All posts by Khabrain News

رنویر سنگھ نے اپنی بیوی کو خوش رکھنے کے راز سے پردہ اٹھادیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ شادی کی چوتھی سالگرہ پر اپنی اہلیہ دیپیکا پڈوکون کے آفس پہنچ گئے۔
رنویر سنگھ نے انسٹاگرام پر دیپیکا پڈوکون کے آفس کی تصویر شیئر کی جہاں وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ کام میں مصروف تھیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ شادی کی سالگرہ پر دیپیکا پڈوکون کو سرپرائز کرنے کے لیے آفس پہنچے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے ایک گلدستہ اور چاکلیٹ سے بھرا باکس بطور تحفے کے دیپیکا کو پیش کیا۔
اداکار نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ بیوی خوش رکھنے کیلئے ضروری نہیں کہ اسے ڈائمنڈ دیے جائیں بلکہ چاکلیٹ اور پھول سے بھی یہ کام ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں نے 2018ء میں شادی کی تھی اور دونوں اکثر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

لانگ مارچ کے باعث پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں ردوبدل کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی وجہ سے ممکنہ متاثر ہونے والی پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کو بچانے کے لیے پلان بی پر غور شروع کردیا جس کے تحت سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کا شیڈول متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر شیڈول میں تبدیلی کے لیے دوسرے آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم نے 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر کو راولپنڈی کے اسٹیڈیم جبکہ دوسرا 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں میں شیڈول تھا تاہم اب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سے راولپنڈی کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا البتہ سیریز کو کامیاب کرنے کے لیے پلان بی کا آپشن زیر غور ہے، جس کے تحت پہلا اور آخری ٹیسٹ کراچی میں کھیلنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور حکومت کی سفارش کے بعد شیڈول تبدیل کرنے کا فیصلہ کرے گی اور اس حوالے سے جمعرات یا جمعہ تک شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان کردیا جائے گا۔

موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے سبب ٹیکس وصولیاں کم ہوسکتی ہیں: چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے سبب ٹیکس وصولیاں کم ہوسکتی ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ میں چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کا کہنا تھا کہ جولائی سے اکتوبر تک 2149 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا، جولائی سے اکتوبرتک2144 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر تھا، سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کا ہدف پورا نہیں ہوسکا، تاہم انکم ٹیکس کا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے، اس سال ٹیکس محصولات میں 16.6 فیصد اضافہ ہوا، اس سال درآمدات 17 فیصد کم ہوں گی، نومبرمیں 20 فیصد درآمدات کم ہونےکا امکان ہے، درآمدات میں کمی سے ٹیکس وصولیاں کم ہونے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ نومبر میں 537 ارب روپےکا ٹیکس ہدف مقررکیا گیا ہے، نومبر سے جون تک 5321 ارب روپےکا ٹیکس اکٹھا کرنا ہے، موجودہ حالات کی وجہ سے بھی ٹیکس وصولیوں میں کمی کا امکان ہے، پالیسی میں تبدیلیوں کے سبب ٹیکس اہداف پورے نہ ہونےکا خدشہ ہے،مہنگائی اور شرح سود بڑھنے سے ٹیکس وصولیاں کم ہوسکتی ہیں، روپے کی قدر میں کمی سے ٹیکس محاصل کم ہوسکتے ہیں، جی ڈی پی کی شرح کم ہونے سے ٹیکس وصولیاں کم ہوں گی، سیلاب اور ترقیاتی بجٹ میں کمی سے ٹیکس وصولیاں کم ہوسکتی ہیں۔
عاصم احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت تک 25 لاکھ افراد ٹیکس گوشوارے جمع کراچکے ہیں، آئندہ مہینوں میں ٹیکس وصولیوں میں مشکلات ہوسکتی ہیں، انتظامی طریقے سے ٹیکس وصولیاں بڑھانےکی کوشش کر رہے ہیں، فی الحال نئے ٹیکسز لگانےکی تجویز نہیں ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف کارکردگی سے مطمئن ہے۔

قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں خالی ہونے والی نشست پر پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خیبر پختوانخوا سے قومی اسمبلی کی پی ٹی آئی کی خالی مخصوص خواتین کی نشست پی ٹی آئی کی روہیلہ حامد کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں بتایاگیا ہے کہ مذکورہ نشست پی ٹی آئی کی شاندانہ گلزار کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے قومی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے دے دیے تھے، پارٹی پالیسی کے تحت تمام ہی اراکین نے استعفے جمع کرائے البتہ بعد میں کچھ اراکین منحرف ہوئے اور انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کی۔

آرمی چیف کا پی ایم اے کاکول اور بلوچ ریجمنٹ سینٹرکا الوداعی دورہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول اور بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا الوداعی دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کاکول پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی ایم اے میں جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فوجی ٹریننگ کے حوالے سے پی ایم اے کے اعلٰی معیار اور مستقبل کیلئے تیار کی جانے والی لیڈر شپ کی تیاری کیلئے ملٹری اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھاکہ  کیڈٹس پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔
بعد ازاں آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹ کا دورہ کیا یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران سمیت جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملک و قوم کی خاطر دی جانے والی بے مثال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
اس سے قبل بلوچ رجمنٹ پہنچنے پر چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ویمنز ٹی 20 رینکنگ میں آل راؤنڈر ندا ڈار کی ترقی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی معروف آل راؤنڈر ندا ڈار کی آئرلینڈ کے خلاف جاری وائٹ بال سیریز میں اچھی پرفارمنس کیوجہ سے تازہ ترین آئی سی سی ٹی 20 پلیئر رینکنگ میں بہتری آگئی۔
ندا ڈار نے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں بیٹ اور بال دونوں کے ساتھ بہترین پرفارمنس دی اور سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بنی جبکہ باؤلنگ میں مشترکہ طور پر زیادہ وکٹیں لینے والی کھلاڑی بنیں۔
دائیں ہاتھ کی بلے باز نے سیریز کے ابتدائی میچ میں نصف سنچری بنائی گوکہ پاکستان آئرلینڈ سے یہ میچ چھ وکٹوں سے ہار گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں ندا ڈار نے 28 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، ندا ڈار بلے بازوں کی تازہ ترین ویمن رینکنگ میں تین درجے بہتری کے ساتھ 35ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں جبکہ وہ سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی کےساتھ گیند بازوں کی فہرست میں 15ویں نمبر پر بھی پہنچ گئی ہیں۔
ساتھی کھلاڑی ناشرہ سندھو خواتین کی ٹی 20 باؤلرز رینکنگ میں چار درجے بہتری کے ساتھ 25ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔

سائبر سکیورٹی کو سرحدوں اور مفادات کے دفاع میں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی، صدر علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کو قومی سرحدوں اور قومی مفادات کے دفاع میں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی، سیاسی استحکام، پالیسیوں کے تسلسل، جدت طرازی اور تمام شعبوں میں خاص طور پر سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق اور ترقی، آئی ٹی کے شعبے میں انسانی وسائل کے معیار اور تعداد میں اضافہ، اسکولوں اور مدارس میں معیاری اور مناسب تعلیم کی فراہمی، سکولوں سے باہر 25 ملین بچوں کو اسکولوں میں لانا ضروری ہے، ان اقدامات سے ملک کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے ایوان صدر میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) کے سینئر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر نے مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسے ہر سطح اور تمام فورمز پر اپنایا جانا چاہئے اور اسے مسلسل فروغ دیا جانا چاہئے تا کہ ہماری تعلیم، تحقیق اور دیگر متعلقہ سرکاری اور نجی اداروں میں اسے مکمل طور پر قبول کر لیا جائے۔ اس سے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرنے والے ملک میں تبدیل کرنے کی ہماری کوششوں میں تیزی آئے گی۔ کمپیوٹر سائنسز اور سائنس و ٹیکنالوجی کے دیگر شعبوں میں تیز رفتاری سے ایجادات ہو رہی ہیں، کوانٹم کمپیوٹر سپر کمپیوٹرز سے ہزاروں گنا زیادہ طاقتور ہیں اور ان کے استعمال سے تمام شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحیح وقت پر کیے گئے درست فیصلے، معیاری فیصلہ سازی، ہمارے سائنسدانوں کی ذہانت اور علم، تربیت یافتہ اور قابل انسانی وسائل اور درست سمت میں مسلسل کوششیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیادیں رکھنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
سائبر سیکیورٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر نے کہا کہ مستقبل قریب میں کسی بھی ملک کے دفاع و ڈیٹرنس میں سائبر سیکیورٹی کو مرکزی مقام پر حاصل ہوگا کیونکہ قومی ڈیٹا کی حفاظت اور تحفظ، خدمات کی بلا تعطل فراہمی، اہم قومی بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ملک اور عوام کو سائبر جنگ کے خطرات سے بچانے کے لئے اس کی ضرورت ہو گی۔ دنیا میں دستیاب ڈیٹا کے بڑے حجم کی پروسیسنگ کوانٹم کمپیوٹرز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ہی ممکن ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں قیادت فراہم کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی باڈی بنائی جا سکتی ہے تاکہ متعلقہ اداروں اور محکموں کو آگے بڑھنے کے لئے ایک واضح سمت فراہم کی جا سکے۔
عارف علوی نے کہا کہ پوری دنیا کو آئی ٹی کے شعبے میں گریجویٹس کی اشد ضرورت ہے اور وہ قومیں جنہوں نے معیار اور مقدار دونوں لحاظ سے تیز رفتاری سے آئی ٹی گریجویٹ فراہم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس انتہائی مسابقتی ماحول میں ترقی کر رہی ہیں۔ پاکستان کو اپنے آئی ٹی ماہرین کے معیار اور تعداد کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ملک اور بین الاقوامی سطح پر اپنی آئی ٹی پر مبنی برآمدات کو بڑھانے کے لئے انتہائی ضروری انسانی وسائل فراہم کئے جا سکیں، جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو انتہائی ضروری ریلیف مل سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 60 سے 70 فیصد نصاب یکساں ہونا چاہئے جبکہ باقی علاقائی زبانوں کے فروغ اور تحفظ اور صوبوں کی ترجیحات اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لچکدار ہونا چاہئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اپنی طاقت مذہبی تعلیمات اور اقدار، ملک کے آئین اور قوانین و ضوابط سے حاصل کرتا ہے۔ ریاست کے تمام ستون، پارلیمنٹ، عدلیہ اور حکومت کو ہر حال میں اور تمام افراد پر یکساں اور منصفانہ طریقے سے قانون کے درست اطلاق کو یقینی بنانا چاہئے۔ جب قوانین کا ان کی اصل روح، ارادے اور مقصد کے مطابق منصفانہ اور معروضی طور پر اطلاق نہیں کیا جاتا تو اس سے معاشرے میں بداعتمادی اور پولرائزیشن پیدا ہوتی ہے جس سے بچنے کی ضرورت ہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں سیکڑوں روپے کا اضافہ

کراچی:(ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی قیمت ایک ہزار روپے بڑھی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک ہزار روپے اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 57 ہزار روپے ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 851 روپے اضافے سے ایک لاکھ 34 ہزار 602 روپے ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ اٹھارہ ڈالر اضافے سے 1775 ڈالر فی اونس ہے۔

آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے ن لیگ کا کوئی فیورٹ نام نہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، سپہ سالار کی تعیناتی کے لئے مسلم لیگ ن کا کوئی فیورٹ نام نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ کیا سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان آرمی چیف کے نام پر ڈیڈ لاک ہے ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ابھی آرمی چیف کے نام کے حوالے سے مشاورت ہی نہیں ہوئی تو ڈیڈ لاک کیسے ہوگا، 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، جو نام فوج بھیجے گی اسی پر ہی مشاورت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک فوج نے آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے نام نہیں بھیجا، عمران خان کے حالیہ بیانات پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان ذاتی مفاد کے لئے قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان الزامات لگا کر ہمارے بین الاقوامی تعلقات کو خراب کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کا اپنے ذاتی مفاد کے لئے ملکی سالمیت اور وقار سے کھیلنا جرم ہے۔

فلیمش، دنیا کے سب سے وزنی خرگوش

بیلجیئم: (ویب ڈیسک) فلیمش نسل کے خرگوش دنیا کے سب سے بڑے اور وزنی خرگوش ہوتے ہیں، بسا اوقات ان کی جسامت ایک کتےسے بھی بڑھ کرہوتی ہے اور وزن دس کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔ اس کے باوجود لوگ انہیں پیار کرتے ہیں اور وہ بہترین پالتو ثابت ہوتے ہیں۔
فلیمش خرگوشوں کی نسل بیلجیئم سے تعلق رکھتی ہے جنہیں کھال اور گوشت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن پالتو خرگوشوں کو جانوروں کے شو میں یہ توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ خرگوش بے ضرر اور انسان سے انسیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں اپنی خوابگاہ تک لے آتے ہیں۔ اب تک اس نسل کا سب سے بڑا خرگوش 22 کلوگرام وزنی دیکھا گیا ہے جس کی کل لمبائی چار فٹ تین انچ تک تھی۔
خیال ہے کہ سولہویں صدی میں فلیمش قسم کے خرگوش موجود تھے جنہیں بطورغذا استعمال کیا جاتا تھا ان میں سب سے مشہور بیلجیئن اسٹون خرگوش تھے جو آج بھی پائے جاتے ہیں۔ تاہم 1910 کے آس پاس پوری دنیا میں ان کی مقبولیت شروع ہوگئی اور اب بھی انہیں گوشت اور کھال وغیرہ کے لیے ہی پالا جاتا ہے۔ تاہم یورپ کے سرد علاقوں میں یہ بچوں کے بہت دوست ہیں اور بچے انہیں پالنا پسند کرتے ہیں۔