All posts by Khabrain News

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس کل طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس کل 12 جون بروز پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس 5 روز تک جاری رہے گا ، سینیٹر مانڈوی والا اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں فنانس بل 2023 کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور نئے فنانس بل سے متعلق سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی ، قائمہ کمیٹی کی سفارشات بعد میں سینیٹ میں پیش کی جائیں گی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 14 ہزار 500 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں ایک تا گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 تا گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کیلئے 30 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے مریم نواز کی ملاقات، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات چیت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے ملتان جانے سے پہلے ماڈل ٹاؤن پہنچیں جہاں وزیراعظم کی زیر صدارت اہم مشاورتی بیٹھک ہوئی۔
مشاورتی بیٹھک میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور عطاء تارڑ بھی موجود تھے جبکہ معاون خصوصی وزیراعظم ملک احمد خان بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔
مشاورتی بیٹھک میں شہباز شریف نے بجٹ، مہنگائی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا اور مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کی۔

کمرے میں تاحیات ایکسٹینشن کی آفرکرنیوالا باہرمیر جعفر کے نعرے لگاتا تھا : مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمرے میں تاحیات ایکسٹینشن کی آفرکرنیوالا باہر میر جعفر کے نعرے لگاتا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ‏9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہداکی یادگاروں پر حملہ بھی اس لئے کرایا تھا کیونکہ وہ مان نہیں رہے؟ سیاسی ابوالہول (Sphinx) کا دماغ ہٹلر کا جبکہ جسم گرگٹ کا ہے جو حالات کے ساتھ ساتھ رنگ ہی نہیں، آنکھیں اور بیان بھی بدلتا رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے دماغ میں نہ آئین کی گنجائش ہے، نہ قانون کی، نہ انسانیت اور نہ ہی اخلاقیات کی، صرف تکبر، انا، ضد اور مکاری بھری ہے جو کمرے میں تاحیات ایکسٹنشن کی آفر کرتا اور باہر میرجعفر کے نعرے لگاتاہے، جلسے میں امریکا پر الزام لگاتا، پھر معافی مانگ کر امریکا میں لابی کمپنیاں بناتا ہے۔
وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے، اصل میں تلاش کاندھے اور بیساکھی کے سہارے کی ہے جو اب میسر نہیں، آر ٹی ایس کی معاونت کی التجا ہے، فارن فنڈنگ، ٹیریان، 190 ملیں پاؤنڈ، القادر ٹرسٹ جیسی چوریاں، ڈاکے اور جرائم سے نجات کا این آر او درکار ہے لیکن یہ طلسماتی سہولیات اب دستیاب نہیں، لیکن پوچھنا یہ تھا کہ آدھا حملہ کیسے ہوتا ہے ۔

آل پاکستان یوتھ تنظیموں کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ، 9 مئی کے واقعات کی مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) آل پاکستان یوتھ تنظیموں نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور 9 مئی کے شرپسندانہ واقعات کی بھرپور مذمت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور افواجِ پاکستان ہماری سلامتی و بقاء کی ضامن ہیں، 9 مئی کے شرمناک واقعات کی بھرپور مذمت اور ان کے ذمے داروں کی مرمت ہونی چاہیے۔
شرکاء کے وفد کا کہنا تھا کہ ان منصوبہ سازوں، تخریب کاروں نے وہ ظلم کیا جس کا 74 سال سے پاکستان کا دشمن خواب دیکھتا رہا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس نے ہم سب کے سر شرمندگی سے جھکا دیئے، پاکستان کی نوجوان نسل ریاست پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملکی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
وفد نے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاروں اور قائد کا گھر جلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
آل پاکستان یوتھ تنظیموں نے ملک گیر ریڈ لائن پاکستان مہم کے آغاز کا اعلان بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد مسلح افراد نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی تھی۔

پاک فوج کے جوان بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کل آنے والے شدید طوفان اور بارش کے بعد پاک فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
خیبرپختونخوا میں کل آنے والے طوفان میں بنوں، لکی مروت اور کرک کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق طوفانی بارش کے باعث جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کی امدادی ٹیمیں پوری رات امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں، پاک فوج تمام تر وسائل بروئے کار لا کر اس مشکل وقت میں سول انتظامیہ کے ساتھ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عسکری ادارے کے ڈاکٹر بھی زخمیوں کی طبی امداد میں مصروف ہیں۔

پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں پھر بھی گراؤنڈ زیرو بن چکا ہے، شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں اس کے باوجود ہم ماحولیاتی تبدیلی کا گراؤنڈ زیرو بن چکے ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 29 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہوا، جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے بروقت کارروائیاں قابل تحسین ہیں، سندھ کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون سے پہلے ہی طوفانی ہواؤں، شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی قابل تشویش ہے، آندھی، طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے انسانوں، مویشیوں، کھڑی فصلوں، کمزورعمارتوں اور کچے گھروں کوشدید نقصان ہو رہا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو مزید ماحولیاتی واقعات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم نے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

کراچی میں سمندری طوفان کے زیر اثر گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے زیر اثر کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم، خشک اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے، جنوب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور سائیکلون کے قریب آنے پر گرمی مزید بڑھ سکتی ہے، پیر کو درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم گرم رہنے اور ہیٹ اسٹروک کے خدشات کے باعث ماہرین صحت نے لوگوں کو خاص احتیاط کرنے کی تجویز دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کے میئر کراچی کیلئے کاغذاتِ نامزدگی منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی میئر شپ کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لئے گئے۔
جماعت اسلامی کے میئر کے دیگر امیدواروں سیف الدین اور جنید مکاتی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے جبکہ ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدرالدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے ہیں۔
15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے گزشتہ روز ریجنل الیکشن کمیشن میں میئر کراچی کیلئے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے۔
کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے: حافظ نعیم
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، یہاں جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے، ہمیں مینڈیٹ پر قبضہ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج ہمارے مارچ میں اہل کراچی شامل ہوں گے، جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کرتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کومعلوم ہے دھاندلی ہو رہی ہے، الیکشن کمیشن ہی صرف نہیں جانتا کہ دھاندلی کہاں ہو رہی ہے، اگر یہ صورتحال رہی تو ہم انہیں دنیا کے سامنے ایکسپوز کریں گے، نشستوں کےاعتبارسے جماعت اسلامی کی نشستیں زیادہ تھی، آر اوزکے ذریعے ہماری اکثریت ختم کی جس کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ صرف چھ یوسیزکے کیسز ہم کل سپریم کورٹ لیکر جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے گیارہ نمبر کم ہوں گے ہمارے چالیس سے بڑھیں گے۔

بھارت: منی پور میں عیسائیوں کیخلاف جھڑپیں شدت اختیار کرگئیں، 92 افراد ہلاک

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست منی پور میں عیسائیوں کے خلاف جھڑپوں نے شدت اختیار کرلی ہے ، پرتشدد واقعات میں مبینہ طور پر 92 افراد ہلاک، 302 زخمی اور تقریباً 30ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
بھارتی ریاست منی پور کی صورتحال بدستور کشیدہ اور غیر مستحکم ہے ، مسیحی برادری کوکیز کا ماننا ہے کہ میٹیس کو ’’شیڈیولڈ ٹرائب‘‘ کا درجہ دینا ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کے بعد بدامنی نے میتیوں کے ساتھ جھڑپوں کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں گاڑیوں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
مودی سرکار نے پرتشدد جھڑپوں کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے خصوصی اختیارات طلب کیے ہیں اور فوج تعینات کر دی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال اور میٹی کے زیر اثر امپھال میں جھڑپوں پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں جہاں کوکیوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔
کوکی برادری کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاستی پولیس کے ساتھ مل کر پرتشدد ہجوم نے ان کے خلاف ٹارگٹڈ حملے کیے جبکہ ریاست میں وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں بھی غریب عیسائیوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے، خوراک کی کمی، فوج اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے کرفیو نافذ جبکہ انٹرنیٹ معطل، دکانیں، سکول اور دفاتر بند ہیں۔
کوکی برادری محسوس کر رہی ہے کہ علیحدگی ہی واحد حل ہے اور وہ مسیحی لوگوں کی ریاستی سرپرستی میں خاتمے سے خوفزدہ ہیں۔
مودی سرکار کا عیسائیوں کے خلاف جاری مہم کو قبائلی تصادم سے تعبیر کیا جا رہا ہے، منی پور سے عیسائیوں کو ختم کرنا ایک عیسائی مخالف اقدام ہے ، مودی سرکار کی ان پُرتشدد کارروائیوں سے یہ جھڑپیں بڑے پیمانے پر بغاوت میں تبدیل ہو رہی ہے۔
منی پور 34 تسلیم شدہ درج قبائل پر مشتمل ہے، جو بڑے پیمانے پر ناگا اور کوکیچن یا کوکی قبائلی گروہوں کے تحت آتے ہیں، 2023 میں ریاست کی آبادی 36 لاکھ 49 ہزار (2011 کی مردم شماری کے مطابق 28 لاکھ 56ہزار) نفوس پر مشتمل ہے ، جن میں سے تقریباً 53 فیصد میٹی قبیلے کے باشندے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق ان میں سے 70 فیصد امپال وادی میں آباد ہیں اور بقیہ 30 فیصد قبائلی علاقوں میں رہتے ہیں۔

جیولری اور قیمتی پتھروں کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک سے جیولری اور قیمتی پتھروں کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں قیمتی پتھروں کی برآمدات سے 10.15 ملین ڈالر اور جیولری کی برآمدات سے 14.04 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 33 فیصد اور 32 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں قیمتی پتھروں کی برآمدات سے 10.61 ملین ڈالر اور جیولری کی برآمدات سے 6.24 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
رپورٹ کے مطابق اپریل 2023 میں قیمتی پتھروں کی برآمدات کا حجم 0.4 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 0.62 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 1.08 ملین ڈالر تھا، اسی طرح اپریل میں جیولری کی برآمدات کا حجم 1.408 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 3.47 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 2.03 ملین ڈالر تھا۔
مالی سال 2022 میں قیمتی پتھروں کی برآمدات کا حجم 10.24 ملین ڈالر اور جیولری کی برآمدات کا حجم 13.23 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔