All posts by Khabrain News

نواز شریف نے عمرا ن خان کی جیل بھرو تحریک کو غیر اہم قرار دے دیا

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان کی جیل بھرو تحریک کو غیر اہم قرار دے دیا۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی لندن میں ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد نے عمران خان کی تحریک کوغیراہم قراردیتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں کوئی بات ہو تو کریں۔
اس کےعلاوہ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میاں نواز شریف نے موجودہ آزاد کشمیر کی حکومت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگرجماعتوں کےساتھ مل کر سوچیں گے کہ اگر عدم اعتماد لاتے ہیں تو عوام کو کیا فائدہ ہوگا۔

کورونا کے وار پھر تیز، مزید 2 مریض لقمہ اجل بن گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کی چھٹی لہر کے وار پھر تیز ہونے لگے، جان لیوا وائرس سے مزید 2 مریض لقمہ اجل بن گئے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 5 ہزار 019 ٹیسٹ کئے گئے، جس میں 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.84 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں مہلک وائرس میں مبتلا 15 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو خط لکھ دیا۔
عمران خان نے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت کیس کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے پیش نظر تفتیشی افسر کو خط لکھا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف انکوائری کیے بغیر مقدمہ درج کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا، عمران خان کو گولیوں کے باعث متعدد زخم ہوئے، ہسپتال داخل رہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف وزیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، عمران خان نے 3 دسمبر، 30 جنوری اور 4 فروری کو ایف آئی اے کو بھی خط لکھا۔
عمران خان نے ویڈیو لنک یا خط کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے ایف آئی اے سے درخواست کی، عمران خان نے ایف آئی اے کو درخواست کی کہ تفتیش کے لیے وہ اپنی ٹیم لاہور بھیج دیں، ایف آئی اے کو بینکنگ کورٹ نے عمران خان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی، مگر متعدد بار درخواست کے باوجود ایف آئی اے نے تعاون نہیں کیا۔
خط میں کہا گیا کہ بشمول اسلام آباد ہائیکورٹ متعدد عدالتوں نے عمران خان کی طبی رپورٹس کو بالکل ٹھیک قرار دیا، بظاہر ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ ایف آئی اے حکومت کے اشاروں پر کام کر رہی ہے، ایف آئی اے کی نیت عمران خان سے تفتیش کرنے کی نہیں لگ رہی۔
خط میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان خط کے ذریعے اپنا بیان کیس کے حوالے سے داخل کرانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی، ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق بینکنگ کورٹ کو 28 فروری تک فیصلے سے روک رکھا ہے۔
ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے بینکنگ کورٹ میں پیشی کی درخواست مسترد کر دی تھی اور 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

گوانتاناموبے سے رہا ہونے والے دونوں پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گوانتاناموبے جیل سے رہا ہونے والے دونوں پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گوانتاناموبے جیل میں قید محمد احمد ربانی اور عبدالرحیم غلام کو گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ نے دونوں پاکستانیوں کی واپسی کیلئے بھرپور انداز میں بین آل ایجنسی کوارڈینیشن کی، خوشی ہے کہ پاکستانی واپس اپنے خاندانوں سے جا ملے۔

 

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کی بارکھان واقعہ پر میڈیا بریفنگ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیرِداخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے بارکھان واقعہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارکھان واقعہ انسانی مسئلہ تھا، وزیر اعلیٰ نے معاملے پر سب کو اکٹھا کیا، فوری ایکشن کا کہا، اہل خانہ کو بازیاب کرنے کا مشن تھا جو سب اداروں نے مل کر پورا کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جے آئی ٹی اور پولیس کی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنائی گئی ہے، سیاسی بیان بازی تو کی گئی مگر بازیابی میں کوئی تعاون نہیں کیا گیا، اہل خانہ نے بازیابی پر شکریہ ادا کیا اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
میر ضیاء لانگو نے کہا کہ ماحل بلوچ کے معاملے میں قانون کے تحت کارروائی ہو رہی ہے، ماحل بلوچ سے ان کی ماں کی ملاقات بھی کرائی گئی ہے، لواحقین بھی اپیل کررہے ہیں کہ میتیں حوالے کی جائیں تاکہ ان کی تدفین ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں واقعہ کی کوئی رپورٹ درج نہیں ہوئی تھی، سوشل میڈیا پر ہر چیز درست نہیں ہوتی، جس کی غفلت ہوئی سزا ملے گی، سردار عبدالرحمان کھیتران نے الزام عائد ہونے پر خود کو پیش کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، دھرنا شرکاء کے جو مطالبات رکھے انہیں پورا کرنے پر توجہ رکھی، جب تک الزام ثابت نہیں ہوتا کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی۔

6 کلو سے زیادہ وزنی سورج مکھی کا پھول

کمبران: (ویب ڈیسک) ویلز میں ایک کسان خاندان نے 6.44 کلو گرام وزنی سورج مکھی کا پھول اگا کر اپنا ہی گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہ پھول اس خاندان کے 2021 میں گزشتہ ریکارڈ بنانے والے پھول سے 1.22 کلو گرام زیادہ وزنی ہے۔
ویلز کے علاقے کمبران سے تعلق راکھنے والے 44 سالہ کسان کیوِن فورٹے نے اپنے بھائی گیرتھ، بیٹے جیمی اور والدہ مارجوری کی مدد سے یہ وزنی پھول اگایا۔
کیون فورٹے نے گینیز ورلڈ ریکارز کو بتایا کہ وہ غیر معمولی جسامت والے پھول کے وزن کی پیمائش کے بعد حیران تھے۔یہ سورج مکھی کا پھول ’فورٹے جائنٹ سن فلاور‘ کی نسل سے ہے جو فورٹے فیملی کا خاندانی بیج ہے۔
فورٹے خاندان کے مطابق اس بیج کی تاریخ 100 سال سے زیادہ طویل ہے۔

اسلام آباد نے یک طرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ کو شکست دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 13 ہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 63 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کی ٹیم اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 221 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 157 رنر پر ڈھیر ہو گئی۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد حفیظ نے 48، سرفراز نے 41 اور افتخار نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد کے فضل حق فاروقی اور حسن علی نے تین تین جب کہ ابرار اور شاداب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے اسلام آباد ہونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
اسلام آباد کو ابتدائی اوورز میں دباو کا سامنا کرنا،ٹیم کے دو کھلاڑی 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شاداب خان کریز پر آئے تاہم ان کا سفر بھی 12 رنز پر جلد ہی اختتام پذیر ہو گیا۔
اس موقع پر اعظم خان نے آصف علی کے ساتھ 91 رنز کی بڑی شراکت داری بنائی، آصف علی 42 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری طرف سے اعظم خان کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے میدان کے چاروں اطراف چوکے چھکوں کی بارش کر دی۔
اعظم خان نے 42 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی باری کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسنین اور اوڈین اسمتھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبدالرحمن صالح الشیبی کو چودھری شجاعت کا عشائیہ

لاہور: (ویب ڈیسک) خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبدالرحمن صالح الشیبی کی نجی دورے پر پاکستان آمد، چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔
شیخ عبدالرحمن الشیبی نے لاہور میں چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی،چوہدری شجاعت حسین نے خانہ کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹر عبدالرحمن صالح الشیبی کی پاکستان آمد کو باعث برکت اور سعادت قرار دیا۔
شیخ عبدالرحمن الشیبی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی،عشائیہ میں مسلم لیگ کے سنئیر راہنما چوہدری شافع حسین، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر طارق حسن، مفتی احمد علی نے شرکت کی۔

آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کےدوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نےآپریشن دہشتگردوں کی علاقے میں موجودگی کی اطلاعات پرکیا، سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلےمیں ایک دہشتگردہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزنے ہیلی بورن فورس کےذریعےدہشتگردوں کےخلاف کارروائی کی، ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 41.54 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 33 اشیاء ضروریہ مہنگی، 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔