All posts by Khabrain News

سیلاب متاثرین سے متعلق بین اسٹوکس کے اعلان پر وزیراعظم شہباز شریف کا ردعمل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اعلان کیا ہے۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی اپنی مکمل میچ فیس کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بین اسٹوکس نے کہا کہ اس سال کے شروع میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔
اب بین اسٹوکس کے اس اقدام پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم انگلینڈ کے کپتان بیناپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کی اپنی تمام میچ فیس سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، دکھی انسانیت کے ساتھ ہمدردی سب سے افضل ہے۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین اسٹوکس کا یہ جذبہ برطانیہ کی عظیم انسان دوستی کی روایت کا مظہر ہے۔
خیال رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔

جمہوریت کو عمران خان سے خطرہ ہے، قمر زمان کائرہ

لالہ موسیٰ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہ کہا ہے کہ جمہوریت کو عمران خان سے خطرہ ہے، عمران خان کو سیاسی مخالفین پر الزامات کے سوا کچھ نہیں آتا۔
انہوں ںے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، آئین اور قانون پر عمل درآمد سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مشکل وقت میں حلقے کے لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا، مشکلات کے باوجود ہم نے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی، سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ افراد متاثرہوئے، حکومت اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔

ن لیگ پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہ کرنے پر آخری حد تک جائے گی: عطا تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہ کرنے پر آخری حد تک جائے گی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز نے کی، عوامی مینڈیٹ کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، پنجاب اسمبلی کی مدت کو ہر حال میں پورا کریں گے، اتحادی پارٹیوں سے کل حمزہ شہباز مشاورت کریں گے، لاہور ہائی کورٹ میں سپیکر الیکشن کی پیٹیشن اسی رات دائر کر دی تھی، یہ کیس ابھی تک سرد خانے میں پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں عدالت سپیکر کے کیس پر فوری سماعت کرے، ہمارے ایم پی ایز معطل کیے گئے وہ کیس بھی سرد خانے میں ہے، جو بھی فیصلہ ہوا دونوں کیسز کو لگایا جائے، سیاسی و قانونی آپشن کو استعمال کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں، پنجاب اسمبلی میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے ووٹ برابر ہیں، عمران خان اپنے تمام مقاصد میں فیل ہونے پر اسمبلیوں کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں، پہلے آمر آج عمران خان ایسے مطالبے کر رہے ہیں، پرویز الہیٰ پتا نہیں کس غلط فہمی کا شکار ہیں، پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کی بلی چڑھانا چاہتے ہیں، حمزہ شہباز کی ریویو پیٹیشن پینڈنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویزالہیٰ ایک غیر قانونی وزیراعلیٰ ہیں، عدالت میں ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، ممبر کو معطل کرنے کا ایک قانون موجود ہے، ہمیں کہا گیا ہمارے اراکین اسمبلی سیٹیاں لیکر اسمبلی میں آئے، ان کے ممبران تو اسمبلی میں لوٹے لیکر آئے تھے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پنجاب اسمبلی جیسا احتجاج ہوا وہاں تو ایسا ایکشن نہیں ہوا، یہ پنجاب اسمبلی ہے گجرات کی اسمبلی نہیں، عدلیہ نوٹس لے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کو توڑنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

وزیر خزانہ کا ملک میں چینی کی دستیابی اور پیداوار پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار ملک میں چینی کی دستیابی اور پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے چینی کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں چینی کی طلب اور رسد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری، قومی غذائی تحفظ و تحقیق سپیشل سیکریٹری خزانہ کے علاوہ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اوروزارت خزانہ کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں چینی کے دستیاب سٹاک کی صورتحال اور مستقبل میں اس کی طلب کا جائزہ لیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
اجلاس میں بتایاگیا کہ سندھ اور پنجاب کے صوبوں میں شوگر ملوں نے گنے کی کرشنگ شروع کر دی ہے۔ سیلاب کے باعث سندھ میں چینی کی پیداوار گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ملک میں چینی کی دستیابی اور پیداوار پر اطمینان کا اظہار کیا اور چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے چینی کی قیمتوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1750 روپے کا بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 1750 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔
سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1750 روپےبڑھ کر ایک لاکھ 61 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔
10گرام سونے کی قیمت 1500 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار 288 روپےہوگئی ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونےکا بھاؤ 4 ڈالر اضافے سے 1759 ڈالر فی اونس ہے۔

چین، روس طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے: وانگ یی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نےکہا ہے کہ چین اور روس طاقت کے وحشیانہ استعمال اور یک قطبی تسلط کی پالیسی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے چین میں تعینات روسی سفیر اگور مورگولوف سے ملاقات کے دوران کہی۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین اور روس مل کر کثیر قطبی دنیا کی حمایت کر رہے ہیں اور یک قطبی بالادستی کو مسترد کرتے ہیں۔ دونوں ممالک بین الاقوامی قانون پر مبنی عالمی نظام کی حمایت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کے ساتھ بین الاقوامی تعلقات کے نظام کامضبوطی سے دفاع کر رہے ہیں جو اس حوالے سے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ موقف جدید ترقی کے رجحانات کے مطابق ہے۔

صومالیہ میں خوفناک بم دھماکے میں وزیر ماحولیات بال بال بچ گئے؛4 ہلاکتیں

موغا دیشو: (ویب ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت میں صدارتی محل کے نزدیک ایک ہوٹل میں ہونے والے 2 بم دھماکوں میں وزیر ماحولیات بال بال بچ گئے تاہم 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب کا علاقہ اُس وقت میدان جنگ بن گیا جب وہاں قائم ایک ہوٹل پر مسلح افراد نے حملہ کرکے قبضہ کرلیا۔
مسلح افراد نے پہلے دو دھماکے کیے اور پھر ہوٹل میں داخل ہوکر مہمانوں کو یرغمال بنالیا۔صدارتی محل کے نزدیک ہونے کی وجہ سے زیادہ تر وزرا اور اہم سرکاری شخصیات اسی ہوٹل میں مقیم ہوتے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل کا محاصرہ کرلیا۔ اہلکاروں اور اغوا کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 12 گھنٹے تک جاری رہا۔ گولیاں صدراتی محل کے نزدیک بھی گریں۔
صومالیہ کی فوج اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے بعد ہوٹل کا قبضہ واگزار کروا کر مہمانوں کو بحفاظت نکال لیا جن میں وزیر ماحولیات بھی شامل ہیں جو اغوا کاروں کا مرکزی نشانہ تھے۔
حملے میں 4 افراد ہلاک اور درجن سے زائد زخمی ہوئے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور کتنے تھے اور حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھا اور کیا کوئی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد وزیر ماحولیات نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔ صومالی حکومت نے حملے کی ذمہ داری الشباب پر عائد کی ہے جو اس سے قبل بھی ایسی کئی کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔

فیصل آباد میں 10 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کا ملزم گرفتار

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پولیس نے فیصل آباد میں 10 سالہ بچی سے زیادتی و قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد خالد ہمدانی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دس سالہ بچی ایمان فاطمہ کے قتل میں ملوث منیب نامی ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
سی پی او کے مطابق منیب کی عمر تقریبا سولہ سال ہے ، ملزم نے اقبال جرم کیا کہ اس نے بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا اور لاش چھپانے کی جگہ نہیں ملی۔
ایک ملزم منیب کا بھائی اٹھارہ سال کا ہے اسے بھی شامل تفتیش کیا ہے، بچی سے زیادتی ہوئی ہے یا نہیں اس پر مکمل میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی دیکھا جائے گا۔
مدعیان کی جانب سے جتنے لوگوں کو نامزد کیا گیا انکو گرفتار کرنا پولیس کا فرض تھا ، تفتیش میں پتہ لگ جائے گا اور کون کون سے لوگ اس میں شامل ہیں۔
سی پی او فیصل آباد خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر احتجاج کرنے والے کیس کو خراب کرنا چاہتے تھے،احتجاج میں کچھ غیر متعلقہ افراد بھی شامل تھے۔
سی پی او خالد ہمدانی کے مطابق کل افسوسناک واقعہ پیش ایا ، پہلے بچی کی گمشدگی کی اطلاع ملی،گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کیا گیا،پولیس افسران کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

برطانوی فاسٹ باؤلر مارک ووڈ پاکستان کیخلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ سے باہر

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مارک ووڈ آسٹریلیا میں حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کولہے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں شیڈول ابتدائی ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے تصدیق کی ہے کہ مارک ووڈ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، 32 سالہ مارک ووڈ کو 26 ٹیسٹ، 57 ایک روزہ اور 27 ٹی 20 میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، مارک ووڈ نے 26 ٹیسٹ میچز میں 31.91 کی اوسط سے 82 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ انگلینڈ کے لیے تمام فارمیٹس میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
انگلش فاسٹ باؤلر نے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاریوں کے لیے ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا سفر نہیں کیا تھا، لیکن اس ہفتے کے آخر میں سکواڈ میں شامل ہونے کی امید تھی، 32 سالہ کھلاڑی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر بین سٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ 2005 کے بعد پاکستان میں اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

پاکستانی شائقین بہت جذباتی، کھلاڑی چاہتے ہیں سٹیڈیم میں آئیں: برینڈن میک کلم

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کلم نے کہا ہے کہ پاکستان سے ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے، مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، پہلی بار پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ پاکستانی شائقین کئی سالوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم رہے، ایک جنریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے نہیں دیکھا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں فل ہاؤس کے سامنے کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں، کھلاڑی چاہتے ہیں شائقین کرکٹ سٹیڈیم میں پہنچیں۔ پاکستان میں شائقین کرکٹ بہت جذباتی ہیں، ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
انگلش کوچ نے مزید کہا کہ یو اے ای میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، دونوں ٹیموں نے پنڈی سٹیڈیم میں اچھی پریکٹس کی ہے۔ آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔ سینیئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں پر مبنی پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ بہت اچھا ہے۔ پاکستان کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بہترین فاسٹ بائولر ہیں، ان کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ مختلف کنڈیشنر میں خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو شکست دینے کے لئے انگلینڈ کو اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔