All posts by Muhammad Saqib

ہتک عزت کیس؛ لاہور ہائیکورٹ میشا شفیع کی درخواست پر کل فیصلہ سنائے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) ہائیکورٹ گلوکارہ میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ کل سنائے گی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنائیں گئے۔ میشا شفیع سمیت دیگر نے اپنے خلاف درج ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کررکھا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے علی ظفر کی درخواست پر حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، ایف آئی اے نے ملزمان کا موقف لیے بغیر مقدمہ درج کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سوشل میڈیا پر صارفین کامیڈین کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
لوگوں کو ہنسانے والے کامیڈین کپل شرما اکثر مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں کی زینت بن جاتے ہیں۔ حال ہی میں کپل شرما ایک اور تنازع کا شکار ہوگئے جس کے بعد لوگ ان کے شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار ویویک اگنی ہوتری نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ کپل شرما شو کی انتظامیہ نے اپنے شو پر ان کی ٹیم کو بلانے سے انکار کردیا ہے کیونکہ ان کی فلم میں بڑے کمرشل اداکار شامل نہیں ہیں۔
فلمساز کے ان دعووں نے سوشل میڈیا صارفین کومشتعل کردیا جس کے بعد لوگ کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یہاں تک کہ ’’بائیکاٹ کپل شرما شو‘‘ بھارتی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔
ایک صارف نے کپل شرما کو بولی ووڈ کا سرکس ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شو میں پیسے بنانے کے لیے غریب لوگوں کی بےعزتی اور توہین کرتے ہیں۔ کوئی مہذب معاشرہ اس دوہرے معیار کی اجازت نہیں دے گا۔
لتا نامی صارف نے ’’بائیکاٹ کپل شرماشو‘‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اس شو میں دیکھنے لائق کچھ بھی نہیں۔ مزید صارفین نے بھی کپل شرما شو کے بارے میں کہا کہ ان کے شو میں لوگوں کے بارے میں صرف توہین آمیز تبصرے کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے یہ پہلی بار نہیں ہے جب کپل شرما اور ان کے شو پر اتنی زیادہ تنقید ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ بھی کپل شرما کا تنازع بہت زیادہ مشہور ہوا تھا۔

ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے پر سوناکشی سنہا کا ردعمل آگیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر ردعمل دیا ہے۔
دو روز قبل اداکارہ سوناکشی سنہا کے مبینہ طور پر دھوکا دہی کے ایک کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔ اداکارہ نے اس وقت تو اپنے وارنٹ جاری ہونے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا لیکن اب انہوں نے اس معاملے پر خاموشی توڑدی ہے۔
اداکارہ سوناکشی سنہا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک طویل پوسٹ میں اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کرتے ہوئے ان تمام رپورٹس کو ’’جعلی‘‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ شکایت کنندہ میرے نام کا غلط استعمال کرکے اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا کر سستی شہرت حاصل کرنا چاہتا ہے۔
سوناکشی سنہا نے اپنی پوسٹ میں لکھا گزشتہ چند دنوں سے بغیر کسی تصدیق کے میڈیا میں میرے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ تاہم یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور ایک بدمعاش شخص کا کام ہے جو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا میں تمام میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور نیوز رپورٹرز سے درخواست کرتی ہوں کہ ان تمام جعلی خبروں کو نہ پھیلائیں کیونکہ میرے خلاف اس خبر کو پھیلانے والے شخص کا ایجنڈا صرف اور صرف پبلسٹی حاصل کرنا ہے اور اس کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچا کر مجھ سے پیسے بٹورنا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر مزید بات کرنا نہیں چاہتیں۔ یہ کیس مراد آباد کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور الہ آباد ہائی کورٹ نے اس پر روک لگادی ہے۔ میری قانونی ٹیم توہین عدالت کے لیے اس کے خلاف تمام ضروری کارروائی کرے گی۔ جب تک کہ مراد آباد کورٹ اس معاملے پر کوئی فیصلہ جاری نہیں کردیتی اس وقت تک اس معاملے پر میرا یہ واحد تبصرہ ہوگا۔
سوناکشی نے کہا وہ اس وقت گھر پر ہیں اور یقین دلاتی ہیں کہ ان کے خلاف کوئی وارنٹ جاری نہیں ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی چائے پیتے ہوئے تصویر بھی شیئر کی اور کہا ’’گھر میں نظر بندی‘‘۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بھارتی میڈیا میں خبر آئی تھی کہ سوناکشی سنہا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔ اداکارہ پر دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت نہ کرنے کا الزام ہے جس کے لیے انہوں نے 37 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

پہلی امریکی خاتون پائلٹ کے چمڑے کا ہیلمٹ نیلام

نیویارک: (ویب ڈیسک) بحر اوقیانوس کو پہلی دفعہ عبور کرنے والی امریکی خاتون پائلٹ ایمیلیا ایئرہرٹ کے چمڑے کا ہیلمٹ 8 لاکھ 25 ہزار ڈالرز ( 14 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوگیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایمیلیا ایئرہرٹ نے یہ کارنامہ سن 1928 میں میں انجام دیا تھا، اس دوران انہوں نے چمڑے کا ہیلمٹ پہنا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ امریکا میں مداحوں کے ہجوم میں کھوگیا تھا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتھونی نامی ایک شخص نے کہا کہ ان کی والدہ اس جگہ پر تھیں جہاں ایمیلیا نے آخری بار 1928 میں ہیلمٹ پہنا تھا تاہم ان کی والدہ کو یہ ہیلمٹ ایک لڑکے نے لاکر دیا تھا جو انہیں پسند کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے اس چمڑے کے ہیلمٹ کو اصل ثابت کرنے میں کئی سال لگے تاہم ساری قانونی رکاٹوں کو عبور کر کے میں نے اس کی نیلامی کرنے کا فیصلہ کیا۔
آن لائن نیلامی میں اس ہیلمٹ کی سب سے زیادہ قیمت 8 لاکھ 25 ہزار ڈالر لگائی گئی۔
یاد رہے کہ خاتون پائلٹ ایمیلیا ایئر ہرٹ ہوا بازی کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں، وہ بحر اوقیانوس کو عبور کرنے والی پہلی خاتون سولو پائلٹ تھیں۔
واضح رہے کہ ایمیلیا ایئرہرٹ کا جہاز نیویگیٹر 1937 میں بحرالکاہل پر سے پرواز کرتے ہوئے غائب ہو گیا تھا، تو وہ اس وقت نکومورورو جزیرے کے قریب تھیں۔

امریکا کے 89 سالہ’ پزا بوائے‘ پرقسمت مہربان ہوگئی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں پزا ڈلیوری کا کام کرنے والے 89 سالہ شخص سوشل میڈیا پروائرل ہوئے توقسمت بھی ان پرمہربان ہوگئی۔
امریکی ریاست یوٹا میں رہنے والے ڈرلن کی عمر 89 سال ہے اوروہ اپنا گزارا کرنے کے لئے پزا ڈلیوری کا کام کرتے ہیں۔ وہ 5 سے 6 شفٹوں میں کام کرکے بمشکل اتنا کما پاتے ہیں کہ اپنے بل ادا کرسکیں۔
ڈرلن کے پزا ڈلیوری کے وقت دوستانہ انداز میں بات چیت نے ایک کسٹمرکواتنا متاثرکیا کہ اس نے ان کی مدد کے لئے سوشل میڈیا پرمہم چلائی جس کے نتیجے میں 89 سال کے ’پزا بوائے‘ کے لئے 12ہزار ڈالرز جمع ہوئے۔
ڈرلن کو جب یہ رقم دی گئی تو وہ جذبات پرقابو نہ رکھ سکے اوررو پڑے۔ ان کی ویڈیو کو اب تک 70 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد لائیک کرچکے ہیں۔

نئے کپڑوں کی فرمائش پر شوہر نے بیوی کو چھوڑ دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں نئے کپڑوں کی فرمائش کرنے پر شوہر نے بیوی کو چھوڑ دیا اور کہا کہ میں تمہیں مزید اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر احمد آباد میں پیش آیا جہاں بیوی نے تقاضہ کیا کہ اس کے کپڑے پرانے ہوچکے ہیں اور فٹ بھی نہیں آتے لہذا اسے نئے کپڑے دلا دیں جس پر شوہر اسے شوپنگ پر لے گیا اور پھر وہاں سے خاتون کو میکے یہ کہتے ہوئے بھیج دیا کہ میں اب تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیوی نے الزام عائد کیا ہے کہ سسرال والے اسے اذیت پہنچاتے اور جہیز کا طعنہ بھی دیتے تھے۔ 38 سالہ خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف پولیس کو شکایت بھی درج کرا دی۔
بیوی کا کہنا ہے کہ اس کی شادی 2016 میں ہوئی تھی جس کے بعد وہ 2017 میں بھی میکے چلی گئی تھی لیکن انہوں نے 2021 میں پھر سے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
خاتون نے بتایا کہ سسرال والے تقریباً پندہ لاکھ بھارتی روپے کے جہیز کا مطالبہ کررہے تھے اور پھر کپڑے کی فرمائش پر شوہر نے مجھے چھوڑ دیا، اس صورت حال کے سبب میں نے خود بھی الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خشک سالی میں درخت پہاڑی ندیوں کا پانی چرالیتے ہیں

نارتھ کیرولائنا: (ویب ڈیسک) اگر پہاڑی جنگلات کے دامن میں رہنے والے افراد اور جانور پہاڑی چشموں کی پانی میں کمی محسوس کریں تو امکان ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے درخت پانی اندھا دھند استعمال کررہے ہیں۔
امریکا میں بلیو رج ماؤنٹین کے پہاڑی سلسلے پر لگے جنگلات اور درختوں پر غور کیا گیا تو معلوم ہوا کہ خشک موسم زیادہ دیر برقرار رہیں تو پیاسے درخت اطراف کے ندی نالوں کو پانی چرانے لگتے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ درخت جتنی بلندی پر ہوں گے وہ اتنا ہی پانی استعمال کریں گے لیکن شرط یہ ہے کہ پانی کی شدید قلت ہو۔
یہ تحقیق نارتھ کیرولائنا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ارضی تجزیاتی مرکز سے وابستہ طالبہ کیٹی مک کوئلن نے کی ہے۔ ان کی تحقیقی سے ثابت ہے کہ پہاڑی علاقے کے لوگوں کو یہ جاننا ہوگا کہ اگر پہاڑوں پر جنگلات ہیں اور آبادی بلندی سے آنے والے پانی استعمال کرتی ہے تو خشک سالی میں اس پانی کی کمی ہوسکتی ہے۔ یہاں تک کہ پانی کا کال پڑسکتا ہے۔
اس ضمن میں گریٹ اسموکی ماؤنٹین پارک پر تحقیق کی گئی ہے جو اوک رج پہاڑی سلسلے کا ہی حصہ ہے۔۔ اس ضمن میں 1984 سے 2020 تک سیٹلائٹ تصاویر اور ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ یہ تصاویر تھرمل انفراریڈ پر مبنی تھیں۔ اس ضمن میں لگ بھگ 15000 مربع میل جنگلات کا ڈیٹا پڑھا گیا تھا جو کئی امریکی ریاستوں پر محیط ہے۔
پہاڑیوں پر واقع جنگلات انتہائی صاف اور صحت بخش پانی بناتے ہیں جو کسی معدنی مائع سے کم نہیں ہوتا۔ اس طرح یہ قیمتی پانی ہوتا ہے۔ ڈیٹا کے مطابق جب جب خشک سالی آئی درختوں نے پانی زیادہ استعمال کیا اور یوں پانی کا بہاؤ شدید متاثر ہوا کیونکہ یہ پانی ہزاروں لاکھوں درختوں سے گزرتا ہے اور ہر درخت اس میں سے اپنا حصہ حاصل کرتا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ اس کیفیت کو سمجھ کر ہم پہاڑی جنگلات کے دامن میں موجود آبادیوں، جانداروں اور کھیتوں میں پانی پہنچنے یا اس کی قلت کی پیشگوئی کرسکتے ہیں۔ یہ پیشگوئی بالخصوص خشک سالی کے دوران بہت معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

پپیتا کھائیے، بڑھاپا بھگائیے

لندن: (ویب ڈیسک) پھلوں میں طرح طرح کے خواص پائے جاتے ہیں اور دنیا کے بہترین غذائی ماہرین پپیتے کو عمررسیدگی روکنے کے لیے ایک بہترین پھل قرار دیتے ہیں۔
اگرچہ اسے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے لیکن پپیتا اپنے وٹامن اور قیمتی معدنیات کی بدولت بڑھاپے کے اثٖرات دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی بنا پر ماہرِ غذائیات ڈاکٹر ٹریسٹا بیسٹ نے اسے سپرفوڈ بھی قرار دیا ہے۔
’پپیتے کے پھل پر ہماری توجہ بہت ہی کم ہے جو اپنے زبردست خواص سے اندرونی اور بیرونی طور پر بڑھاپا دور رکھتا ہے۔ یہ انسانی جسم میں خلیاتی سطح تک بدن کو تادیر جوان رکھتا ہے،‘ ڈاکٹر ٹریسٹا نے بتایا۔
پپیتا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے اور اس میں موجود متنوع وٹامن بدن میں آکسڈیٹوواسٹریس کم کرتےہیں۔ بصورتِ دیگر یہ کیفیت بدن کی اینٹوں یعنی خلیات کو نقصان پہنچاتی ہے اور ہم دھیرے دھیرے بڑھاپے کی جانب راغب ہوت ہیں۔ اس سے اندرونی جلن (انفلیمیشن) بڑھتی ہے۔ جلد ڈھیلی پڑنے لگتی ہے اور چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔
اب پپیتے کے اینزائم کی بات کی جائے تو اس میں وٹامن اے، سی اور ای کے علاوہ پیپین نامی اینزائم بھرپور پایا جاتا ہے اور یوں بڑھاپے کو دور بھگاتا ہے۔ دوسری جانب اس پھل میں لائپوسین کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے ۔ ایک جانب تو یہ کئی اقسام کے کینسر کو روکتی ہے تو دوسری جانب کینسر کےعلاج میں ریڈیو اور کیموتھراپی کے مضر اثرات کو بھی کم کرتی ہے۔ لائپوسین کا ایک فائدہ یہ ہے کہ امراضِ قلب سے بچاؤ میں بھرپور مدد ملتی ہے۔
ان تمام فوائد بیان کرتے ہوئے ماہرین کا اصرار ہے کہ اپنی غذا میں پپیتے کو ضرور شامل کریں اور اگر ممکن ہوتو اسے اسمودی بنا کر پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق سنچریاں بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان 252رنز بنائے۔ امام الحق 136اور عبدللہ شفیق 111رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ امام الحق نے پہلی اننگز میں 157 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی، جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 459رنز پر آؤٹ ہوئی۔ آج کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں پاکستان نے بغیر نقصان کے 252 رنز بنائے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 12مارچ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا نے 449 رنز 7 وکٹوں پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا تاہم مہمان ٹیم محض 10 رنز کا اضافہ کرکے 459 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 97رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر نعمان علی نے سب سے زیادہ 6وکٹیں حاصل کیں۔ شاھین شاہ آفریدی نے دو جبکہ ساجد خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

عدم اعتماد اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی، فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: وزیراعظم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہو کر آئے گی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی، انہیں ایسی شکست دیں گے یہ 2028ء تک نہیں اٹھ سکیں گے۔ فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے سکتی، اپوزیشن کے ساتھ عوام نہیں تو اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، مزید تگڑی ہوکر آئے گی، میں خوش ہوں کہ یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی کیوں کہ ہم اس بار انہیں ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028ء تک نہیں اٹھ سکیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ میں جہانگیر ترین کو جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے، اپوزیشن کے پیچھے ایک نہیں کئی بیرونی ہاتھ ہیں، ارکان کو 18، 18 کروڑ کی آفرز کی جارہی ہیں جس کے جواب میں ہماری بھی حکمت عملی تیار ہے، کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا، نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے گا تو فیصلہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹائے جانے کی اطلاعات پر انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہیں، جو وزیراعلی کے امیدوار ہیں صرف انہیں عثمان بزدار برا لگتا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہاں طاقت ور شخص قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، جہاں چوری سے پیسہ بنے وہاں لوگ پڑھائی اور محنت کیوں کریں گے؟ پھر معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے لیکن میں جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا۔