All posts by Khabrain News

ریکوڈک منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے: عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے، اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کو حاصل اختیار سے پیچھے ہٹنا گناہ سمجھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دن رات کی محنت حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کی کرسی کو بھی داؤ پر لگا کر ریکوڈک منصوبے کو بلوچستان کے حق میں بنایا ہے، ریکوڈک منصوبے کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے، ریکوڈک منصوبے سے اربوں ڈالر پاکستان آئیں گے، 8 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت میں تازہ خون کی طرح دوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہے کہ ملک اور صوبے کے مفاد میں اس سے بہتر معاہدہ نہیں ہو سکتا تھا، ہم نے اللہ کے فضل سے ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا ہے، سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے لئے ہمارا اٹل مؤقف حیران کن تھا، شروع دن سے عہد کیا تھا کہ صوبے کے مفاد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہر ہر قدم پر صوبائی اسمبلی، سیاسی قائدین اور کابینہ کو آن بورڈ رکھا۔ اسمبلی قرار داد پر اپوزیشن کو مطمئن کریں گے۔ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر پہلے بھی یقین رکھتے تھے اور اب یقین ہے۔ گزشتہ روز بھی اپوزیشن کے رہنماؤں کو قرار داد کے حوالے بریفنگ دی، معاہدے کے اس مرحلے پر اختلاف رائے کسی طور صوبے کے مفاد میں نہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم نے نہ تو اپنا کوئی اختیار وفاقی حکومت کو دیا اور نہ کسی صوبائی ٹیکس کی معافی دی، وفاقی حکومت نے ریکوڈک منصوبے پر اپنے ٹیکسوں کی چھوٹ دی لیکن تمام صوبائی ٹیکس نافذ العمل رہیں گے، اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کو حاصل اختیار سے پیچھے ہٹنا گناہ سمجھتے ہیں اور اس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے سلیمان شہباز کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سلیمان شہباز اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ 2018 میں بیرون ملک گیا اور 2020 میں مقدمہ بنایا گیا اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا، عدالت نے اشتہاری قرار دینےکی کارروائی بھی غیرحاضری میں کی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکوں۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس عدالت میں پیش ہونا ہے؟ اس پر امجد پرویز نے بتایا کہ سپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔
عدالت نے سلیمان شہباز کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور سلیمان شہباز کو 14 روز میں لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کا دورہ سکھر ، وفاقی کابینہ اجلاس کا وقت تبدیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا ، وزیر اعظم کے دورہ سکھر، حیدر آباد کے باعث اجلاس صبح کے بجائے اب شام ساڑھے 6 بجے ہوگا ۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آج صبح سکھر حیدر آباد موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وفاقی کابینہ اجلاس کے وقت میں تبدیلی وزیر اعظم کے دورہ سکھر اور حیدر آباد کی وجہ سے کی گئی ہے ۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں ریکوڈک منصوبہ کی تعمیر سے متعلق معاہدے کی منظوری دی جائے گی، پٹرولیم ڈویژن ریکوڈک منصوبہ پر کابینہ کو بریفنگ دے گی ، وفاقی کابینہ ریکوڈک منصوبہ پر ریگولیٹری منظوریاں بھی دے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 11 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، ای سی سی میں ریکوڈک منصوبہ سے متعلق وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے فنڈنگ پلان کی بھی منظوری دی جائے گی۔

شہباز، زرداری حکومت نے ملک کو کنگال کر دیا: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز زرداری حکومت نے ملک کو کنگال کر دیا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پٹرول کی اضافی قیمت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، عالمی منڈی میں پٹرول سستا لیکن یہاں مہنگا بیچا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب منی لانڈرنگ کے ماہر لوگ اقتدار پر قابض ہوں تو ڈالروں کی اسمگلنگ کیسے رک سکتی ہے؟ اسحاق ڈار خود شریف خاندان کی چوری کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ٹھکانے لگاتے ہیں، امپورٹڈ حکومت کا ایک ایک پل ملک و قوم کیلئے تباہی کا باعث بن رہا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو کل سے دورہ امریکا پر جائیں گے، شیڈول جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو کل سے 21 دسمبر تک امریکا کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ نے بلاول بھٹو کی امریکا میں مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو 15 اور 16 دسمبر کو نیویارک میں وزیر خارجہ جی 77 اور چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی کریں گے، وزیر خارجہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیر خارجہ عالمی امن و سلامتی کے موضوع پر اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل مباحثے میں شرکت کریں گے، اس کے بعد بلاول بھٹو 19 دسمبر کو واشنگٹن جائیں گے، وزیر خارجہ امریکی کانگریسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکا میں حکومتی عہدیداروں اور پاکستانی امریکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح میں مسلسل کمی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل کمی ہوئی ہے ۔
قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 341 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں ، جن میں سے 7 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.21 فیصد رہی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 34 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا ۔

وزیراعظم سے او آئی سی سیکرٹری جنرل کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر مکمل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرکے حل اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے او آئی سی کے اصولی مؤقف اور مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کے آزاد کشمیر اور ایل او سی کے تاریخی دورے کو سراہتے ہوئےکہا کہ اس سےکشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے مضبوط پیغام جائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےفلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی بھی تجدید کی، انہوں نے اسلامو فوبیا کی مہم کے تیز ہونے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دیرپا روابط کا خواہاں ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ’’سنٹرل ایشیاء وژن‘‘ پالیسی کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دیرپا اور نتیجہ خیز روابط قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان تمام وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قازقستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں قازقستان کی ایوان زیریں (قازقستان پارلیمنٹ کی مجلس) کے چیئرمین یرلان کوشانوف کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے قازقستان کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی (سینٹر ایشیا وژن ) پالیسی کا بنیادی جُزو خشکی سے گھری وسطی ایشیائی ریاستوں کو بندر گاہوں تک آسان رسائی کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو آسان اور مختصر راستوں کے ذریعے باقی دنیا سے منسلک کرنے کا اہم ذریعہ ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین یرلان کوشا نوف کا ان کی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قازقستان کے ایوان زیریں پارلیمان وفد کا حالیہ دورہ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے بالخصوص پارلیمانی سطح پر رابطوں کو مستحکم بنانے میں انتہائی اہم ثابت ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے دونوں پارلیمانوں کی فعال شراکت داری سے جاری منصوبوں کو احسن طریقے سے سر انجام پانے میں مدد ملے گی جس سے تجارت، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافہ ہو گا ۔
چیئرمین یرلان کوشانوف نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حالیہ سیلاب سے پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہب ،تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں پر استوار ہیں، جس سے گزشتہ 30 سالوں میں پارلیمانی اور سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ چیئرمین ایوان زیریں قزاخستان نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے تجارتی راستوں کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے پالیمانی وفد کا حالیہ دورہ اور قزاخستان کے صدر کا آئندہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو قزاخستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے دونوں ممالک میں سیاحت، تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کی ویزا پالیسیوں میں آسانی اور عوامی سطح پر رابطوں خصوصاً نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔
یرلان نے ملاقات کے دوران زیر بحث معاملات سے مکمل اتفاق کیا اور دونوں ممالک میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے آنے والے تمام مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔
قبل ازیں چیئرمین یرلان کوشانوف نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی میں پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں میگنولیا گرینڈی ی فلورا کا پودا لگایا۔
اس موقع انہوں نے دونوں ممالک اور امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں وفد نے قومی اسمبلی کے ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پر وفد کو قانون سازی اور ووٹنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

چیف جسٹس مراد سعید کے صدر کو لکھے گئے خط کا نوٹس لیں : عمران خان کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مراد سعید کی جانب سے اپنی جان کو خطرات سے متعلق صدر مملکت کو لکھے گئے خط کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔
عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی پہلے ہی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، ارشد شریف کے اپنی جان کو لاحق خطرات سے متعلق صدر کو خط لکھنے کے باوجود کیا ہوا؟ چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ وہ اس کا نوٹس لیں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت کے نام خط میں مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں کی تفصیلات دیں اور کہا کہ میں موت سے ڈرتا نہیں اور حق بات کہتا رہوں گا۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے، اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی دفعہ منصوبہ بندی کی گئی اور مجھے حکام کی جانب سے بار بار بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔
خط کے متن کے مطابق 12جولائی کو ارشد شریف نے بھی آپ کو خط لکھا لیکن کسی نے نوٹس لیا نہ ہی ارشد شریف کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا گیا لہٰذا امید ہے ارشد شریف کے خط کے حوالے سے برتی گئی غفلت کو نہیں دہرایا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر تک درج نہ ہوسکے وہاں انصاف کی امید مشکل ہے۔
مراد سعید نے خط میں مطالبہ کیا کہ صدر مملکت معاملے پر نوٹس اور ضروری ایکشن لیں۔

کراچی میں شوہر نے پہلی بیوی اور سالی کیساتھ ملکر دوسری اہلیہ کو قتل کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی فریئر میں شوہر نے پہلی بیوی اور سالی کے ساتھ مل کر دوسری اہلیہ کو قتل کردیا۔
کراچی کے فریئر تھانے کی حدود سے گزشتہ رات 27 سالہ خاتون عمیرا کی لاش جناح اسپتال لائی گئی تھی، مقتولہ عمیرا کی لاش اس کا شوہر خرم خالد اسپتال لایا اور پھر اسٹریچر پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔
جناح اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی اطلاع فریئر پولیس کو دی گئی جس پر تحقیقات شروع کی گئیں۔
فریئر پولیس تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر اندر حقائق تک جا پہنچی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عمیرا کو قتل کیا گیا تھا اور قتل کی اس واردات میں مقتولہ کا شوہر، اس کی پہلی بیوی اور سالی ملوث تھی۔
پولیس کی جانب سے مقتولہ عمیرا کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو تکنیکی ذرائع کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ دہلی کالونی کے رہائشی ہیں۔
ترجمان کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت خرم خالد مسیح، فائزہ خرم اور ماہ جبین دختر شریف رضا سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے پہلے مقتولہ کو بیہوشی کا انجکشن لگایا اور پھر مقتولہ کے ہاتھ پکڑ کر منہ پر تکیہ رکھ کر سانس بند کرکے قتل کیا، قتل کے بعد ملزم خرم خالد مقتولہ کی لاش کو جناح اسپتال لایا اور ڈاکٹر سے خاتون کی وجہ موت پیٹ میں درد بتا کر فرار ہوگیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کیلئے ملزمان کو شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا۔