All posts by Khabrain News

بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی۔
بابر اعظم ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے عمرہ ادا کرنے کے بعد غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کا شرف حاصل کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بابر اعظم نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘اس عظیم اعزاز کو حاصل کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں’۔

ملک میں دو عیدیں، وفاقی وزیر مذہبی امور کا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ملک میں دو عیدوں کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آزاد ادارہ ہے، ہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم صرف مرکزی کمیٹی کو درخواست کرسکتے ہیں کہ شہادتوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور 3 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر کا اعلان کیا جس کے بعد صوبائی حکومت نے بھی سرکاری طور پر عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال بھی ملک میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا قیدیوں کی سزاؤں میں معافی، سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا، ا نتظامات کا جائزہ لیا اور قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی، سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے دورہ کے موقع پر سکیورٹی وارڈ ٹو میں قائم مرکز تدریس القرآن و حدیث کا افتتاح کردیا، اس وارڈ میں حمزہ شہباز 22 ماہ قید میں رہے۔
اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی اور جیل کے سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے سپاہیوں کو پولیس کے سپاہیوں کے برابر تنخواہ ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے، جیل کے لان میں پودا بھی لگایا جبکہ حمزہ شہباز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
اراکین پنجاب اسمبلی عبد العلیم خان، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، حافظ محمد نعمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ضلعی سطح پر لاء اینڈ آرڈر کمیٹیوں کو فعال بنانے کا حکم دیدیا، حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، غیر ملکی افراد خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، عید پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چاند رات اور عید اجتماعات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوامی نمائندے بھی اپنے اضلاع میں امن عامہ کی کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وزیراعلی نے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ عید پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول احمد، ایم پی ایز اویس لغاری، ملک محمد احمد خان، جہانگیر خانزادہ، ذیشان رفیق، عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام کمشنرز اورآر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ ہے: سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی بیروزگاری،غربت اور معاشی بدحالی کا واحد حل اللہ کے نظام میں ہے، موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ،عوام نڈھال ہوگئے ہیں ،یہ نظام صرف محنت مزدوری کرنے والوں کے استحصال پر مبنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے شرکاء اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوئے پریم یونین کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری، مرکزی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف، جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ودیگر بھی موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام مزدور اورمحنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکاہے، ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے70 سال میں مزدوروں اور کسانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دلائے گی، موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں مزدوروں کیلئے کچھ نہیں، نہ ہی کوئی سیاسی جماعت اس حوالے سے کوئی واضح ویژن رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک جامع پلان تیار کر رکھا ہے۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مزدوروں کو کارخانوں اور کسانوں کو زمینوں کی پیداوار میں حصہ دار بنائے گی۔ حکومت ہنگامی بنیادوں پر بے روز گار محنت کشوں کو نوکریاں دے ۔ آئندہ بجٹ میں غریبوں اور مزدوں کے لیے خصوصی پیکج کے ساتھ ساتھ اشیاء ضررویہ کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا جائے۔

فرح خان، عمران خان کی دکھتی رگ بن گئی ہیں، وہ ترجمان کا کردار ادا کررہے ہیں: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فرح خان عمران خان کی دکھتی رگ بن گئی ہیں اورعمران خان، فرح خان کے ترجمان کا کردار ادا کررہے ہیں۔
سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک ایف آئی آر نے رونے پر مجبور کردیا ،خان صاحب گھبرانا نہیں، چیف الیکشن کمشنر، خان صاحب نے خود لگایا لیکن جب اپنے مفادات کا تحفظ نہیں کر رہا تو انہیں ناقابل اعتبار قرار دے دیا۔
انہوں ںے کہا کہ آصف زرداری عمران خان کے حواس پر سوار ہوچکے ہیں، عمران خان کے قریبی افراد کی کرپشن سے سارا عالم باخبر ہے، عمران خان ملکی اداروں کے خلاف عوام کو اکساتے رہے ہیں۔
پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان آج کی پریس کانفرنس شکست اور بوکھلاہٹ کا امتزاج تھا، عمران خان پنجاب کویرغمال بنا کر لوٹنے والوں کی ترجمانی کررہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ عمران خان کی دیگر دکھتی رگیں بھی سامنے آئیں گی، عمران خان بشریٰ بی بی اور اپنی ذات کی جانب سے کرپشن کی سرپرستی کو چھپانا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ خان کا امریکا میں ورلڈ کلاس کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ اور انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے مالک شاہ رخ خان نے امریکا میں ورلڈ کلاس کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز گروپ نے امریکی کرکٹ کمپنی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مشترکہ تعاون سے ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں عالمی طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹروپولیٹن علاقے میں تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں اربوں ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوگی، اس پروجیکٹ کا ڈیزائن تیار کرنے کے لیے ماہرین کی مدد لی جائے گی۔
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ کا کہنا ہے کہ امریکا میں سرمایہ کاری کا مقصد کرکٹر کا فروغ اور اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز(کے کے آر) کو عالمی برانڈ بنانا ہے، میجر لیگ کرکٹ کے ساتھ مل کر اس میگا پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کنگ خان نے سنہ 2008 میں کے کے آر کو خریدا، یہ ٹیم اب تک آئی پی ایل کی دو ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر کل عید منانے کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری سطح پر عید منانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بروز پیر دو مئی کو عید منانے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے مسجد قاسم علی خان اور رویت ہلال کی زونل کمیٹی کو موصول ہونے والی شہادتوں کے اعلان کے بعد بروز پیر سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کل گورنر ہاوس پشاور میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے جبکہ کابینہ اراکین اور سرکاری حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔

فرح خان کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، ترجمان

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے دعویٰ کیا ہے کہ فرح خان کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
ترجمان نیب نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ فرح خان کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے کیونکہ نیب کسی بھی پبلک آفس ہولڈر یا اس کے اہل خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوئری کا آغاز کر سکتا ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق فرح خان کے شوہر 1997 سے 1999 تک ضلع کونسل گوجرانولہ کے چیئرمین رہے ہیں۔
ترجمان نیب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نیب فرح خان کیس کی شفاف انداز میں تحقیقات کرے گا۔

عمران خان کیخلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فسطائی حکومت کا عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریفوں نے نہ تاریخ سے سبق سیکھا اور نہ ہی اپنی حرکتوں سے باز آئے، انتقامی سیاست کو شریف برادران نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، وہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، امپورٹڈ حکومت مذہب کارڈ کھیل کر خطرناک اقدام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ سے عمران خان کا کیا تعلق؟ عمران خان واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس طرح کی ہدایت دینے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پوری قوم کو معلوم ہے کہ جس رات مسجد نبوی ﷺ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس رات عمران خان اور ان کے کارکن شب دعا میں مصروف تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی آڑ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف جو قرارداد منظور کرائی، اس پر پوری مسلم دنیا انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے، یہ وہ اعزاز ہے جس کی توفیق عمران خان جیسے سچے عاشق رسولﷺ ہی کو نصیب ہو سکتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے اپنا دوٹوک موقف دے چکے ہیں، عمران خان عشق نبویﷺ سے سرشار ہیں، عمران خان کو مسجد نبوی ﷺ میں ہونے والی نعرہ بازی میں ملوث کرنے کی کوشش کرنا شہبازشریف اور ان کی امپورٹڈ حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے عمران خان ایک عالمی آواز بن کر ابھرے ہیں، پہلی مرتبہ کسی مسلم حکمران نے مغرب کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت کے مرتکب عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

خاتون نے طلاق کا جشن منانے کیلئے عروسی لباس کو نذر آتش کردیا

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں طلاق یافتہ خواتین شدید صدمے کا دوچار ہوتی ہیں لیکن برطانوی خاتون نے اپنی طلاق پر جشن کچھ مختلف انداز میں منایا۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 38سالہ نکولا وائٹ نامی خاتون نے جب اپنے شوہر سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیاتو اس خوشی میں اپنے عروسی جوڑے کو آگ لگا دی۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی رہائشی پرائیویٹ اسسٹنٹ نکولا وائٹ نے اپنے شادی کے جوڑے کو نذر آتش کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
نکولا وائٹ کی شادی سال 2005ء میں ہوئی تھی تاہم ابتداء سے ہی انکا ازدواجی تعلق تلخی کا شکار رہا جس کے باعث انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کرکے میں خود کو بااختیار محسوس کر رہی ہوں۔ مجھے ایسے لگ رہا ہے جیسے میرے سینے پر ایک بوجھ تھا جو اتر گیا ہے۔ اب میں اپنے ماضی کو ماضی میں چھوڑ کر آگے بڑھ سکتی ہوں۔