All posts by Khabrain News

کرکٹ کی دنیا میں نیا ریکارڈ، بلے باز نے ایک اوور میں 7 چھکے مار دئیے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈومسٹک میچ کے دوران بلے باز نے ایک اوور میں 7 چھکے مار کر نیا ریکارڈ بنا دیا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی آفیشل ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارت میں ہونے والے ایک ڈومیسٹک کرکٹ میچ کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بلے باز نے بولر کی خوب درگت بنائی۔
ویب سائٹ کے مطابق مہاراشٹرا کی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی جس کے 49 ویں اوور میں بلے باز رتوراج نے بولر کی خوب درگت بناتے ہوئے پہلی چار گیندوں پر ہی چار چھکے مار دئیے۔
باؤلنگ میں پٹائی کی وجہ سے بولر پریشر میں آگیا اور پانچویں گیند نوبال کرادی جس پر بلے باز نے نوبال پر بھی چھکا لگادیا جس کی وجہ سے ایک گیند پر 7 رنز ملے۔ بیٹر نے یہیں پر بس نہیں کی بلکہ اوور کی آخری دو گیندوں پر بھی 2 چھکے لگا دئیے اور ایک اوور میں 43 رنز بٹور لیے۔
بلے باز کی جانب سے بیٹر کی درگت بنانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کئی باز شیئر کی گئی اور اسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز سرگرم ہیں، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکمرانوں پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز، پارٹیوں کی صورت میں جتھے سرگرم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی باریاں لگی ہوئی ہیں، انہیں عوام کی کوئی پروا نہیں کیوں کہ ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز، پارٹیوں کی صورت میں جتھے سرگرم ہیں۔
سراج الحق کا سودی نظام سے متعلق کہنا تھا کہ سود خوروں سے توقع نہیں کہ وہ سودی نظام ختم کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی لڑائی ذاتی مفادات کے لیے ہے کیوں کہ حکمران جماعتوں کے پاس بہتری کا کوئی ایجنڈا نہیں اور غربت، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ حکمران ہیں۔
انہون نے کہا کہ ملک کی 80 فیصد سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں اور بڑے شہر کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گئے جہاں سانس لینا دشوار ہے۔

شان شاہد نے ماہرہ خان کو پسندیدہ پاکستانی اداکارہ قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار و ہدایتکار شان شاہد نے اپنی ممکنہ فلم مجاجن کے سیکوئیل کی ہیروئن کے نام کا انکشاف کیا ہے۔
اداکار 2006 میں ریلیز ہونے والی اپنی بلاک بسٹر فلم مجاجن کے سیکوئیل ’مجاجن 2‘ میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں ان کے مدمقابل صائمہ تھی۔
شان شاہد نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ اگر انہیں فلم ’مجاجن 2‘ کی پیشکش ہوتی ہے تو اس فلم کے سیکوئیل کے لیے اداکارہ مہوش حایت یا ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہوں گی۔
اداکار نے اپنے انٹرویو کے دوران یہ انکشاف کیا کہ ان کی پسندیدہ پاکستانی ہیروئن ماہرہ خان ہیں جبکہ انہیں مہوش حیات کا کام بہت پسند ہے۔
شان شاہد کا کہنا تھا کہ ’مجاجن 2‘ کےلیے وہ اداکارہ صائمہ کے کردار میں ماہرہ خان جبکہ مدیحہ شاہ کے کردار میں مہوش حیات کو دیکھنا چاہیں گے۔
یاد رہے کہ فلم ’مجاجن‘ 24 مارچ 2006ء کو پاکستان بھر میں ریلیز کی گئی تھی۔

پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل ریٹائر ہورہے ہیں اور پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی 6 سالہ مدت ملازمت مکمل کر کے کل اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو میں ہوگی۔
جی ایچ کیو میں منعقد ہونے والی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آرمی کمان کی علامت سمجھی جانے والی ملاکا اسٹک اعزازی شمشیر یافتہ جنرل سید عاصم منیرکےحوالے کریں گے اور جنرل عاصم منیر اس چھڑی کو ہاتھ میں لیتے ہی پاکستان آرمی کی کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف بن جائیں گے۔
جنرل عاصم منیر فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا تقریب میں شریک ہوں گے۔ ریٹائرہونے والے آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کوگارڈ آف آنرپیش کیاجائے گا۔
تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینیئرحاضرسروس اورریٹائرڈفوجی افسران، ان کی فیملیز کے علاوہ وفاقی سیکرٹریز بھی شریک ہوں گے۔

عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کا نام بدل ایم پاکس رکھ دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس کا نام بدل کر ایم پاکس رکھ دیا ہے۔
جون میں عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ ماہرین کے ساتھ ملکر منکی پاکس کا نام بدلنے پر کام کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر عالمی ادارے نے بتایا تھا کہ منکی پاکس کا نام تبدیل کرنےکا یہ فیصلہ دنیا بھر کے 30 سائنسدانوں کی جانب سے لکھے گئے خط کے بعد کیا گیا۔
اس خط میں ماہرین کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کا نام فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ایسا نام رکھنا چاہیے جو کہ غیر امتیازی ہو اور اس سے کسی کی طرف اشارہ یا نشاندہی نہ ہوتی ہو۔
اب 5 ماہ بعد ڈبلیو ایچ او نے نئے نام کا اعلان کیا ہے۔
عالمی ادارے نے بتایا کہ نئے نام کے بعد منکی پاکس کی اصطلاح کا استعمال آنے والے مہینوں میں ختم ہوجائے گا۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جب جون میں منکی پاکس کی وبا پھیلنا شروع ہوئی تو نسل پرستی اور تعصب پر مبنی مواد آن لائن پوسٹ ہوا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ عالمی ماہرین سے مشاورت کے بعد ڈبلیو ایچ او نے ایم پاکس کی اصطلاح استعمال کرنا شروع کی ہے، کچھ عرصے تک دونوں ناموں کا استعمال ہوگا اور ایک سال کے اندر منکی پاکس کی اصطلاح کا استعمال ختم کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 1958 میں ڈنمارک کی ایک تجربہ گاہ میں رکھے گئے دو بندروں کو یہ بیماری ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اس کا نام بھی منکی پاکس پڑگیا۔
انسانوں میں اس کا پہلا کیس 1970 میں افریقی ملک ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو میں ایک بچے میں سامنے آیا تھا۔

سلمان خان اور ریواٹھی 32 برس بعد’ٹائیگر 3‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان اور اداکارہ ریواٹھی 32 برس بعد ایک بار پھر فلم ’ٹائیگر 3‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
بگ باس 16 کی قسط میں ریواٹھی نے اپنی آنے والی فلم ’سلام وینکی‘ کی تشہیر کے لیے کاجول کے ہمراہ بطور مہمان شرکت کی۔
شو کے دوران سلمان خان نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں فلم ’ٹائیگر 3‘ میں 32 سال کے بعد ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس میں کترینہ کیف بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لَو‘ میں سلمان خان اور ریواٹھی کی جوڑی بہت مقبول ہوئی تھی۔
سلام وینکی کے ڈائریکٹر کے مطابق ’ریواٹھی‘ ٹائیگر 3 میں گریش کرناڈ کی جگہ را چیف کے طور پر نظر آئیں گی۔
ٹائیگر 3 میں عمران ہاشمی ایک ولن کے کردار میں نظر آئیں گے جب کہ فلم میں ریدھی ڈوگرا بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2023 کی عید پر ریلیز کی جائے گی۔

اقوام متحدہ کی اسرائیل فلسطین تنازع کے تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے اسرائیل فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے لیے عالمی ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین سے کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن مناتے ہوئے کہا کہ میں تمام فریقین سے کشیدگی کو کم کرنے اور موجودہ صورتحال کے لئے فوری پر امن اقدامات کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کے دیرینہ محرکات بشمول جاری قبضے، یہودی آبادکاروں کی بستیوں میں توسیع، فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنا اور فلسطینی عوام میں مایوسی اور نا امیدی کو بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے تمام فلسطینیوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے مالی امداد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی عوام کے لئے ایک امید کا ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا واضح موقف دونوں ریاستوں میں امن کو آگے بڑھانا قبضے کا خاتمہ ہے، آئیے ایک ساتھ مل کر فلسطینی عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کے حصول اور سب کے لیے امن، انصاف، سلامتی اور وقار کے مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کریں۔

جمعہ، ہفتہ کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، پھر اسمبلیاں تحلیل کر جائینگی: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی اجلاس کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو توثیق کی گئی، کل عمران خان کی پرویزالہیٰ سے ملاقات ہو گی، تحریک انصاف میں ٹکٹ کا پراسیس شروع کیا جا رہا ہے، جمعہ کو پنجاب ،ہفتہ کو خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے، جمعہ کواجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی سنیئرلیڈرشپ کا اجلاس ہوا، اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا یہ ایک سلسلہ ہے۔ 25مئی والا سلسلہ اب تک جاری ہے، ہمارے کارکنوں کی شہادت پرکسی عدالت نے نوٹس نہیں لیا، کارکنوں کوگرفتارکیا گیا عدالت نے نوٹس نہیں لیا، اعظم سواتی کوننگا کیا گیا،کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ اعظم سواتی تشدد،عدالتوں نے آنکھوں پرپٹی باندھ لی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آواز اٹھانے پر مقدمہ درج کیا گیا، ایک ٹویٹ پر اعظم سواتی کو اغوا کیا گیا، اعظم سواتی کی ویڈیو بنائی گئی کسی عدالت نے نوٹس نہیں لیا، اعظم سواتی کی اہلیہ کی ویڈیو پرعدالت نے کوئی نوٹس نہیں لیا، ظلم اوربربریت جاری رہی اورعدالتیں سوئی رہی، سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو گھروں سے اٹھایا گیا، ہماری عدالتیں سوتی رہ گئی کوئی اثرنہیں ہوا، کیا عزت صرف طاقتور اداروں کی ہے، کیا ججز، جنرلز ہی ملک میں عزت دارہے؟ کیا پاکستانی سینیٹرز، ایم این ایز کی کوئی عزت نہیں، سابق وزیراعظم پردن دیہاڑے قاتلانہ حملہ ہوا، پرچہ درج نہیں ہو رہا۔ کیا پاکستان کے عوام کی کوئی عزت نہیں ۔
پی ٹی آئی سینئر رہنما نے مزید کہا کہ کیا پاکستان میں آرٹیکل 9 اور 14 طاقتور لوگوں کے لیے رہ گیا ہے، یہ سوال ہم عوام اور اداروں کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں، رول آف لا تب ہوگا جب طاقتور لوگ بھی جوابدہ ہونگے، اعظم سواتی کے بیٹے کا عمران خان کو روتے ہوئے فون آیا انہیں پولیس مقابلے میں ماردیا جائے گا، ملک میں کیسا نظام چل رہا ہے، جو بھی سوال اٹھائے اسے گولی ماردیں؟ ہم نے 25 مئی سے لیکر اب تک ظلم کو برداشت کیا، ان زیادتیوں کا بھرپورمقابلہ کریں گے، ہم ظلم کے آگے جھکنے والے نہیں، نئے آرمی چیف ایسے واقعات کو نوٹس لیں، امید کرتے ہیں اعظم سواتی تشدد کیس، جمعرات کو لاہوررجسٹری کے باہر خواتین، بچوں کا بہت بڑا احتجاج ہو گا، جمعہ کو وکلا سپریم کورٹ کے سامنے بہت بڑا کنونشن کریں گے، تحریک انصاف کی لیڈرشپ اعظم سواتی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
فواد چودھری نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کے راولپنڈی اجتماع آمد پر شکر گزار ہیں، عوام نے عمران خان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا، پنجاب، خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو توثیق کی گئی، کل عمران خان کی پرویزالہیٰ سے ملاقات ہو گی، تحریک انصاف میں ٹکٹ کا پراسیس شروع کیا جا رہا ہے، جمعہ کو پنجاب ،ہفتہ کو خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے، جمعہ کواجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔ ملک میں 567 سیٹیں خالی ہو جائیں گی، نگران حکومت بنانے کے لیے پراسیس کا آغاز کیا جائے گا، اپوزیشن کو بھی نام دینے کی درخواست کی جائے گی، اب بھی وقت ہے وزیراعظم شہبازشریف، پی ڈی ایم قومی الیکشن کے لیے غورکرے، تحریک انصاف کو فرق نہیں پڑے گا اگر 7 ماہ بعد الیکشن ہوں، ملک کے معاشی حالات ایسے ہے قومی اسمبلی کوتحلیل کرکے عام انتخابات کا اعلان کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے عوام تحریک انصاف کودوبارہ مینڈیٹ دے گی، مسلم لیگ ن کے پاس ایک ہی آپشن ہے وہ دعا کرے تحریک انصاف اسمبلی نہ توڑے، الیکشن کمیشن ن لیگ کے ترجمان بننے کے بجائے 90 دن میں الیکشن کرائیں، میاں جاوید لطیف کو نہیں پتا گورنر راج کن حالات میں لگایا جاتا ہے، اسمبلی توڑنا چیف منسٹرکا حق ہے۔ انتخابی اصلاحات ہم انشااللہ حکومت میں آ کر خود ہی کریں گے، ہم حکومت گرانے نہیں پاکستان بچانے پنڈی گئے تھے۔
صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ جنرل باجوہ صاحب کا کوئی کارنامہ بتا دیں، اس پر جواب دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ منگل کو وہ اپنی سٹک نئے سپہ سالار کو دے دیں گے۔

وزیراعظم کا زرداری کو فون، پنجاب حکومت کی تبدیلی کیلئے آپشنز پرغور

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پنجاب حکومت کی تبدیلی سے متعلق آپشنز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پنجاب میں رونما ہونے والی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق گفتگو کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت صوبائی اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے لیے دستیاب تمام قانونی و آئینی آپشنز زیرغور ہیں، سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل کی جلد شنوائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تحریک انصاف کا اجلاس، استعفے نہیں اسمبلیاں تحلیل کرنے پر اتفاق

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے نکلنے کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کے مشاورتی اجلاس میں اتفاق ہوا ہے کہ استعفے نہیں دیئے جائیں گے جبکہ اسمبلیاں تحلیل ہونگی۔
عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی سینئر لیڈر شپ کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پنجاب، کے پی کے اور سندھ سے لیڈر شپ شریک ہوئی۔
اجلاس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان، شفقت محمود، تیمور جھگڑا، علی امین گنڈا پور، علی ظفر ایڈووکیٹ، بابر اعوان، جمشید چیمہ، اعجاز چودھری، فردوس شمیم نقوی، عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، عاطف خان، عمر ایوب، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، قاسم سوری اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
بابر اعوان اور علی ظفر کی طرف سے اجلاس کے شرکا کو آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی گئی، اسمبلی سے مستعفی ہونے کے لئے آئینی مرحلہ سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے مزید آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
قانونی ماہرین نے بریفنگ میں بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو نگران سیٹ اپ تک موجودہ وزیراعلیٰ ہی رہیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران سیٹ اپ پر اتفاق نہ ہوا تو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ نگران سیٹ اپ کا اختیار الیکشن کمیشن کو ملنے سے فائدہ پی ڈی ایم کو ہو گا۔
پی ٹی آئی کے اجلاس کے دوران اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے بجائے تحلیل کرنے کے آپشن پر مشاورت کی گئی۔
پارٹی رہنماؤں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے امپورٹڈ حکومت کو ہر صورت عام انتخابات کروانا پڑیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں اسمبلیاں تحلیل کرنے یا مستعفی ہونے کا اختیار سابق وزیراعظم عمران خان کو دے دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین جو فیصلہ کریں گے اس پر من و عن عمل ہوگا۔
اُدھر اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی اہم فیصلے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور مونس الہی کو بھی اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دوسری طرف اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ دو سے تین روز میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے حتمی تاریخ دی جائے گی جبکہ پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اُدھر عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے جبکہ عمران خان اور پرویز الہی کی منگل کے روز ملاقات کا امکان ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلی کے پی کے محمود احمد خان سے آج کے اجلاس میں ملاقات ہوچکی ہے۔
اجلاس میں اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے آئینی اپشن کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرینگے۔ دیگر ممبران میں سبطین خان، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید بھی شامل ہیں۔