All posts by Khabrain News

صرف اور صرف شفاف انتخابات چاہتے، آزادی کی منزل دور نہیں: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صرف اور صرف صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، آزادی کی منزل زیادہ دور نہیں۔
زمان پارک میں سابق وزیراعظم کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت اور مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے جلسوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیر آباد میں ہونے والے حملے سے متعلق پی ٹی آئی چیئر مین سے رہنماؤں نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے حوالے سے مشاورت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف صرف اور صرف صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے، حقیقی آزادی کی منزل اب زیادہ دور نہیں۔

مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر بنانےکیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر بنائے جانے کے خلاف درخواست ناقابل قرار دے کر خارج کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مخصوص نشست پر مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیربنانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنایا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے شہری طالب حسین کی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں کہا گیاہےکہ قانون واضح ہے ممبر قومی اسمبلی یا سینیٹر وفاقی وزیر بن سکتا ہے، قانون میں ایسا کچھ نہیں کہ مخصوص نشست پر منتخب ممبر وفاقی وزیر نہیں بن سکتا، ممبر اسمبلی کو وفاقی وزیر یا وزیر مملکت تعینات کرنا وزیراعظم کا اختیار ہے۔

حلیم عادل کی اہلیہ دعا بھٹو نے خلع کا دعویٰ واپس لے لیا

کراچی : (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو نے شوہر کے خلاف خلع کا دعویٰ واپس لے لیا۔ دعا بھٹو نے فیملی کورٹ ملیر میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا جسے اب انہوں نے رہائشی بنیاد پر واپس لیا ہے۔
دعا بھٹو نے مؤقف اپنایا کہ میں نے رہائش ضلع ملیر سے اولڈ کراچی منتقل کردی ہے جس وجہ سے ضلع ملیر کی کورٹ سے کیس واپس لے رہی ہوں، درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے خلع کا دعویٰ واپس لینے پر کیس خارج کردیا۔
رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے 25 اکتوبرکو فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

فلم جوائے لینڈ کیخلاف شکایا ت پر غور کیلئے کمیٹی تشکیل

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے فلم جوائے لینڈ کے خلاف شکایات پر غور کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فلم جوائے لینڈ کے خلاف شکایات پر غور کرنے کے لیے وزیرقانون کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں اطلاعات، مواصلات، سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے وزرا شامل ہیں۔مشیر برائے گلگت بلتستان، چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین پیمرا بھی کمیٹی کا حصہ ہیں جب کہ کمیٹی فلم کی سماجی اور اخلاقی اقدار کے خلاف شکایات پر غور کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی کو آج رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔
خیال رہے کہ فلم جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کو سرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کا میوزک عبداللہ صدیقی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔

آئی فون اور اسمارٹ واچ کے بعد ایپل کی نئی ڈیوائس متعارف ہونے کے قریب

لاہور: (ویب ڈیسک) ایپل کمپنی کو توقع ہے کہ آئی فون اور اسمارٹ واچ کے بعداس کی نئی ڈیوائس ڈیجیٹل دنیا کو بدل کر رکھ دے گی۔
ایپل کی جانب سے مکسڈ رئیلٹی ہیڈسیٹ پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے جو 2023 میں کسی وقت متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل ہیڈ سیٹ کی قیمت 2 سے 3 ہزار ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے جس میں ایم 2 چپ کا استعمال کیا جائے گا۔اس چپ کا استعمال کمپنی کی جانب سے میک بک ائیر اور میک بک پرو میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس ہیڈسیٹ کے اندر اور باہر 10 کیمرے نصب ہوں گے اور ڈسپلے کا ریزولوشن بہت زبردست ہوگا۔
اس ڈیوائس کے آپریٹنگ سسٹم کو رئیلٹی او ایس کا نام دیے جانے کا امکان ہے جس میں ایپل کی معروف ایپس جیسے میسجز، فیس ٹائم اور میپس موجود ہوں گی۔
ایپل کی جانب سے اے آر/ وی آر ٹیکنالوجیز کے لیے لوگوں کو بھرتی بھی کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے ایسے افراد کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو 3 ڈی مکسڈ رئیلٹی ورلڈ کے تجربے کو ان ایبل کرسکیں۔
آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں اے آر کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔

بلوچستان: غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
سرکاری سروے کے مطابق صوبے میں 18.9 فیصد بچے غذائی کمی میں مبتلا ہیں، حکومت بلوچستان نے صورتحال پر قابو پانے کےلیے صوبے میں نیوٹریشن ایمرجنسی تو لگائی لیکن 4 سال گزرنے کے باوجود فنڈز ریلیز نہیں کیے گئے۔
بلوچستان میں غذاکی کمی کے شکاربچوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ رپورٹ ہو رہا ہے، سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 10 سال قبل یہ شرح 15 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 18.9 فیصد ہو چکی ہے، اس تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔
عالمی معیار کے مطابق اگر یہ شرح 15فیصد سے زائد ہو توصورتحال الارمنگ ہو جاتی ہے، اس تناظر میں اس وقت بلوچستان میں غذائیت کی صورتحال تشویشناک ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائی کمی سے متاثر ہونے والے بچے جسمانی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔

پیٹ کمنز کا آئی پی ایل کا آئندہ ایڈیشن نہ کھیلنے کا فیصلہ

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے آسٹریلیا ٹیم کی بھرپور مصروفیات کے باعث لاکھوں ڈالرز کا معاہدہ چھوڑ دیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں پیٹ کمنز نے اگلے برس آئی پی ایل نہ کھیلنے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ’ میں نے اگلے برس آئی پی ایل نہ کھیلنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے، اگلا برس غیر ملکی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے بھرا ہوا ہے لہٰذا میں ایشز اور ورلڈکپ کیلئے کچھ عرصہ آرام کروں گا‘۔
پیٹ کمنز نے اپنے بیان میں آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات کو سمجھنے کیلئے کولکتہ نائٹ رائڈرز کاشکریہ۔
آسٹریلوی کپتان نے اپنی ٹوئٹ میں ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ اداکرتے ہوئے جلد واپسی کی امید کا اظہار بھی کیا۔
پیٹ کمنز کا کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ تین ملین آسٹریلوی ڈالرز کا معاہدہ تھا، پیٹ کمنز نے گزشتہ سیزن میں 1.34 ملین ڈالرز کا معاہدہ چھوڑا تھا۔
واضح رہے کہ ایشز کا آغاز ون ڈے ورلڈکپ سے قبل جون 2023 میں ہوگا جب کہ بھارت میں ون ڈے ورلڈکپ اکتوبر 2023 میں کھیلا جائے گا۔
فاسٹ بولر میچل اسٹارک نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے آئی پی ایل چھوڑی ہے۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گیس کی شدید قلت، شہری پریشان

ملتان : (ویب ڈیسک) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔
ملتان، لودھراں، وہاڑی اور خانیوال کے شہریوں کے مطابق پہلے ہی گیس کی بندش کا سامنا تھا لیکن اب بارش سے موسم تبدیل ہوتے ہی جو گیس چولہوں میں آرہی تھی وہ بھی ختم ہوگئی۔کھانے کے اوقات میں گھریلو صارفین کو گیس فراہمی کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہے گئے ہیں، ملتان شہر کے بیشتر علاقوں میں مکمل طور پر گیس بند ہو چکی ہے جب کہ کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں گیس تو آرہی ہے لیکن گیس کا پریشر اتنا کم ہے کے کھانے پکانا ممکن نہیں۔
گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کے اوقات میں شہری بازار سے کھانا لینے پر مجبور ہیں۔

سندھ کی شوگر ملز کو گنے کی کرشنگ کی حتمی تاریخ دیدی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے شوگر ملز کو گنے کی کرشنگ کی حتمی تاریخ 29 نومبر دی ہے۔ مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے کہا کہ سندھ میں ہر سال 30 نومبر تک کر شنگ سیزن کا آغاز ہوتا ہے لیکن کچھ ملز نے ابھی سے کرشنگ شروع کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں رواں سال 30 شوگر ملز کرشنگ کریں گی، صوبے میں گنے کی فی من امدادی قیمت 250 روپے ہے جب کہ پنجاب میں کرشنگ شروع ہونے اور ریٹ طے ہونے کے بعد سندھ کی امدادی قیمت کا جائزہ لیں گے۔

روز اول سے کہا تھا عمران نیازی کا سازشی بیانیہ جھوٹا ہے: اسفند یار ولی

پشاور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یارولی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے تسلیم کرلیا ہے کہ امریکی سازش کا نعرہ دراصل عوام کو گمراہ کرنے کی سازش تھی۔
بیرونی سازش کے حوالے سے عمران خان کے نئے موقف پر اپنے ردعمل میں اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ملکی سالمیت کو داؤ پر لگانے والا آج کہہ رہا ہے کہ معاملہ ختم ہوچکا اب آگے بڑھ چکا ہوں، تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی، آج مقبولیت کے دعویدار جماعت کی اصلیت سامنے آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازشی بیانیے کی ناکامی دیکھ کر عمران نیازی خود اپنی بات کو جھوٹ ثابت کررہا ہے جب کہ ہم نے روز اول سےکہا تھاکہ یہ سب کچھ جھوٹ ہے، عمران نے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل کر امریکا کی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا لیکن درحقیقت سب سے بڑا غلام یہ خود ہے، تحریک انصاف کی طرز سیاست جمہوریت کے دامن پر ایک داغ کے سوا کچھ نہیں۔
اے این پی کے صدر کا کہنا تھا کہ اپنے دور اقتدار میں پارلیمان کی تضحیک کرنے والا آج جمہوریت کا چیمپئن بننے کا ناٹک کررہا ہے لیکن اب عوام باشعور ہوچکی ہے مزید اس کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، عوام یہ بھی جان چکی ہے کہ عمران کی سیاست صرف اسکی ذات اور وزارت عظمی کی کرسی تک محدود ہے۔