All posts by Muhammad Saqib

یوکرین کے60 طیارے تباہ کردئیے، روس کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں یوکرین کے 60 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان روسی وزارت دفاع کے ایگور کوناشینکوف کے مطابق یوکرین کے 484 ٹینک اور47 ڈرون سمیت دیگردفاعی ہتھیارتباہ کردئیے گئے۔ مجموعی طورپریوکرین کے 1533اثاثے تباہ کردئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں روس سے یوکرین میں خوں ریزی روکنے اورفوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین سے اب تک 10 لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔
عالمی عدالت انصاف میں یوکرین پرحملے میں شہریوں کی ہلاکت پر روس کیخلاف ممکنہ جنگی جرائم کے سلسلے میں درخواست پرکارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔ یوکرین نے روس کیخلاف عالمی عدالت میں درخواست دی ہے۔
یوکرین کے مختلف شہروں میں روس کےحملے جاری ہیں۔ دارالحکومت کیف میں 4 دھماکے ہوئے تاہم دھماکوں کے بعد صورتحال واضح نہیں۔

اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور بالی ووڈ میں انٹری کے لیے تیار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی ایک اور اسٹار کڈ اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور فلموں میں انٹری کے لیے تیار ہے۔
شنایا کپور اداکار سنجے کپور کی بیٹی اور انیل کپور کی بھتیجی ہیں۔ شنایا کپور کو بالی ووڈ میں پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کرن جوہر لانچ کرنے جارہے ہیں جو اس سے قبل کئی اسٹار کڈز کو لانچ کرچکے ہیں۔
کرن جوہر نے شنایا کپور کی پہلی فلم ’’بے دھڑک‘‘ کا پوسٹر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ فلم میں شنایا کپور کے ساتھ اداکار لکشیا اور گرفتح سنگھ بھی نظر آئیں گے۔ فلم کو ششانک کھیتن ڈائریکٹ کریں گے۔ فلم کب ریلیز کی جائے گی اس حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ شنایا کپور فلم میں اداکاری کرنے سے قبل اداکارہ جھانوی کپور کی فلم ’’گنجن سکسینا؛ دی کارگل گرل‘‘ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرچکی ہیں۔

گوگل پکسل فون کے اسکرین لاک سے مقامی ایمرجنسی نمبر ڈائل کرنےکی سہولت

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اب آپ پاکستان میں ہوں، سعودی عرب جائیں یا امریکا میں ٹھہرے ہوئے ہوں، گوگل پکسل فون لاک ہونے پر بھی آپ مقامی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس وغیرہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
گوگل نے اسے فاسٹ ایمرجنسی ڈائلر (ایف ای ڈی) کا نام دیا ہے۔ اس کا پہلا عملی نمونہ گوگل پکسل نے اپنی ایمرجنسی ایپ میں پیش کیا تھا لیکن اب اسے پکسل فون کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ اسے بطورِ خاص بین الاقوامی سفر کرنے والے مصروف ترین افراد کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق اگر فون لاک بھی ہو تب بھی ایمرجنسی کال بٹن سے پولیس، فائر بریگیڈ اور طبی مدد کی کال کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ پاور مینو سے فون کھول کر آپ ویسے بھی رابطہ کرسکتے ہیں تاہم پاور بٹن کا انحصار اس کے ماڈل پر بھی ہے کہ آپ کے پاس کون سا گوگل پکسل ہے۔
پکسل فائیو رکھنے والے پاور بٹن کو پانچ سیکنڈ تک دبا کر ایف ای ڈی تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور انہیں ایمرجنسی پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ یا پھر سلائیڈر سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب گوگل پکسل 6 اور پرو والے اینڈروئڈ 12 کی بدولت پاور اور والیم اپ کا بٹن ایک ساتھ دباتے ہوئے ایمرجنسی تک پہنچ سکتے ہیں۔
گوگل سپورٹ کے مطابق یہ سہولت پوری دنیا کے لیے ہے اور جہاں بھی آپ ایمرجنسی رابطہ کریں گے تو وہ ملک کے لحاظ سے ہی نمبر ملائے گا۔

اٹلی میں شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے انوکھی پیشکش

روم: (ویب ڈیسک) کورونا کی عالمی وبا کے باعث اٹلی کے شہر لازیو کے حکام نے ویڈنگ سیکٹر کو بحال کرنے کے لیے انوکھی پیشکش متعارف کروادی۔
کورونا وائرس وبائی امراض کے نتائج سے بچانے کے لیے اطالوی شہر لازیو کے حکام شادی کرنے والے جوڑوں کو 2ہزار یورو یعنی (3 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق لازیو میں شادی کرنے والے جوڑے کو ہال، کھانے ، کپڑے، فوٹوگرافر اور دیگر خرچوں کیلئے دیے جائیں گے جبکہ حکام نے مہم کو ان لازیو ود لوو کا نام دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شادی کرنے والے جوڑوں کو رقم فراہم کرنے کا مقصد ویڈنگ سیکٹر کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
حکام کی جانب سے یہ پیشکش یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک ہے جبکہ اس سے اطالوی شہریوں کے ساتھ غیر ملکی سیاح بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں تاہم جوڑے اپنی درخواستیں اور رسیدیں فراہم کریں گے تو انہیں رقم ادا کردی جائے گی۔

پاکستان کے 3 کھلاڑی نہیں لیکن پھر بھی انہیں کمزور نہیں کہوں گا، پیٹ کمنز

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنزنے کہا ہے کہ پاکستان کے 3 کھلاڑی نہیں لیکن پھر بھی انہیں کمزور نہیں کہوں گا۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابھی 11 کھلاڑیوں کا فیصلہ نہیں کیا لیکن 3 فاسٹ بولرز یا 2 اسپنرز کھلا سکتے ہیں، کیا ٹیم کھلانی ہے آج پچ دیکھ کر فیصلہ کریں گے، پاکستان کے 3 کھلاڑی نہیں لیکن پھر بھی انہیں کمزور نہیں کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیموں کے پاس پورا اسکواڈ ہوتا ہے اور دوسرے کھلاڑی آ کر بہتر کر سکتے ہیں، ایشیز میں ہیزل ووڈ ان فٹ ہوئے تو بولینڈ نے آکر اچھی کارکردگی دکھائی، فل ہاؤس کے سامنے کھیلنے کا مزہ آتا ہے، سب ٹکٹ بک گئے جو خوشی کی بات ہے، سکیورٹی کی وجہ سے مختلف لگ رہا ہے لیکن ٹاس کے بعد کرکٹ پر ہی توجہ ہوگی۔

خیبرپختونخوا میں سرگرم خونی راہزن گروہ کے تین کارندے گرفتار، اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاورمیں پولیس نے کارروائی کے دوران صوبے بھرمیں سرگرم خطرناک خونی راہزن گروہ کے تین کارندوں کو گرفتارکرلیا، پولیس کی وردیاں، گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو جیم کرنے والے جیمر، نمبرپلیٹس، پاسپورٹس اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کر لیے گئے۔
ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں سرگرم خطرناک خونی راہزن گروہ کے تین کارندوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتارملزمان پولیس وردی میں رہزنی کی وارداتیں کرتے تھے، ملزموں سے پولیس کی وردیاں، گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو جیم کرنے والےجیمر،متعدد نمبرپلیٹس، متعدد شناختی کارڈز،پاسپورٹس مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئے ۔
گرفتار ملزمان پشاور، نوشہرہ اور دیگراضلاع میں11 مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان میں خونی راہزنی میں ملوث ملزم بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات سمیت دیگر ریکوری کی توقع ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور چوری میں ملوث 114 ملزمان گرفتار ہوئے، مجموعی طور پر 22 گروہوں کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 18 گاڑیاں، 17 لاکھ روپے سے زائد رقم، 111 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 1500 سے زائد ملزمان اور 692 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، 52 کلاشنکوف، 8 کالا کوف، 85 رائفل ، 15 بندوق، 768 پستول، 24 ہزار سے زائد کارتوس، 20کلو آئس ، 253 کلو چرس، 163کلو افیون اور24 کلو ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مسلسل تنزلی کا شکار

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 21 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 177 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 177 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 11.60 پوائنٹس کی معمولی تیزی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 11.60 پوائنٹس کی معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 44525.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.03 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 10 کروڑ 77 لاکھ 39 ہزار 600 شیئرز کا لین دین ہوا۔

جنریشن برینڈ کا حیدرآباد میں اپنے پہلے اسٹور کا افتتاح

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) جنریشن، پاکستان کی خواتین کے لیے تیار لباس کے لیے پسندیدہ برانڈ، 5 مارچ 2022 کو حیدرآباد میں پہلی بار اپنے دروازے کھولے گا۔ آؤٹ لیٹ فارچیون آرکیڈ قاسم آباد میں ہے جہاں خواتین برانڈ کے تازہ ترین مجموعوں سے اپنی پسند کی خریداری کر سکتی ہیں۔ عظیم الشان افتتاح میں تمام خریداریاں پہلے 2 دنوں کے لیے 20% کی چھوٹ پر ہیں!
جنریشن کے بانی اور سی ای او سعد رحمان نے کہا کہ ”حیدرآباد کے روشن خوبصورت شہر میں آنا ایک بہت واضح انتخاب تھا، کیونکہ ہمارے پاس بہت سے وفادار کسٹمرز ہیں جنہوں نے ہمیں یہاں بلایا”۔ ”ہم اس شہر کے مرکز میں اپنا اسٹور شروع کرنے کے منتظر ہیں۔ ہم اپنے صارفین کو اپنے برانڈ کا بہترین اور حقیقی خریداری کا تجربہ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔’

ازبکستان کے صدر پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان نے خود استقبال کیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔ ازبک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے جس میں وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ سرکاری افسران، کاروباری اور میڈیا ارکان شامل ہیں۔
2016 میں صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد ازبک صدر مرزیوئیف کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ازبک صدر ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاک ازبک رہنماسیاسی، تجارتی، اقتصادی، روابط، تعلیم، ثقافت، سلامتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ اس کےعلاوہ دونوں رہنماء اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال اور متعدد دو طرفہ معاہدوں، ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان ،ازبکستان کے صدر سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت اور مشترکہ میڈیا اسٹیک آؤٹ ہوگا۔
وزیر اعظم ازبک صدر کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت بھی دیں گے۔ ازبک صدرمرزیوئیف اور صدر عارف علوی کے مابین بھی ملاقات ہوگی۔ دونوں فریقین سیاسی اور اسٹریٹجک روابط بڑھانے،تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعلقات، رابطوں میں اضافہ، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کا فروغ پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کو ملانے والا ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ کے امور زیر بحث لائیں گے۔ دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں کے مابین بھی نتیجہ خیز بات چیت ہوگی۔
ازبک صدر کے دورے سے پہلے، دونوں ملکوں کے مابین 2 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں مشترکا وزارتی کمیشن کا 7 واں اجلاس اور دوسرا جوائنٹ بزنس فورم منعقد کیا گیا۔ پاکستان نے وژن سینٹرل ایشیا فریم ورک کے تحت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کو بڑھایا گیا۔ وژن میں سیاسی، سفارتی، تجارتی ،سرمایہ کاری، توانائی اور رابطے، سلامتی اور دفاع کے شعبے شامل تھے۔