All posts by Khabrain News

حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات دوبارہ شروع، صدرعلوی، اسحاق ڈار کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات، وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام صدر مملکت تک پہنچایا۔
ایوان صدر اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت عارف علوی کے درمیان ہونے والی ملاقات 20 منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کے جلد انتخابات کے مطالبے اور حکومتی اتحادیوں کے نکتہ نظر پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے عمران خان کا موقف سامنے رکھا، اس موقع پر پاکستان متحدہ موومنٹ (پی ڈی ایم ) اور پاکستان تحریک انصاف کے متوقع مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی سے اسحاق ڈار کی دو ملاقاتیں پہلے بھی ہوچکی ہیں۔

حکومت روزانہ اپنی کرسی بچانے کی جنگ میں مصروف ہے، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت روزانہ اپنی کرسی بچانے کی جنگ میں مصروف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ملک پر جب سے موجودہ امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں 52 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فواد چودھری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ گورننس اور معیشت تباہ و برباد ہوچکے ہیں، انتخابات کروائیں مستحکم حکومت قائم ہونے دیں جو معاملات کو دیکھے۔

سلیمان شہباز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، سلیمان شہباز پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بزنس مین ہوں منی لانڈرنگ کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہا جبکہ منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، بزنس مین ہونے کے ناطے تمام شیئرز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہیں۔
سلمان شہباز نے کہا کہ 27 اکتوبر 2018 سے برطانیہ میں ہوں لیکن کبھی ایف آئی اے کا نوٹس نہیں ملا، ایف آئی اے نے میرے خلاف مقدمہ میری غیر حاضری میں درج کیا، 2018 میں بیرون ملک گیا جبکہ 2020 میں مقدمہ بنا اور اس کے بعد اشتہاری قرار دیا گیا لہٰذا عدالت دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ پر ٹیکس فراڈ کے الزامات ثابت

نیویارک : (ویب ڈیسک)
2024 کے انتخابات کیلئے میدان میں اترنے کے خواہاں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور دھچکہ لگ گیا ہے، سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی پر ٹیکس حکام کو دھوکہ دینے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔
نیویارک کی 12 رکنی جیوری نے 6 ہفتے ٹرائل کے بعد سابق امریکی صدر کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے، تاہم سماعت میں ڈونلڈ ٹرمپ پیش نہیں ہوئے۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ٹیکس چھپانے کی 15 سالہ اسکیم سے پوری طرح واقف تھے، انہوں نے اس کیلئے کئی لوگوں کو مراعات بھی دیں۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ کم تنخواہوں کی ادائیگی سے کمپنی کے ٹیکس واجبات میں کمی آئی۔
ٹرمپ کی کمپنی ٹیکس حکام کو دھوکہ دینے کی اسکیم میں قصوروار پائی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق کمپنی ٹیکس حکام کو 15 سال تک دھوکہ دیتی رہی، ٹرمپ آرگنائزیشن دنیا بھرمیں ہوٹلوں، گولف کورسزاوررئیل اسٹیٹ کو چلاتی ہے۔
واضح رہے جرم ثابت ہونے کے بعد سابق امریکی صدر کی کمپنی کو سزا پر جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑے گا، جرمانے کی رقم کا تعین بعد نیویارک کی عدالت کے جج اگلی سماعت میں کریں گے۔

مارگلہ کی پہاڑیوں پر نایاب نسل کا تیندوہ مردہ حالت میں برآمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مارگلہ کی پہاڑیوں پر نایاب نسل کا تیندوہ مردہ حالت میں برآمد ہوا ہے.
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ تیندوا مارگلہ ہلز کے علاقے سنہیاری میں مردہ حالت میں پایا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیندوے کی موت بلندی سے گرنے کے باعث ہوئی۔ بلندی سے گرنے کے باعث چوٹ تیندوے کے دماغ پر لگی۔ تیندوے کی ہسٹوپتھالوجی رپورٹ کے بعد موت کی دیگر وجوہات کا تعین ہو سکے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقع چند روز پرانا ہے، وائلڈ لائف کے اہلکار مردہ تیندوے کو سینٹر لے گئے تھے۔

ارشد کو منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا: فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ارشد شریف کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ارشد شریف قتل کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے جو کہ 592 صفحات پر مشتمل ہے۔
رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات ہوئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کو ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا، کینیا پولیس نے تحقیقات میں کوئی معاونت نہیں کی، کیس میں کئی غیرملکی کرداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، ارشد شریف کے کینیا میں میزبان خرم اور وقار کا کردار اہم اور مزید تحقیق طلب ہے جبکہ وقار احمد کمیٹی کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید اور ڈپٹی ڈی جی آئی بی عمر شاہد نے تیار کی، تحقیقاتی ٹیم کی کینیا اور متحدہ عرب امارات میں کارروائی رپورٹ کا حصہ ہے، ارشد شریف قتل کیس میں زیر استعمال گاڑی، نقشہ جات، کرائم سین کا جائزہ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔
23 اکتوبر سے لے کر ارشد شریف کے قتل تک کینیا میں ہونے والے تمام واقعات رپورٹ کا حصہ ہیں جبکہ ارشد شریف قتل کیس میں استعمال اسلحہ، بیلسٹک رپورٹ بھی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں شامل ہے۔
ارشد شریف کا تمام سفری ریکارڈ بھی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ارشد شریف کے موبائل فون، ڈیوائسز، واٹس ایپ اور ای میل کی جائزہ رپورٹ بھی فیکٹ فائنڈنگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سینئر صحافی کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور کرنے کے محرکات، درج ایف آئی آرز، خیبر پختونخوا سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ رپورٹس کے اہم نکات میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف نے مختلف اضلاع میں فوجداری مقدمات کے اندراج کے باعث ملک چھوڑا، ممکن ہے ارشد شریف نے یو اے ای اتھارٹی کے دباؤ پر یو اے ای چھوڑا ہو، کینیا کا جی ایس یو پولیس حکام اور اوسی ٹریننگ کمیپ مالی یا کسی اور اثرورسوخ کے باعث اسعتمال ہوا ، وقار کینیا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس، پولیس اور عالمی ایجنسیوں سے ساتھ رابطہ میں تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وقار نے ارشد شریف کا فون اور آئی پیڈ پولیس کی بجائے نیشنل انٹیلی جنس سروس کے حوالہ کیا ، وقار کے کینیا اور عالمی ایجنسیوں کے ساتھ روابط ظاہر کرتے ہیں کہ مزید غیر ملکی کردار ملوث ہو سکتے ہیں، ارشد شریف کے ساتھ ڈرائیونگ سیٹ پر موجود خرم کے بیانات منطق اور حقائق کے برعکس ہیں۔
سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کارسیٹ پر گولی کا کوئی نشان نہیں، سینئر صحافی کے سینے میں دائیں جانب سے گولی نکلی مگر سیٹ کو نہیں لگی، ارشد شریف کی بیٹھنے کی پوزیشن اور گولی لگنے کی پوزیشن میں کوئی مطابقت نہیں لگتی، کینیا پولیس کا شناخت میں غلطی کا دعویٰ تضادات سے بھرا ہوا ہے، جی ایس یو پولیس حکام کا موقف ناقابل یقین ہے۔
رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کا قتل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ،غیرملکی عناصر ملوث تھے، ارشد شریف پر قتل سے قبل تشدد ہونے کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

سموگ کے باعث لاہور کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار 3 چھٹیوں کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) سموگ کے باعث لاہور کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار تین چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکولز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سموگ کے باعث جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں سموگ کے باعث سکولز جمعہ اور ہفتے کو بند رہیں گے، 3 روز چھٹیوں کے احکامات تاحکم ثانی جاری رہیں گے۔

پاکستانی روپے کی قدرمیں معمولی بہتری امریکی ڈالر مزید سستا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری آئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر مزید سستا ہو گیا ہے۔
پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 15 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 224 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 100 انڈیکس میں 132 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انڈیکس 41 ہزار 690 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔

ملتان : پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ کے دوران 16 تعلیمی ادارے بند رہیں گے

ملتان: (ویب ڈیسک) سرزمین اولیاء ملتان میں پاکستان انگلینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران 16 تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
پولیس کے مطابق میچ کے دوران صبح 7 سے شام 4 بجے تک بوسن روڈ ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند ہوگی، بوسن روڈ پر زکریا یونیورسٹی سمیت 16 تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ان تعلیمی اداروں میں ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بوسن روڈ پر موجود تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند رہیں گی، ضلعی انتظامیہ ابدالی روڈ اور ڈیرہ اڈا روڈ 7 دن کیلئے پہلے ہی بند کر چکی ہے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ بوسن روڈ بند ہونے سے 16 کالج، 4 یونیورسٹیز اور 123 سکولز بند ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 9 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چین کے سفیر نونگ زونگ نے ملاقات کی، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، وزیر خزانہ نے چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت کی امداد کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے کہا حکومت آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چینی حکومت پاکستان سے مسلسل تعاون جاری رکھے گی، ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مسلسل تعاون اور مدد پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔