آر کانگو میں آئی ڈی پیز کے کیمپ پر حملہ، 45 سے زائد افراد ہلاک

کنشاسا : (ویب ڈیسک) شمال مشرقی جمہوری جمہوریہ کانگو ( ڈی آر سی ) میں نقل مکانی کرنے والے افراد کے کیمپ پر حملے میں 45 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن کا کہنا ہے کہ کوآپریٹو فار ڈیویلپمنٹ آف کانگو ( کوڈیکو ) نامی ملیشیا گروپوں کے اتحاد سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں نے اس حملے کا ارتکاب کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
امن مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور امن مشن یہ یاد دلانا چاہتا ہے کہ شہری آبادی کے خلاف جان بوجھ کر حملے جنگی جرائم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
سول سوسائٹی کے نمائندے نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور بہت سے لوگوں کو ان کے گھروں میں جلا ڈالا۔
رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو اجتماعی قبر میں دفنایا گیا۔
ڈی آر کانگو میں افریقہ میں نقل مکانی کرنے والوں کی سب سے زیادہ آبادی ہے، اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق کم از کم 5.6 ملین افراد لڑائی کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ ارد گرد کے علاقوں میں مسلح تشدد کی وجہ سے 15 اپریل سے 15 مئی کے درمیان تقریباً 70,000 بے گھر افراد یہاں پہنچے۔
پچھلے ہفتے کوڈیکو کے جنگجوؤں نے فوجی تنصیب پر حملہ کیا تھا جس میں کم از کم سات شہری مارے گئے تھے۔