All posts by Khabrain News

نواز کی وطن واپسی کیلئے متفقہ فیصلہ، ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطح اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے متفقہ فیصلہ کر لیا گیا، قائد مسلم لیگ ن کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان لندن سے ہو گا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی سزا کالعدم کرانے کے لئےاسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ فوری چیلنج کیا جائے گا۔
نواز شریف کے کیس کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حق میں فیصلے کو بنیاد بنایا جائے گا، نواز شریف کی سزا کے فیصلے کو کالعدم کرانے کی آپشن پر قانونی ماہرین نے اپنی رائے بھی دے دی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں پنجاب کے 9 ڈویژن میں جلسے رکھے جائیں گے، مریم نواز کی وطن واپسی کا بھی قوی امکان ہے۔
ن لیگ کا رواں ماہ پارٹی انتخابات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ پارٹی قیادت کے حوالے سے بھی اہم فیصلے لیے جانے کا امکان ہے۔

انڈیا میں مسلمان خواتین کی آن لائن بولی لگانے والے شخص پر مقدمہ چلایا جائے گا

دلی : (ویب ڈیسک) انڈیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ شخص، جس نے گذشتہ برس ملک میں ایک ایپ کے ذریعے 80 سے زائد مسلمان خواتین کی آن لائن بولی لگائی تھی، کے خلاف قانونی مقدمہ چلایا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے یہ اعلان دلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینا کی جانب سے 25 سالہ ملزم امکاریشور کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلانے کی اجازت کے بعد کیا گیا ہے۔
سلی ڈیلز کے نام سے یہ اوپن سورس ایپ جولائی 2021 میں ویب پلیٹ فارم گٹ ہب پر پیش کی گئی تھی۔
ملزم امکاریشور ٹھاکر کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا مگر انھیں مارچ میں ضمانت مل گئی تھی۔
ملزم امکاریشور ٹھاکر جن کے پاس کمپیوٹر ایپلی کیشنز کی ڈگری ہے، کو سنگین جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم دلی پولیس کی ٹیم نے وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے اندور شہر سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات، انڈیا کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور انڈیا کے کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 196 کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔
انڈیا کے قانون فوجداری میں دفعہ 196 کسی فرد کی بجائے ’ریاست کے خلاف کیے جانے والے جرائم‘ سے متعلق ہے، اور عام طور پر یہ دفعہ اعلیٰ درجے کے سرکاری اہلکاروں کے خلاف عائد کی جاتی ہے، جسے آگے بڑھنے کے لیے وفاقی یا ریاستی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے۔
سلی ڈیلز ایپ نے مسلم خواتین کی سوشل میڈیا پر موجود تصاویر کو استعمال کیا تھا اور ان مسلم خواتین کے پروفائلز بناتے ہوئے ان کی بولی کو ’ڈیلز آف دی ڈے‘ قرار دیا تھا۔

طارق فاطمی کو باقاعدہ قلمدان مل گیا، معاون خصوصی کوآرڈینیشن تعینات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم نے معاون خصوصی طارق فاطمی کو معاون خصوصی کوآرڈنیشن تعینات کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، معاون خصوصی طارق فاطمی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے اپریل میں طارق فاطمی کو معاون خصوصی خارجہ امور تعینات کیا تھا، طارق فاطمی سے چند گھنٹے بعد ہی خارجہ امور کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ تقریبا 8 ماہ سے طارق فاطمی بغیر کسی قلمدان کے معاون خصوصی تھے۔

سندھ ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کی مزید مقدمات میں گرفتاری روک دی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے مزید مقدمات میں پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کی تھی جس کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ نے عثمان سواتی کی درخواست کو فوری سماعت کے لئے منظور کیا جس پر جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد مزید مقدمات میں اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے عثمان سواتی کی دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹسز جاری کردیئے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے 14 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں بلوچستان سے سکھر منتقل کیا گیا۔

وفاق نے مدد نہ کی تو ہماری حکومت ڈیفالٹ کر جائے گی: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا جو حصہ ہے وہ ہمیں دیا جائے ورنہ ہماری حکومت ڈیفالٹ کر جائے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہم تنخواہیں نہیں دے پا رہے، جب سے وفاقی حکومت آئی ہے ہم اس وقت سے مشکل سے گزر رہے ہیں، ہمیں فاٹا کے صحت کارڈ کے پیسے نہیں مل رہے، کے پی کا جو حصہ ہے اور جو وفاق پر ہمارے بقایا جات ہیں وہ ہمیں دیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہے، خیبرپختونخوا کا جو حصہ ہے وہ ہمیں دیا جائے ورنہ ہماری حکومت ڈیفالٹ کر جائے گی۔ سیلاب میں ہمارے صوبے کے لئے 10 ارب کا اعلان ہوا جس میں سے ایک پائی بھی ہمیں نہیں دی گئی، کیا خیبرپختونخوا پاکستان کا حصہ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مالی مسائل کے بارے میں وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرنے کی کوشش کی لیکن وفاقی حکومت مالی اعتبار سے ہماری کوئی مدد نہیں کر رہی۔ ہمارے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، کچھ پتے ہم نے دکھا دیئے ہیں کچھ پاس موجود ہیں جو بعد میں دکھائیں گے۔

امپورٹڈ حکومت نے ملک کی جڑیں ہلادی ہیں : اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اس امپورٹڈ حکومت نے ملک کی جڑیں ہلادی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 4اکائیوں کا وفاق کے خلاف احتجاج ہوا۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان،پنجاب اور آزاد کشمیر سب حق تلفی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

سدرہ امین آئی سی سی ویمن پلئیر آف دی منتھ قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر سدرہ امین کیلئے بڑا اعزاز، سدرہ امین کو آئی سی سی ویمن پلئیر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔
سدرہ امین نے آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 277 رنز بنائے تھے، جس میں وہ لاہور میں ہونے والے پہلے میچ میں پانچواں سب سے بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہوئیں۔امین آئی سی سی ویمنز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھی 22 ویں نمبر پر آگئی ہیں اور اس فہرست میں سب سے زیادہ رینک والی پاکستانی بلے باز ہیں۔

ناسا کے خلائی جہاز کی زمین پر واپسی

امریکا: (ویب ڈیسک) چاند کا چکر لگا کر ناسا کے اورائن خلائی جہاز کی 26 دن بعد زمین پر واپسی ہو گئی ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی کا اورین خلائی کیپسول چاند کے گرد 26 دن کا سفر مکمل کرکے کامیابی سے واپس زمین پر اتار لیا گیا ہے، مشن کو 3 پیرا شوٹ کی مدد سے بحرالکاہل میں اتارا گیا۔ کیپسول کی ٹیسٹ پرواز میں کوئی شخص سوار نہیں تھا تاہم آئندہ 2 سے 3 برس میں مشن کے ذریعے زمین سے شہریوں کو چاند کی سطح پر لانے لے جانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ ایک آزمائشی پرواز تھی اس لیے اس میں کوئی لوگ موجود نہیں تھے مگر ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے سینسرز کے حامل کچھ پتلے رکھے گئے تھے۔
ناسا اپنے اس مشن کے ذریعے انسانوں کو تقریباً نصف صدی کے بعد دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کی پلاننگ کر رہا ہے، اورائن کی بیرونی تہہ گذشتہ خلائی جہازوں کے مقابلے میں ایک نیا ڈیزائن ہے اور اس آزمائشی پرواز سے ناسا کا ایک مقصد اسے ٹیسٹ کرنا بھی تھا تاکہ جب خلاباز اس میں سفر کریں تو وہ محفوظ رہیں۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق چاند پر اترنے کا نیا لینڈنگ سسٹم ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس ناسا کے لیے بنا رہی ہے۔ وہ سٹارشپ کہلانے والا ایک بڑا راکٹ بنا رہے ہیں جو آنے والے چند مہینوں میں زمین کے اوپر اپنی پہلی پرواز کرے گا۔
ارادہ یہ ہے کہ آرٹیمس تھری مشن میں اورائن خلائی جہاز چاند کے قریب سٹارشپ سے ملے گا جہاں سے ایلون مسک کا خلائی جہاز خلابازوں کو چاند کی سطح پر اتارے گا۔

قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر بہارہ کہو بائی پاس کی تعمیر کے خلاف درخواست خارج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر بہارہ کہو بائی پاس کی تعمیر کے خلاف درخواست خارج کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز کی درخواست خارج کر دی، یونیورسٹی کی زمین پر پراجیکٹ کی تعمیر کے خلاف حکم امتناع بھی خارج کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ سنایا، واضح رہے عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

گوگل کا وفد آج پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گوگل کا پاکستان میں آفس کھولنے کے معاملے پر پیش رفت، گوگل کا وفد آج پاکستان پہنچے گا۔
ذرائع کے مطابق گوگل کا وفد آج لاہور سے اسلام آباد آئے گا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہوگی کہ ہماری ان سے ملاقات ہو، ہم ان کو آمادہ کریں گے کہ وہ آفس کھولیں اور کڑوروں روپے کمائیں اور ہمارے نوجوانوں کو نوکریاں بھی دیں۔ ان کو پتہ چلے پاکستان کا کسٹم اور کلچر کیسا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آفس قائم ہوگا تو ہم ان سے مسائل پر براہ راست بات کر سکے گے، اگر کوئی ایسا مواد جو ریاست اور مذہب کے خلاف ہو ان سے بات کر کے ہم وہ ڈیلیٹ کروا سکیں گے۔
واضح تین روز قبل عالمی سرچ انجن گوگل نے بطور کمپنی پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا تھا کہ گوگل آفس کا قیام پاکستانی صارفین کیلئےاہم سنگ میل ثابت ہوگا، گوگل ایشیا پیسیفک نےسیکیورٹیزاینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کروالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل حکام سے رابطے جاری ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے، گوگل وفد سے ملاقات میں پالیسیز،مسائل، حکومتی تعاون سمیت دیگرامور پرگفتگو ہوگی۔
امین الحق نے یہ بھی کہا کہ گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنزسےمتعلق امورکی نگرانی کرے گا جس سے ایڈورٹائزنگ سےمتعلق معاملات پرصارفین کوفوری ریسپونس مل سکےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سےبھرپور تعاون حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں اپنا رابطہ آفس کھولنےکا اصولی فیصلہ کرلیا ہے،امید ہے فیس بک بھی اس ضمن میں جلدہی اپنافیصلہ جاری کرے گا۔