All posts by Muhammad Saqib

الیکشن کمیشن کا عام اور بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا ضابطہ اخلاق بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2023 اور بلدیاتی انتخابات کےلئے نیا ضابطہ اخلاق بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان انتخابی ضابطہ اخلاق پر تنازع نئی شکل اختیار کرنے لگا، الیکشن کمیشن نے نئے ضابطہ اخلاق کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے اور تمام پارلیمانی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے لئے 8 مارچ کو اجلاس طلب کرتے ہوئے دعوت نامے ارسال کردئیے ہیں۔
ضابطہ اخلاق میں تبدیلی سے متعلق الیکشنز ترمیمی آرڈیننس پر بھی مشاورت ہوگی، الیکشن کمیشن 8 مارچ کو دن دو بجے تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے گا، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے الیکشنز ترمیمی آرڈیننس پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں نے آرڈیننس کی حمایت کی تو الیکشن کمیشن رولز میں ترقیاتی سکیموں کے اعلانات اور وعدوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرے گا۔

عدم اعتماد، وزیراعظم عمران خان سیاسی محاذ پر متحرک، مونس الٰہی سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد عمران خان بھی مقابلے کرنے کے لیے سیاسی محاذ پر متحرک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہی نے ملاقات کی۔ جس میں ملکی سیاسی امور اور اتحاد کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر مونس الٰہی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہیں، آگے بھی ملکر ساتھ چلنا ہے۔ سیاسی منظر نامے پر ساتھ ساتھ چلنا ہے۔
مونس الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ نسلوں سے ہمارے خاندان نے ہمیشہ وعدوں کا احترام کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر سے ملاقات کی ۔ پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اتحاد کے معاملات پر کوارڈینیشن کی ذمہ داری وفاقی وزیر اسد عمر کو سونپ دی گئی، اسد عمر سیاسی معاملات پر مسلم لیگ ق کی قیادت کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا کینیا کا سرکاری دورہ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،نےکینیا کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں پر انہوں نے کینیا کی مسلح افواج کےسربراہان کے ساتھ وسیع تر باہمی دفاعی تعاون پر بات چیت کی، ملاقات کرنے والوں میں، کینیا کے کیبنٹ سیکریٹری دفاع یوجین لوڈووک وامالوا،چیف آف ڈیفنس فورسز کینیا جنرل رابرٹ کیریوکی کیبوچی، کمانڈر کینیا آرمی لیفٹیننٹ جنرل والٹر آر کوئیپٹن ، کمانڈر کینیا ایئر فورس میجر جنرل جان موگاروائی اور کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جمسن لونگیرو متائی شامل ہیں۔
ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی تعلقات کے علاوہ سیکیورٹی کے مختلف شعبوں میں فوجی تعاون کے دائرہ کار کی وسعت اورمزید مٔوثر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے دونوں دوست ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سیکورٹی تعلقات کو مضبوط اور بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط خصوصاً دفاع اور سلامتی کے شعبوں میںوسیع ، جامع اور طویل المدتی تزویراتی تعلقات کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔
کینیا کے معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
قبل ازیں کینیا ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

سعودی عرب کا پاکستان کو بڑا ریلیف، قرضوں کی ادائیگی موخر کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان کے 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا قرضہ ری شیڈول کرتے ہوئے قرضوں کی ادائیگی آئندہ 6 ماہ کے لئے موخر کردی ہے۔
اسلام آباد میں سعودی عرب کا پاکستان کو قرضہ موخر کرنے کے معاہدے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب جی 20 ممالک کے تحت پاکستان کو ریلیف دے گا، سعودی عرب نے پاکستان کے 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا قرضہ ری شیڈول کر دیا اور قرضوں کی ادائیگی آئندہ 6 ماہ کے لئے موخر کر دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق قرضہ موخر کرنے کے معاہدے کی تقریب میں سعودی سفیر بھی موجود تھے جبکہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے ڈی جی ڈاکٹر سعود ایاد نے دستخط کئے۔

عدم اعتماد: ن لیگ کا 38حکومتی اراکین اسمبلی کی حمایت ملنے کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے 38 حکومتی ارکان اسمبلی کی حمایت ملنے کا دعویٰ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق 38 حکومتی ارکان اسمبلی کی حمایت ملنے کی فہرست سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو ارسال کر دی گئی۔ ن لیگ نے 10 ارکان کو آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے دعویٰ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومت کے 16 ارکان قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔
سینئر لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن نے ہم خیال حکومتی ارکان کو 3 مراحل میں تقسیم کر دیا ، پہلے مرحلے میں وہ ارکان ہیں جو حکومتی پالیسیوں سے دلبرداشتہ ہیں۔ دوسرے مرحلے میں حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی سوچ رکھنے والے ارکان شامل ہیں۔ تیسرے فیز میں دیکھو اور انتظار کرو کی سوچ رکھنے والے ارکان ہیں۔

ماہ شعبان کا چاند نظر نہیں آیا، شب برات 19 مارچ کو ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ماہ شعبان کا چاند نظر نہیں آیا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج شعبان کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یکم شعبان ہفتہ 5 مارچ کو ہوگی جبکہ 19 مارچ بروز ہفتہ شب برات منائی جائے گی۔
خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مفتی ضمیر ساجد، مولانا ابو بکر حنیف، علامہ سجاد نقوی، مفتی عبد السلام، پیر ممتاز نظامی، حافظ اقبال نعیمی شریک تھے۔
اجلاس میں مرکزی کے ساتھ زونل کمیٹی ممبران، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات کے افسران بھی شامل تھے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ رمضان المبارک پیسوں کی نہیں نیکیوں کی کمائی کا مہینہ ہے، ذخیرہ اندوزی کرنا غیر شرعی ہے، ایسے عناصر آخرت کی فکر کریں، حضور اکرم ﷺ شعبان سے ہی رمضان کی تیاری شروع کر دیتے تھے۔

دوبارہ نیٹس میں واپس آنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں: عابد علی

لاہور: (ویب ڈیسک) ہارٹ سرجری ہونے کے بعد کرکٹ کے میدانوں میں واپس آنے والے قومی ٹیم کے بیٹر عابد علی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں دوبارہ نیٹس میں واپس آگیا ہوں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ دن بدن بہتری کی طرف جارہا ہوں، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق اپنی ٹریننگ شروع کی ہے، کافی دنوں کے بعد نیٹ میں بیٹنگ کی جس کا بہت مزہ آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنکی وجہ سے میرا ری ہیب پروگرام جاری ہے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ 3 ماہ کے اندر کرکٹ دوبارہ کھیل سکتا ہوں، آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے تاکہ جلد سے جلد دوبارہ پاکستان کی طرف سے کھیلوں۔

سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

پشاور: (ویب ڈیسک) سوات اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہری خوف میں مبتلا ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کی ملا کنڈ ڈویژن کے ضلع سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 88کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا امریکا میں سرمایہ کاری کم کرنے کا عندیہ

ریاض: (ویب ڈیسک) امریکا میں 800 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے ملک سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے سرمایہ کاری کم کرنے کا عندیہ دیدیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں سعودی سرمایہ کاری میں کمی کا امکان ہے، ہمیں اپنے فائدے کو مد نظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر مجھے سمجھ نہیں پارہے تو یہ ان کا مسئلہ ہے۔ امریکی مفاد کے لیے سوچنا بائیڈن کی ذمہ داری ہے، دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین سے معاملات ٹھیک کر لے تو اتحاد ہوسکتا ہے، سعودی عرب میں بادشاہت ہی قائم رہے گی۔
ایران سے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تہران سے ڈائیلاگ کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں، دونوں ملکوں کے روشن مستقبل کے لیے با مقصد مذاکرات لازمی ہیں، مذاکرات کے ذریعے ہی دونوں ملک کسی معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں، ایران ہمارا مستقل ہمسایہ ہے ہم دونوں ایک دوسرے سے جان نہیں چھڑا سکتے۔

بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا شوٹنگ کے دوران زخمی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رندیپ ہودا اپنی نئی آنے والی سیریز ’انسپکٹر اوینش‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار رندیپ کو زخمی ہونے پر ممبئی شہر کے کوکیبلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے گھٹنے کی سرجری کی۔
رندیپ ہودا یکم مارچ کو انسپکٹر اوینش سیریز کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے جس کے فوراً بعد انہیں اسپتال لایا گیا جہاں گزشتہ روز اداکار کے گھٹنے کا آپریشن ہوا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اداکار کو جلد ہی اسپتال سے ڈس چارج کردیا جائے گا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے ذرایع نے بتایا کہ رندیپ کے اسی گھٹنے کی سرجری ہوئی جسے ماضی میں رادھے فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے پر آپریٹ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سیریز میں رندیپ ہودا انسپکٹر اوینش کا کردار بنھا رہے ہیں جس میں وہ بھارتی ریاست اترپریش میں جرائم کے خاتمے کے لیے سرگرم نظر آئیں گے۔ علاوہ ازیں نیٹ فلکس ڈرامہ سیریز ’کیٹ‘ بھی رندیپ کے آنے والے پراجیکٹ کا حصہ ہے۔