All posts by Khabrain News

سینئر صحافی، ادیب ابوالحسن نغمی امریکا میں انتقال کرگئے

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) سینئر صحافی، براڈ کاسٹر اور ادیب ابوالحسن نغمی امریکا میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 92 برس تھی۔
ادیب ابوالحسن نغمی گزشتہ 50 برس سے امریکا میں مقیم تھے، وہ منٹو کے دوست اور قریبی ساتھی تھے۔
وہ امریکا میں بنائی گئی تنظیم سوسائٹی آف اردو لٹریچر کے روح رواں بھی تھے۔ انہوں نے متعدد کتابیں لکھیں۔
ادیب ابوالحسن نغمی ریڈیو پاکستان کے ساتھ بھی منسلک رہے، آؤ بچو سنو کہانی اُن کا کامیاب اور معروف ترین پروگرام میں شامل تھا۔
ان کی نماز جنازہ منگل کی دوپہر ایک بجے دارالہدی، سپرنگ فیلڈ، ورجینیا میں ادا کی جائے گی۔

کیا شیخ رشید کا ٹوئٹر اکاونٹ بند ہو گیا ہے ؟

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) کیا سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا ٹوئٹر اکاونٹ بند ہو گیا ہے ؟
شیخ رشید نے اس بارے میں بیان دیا ہے کہ معلوم نہیں میرا ٹویٹر اکاؤنٹ 3 روز سے ٹیکنیکل وجوہات کی وجہ سے بند ہے، انہوں نے بتایا کہ میں 3 روز کے لیے عمرہ پر سعودیہ عرب آیا ہوا ہوں، آج پاکستان آؤں گا اور دیکھوں گا کہ ٹویٹر کیوں کام نہیں کر رہا۔

اعظم سواتی کی سندھ میں گرفتاری کیخلاف درخواست فوری سماعت کیلئے منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف درخواست فوری سماعت کے لئے منظور کر لی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کی تھی جس کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے عثمان سواتی کی درخواست کو فوری سماعت کے لئے منظور کر لیا جس پر جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
درخواست پر سماعت کے سلسلے میں اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم صدیقی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں بلوچستان سے سکھر منتقل کیا گیا۔

وفاق،صوبےگریٹرتھل کینال پرآمنے سامنے، اے ڈی بی کی قرضہ واپسی کی دھمکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب، سندھ اور وفاق گریٹر تھل کینال پر آمنے سامنے آگئے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس مد میں دیا قرضہ واپس لینے کا عندیہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق 2021 میں این او سی جاری ہونے کے بعد گریٹر تھل کینال کا فیز وَن مکمل ہوچکا ہے جبکہ چوبارہ اور منکیرہ برانچ کی تعمیر رکوا د ی گئی۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے پنجاب گریٹر تھل کینال کو پانی کہاں سے فراہم کرے گا؟ جبکہ پنجاب حکومت کے مطابق اپنے کوٹے کے کسی بھی ذریعے سے فراہمی کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ حتمی فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا۔
اس ساری صورتحال پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے دھمکی دی ہے صورتحال برقرار رہی تو گریٹر تھل کینال کی تعمیر کی مد میں دیا گیا قرضہ 15 دسمبر کو واپس لے لیں گے۔

رونالڈو کی گرل فرینڈ نے پرتگال کی شکست کا ذمہ دار کوچ کو قرار دے دیا

دوحا : (ویب ڈیسک) پرتگال کی فٹ بال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جورجینا روڈریگوز نے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا ذمہ دار ٹیم کے کوچ کو قرار دے دیا۔
سٹار فٹ بالر رونالڈو کی گرل فرینڈ جورجینا روڈریگوز نے اپنے انسٹا گرام پرایک پیغام میں پرتگال کے میگا ایونٹ سے باہر ہونے پر ٹیم کے کوچ فرنینڈو سانتوس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
جورجینا نے کہا کہ میچ کے دوران آپ کے دوست اور کوچ کے فیصلے بہت خراب تھے وہ دوست جس کی میں بہت زیادہ معترف رہی،جب میں سٹیڈیم میں داخل ہوئی تو میں نے دیکھا کہ سب کچھ کیسے بدل گیا ہے، لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔
انہوں نے کہا آپ دنیا کے بہترین کھلاڑی اور اپنے سب سے طاقتور ہتھیار کی توہین نہیں کرسکتے ، ہم کسی ایسے شخص دفاع نہیں کرسکتے جو اس کا مستحق نہیں ہے۔
جورجینا کا مزید کہنا تھا کہ زندگی ہمیں سبق دیتی ہے، آج ہم ہارے نہیں، ہم نے سیکھا ہے، کرسٹیانو ہم تم سے محبت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتہ کےروز مراکش نے میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی تھی اور وہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی ۔

” کہانی سنو ” نے میرے دل کو جوڑنے میں بڑی مدد کی : آئمہ بیگ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ کیفی خلیل کے گانے ”پیار ہوا تھا ” کو انکی اجازت سے گایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے بتایا کہ جب میرا دل ٹوٹا تھا تو میں نے کیفی خلیل کے گانے کہانی سنو کو بہت سنا اور اسی گانے نے میرے دل کو جوڑنے میں میری مدد کی۔
گلوکارہ نے بتایا کہ میری والدہ نے مجھے بچپن سے تمیز سکھائی ہے اسی لئے میں نے گانا گانے سے قبل کیفی خلیل سے اجازت لی اور پھر اسے گایا، کیفی خود بھی میری آواز میں یہ گانا سننے کا شوق رکھتے تھے۔
آئمہ بیگ کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ اپنی نجی زندگی کو نجی رکھیں اور سوشل میڈیا سے دور رہیں، سوشل میڈیا جتنا آپ کو کامیابی دیتا ہےاتنا ہی وہ نقصان دہ بھی ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا اس قدر نقصان دہ ہے کچھ لوگ اس کی وجہ سے خودکشی کر لیتے ہیں، کچھ لوگ اپنے پروفیشن کو چھوڑ دیتے ہیں اور کچھ لوگ سوشل میڈیا کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں ضلع پشین، لسبیلہ اور حب میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پشین کی میونسپل کمیٹی حرم زئی میں جمعیت علمائے اسلام ف نے میدان مار لیا، 14 میں سے 7 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کر لی۔
پشین کی میونسپل کمیٹی حرم زئی میں عوامی نیشنل پارٹی اور پختونخوا میپ نے بھی تین تین نشستیں حاصل کر لیں۔
میونسپل کمیٹی اوتھل کی تمام 16 نشستیں آزاد امیدوارجیت گئے، میونسپل کمیٹی دریجی کی تمام 6 نشستوں پر بھی آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے۔

کورونا وائرس : ملک بھر میں کیسز کی شرح میں نمایاں کمی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔
قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 901 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 9 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.18 فیصد رہی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 29 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

انگلش ویمنز ٹیم کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 سیریز میں فاتحانہ آغاز

جمیکا : (ویب ڈیسک) انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی 20 سیریز کا آغازہو گیا جبکہ انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سر وویون رچرڈ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے 106 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 44 گیندیں قبل مکمل کیا گیا، ڈینی ویٹ نے 34 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست شاندار اننگ کھیلی۔ فاتح ٹیم کی بولر لورین بیل کو میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا دوسرا میچ 15 دسمبر کو برج ٹائون میں کھیلا جائے گا۔

عراق کے عالمی کتب میلے میں 8 لاکھ کتابیں نمائش کیلئے پیش

بغداد : (ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں عراقی فلسفی ہادی الاوی سے موسوم عالمی کتب میلے میں کتابوں کی نمائش کامیابی سے جاری ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس کے کتب میلے کو عراقی فلسفی، مورخ اور ماہر لسانیات ہادی الاوی سے موسوم کیا گیا ہے جبکہ کتب میلے میں 8 لاکھ کتابیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ کتب میلے کے دوران نمائش کیلئے پیش کی جانے والی کتابوں کے مصنف اپنی دستخط شدہ کتابیں تقسیم کریں گے، شاعری پڑھی جائے گی اور فن پاروں کی نمائش بھی ہو گی۔ رپورٹس کے مطابق بغداد میں منعقدہ کتب میلے میں 6 لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے جبکہ 20 ممالک کے 350 ناشرین حصہ لے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ عراق کے وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نےعراقی دارالحکومت بغداد میں عالمی کتب میلے کا افتتاح 7 دسمبر کو کیا تھا جو کہ 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔