All posts by Khabrain News

دنیا کی تازہ ترین خبروں تک رسائی ممکن ، اسنیپ چیٹ نے نیا فیچر متعارف کروادیا

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف سوشل میڈیا ایپلیکیشن اسنیپ چیٹ نے صارفین کیلئے ‘ڈائنمک اسٹوریز’ فیچر کی نئی سہولت فراہم کردی۔
سوشل میڈیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے اپنی ایپلی کیشن کو مزید دلچسپ بناتے ہوئے صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے تاکہ صارفین کا پلیٹ فارم سے تعلق مزید مضبوط ہوجائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق‘ڈائنمک اسٹوریز’ فیچر سے معمول کے اسنیپ چیٹ کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا تاہم نئے فیچر سے صارفین کیلئے فوری طور پر دنیا کی تازہ ترین خبروں تک رسائی ممکن ہوجائے گی۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق نیا ڈسکورفارمیٹ شراکت دار آر ایس ایس کی فیڈ استعمال کرتے ہوئے خود کار طریقے سے پبلیشر کے مواد کو استمعال کرکے اسٹوریز تیار کرتا ہے جبکہ ڈائنمک اسٹوریز کی سہولت ڈسکوور فیڈ میں دستیاب ہوگی جو فوری طور پر اپ ڈیٹ ہوتی رہے گی۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق اس سہولت سے صارفین کو فوری طور پر دنیا بھر کی تازہ ترین خبریں موصول ہوتی رہیں گی۔ چاہے وہ با وثوق ذرائع سے یوکرین میں جاری جنگ کی تازہ خبریں ہوں یا فیشن اور پاپ کلچر کی خبریں ہو۔
ڈائنمک اسٹوریز سے صارفین کو 24 گھنٹے دنیا بھر کے تازہ ترین حالات و واقعات کی معلومات ملتی رہیں گی۔
خیال رہے اسنیپ چیٹ کی جانب سے ‘ڈائنمک اسٹوریز ‘کا فیچر پہلے ہی امریکا، برطانیہ، فرانس اور بھارت میں ٹیسٹ کیا جاچکا ہے۔

کرینہ کپور نے رنبیر سے شادی کے بعد عالیہ کو خاندان میں خوش آمدید کہہ دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی مقبول جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بلآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
عالیہ بھٹ نے شادی کی تصاویر جیسے ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں ویسے ہی بالی وڈ شخصیات اور ان کے مداحوں کی جانب سے نئے جوڑے کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے۔
اسی دوران بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور جو رنبیر کپور کی کزن بھی ہیں انہوں نے خاندان میں شامل ہونے والی نئی نویلی دلہن عالیہ کو پیار بھرے پیغام کے ذریعے کپور خاندان میں خوش آمدید کہا۔
کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر عالیہ اور رنبیر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ خاندان میں خوش آمدید، پیاری عالیہ’۔
دوسری جانب رنبیر کپور کی بہن ردھیما نے بھی بھابھی کو شادی کے بعد خاندان میں خوش آمدید کہا اور لکھاکہ ‘ ہم تم سے پیار کرتے ہیں عالیہ’۔
اس کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھی نئے جوڑے کو شادی کی مبارکباد دی اور پیار بھرا پیغام لکھا۔

مارچ میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالرکی ریکارڈ ترسیلات موصول ہوئیں، اسٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا کہ ملک کو مارچ کے مہینے میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ زیادہ ترسیلات زر موصول ہوئیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 28.3 فیصد زیادہ اور گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 3.2 فیصد زیادہ ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ 22 مارچ میں ورکرز کی ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح 2 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ مجموعی طور پر مالی سال 22 کے پہلے 9 مہینوں کے دوران ترسیلات زر بڑھ کر 23 ارب تک پہنچ گئی۔
ایس بی پی کے مطابق مجموعی طور پر 23 ارب پر گزشتہ سال کے مقابلے مالی سال 22 کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران ترسیلات زر میں 7.1 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق پورے عرب خطے سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی نے مزید کہا کہ مارچ 2022 کے دوران ترسیلات زر کی آمد بالترتیب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے ہوئی۔

آرمی چیف سے ہنگری کے سفیر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہنگری کے سفیر نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔
ہنگری کے سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

شمالی وزیرستان: فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے ضلع ایشام میں فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عصمت اللہ خان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کےضلع ایشام میں فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عصمت اللہ خان شہید ہوئے، علاقےمیں دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 13 اپریل کو پیش آیا، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف سے شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے۔
وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم کو وزراتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیرِ اعظم نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا حکومت کی تشکیل میں تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے خدا سے دعا گو ہیں۔مشاورت اور باہمی تعاون سے پاکستان کی بہتری کیلئے کام کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرار داد پر رائے شماری سے قبل استعفیٰ دیکر وزارت عظمیٰ کے امید وارسردار تنویرالیاس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی نے آج صبح ہی اپنے چند وزرا کو وزارت سے نکال دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزرا کے وزارت سے نکالنے کے بعد اب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو منظوری کے لئے ارسال کردیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ باوقار طریقے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، میرٹ کی پامالی اور گڈ گورننس کا الزام لگایا گیا، پانچ لوگوں سے عمران خان کا جھوٹا لیٹر دکھا کر عدم اعتماد کی تحریک پردستخط کرائے گئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ریاست کی ایک پائی بھی کرپشن کی نذز نہیں ہونے دی، کشمیر کونسل کے انتخابات میں پیسہ استعمال کیا گیا، کشمیر کونسل کے ٹکٹوں میں رشوت پر لڑائی شروع ہوئی، پانچ لوگوں سے عمران خان کا جھوٹا لیٹر دکھا کرعدم اعتماد کی پردستخط کرائے گئے، جن لوگوں نے قرارداد پیش کی انکو کابینہ سے نکالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت الزامات کیخلاف جنگ لڑی، عمران خان کو بتایا چھپ کر الزام عائد کیا، مجھے پہلے بتاتے تو میں پارٹی کی امانت عمران خان کے حوالے کرتا۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بیس سال بعد آزاد کشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا، محکمانہ اصلاحات لائی گئیں، چلتی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کیوں لائی گئی، مجھ پرچارج شیٹ میں الزام تک نہ ملا، منشور کے مطابق اداروں میں اصلاحات کیں، لبریل سیل سے کرپشن کا خاتمہ کیا۔

وسیم اکرم تھری پیس سوٹ پہن کر سوئنمگ پول میں کیوں کودے؟

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ تھری پیس سوٹ پہن کر سوئمنگ پول میں موجود ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں وسیم اکرم نے تھری پیس سوٹ پہن کر سوئمنگ پول میں نہانے کا فیصلہ کیوں کیا؟
ہم آپ کو بتاتے ہیں اصل میں 2020 میں وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ شرٹ کے بغیر سوئنمگ پول میں نہارہے تھے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بعد ازاں سابق کپتان اپنے ایک ویڈیو بیان میں سوشل میڈیا ناقدین پر برس پڑے تھے اور کہا تھا کہ’ بندوں نے مجھے کہا کہ آپ سوئمنگ پول میں بغیر شرٹ کے آگئے، غلطی ہو گئی بھائی جان، اگلی مرتبہ تھری پیس سوٹ اور اگر یہ بھی پسند نہیں تو گھاگرا پہن لوں گا، بولنے یا لکھنے سے پہلے نہ سوچنا، کلاسک ہے’۔
لہٰذا اب وسیم اکرم نے اپنے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے تھری پیس سوٹ پہن کر سوئنمگ پول میں نہانے کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور کہا کہ ‘لوگوں نےدادوں کی طرح نصیحتیں کیں کہ آپ کو شرم نہیں آتی کہ آپ بغیر شرٹ کے نہارہے ہیں تو اب خوش ہوجاؤ سوٹ پہن کر نہارہا ہوں’۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ‘غریب کی ہائے اور احمق کی رائے کبھی نہیں لینی چاہیے’۔

عمرہ زائرین کیلئے 60 سے زائد داخلی اور خارجی راستے بنادیئے

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور نبوی کی توسیع کرتے ہوئے عمرہ زائرین کے لیے 60 سے زائد داخلی اور خارجی راستے بنادیئے۔
مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریزیڈنسی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرے کے دوران زائرین کو مشکل سے بچانے کے لیے 61 داخلی اور خارجی راستے بنائے گئے ہیں، جن میں 17 تیسری بار مسجد کی توسیع کے لیے بنائے گئے تھے، 23 شاہ فہد اور 7 الماسہ کے علاقے میں اور اجیاد پل گیٹ کی جگہ شامل ہیں۔
جنرل پریزیڈنسی نے ہنگامی انتظامات کے لیے 4 جبکہ دیگر خدمات کیلئے بھی 10 دروازے مختص کیے گئے ہیں۔
تقریباً 330 ملازمین مخصوص دروازوں سے نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے انتظام میں حصہ لیں گے تاکہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ مردوں کے لیے 35 اور خواتین کے لیے 30 نمازی جگہیں تیار کی گئی ہیں۔
مساجد کے امور کے لیے جنرل پریزیڈنسی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے کے لیے ایک منصوبے کے تحت نمازیوں اور عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے تمام ضروری خدمات فراہم کی جاسکیں۔

یوکرین کے کروزمیزائل حملے میں روسی بحری جہاز کونقصان

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے کروز میزائل حملے میں روس کے بحری جنگی جہاز ’موسکوا‘ کونقصان پہنچا ہے۔
غیرملکی میڈیا نے یوکرینی حکام کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین نے بحیرہ اسود میں موجود روس کے جنگی بحری جہاز پر2کروز میزائل فائرکئے جس کے بعد جہازمیں دھماکہ سنائی دیا اورجہاز کونقصان پہنچا۔
روسی حکام نے بحری جنگی جہاز’موسکوا‘ کوشدید نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ جہاز کونقصان پہنچنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے یوکرین کو100ملین ڈالرکی اضافی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔روس نے پابندیوں کے جواب میں امریکی ارکان پارلیمنٹ اورکینیڈین سینٹرز پرپابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
یوکرین کے صدرولادی میرزیلنسکی نے بیان میں کہا ہے کہ اگرروس امن معاہدہ نہیں کرنا چاہتا تواسے عالمی برادری سے نکل جانا چاہئیے۔