All posts by Muhammad Saqib

خیبرپختونخوا میں 39 فیصد بچے سکولوں سے باہر، تعداد 40 لاکھ سے زائد ہو گئی

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں 39 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی۔
تحریک انصاف حکومت کے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نفاذ کے دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے، صوبے میں ہر سال داخلہ مہم کے باوجود سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے لگی، صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ تعلیم پر سال 2017-18 میں 136 بلین ،2018-19 میں 145 بلین سے زائد ،سال 2019-20 کے دوران 166اور گزشتہ سال 2020-21 میں 183 بلین روپے بھی خرچ کئے لیکن 9 سالوں کے باوجود بھی سکولوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات میسر نہ ہوسکیں۔ سال 2018 میں صوبے کے بندوبستی اضلاع میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد 20لاکھ سے زائد تھی جو گزشتہ سال 2021 میں بڑھ کر 30لاکھ سے زائد ہو گئی۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری سکولوں کے اساتذہ کے ایک سروے کے مطابق صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے جبکہ ضم قبائلی اضلاع میں 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں ، ضم شدہ اضلاع میں 74 فیصد لڑکیاں اور 38 فیصد سے زائد لڑکے سکول نہیں جارہے، ضلع کولئی پالس میں سب سے زیادہ 77 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
سروے کے مطابق ،اپر کوہستان میں 70 فیصد ،لوئرکوہستان 69،شمالی وزیرستان 66 ،باجوڑ63 ،تورغر61،شانگلہ 55،لکی مروت 53،مہمند 51،کرم اوراورکزئی میں 47ڈی آئی خان 46،ہنگو اوربنوں میں 47،پشاور44 اور مردان میں 28 فیصد بچے سکولوں سے باہرہیں، صوبے میں 65 فیصد سے زائد والدین معاشی حالات کے باعث بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے۔
سکول نہ جانے والے بچوں میں 12 فیصد بچے محنت مزدوری جبکہ 3فیصد تعلیم کی خواہش نہیں رکھتے، صحت کے مسائل کےباعث بھی 3 فیصد سے زائد بچے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔

وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر میلسی جائیں گے، عوامی اجتماع سے خطاب شیڈول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج میلسی کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں عوامی اجتماع سے ان کا خطاب بھی شیڈول ہے۔
وزیراعظم عمران خان میلسی میں آج اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے، دورے کے دوران وزیراعظم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
گذشتہ روز تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹر پیغام میں لکھا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وہاڑی میں اہم خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان اپنے خطاب میں عوام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی وزیراعظم کیخلاف گرینڈ سازش کو بے نقاب کریں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بھی کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کیا ہے ؟ بڑے انکشافات سامنے آنے والے ہیں،اپوزیشن کو دوبارہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا انشاءاللہ۔

فیصل آباد: ضلعی انتظامیہ سبسڈائزڈ کھاد مہیا کرنے میں ناکام، پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے سبسڈائزڈ قیمتوں پر زرعی کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنانے میں ناکامی کا شکار ہیں جس سے کاشتکار پریشان اور فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فیصل آباد میں سرکاری قیمتوں پر زرعی کھادیں ناپید ہوگئیں جس سے کاشکار پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبسڈائزڈ قیمتوں پر زرعی کھادوں کی فراہمی کے دعوے تو کئے گئے لیکن ان دعووں کو عملی صورت نہ مل سکی۔
مارکیٹوں میں زرعی کھاد کی بوری کی قیمت ناجائز منافع خوروں کی جانب سے 3 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، قیمتوں میں اضافے سے کاشتکار کھاد کی مطلوبہ مقدار کا استعمال کرنے سے بھی قاصر ہے جس سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے سے کاشتکاروں کو نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
معاملے پر ضلعی انتظامیہ حکام کہتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے سے آنے والے وقت میں انکی نہ صرف قلت پیدا ہو گی بلکہ ان کی قیمتوں میں بھی ہوشرباء اضافہ متوقع ہے۔

کوئٹہ میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، گلی محلوں میں دندناتے پھرتے کتوں کا راج ہے، خواتین اور بچوں کاگھروں سے نکلنا محال ہو گیا۔ بچوں بڑوں کو آئےروز کتے کاٹے کے واقعات پیش آنے لگے۔
کوئٹہ میں آوارہ کتوں نے نواں کلی ، پشتون آباد ، جیل روڈ ، سرکی روڈ اور دیگر گردونواح کےعلاقوں میں راج قائم کر لیا، ان کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کا اندازہ اس بات سے لگانا مشکل نہیں کہ یہ کتے لشکر کی شکل میں گھوم پھر رہے ہیں، جس کی وجہ سے بچوں اور بڑوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو چکا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس اتنےفنڈز نہیں کہ وہ کتا مار مہم شروع کرنے کے لئے گوشت اور زہر خرید سکے، کتوں کو تلف کرنے کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ لوگ تعاون کریں تو کوشش کریں گے۔
آوارہ کتوں کےلوگوں کو کاٹنے کے کیسز میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے مگر سرکاری ہسپتالوں میں فنڈز کم ہونے کےباعث اکثر لوگوں کو انجیکشن بازار سے خریدنے پڑ رہے ہیں جو مہنگے ہونے کے سبب عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔

ویمن کرکٹ ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو 107سے رنز سے شکست دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پوجا واسترنے سڑسٹھ اور سمرتی مندھانا باون رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جبکہ سنیہ رانا تریپن رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرا سندھو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

پیپلز پارٹی لانگ مارچ ، قافلےلاہورپہنچ گئے، ناصر باغ میں جلسے کی تیاریاں مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ لاہور پہنچ گیا، بلاول بھٹو زرداری دوپہر 2 بجے ناصر باغ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے آٹھویں روز قافلے لاہورپہنچ گئے ہیں، شرکا کیلئے ٹینٹ سٹی قائم کر دیا گیا۔ شہر بھر میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے، ناصر باغ میں دوپہر دو بجے جلسہ ہوگا، بلاول بھٹو کے خطاب کے بعد جی ٹی روڈ سے اسلام آباد روانگی شیڈول ہے۔
اس سے پہلے بلاول بھٹو زرداری دوپہر بارہ بجے جوہر ٹاؤن لاہور میں واقع ندیم افضل چن کی رہائش گاہ پہنچیں گے جہاں ندیم افضل پیپلزپاٹی میں دوبارہ شمولیت کرنے کا اعلان کریں گے۔ بلاول بھٹو ناصر باغ جلسے سے خطاب کے بعد عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اپنی اگلی منزلوں کی جانب روانہ ہوں گے،ان کی دوسری تقریر مریدکے جبکہ تیسرا خطاب گوجرانوالہ کے شیرانوالہ باغ میں ہوگا، بلاول بھٹو کی حتمی منزل آج وزیرآباد ہوگی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
آسٹریلیا نے تیسرے روز بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کریز پر موجود ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان نے پہلی اننگز چار سو چھہتر رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی، اظہر علی اور امام الحق نے شاندار سنچریاں سکور کیں ، دوسرے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کردیا گیا تھا۔
پاکستانی سکواڈ:
پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
آسٹریلوی سکواڈ:
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بادل برسنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، نارووال اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے، گلگت بلتستان ،اسلام آباد اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارش کا ایک اور سسٹم داخل ہو چکا ہے جس سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلات اور لورالائی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں بارشوں کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کورونا سے اموات میں کمی، سات افراد جاں بحق، 755 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات میں کمی آنے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سات افراد جاں بحق ہوئے ، ملک بھر میں 755 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد تیس ہزار دو سو پینسٹھ ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد اُنتیس ہزار چھ سو گیارہ ہے ۔ ملک میں پندرہ لاکھ چودہ ہزار دو سو اٹھاون افراد کورونا سے متاثر ہوئے ،چودہ لاکھ چون ہزار تین سو بیاسی مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سات سو پچپن نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح دو فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

یوکرین میں جنگ کا عالمی معیشت پر گہرا اثر پڑے گا، آئی ایم ایف

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا کہ وہ یوکرین کی ہنگامی مالی اعانت کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی درخواست کو آئندہ ہفتے کے اوائل میں منظوری کے لیے اپنے بورڈ میں لائے گا اور ہمسایہ ملک مالڈووا میں حکام کے ساتھ فنڈنگ ​​کے اختیارات کے بارے میں بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایک بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ یوکرین میں جنگ کے باعث توانائی اور اناج کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، جنگ کی وجہ سے 10 لاکھ پناہ گزینوں پڑوسی ممالک پہنچ چکے ہیں جبکہ روس پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔
آئی ایم ایف نے منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی زیرصدارت بورڈ میٹنگ کے بعد ایک بیان میں کہا کہ صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور آؤٹ لک غیر معمولی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، معاشی نتائج پہلے ہی بہت سنگین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاری جنگ اور اس سے منسلک پابندیوں کا عالمی معیشت پر بھی شدید اثر پڑے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بحران مہنگائی اور معاشی سرگرمیوں کو ایک ایسے وقت میں منفی جھٹکا دے رہا ہے جب قیمتوں کا دباؤ پہلے ہی زیادہ تھا۔
اس میں کہا گیا کہ قیمتوں میں اضافے کے جھٹکے دنیا بھر میں محسوس کیے جائیں گے اور حکام کو غریب گھرانوں کے لیے مالی امداد فراہم کرنی چاہیے جن کے لیے خوراک اور ایندھن کے اخراجات کا زیادہ حصہ ہوتا ہے اور مزید یہ کہا کہ اگر جنگ بڑھی تو معاشی نقصان بڑھ جائے گا۔