All posts by Muhammad Saqib

امریکا نے پابندی عائد کی تو پٹرول 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے گا، روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے امریکا کی جانب سے تیل درآمدات پر پابندی پر خبردار کیا ہے کہ اس صورت میں وہ بھی یورپی ممالک کو گیس کی فراہمی فوری طور پر روک دے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین پر حملے کی پاداش میں امریکا نے مغربی اتحادی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روس سے تیل کی درآمد روک دیں جس پر روس نے بھی دھمکی دی ہے کہ وہ یورپی ممالک کو گیس کی سپلائی بند کردے گا۔
امریکا کے اپنے اتحادیوں سے روس سے تیل نہ خریدنے کے مطالبے پر روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادی ممالک روسی تیل کی درآمدات پر پابندی عائد کرتے ہیں تو تیل کی قیمتیں 300 سو ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔
اگر روس اپنی دھمکی پر عمل کرتے ہوئے یورپی ممالک کو ایل این جی کی فراہمی بند کردیتا ہے تو اس کے اثرات عالمی سطح پر بھی مرتب ہوں گے۔ امریکا نے اسی خدشے کے پیش نظر پہلے ہی قطر سے یورپ میں ایل این جی کی فراہمی کے لیے معاہدہ کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک کی گیس کی ضرورت کا زیادہ تر حصہ روس سے حاصل ہوتا ہے اور پابندی کی صورت میں یورپ میں گیس کا بحران پیدا ہوجائے گا جس کا متبادل قطر ہوسکتا ہے تاہم قطر پہلے ہی اپنی پروڈکشن سو فیصد کرچکا ہے۔

تحریک عدم اعتماد: اب کٹی، کٹا نکل جائے گا، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ 2 ماہ سے لگے تھے میچ تو ہونا ہی تھا، اب کٹی، کٹا نکل جائے گا، میرا یقین ہے انشااللہ یہ میچ عمران خان جیتیں گے۔
اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 172 ارکان اپوزیشن نے لانے ہیں، اسپیکر 14 دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں، وزیراعظم سے آج ملاقات ہوئی اور وہ پراعتماد ہیں،عمران خان نے کارڈ چھاتی سے لگائے ہیں، مقابلے کا بغل بج گیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ میرے حساب سے 22 یا 23 مارچ کو اجلاس بلایا جائے گا، اس دن او آئی سی کا اجلاس ہوگا، ساری دنیا کے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں گے تو اسلام آباد میں تماشا لگا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریکوزیشن کے 14دن بعد اجلاس بلایا جاتا ہے، اسپیکراجلاس بلاسکتے ہیں جبکہ صدر مملکت اجلاس بلانے کے پابند نہیں ہیں۔

وزیراعظم کا بزدار کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار ، کام جاری رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا لیکن وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ استعفے سے معاملات حل ہوتےہیں تو وزارت اعلیٰ چھوڑ دیتا ہوں، عمران خان اور پارٹی کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں، مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا، مجھے کسی عہدے کا لالچ نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلی جتنا کام کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا، عثمان بزدار میڈیا فرینڈلی نہیں جس کا انہیں نقصان ہوتا ہے، وزیراعلی کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے، بلکہ وزیراعلی کی تبدیلی ایک پورا سوچ بچار کے بعد کیا جانے والا عمل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار رابطوں کی وجہ سے ایم پی ایز میں بھی پاپولر ہیں، جو لوگ وزارت اعلی کے امیدوار ہیں انہیں عثمان بزدار سے مسئلہ ہے۔ تاہم وزیراعظم نے عثمان بزدار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم کو ہٹائیں گے، مناسب شخصیت لائیں گے، آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو نکالنے کا وقت آگیا ہے اور اب کسی شریف انسان کو عمران خان کی جگہ وزیراعظم لائیں گے۔
اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ اپنے دشمنوں اور پیار کرنے والوں کو بھی جانتا ہوں۔ عمران خان کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم عوام کی غریبی اور مشکلات کو دور کریں گے، مہنگائی ختم کریں گے اور عوام کو سکون فراہم کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈی چوک پہنچ کر عوام کو خوشخبری دیں گے۔
دوسری جانب، اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کے لیے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔

ترین گروپ کے 10سے 12ارکان کا ق لیگ سے خفیہ رابطوں کا انکشاف

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد سیاسی محاذ پر متحرک ہو گئی، ترین گروپ کے 10 سے 12 ارکان کے ق لیگ سے خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے گروپ کے دس سے بارہ ارکان مسلم لیگ ق کی قیادت سے رابطے میں ہیں، صوبے میں وزارت اعلیٰ کی تبدیلی کی صورت میں ترین گروپ کے ارکان نے ق لیگ کو یقین دہانی ساتھ دینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے سیاسی تبدیلی کی صورت میں فیصلہ کن کردار کے لئے اپنے کارڈز کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ترین گروپ کے ارکان پرویزالہی کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔
ق لیگ نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے علیم خان کا نام مسترد کر دیا۔ پنجاب میں ایسی تبدیلی سے بہتر ہے عثمان بزدار کو ہی رہنے دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق سینئر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے ہوئی۔ جس میں پنجاب میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی صورت میں نئی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ پنجاب مسلم لیگ ق کا میدان سیاست ہے، یہاں کے معاملات میں بطور اتحادی ہماری رائے ضروری ہے۔ علیم خان کو تبدیلی کی صورت میں آگے لانے پر اتحاد اور خود تحریک انصاف کے معاملات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔

ایک ہی لڑکی سے محبت، بھائی نے دلہا بننے والے بھائی کو قتل کردیا

پشاور: (ویب ڈیسک) پولیس نے تھانہ خزانہ کی حدود میں دولہا کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
دولہا فاروق کے قتل میں اس کا سگا بھائی ملوث نکلا۔ مقتول فاروق کی چار مارچ کو شادی ہونے والی تھی اور اسے مہندی کی تقریب سے سنسان جگہ بلا کر قتل کیا گیا۔ ملزم اسد خان بھائی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو پھینک کر جائے وقوعہ سے فرار ہوا۔
ایس پی رورل نوشیروان علی کے مطابق ملزم اسد خان اپنے مقتول بھائی کی تجہیز و تکفین میں بھی موجود تھا۔ تفتیشی ٹیم نے مقتول کے دیگر عزیز و اقارب سمیت مقتول کے بھائی کو بھی شامل تفتیش کیا۔ سرسری تفتیش کے دوران اسد خان نے اصل حقائق سے پردہ اٹھایا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بھائی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مقتول بھائی کی منگیتر سے شادی کا خواہشمند تھا جس کے لیے اسے راستے سے ہٹادیا۔ ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

سبی میں بم دھماکے میں 4 افراد جاں بحق

سبی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے شہر سبی میں جیل روڈ پر بم دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کارکنوں نے زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کی۔
یہ دھماکا ایسے موقع پر ہوا جب بلوچستان میں سالانہ منعقد ہونے والے سبی میلہ میں صدر پاکستان عارف علوی بھی شریک تھے۔

روس نے یوکرین پر دنیا کا سب سے طاقتور بم گرا دیا

کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کی رہائشی عمارت پر دنیا کا سب سے طاقتور 500 کلوگرام وزنی بم گرایا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 18 شہری ہلاک ہوگئے۔
یوکرین کی وزارت اطلاعات نے ٹویٹ میں کہا کہ روسی پائلٹوں نے ایک اورجرم کرتے ہوئے سمی شہر میں رہائشی عمارت پر500 کلوگرام وزنی بم گرایا جس کے نتیجے میں 2بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
یوکرین کی وزارت خارجہ نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر 500 کلوگرام کے ایک اوربم کی تصویرشیئرکرتے ہوئے کہا یہ بم بھی رہائشی عمارت پرگرایا گیا تھا جوپھٹ نہ سکا تاہم دیگرعلاقوں میں پھینکے گئے اس طرح کے بموں سے بڑی تعداد میں مرد، خواتین اوربچے ہلاک ہوئے۔
روسی طیاروں نے یوکرین میں رہائشی عمارتوں پر500 کلووزنی جوبم گرائے وہ ’فادر آف آل بم ‘ (ایف اے بی 500 )کہلاتے ہیں۔

خواتین کو مذہبی حقوق دینے کیلئے پرعزم ہیں، افغان حکومت

کابل: (ویب ڈیسک) خواتین کے عالمی دن کے موقع پرافغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ حکومت خواتین کومذہبی حقوق دینے کے لئے پرعزم ہے۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےعالمی یوم خواتین کے موقع پرٹویٹ میں کہا کہ افغان خواتین کوشریعت کے مطابق حقوق دینے کے لئے پرعزم ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ یوم خواتین افغانستان کی خواتین کے لئے اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کرنے کا اچھا موقع ہے۔
گزشتہ سال اگست میں افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد طالبان حکومت نے خواتین کوشرعی حدود میں رہتے ہوئے حقوق دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

عالیہ بھٹ بالی ووڈ کے بعد ہالی ووڈ میں بھی جلوے بکھیرنے کیلئے تیار

ممبئی: (ویب ڈیسک) اداکارہ عالیہ بھٹ بالی ووڈ کے بعد اب ہالی ووڈ میں بھی جلوے بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔
حال ہی میں فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ میں اپنی بہترین پرفارمنس سے فلمی تجزیہ نگاروں کو متاثر کرنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اب ہالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ ہالی ووڈ اداکارہ گال گیڈوٹ اور اداکار جیمی ڈورنان کے ساتھ فلم ’’ہارٹ آف اسٹون‘‘ میں ڈیبیو کریں گی۔
بین الاقوامی جاسوس تھرلر فلم کی ہدایت ٹام ہارپر دیں گے جب کہ اسے نیٹ فلکس پر دکھایا جائے گا۔
یہ اعلان نیٹ فلکس انڈیا کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں بتایا گیا کہ عالیہ بھٹ ’’ہارٹ آف اسٹون‘‘ کی کاسٹ میں شامل ہوں گی۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ سے قبل بالی ووڈ کے دیگر فنکار بھی ہالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون، ایشوریا رائے بچن، انیل کپور، علی فضل اور عرفان خان شامل ہیں۔