All posts by Muhammad Saqib

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 8 ارب 28 کروڑ کا رمضان پیکچ دینے کی تیاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 8 ارب 28 کروڑ روپے کے بڑے رمضان پیکج دینے کی تیاری شروع کردی ہے۔ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بڑا رمضان پیکچ دینے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت تحت 19 اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر 7 ارب 84 کروڑ26 لاکھ روپے کا رمضان پیکج دیا گیا تھا، تاہم اس سال مہنگائی کے تناسب کو دیکھتے ہوئے 8 ارب 28 کروڑ روپے کا پیکج دینے کی تجویز ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے تحت سب سے زیادہ سبسڈی گھی کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے، گھی کے لیے 4 ارب 5کروڑ روپے کی سبسڈی تجویز ہے ، آٹے پر 2 ارب 53 کروڑ 40 لاکھ روپے کی سبسڈی تجویز ہے، جب کہ چینی پر 75 کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق باسمتی چاول پر ڈھائی کروڑ روپے، سیلہ چاول ایک کروڑ اور ٹوٹا چاول پر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز ہے، دال چنا 3 کروڑ، دال مسور 3 کروڑ، سفید چنے پر 5 کروڑ روپے کی سبسڈی تجویز ہے، رمضان پیکچ کے تحت دیگر اشیاء پر 76کروڑ 50 لاکھ روپے کی سبسڈی تجویزہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے 1500سے زائد مختلف برانڈڈ اشیاءپر بھی شہریوں کو ریلیف دیا جا ئے گا اور اس ریلیف کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن مختلف برانڈز کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے تاکہ مختلف برانڈز کی اشیاءکے ریٹ یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے کم کروائے جا سکیں.

ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر پولیس کی فائرنگ، کار سوار نوجوان زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر پولیس نے فائرنگ کردی جس سے کار سوار نوجوان زخمی ہوگیا۔ شاہدرہ میں ناکے پر نہ رکنے والے 22 سالہ نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے گولی مار دی، نوجوان گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او شیخ وسیم اختر انچارج چوکی سگیاں اور ناکے کے 4 اہلکار معطل کر دیئے اور کارروائی کا آغاز کردیا۔ گزشتہ رات ناکے پر اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، گاڑی نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کردی، گولی گاڑی کی ڈگی سے ہوتی ہوئی ایک آدمی کی ٹانگ میں لگی۔

کراچی، منشیات فروشوں اور جواریوں کی سرپرستی کے الزام میں ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے ماڈل ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کو منشیات فروشوں کی سرپرستی جبکہ میمن گوٹھ تھانے کے ہیڈ محرر کو جوئے کی سرپرستی کے الزام میں گرفتار لیا گیا۔ ماڈل کالونی پولیس کے ہاتھوں منشیات سے بھری پکڑی گئی تھی، جس کو اہلکاروں نے ایس ایچ او کے حکم پر چھپایا اور ملزمان سے مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا تھا، جس پر ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس الرحمٰن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ بدھ کو ماڈل کالونی پولیس نے منشیات سے ایک کار پکڑی تھی، جس میں کرسٹل اور ہیروئن برآمد ہوئی تھی تاہم ایس ایچ او انیس الرحمٰن نے مبینہ طور پر پکڑی گئی کار کی نہ تو کوئی انٹری کرائی اور نہ ہی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او گاڑی کو تھانے کے عقب میں چھپا کر انہی منشیات فروشوں سے مبینہ طور توڑ جوڑ میں مصروف تھا جس کی اطلاع موصول ہوئی تو ایس ایس پی کورنگی سے معاملے کی تحقیقات کرائی گئیں۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی پکڑی گئی تھی اور منشیات فروش پولیس کے ہتھے آگئے تھے مگر ایس ایچ او نے بھاری رقم کے عوض انہیں رہا کردیا۔ مقدس حیدر نے بتایا کہ تصدیق ہونے کے بعد انھوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس الرحمٰن معطل کر دیا اور بعدازاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انھیں گرفتار بھی کرلیا۔ واضح رہے کہ جمعرات کی صبح ایس ایچ او میمن گوٹھ اور ہیڈ محرر کو بھی ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے جوئے کے اڈے کی سرپرستی کے الزام میں معطل کر کے گرفتار اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ، ایک ہی دن میں ایسٹ زون کے 2 تھانیداروں کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمات کے اندراج نے امتحان اور انٹرویو پاس کر کے ایس ایچ اوز کی تعیناتی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔

رشتے کیلیے آنے والے لڑکے نے گولی مار کر لڑکی کی ماں کو قتل کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) رشتے کے لئے آنے والے لڑکے نے لڑکی کی ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ لاہور کے علاقے ہنجروال میں رشتے کے لیے آنے والے لڑکے نے گولی مار کر لڑکی کی ماں کو قتل کردیا، فائرنگ کرنے والا ملزم اپنی فائرنگ سے خود بھی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے دیگرملزمان کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ہنجروال کے علاقے رانا ٹاؤن میں رستم اور اس کے اہل خانہ شہناز بی بی کے گھر لڑکی کا رشتہ لینے آئے ہوئے تھے، دوران گفتگو کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی، اور طیش میں آکر رستم نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ سے لڑکی کی ماں شہناز بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جب کہ اس کی بیٹی شمائلہ بی بی زخمی ہوگئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ المناک ہے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ چیف سیکرٹری سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے سے متعلق کوئی تھریٹ الرٹ جاری نہیں ہوا تھا۔ دھماکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے میں وہی لوگ ملوث ہیں جو پاکستان کی ترقی برداشت نہیں کر سکتے تاہم پشاور دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں اور ملک دشمن قوتوں سے آسڑیلوی ٹیم کی آمد برداشت نہیں ہوتی۔

دہشتگردوں نے نمازیوں کو نشانہ بنا کر انسانیت پر حملہ کیا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے معصوم نمازیوں کو نشانہ بنا کر انسانیت پر حملہ کیا ہے۔
حکومت دہشتگردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولتکاروں کو فوری گرفتار کرے، بلاول بھٹو زرداری نے دھماکہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔
پشاور بم دھماکے پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مذمتی بیان جاری کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پشاور بم دھماکہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، نماز جمعہ کے دوران حملہ سفاکیت کی بدترین مثال ہے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے، انہوں نے ہدایت دیں کہ جے یو آئی کارکن فوری طور پر ہسپتال پہنچیں اور زخمیوں کی ہر قسم کی امداد کریں، حکومت امن وامان میں ناکام ہوچکی ہے ،عوام کو خود ہی اپنا تحفظ کرنا پڑے گا۔

پشاور دھماکہ، وزیر اعظم عمران خان کی مذمت، رپورٹ طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران خان نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دھماکا المناک ہے، یہ ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، ہلاکتوں کی بڑی تعداد ہے، اس پر جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ محمود خان نے صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد سیف اور کامران بنگش کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے کاموں کی نگرانی کریں۔
محمود خان نے آئی جی خیبرپختوںخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے جتنی کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

سعودی عرب میں ملازمہ کر ہراساں کرنے پر غیر ملکی کو 8 ماہ قید

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہرمکہ مکرمہ میں خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے پر ایک عرب غیر ملکی کو 8 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق خاتون نے عدالت کے سامنے اس واقع کی قسم اٹھائی اور ایک خاتون کو بطورگواہ بھی پیش کیا، جس کر بعد عدالت نے فیصلہ دیا۔
خاتون کی وکیل کا کہنا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت خاتون کو چھیڑنے کا الزام ثابت ہونے پر دو سال تک قید کی سزا اور ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
اسلامی تعزیرات کے مطابق الزام لگانے والی خاتون کو دو گواہ پیش کرنے ہوتے ہیں، لیکن مزکورہ خاتون صرف ایک گواہ پیش کر سکی، جس کے بعد اس کی قسم پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے غیر ملکی کو مجرم قرار دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ عدالت نے شواہد کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی کو 8 ماہ قید کی سزا پر اکتفا کیا ہے۔

حزب اختلاف ہر دفعہ عوام کیخلاف ہی کھڑی ہوتی ہے، فواد چودھری

راوالپنڈی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف ہر دفعہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف ہر دفعہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے۔ حزب اختلاف سے کہوں گا کہ ایک فری باکس دے دوں گا اس میں بیٹھ کر میچ دیکھیں اور لائحہ عمل بھی طے کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت اور پاکستان کی اسپورٹس کو آگے بڑھانا چاہیے اور بھارت کے ساتھ لوگوں کا رابطہ بحال ہونا چاہیے جبکہ پاکستان بھارت کرکٹ کو بھی بحال ہونا چاہیے۔

پشاورکےعلاقےکوچہ رسالدارکی مسجدمیں دھماکا، 30 افراد شہید، 50 زخمی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکے میں 5 افراد شہید جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔