All posts by Khabrain News

دہشتگردسزا سے نہیں بچ سکتے، ناحق خون بہانے والوں کو نشان عبرت بنائینگے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد سزا سے بچ نہیں سکتے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔
وزیراعظم نے بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس جبکہ اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد سزا سے بچ نہیں سکیں گے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے، انہوں نے وزیراعلیٰ اور آئی جی پولیس بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے باوجود کراچی کینٹ سٹیشن پر واک تھروگیٹ ناکارہ

کراچی: (ویب ڈیسک) دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے باوجود کراچی کینٹ سٹیشن پر لگائے گئے کئی واک تھرو گیٹ ناکارہ ہوگئے۔
کراچی کینٹ سٹیشن پر ایک طرف دھماکا خیز مواد کا کھوج لگانے والے آلات اور ریل گاڑیوں کے اندر معائنہ کرنے والا سسٹم ناپید ہے تو دوسری جانب مسافروں کا سامان چیک کرنے کا کوئی انتظام ہی نہیں۔
سٹیشن کی سکیورٹی پر مامور اہلکار بھی مسافروں کا سامان چیک کرنے کے بجائے اپنی ہی باتوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔
شہریوں نے کینٹ سٹیشن کی سکیورٹی کو ناکارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیشن کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ سمیت نفری بڑھائی جائے۔

تھرکول بلاک ون میں بڑھتی چوریوں پر چینی کمپنی کا حکومت سندھ کو خط

کراچی: (ویب ڈیسک) تھرکول بلاک ون میں چوریوں کی بڑھتی وارداتوں پر چینی کمپنی نے حکومت سندھ کو خط لکھ دیا۔
چینی کمپنی کے چیئرمین مینگ ڈھونگ آئی نے چیف سیکرٹری سندھ کے نام خط میں لکھا کہ چوری کی وارداتوں میں مقامی نوجوان ملوث ہیں جب کہ قیمتی اسٹیل، الیکٹرک کیبل اور دیگر آلات چوری کرنے والوں کو پولیس سے چھڑوا لیا جاتا ہے۔
چینی کمپنی کے چیئرمین نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ کچھ روز قبل بھی بجلی سپلائی کی ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچایا گیا۔
خط میں چیئرمین کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ سے تھر کول بلاک ون کی باڑ سے 2 کلو میٹر تک غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت پر پابندی عائد کرنے کی بھی گزارش کی گئی۔
چینی کمپنی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اگر چوریاں نہ رکیں تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔

جام پور میں بربریت عروج پر، الیکشن پھر بھی پی ٹی آئی جیتے گی: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جام پور میں بربریت عروج پر ہے لیکن پھر بھی الیکشن پی ٹی آئی نے جیتنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے کہا کہ جام پور ضمنی انتخابات میں پولیس اور جتھوں کا استعمال کر کے تحریک انصاف کے حمایتی بااثر لوگوں کی فصلوں پرٹریکٹر چلا دیئے گئے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ درجنوں لوگ جعلی پرچوں میں اندر ہیں، پورے پنجاب کی پولیس جام پور میں لگا دی گئی ہے۔

کراچی: سٹریٹ کرائمز ، منشیات فروشی میں ملوث 9ملزم گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائمز ، منشیات فروشی میں ملوث 9 ملزم گرفتار کرلیے ۔
کراچی پولیس کے مطابق گارڈن، کلری، کلاکوٹ، کھارادر اور عیدگاہ کے علاقوں میں کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان سٹریٹ کرائمز، موٹر سائیکل لفٹرز، منشیات فروش اور شراب کی سپلائی میں ملوث ہیں ۔
ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 3 چوری شدہ موٹر سائیکلز، 1 کلو گرام چرس اور 8 شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئیں ۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں مبشر، عدنان ، عبدالرحمن، ضیاءالرحمن، گل زادہ ، عبدالوہاب عرف کوڈو، عمران، عمران ماشی اور نثار احمد شامل ہیں، ملزمان اس سے قبل بھی کئی مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالوہاب عرف کوڈو اس سے قبل پولیس مقابلے قتل، اقدام قتل ، غیر قانونی اسلحہ اور ڈکیتی کے 5 مقدمات جبکہ ملزم عمران ماشی شراب سپلائی کے مقدمہ میں گرفتار ہوکر جیل کی سزا کاٹ چکا ہے ۔

فیفا فٹ بال ایوارڈ : سال کے بہترین فٹبالرکیلئے میسی ، مباپے اور بینزما مدمقابل

نیویارک : (ویب ڈیسک) سال 2022 کے بہترین فٹ بالر کے فائنلسٹ کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم جیت کا تاج کس کے سر ہوگا اس کا فیصلہ کل (پیر ) کو ہوگا ۔
2022 کے بہترین فیفا مینز پلیئر کے انعام کے لیے اولمپک چیمپئن فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑی لیونل میسی اور ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک اور گولڈن بُوٹ حاصل کر نے والے فرانسیسی کھلاڑی کیلن مباپے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے جبکہ ٹائٹل کے دیگر دعویداروں میں کریم بینزیما بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایوارڈ کی یہ تقریب پیرس میں منعقد ہوتی ہے جس میں سال کے بہترین فٹبالر کو ’بیلن ڈی اور‘ نامی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔
ارجنٹائن کو ورلڈ کپ جتوانے والے میسی اس ایوارڈ کے لیے فرانس کے مباپے پر برتری حاصل کیے دکھائی دیتے ہیں ، میسی نے سات بار ’بیلن ڈی اور‘ جیتا ہے۔
فرانس کے مباپے گزشتہ برس قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ میں تین گول سکور کر کے ہیٹ کرنے والے دوسرے فٹبالر بنے، وہ فٹبال لیگ ون کے ٹاپ سکورر بھی ہیں۔
بینزیما کے انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد اس اعزاز جیتنے کے امکانات کو دھچکا لگا ہے، ریال میڈریڈ کے کپتان کو سال 22-2021ء میں بہترین پرفارمنس پر بیلون ڈی آر ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔
اس ایوارڈ جیتنے والی جیوری میں ہر ملک کی قومی ٹیم کے کپتان اور کوچ کے ساتھ اُس ملک سے ایک صحافی شامل ہوتا ہے جبکہ شائقین بھی ووٹ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹبال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے ، گزشتہ سال یہ ایوارڈ لیونل میسی نے ریکارڈ 7ویں بار اپنے نام کیا تھا، جبکہ رونالڈو نے یہ ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا ہوا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں آج 2 اہم میچز شیڈول

پورٹ مورس بے : (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 میں آج دو اہم میچ کھیلے جائیں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دوپہر 2 بجے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، سلطانز 5 میں سے 4 میچز جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز 5 میں سے 4 میچ ہارنے کے بعد پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
پانچ میں سے چار میچ ہارنے والی کراچی کنگز ایک اور شکست کی صورت میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو سکتی ہے۔
آج کا دوسرا مقابلہ شام 7 بجے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا، پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی تیسری جبکہ پشاور زلمی کی چوتھی پوزیشن ہے۔

پاپوانیوگنی : ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ

پورٹ مورس بے : (ویب ڈیسک) پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاپوانیوگنی کے دور دراز علاقے میں 38 کلو میٹر زیرِ زمین گہرائی میں آیا ۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی جبکہ زلزلے کی وجہ سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

شمالی کوریا : بچوں کوہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی اجازت دینے والے والدین کوجیل بھیجا جائےگا

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا میں ہالی ووڈ فلموں پر پابندی لگا دی گئی ہے ، جو والدین اپنے بچوں کو ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی اجازت دیں گے انہیں سنگین نتائج بھگتنا ہونگے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا میں والدین کو حال ہی میں اپنے بچوں کو ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی اجازت دینے کے سخت نتائج سے خبردار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا ذرائع نے اس حوالے سے وضاحت میں کہا کہ شمالی کوریا کے محلوں میں متعدد اجلاس منعقد کیے گئے تاکہ والدین کو حکام کی جانب سے ان لوگوں کے خلاف عدم برداشت سے آگاہ کیا جا سکے جو اپنے بچوں کو مغربی مواد دیکھنے کی اجازت دیتے ہیں۔
اس وارننگ کو مدنظر نہ رکھنے کی صورت میں غیر ملکی فلمیں یا ٹیلی ویژن پروگرام دیکھتے ہوئے پکڑے جانے والے بچے کے والد کو 6 ماہ کی مدت کے لیے لیبر کیمپ میں بھیج دیا جائے گا اور ان کے بچوں کو 5 سال کے لیے سماجی خدمات انجام دینے پر مجبور کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق جو لوگ “جنوبی کوریا کی ثقافت” کے مطابق بات کرتے، ناچتے یا گاتے پکڑے جائیں گے، انہیں 6 ماہ کے لیے کیمپوں میں کام کرنے کی سزا بھی دی جائے گی، پیانگ یانگ کے حکام نے والدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ریاست کے سوشلسٹ نظریات کے مطابق تعلیم دیں۔
گزشتہ برس شمالی کوریا نے ہائی اسکول کے دو طالب علموں کو جنوبی کوریائی اور امریکی فلمیں دیکھنے پر پھانسی دے دی تھی ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شمالی کوریا میں لڑکیوں اور خواتین کے نام ’’کم جونگ ان‘‘ کی بیٹی کے نام جیسا رکھنے پر بھی پابندی لگائی گئی تھی اور لوگوں کو نام تبدیل کرنے پر مجبور کردیا گیا تھا۔

جی 20اجلاس :یوکرین جنگ پر مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہوسکا

بنگلور : (ویب ڈیسک) دنیا کی بڑی معیشتوں کا جی20 اجلاس روس-یوکرین جنگ کے معاملے پر بغیر کسی اتفاق رائے کے ختم ہو گیا۔
بھارت کے شہر بنگلور میں ہونیوالے جی 20 وزرائے خزانہ کے اجلاس میں روس اور چین کی جانب سے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کی مخالفت کی گئی جبکہ بھارت نے بھی روس کی مذمت سے گریز کیا۔
جی 20کی صدارت کرنیوالے ملک بھارت کی جانب سے یوکرین معاملہ اٹھانے سے گریز کے باوجود مغربی ممالک کی جانب سے زور دیا گیا کہ اجلاس کے ایسے نتائج کی بالکل حمایت نہیں کی جائے گی جس میں یوکرین جنگ کی مذمت شامل نہیں ہوگی ۔
کانفرنس میں بیشتر نمائندوں نے روس کی یوکرین کے خلاف جنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی لیکن چین اور روس نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط نہیں کیے ، اجلاس میں اس معاملے پر اتفاق رائے نہ ہونے پر اجلاس کا اعلامیہ جاری نہ ہو سکا ، بھارتی وزیر خزانہ کی جانب سے اجلاس کی آؤٹ کم اسٹیٹمنٹ جاری کی گئی جس میں دور روز تک ہونے والی گفتگو اور اجلاس کے اختلاف کا ذکر کیا گیا۔
گزشتہ نومبر سے چین اس کوشش میں ہے کہ بیان میں استعمال زبان کو تبدیل کیا جائے اور متن سے لفظ ’’جنگ‘‘ کو خارج کیا جائے ، چین اس تنازع میں غیرجانبدار رہنے کے ساتھ ہی روس کے ساتھ سٹر یٹجک تعلقات بھی بر قرار رکھنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ روس جی 20 کا رکن ہے لیکن وہ جی 7 میں شامل نہیں، وہ یوکرین کے خلاف جنگ کو حملہ یا جنگ کہنے کی بجائے ’خصوصی فوجی آپریشن‘ قرار دیتا ہے۔