کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر پٹرول پمپس کا گیج پورا نہیں، مہنگائی کے مارے لوگوں کو کم مقدار میں پٹرول دینے کی دھوکہ بازی سرعام جاری ہے، عوام دونوں ہاتھوں لٹنے لگے۔
کوئٹہ سمیت صوبے بھرمیں تقریبا 100 کے قریب مختلف کمپنیوں کے پٹرول پمپس سے لاکھوں صارفین اپنی چھوٹی بڑی گاڑیوں، موٹرسائیکل اور دیگر سواریوں میں پٹرول ڈلواتےہیں مگرانہیں شکایت ہے کہ جو پٹرول انکی سواریوں میں ڈالاجاتا ہے اس کا گیچ کم ہوتا ہے، لوگوں کا کہناہے کہ ایک جانب مہنگائی ہے اور دوسری جانب پمپس والےگیج کم کرکے لوٹ رہے ہیں۔
پمپس لگے پٹرول پیلرز پر لگے میٹر میں ٹیکنیکل طریقے سے گیج کم کیا جاتا ہے، پمپس پر کام کرنے والا عملہ پٹرول ڈالتے وقت اکثر پٹرول گن کو لاک نہیں کرتے جس سے میٹر تو چلتا ہے مگر پٹرول کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
محکمہ اوزان و پیمائش کے حکام کہناہے کہ ایک ماہ کے دوران کم گیج والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 20 پمپس مالکان کو چالان کرکے ایک لاکھ 88 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم گیج دینےوالوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔
All posts by Khabrain News
سٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان، 571 پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) سٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان کے سبب 571 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکس چینج میں لین دین کے دوران 571 پوائنٹس اضافے سے 100 انڈیکس 43 ہزار 614 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے سبب عالمی معیشت مسلسل زوال کا شکار تھی تاہم گذشتہ روز صورتحال تبدیل ہوتی دکھائی دی اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی کی واپسی ہوئی۔ 100 انڈیکس 164.61 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43042.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.38 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 22 لاکھ 31 ہزار 20 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔
2013 انتخابات میں دھاندلی الزامات: ایاز صادق کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر ایاز صادق کی درخواست پر عمران خان، نادرا اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کر دئیے۔
سپریم کورٹ میں 2013 کے عام انتخابات میں این اے 122 میں دھاندلی کے الزامات کے معاملے پر سابق سپیکر ایاز صادق کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایاز صادق نے موقف اپنایا کہ دھاندلی کے الزامات سے میری کردار کشی کی گئی، مجھے جھوٹا کہا گیا، بطور سپیکر مجھے بہت زیادہ باتیں سننا پڑی، میرے بارے میں دھاندلی کرنے کا تاثر بنایا گیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ایاز صادق سے استفسار کیا کہ کیا اس کے بعد آپ الیکشن ہار گئے، جس پر ایاز صادق نے کہا کہ نہیں، میں اس کے بعد بھی الیکشن جیتتا رہا، کبھی الیکشن نہیں ہارا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایاز صادق صاحب آپ بہت حساس ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ہتک عزت کا قانون بڑا واضح ہے، اگر آپ کی کردار کشی ہوئی تو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین کو نوٹس کر دیئے ہیں، جلد اس معاملے کو سنیں گے۔
بھارت: واٹس گروپ میں پاکستانی پرچم کی تصویر پوسٹ کرنا جرم بن گیا، بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
کرناٹکا : (ویب ڈیسک) بھارت میں حجاب تنازعے کی آڑ میں اقلیتوں کے خلاف مہم شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، ریاست کرناٹکا کے ضلع شیوموگا میں حجاب کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرناٹک کے ضلع شیوموگا کے ایک کالج میں بدھ کے روز معاملہ اس وقت شدید طول پکڑ گیا جب حجاب کے موضوع پر بحث کے دوران ایک واٹس ایپ اسٹڈی گروپ میں ایک خاتون طالبہ نے پاکستانی جھنڈے کی تصویر پوسٹ کر دی۔
پاکستانی جھنڈے کی تصویر پوسٹ کرنے پر ہندو طلباء کی جانب سے طالبہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے اور اسے کالج سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
ہندو طلباء نے منگل کو شیوموگا کے سہیادری سائنس کالج کے احاطے میں اس معاملے پر احتجاج بھی کیا مظاہرین نے یہ بھی الزام لگایا کہ کالج انتظامیہ نے اس بارے میں ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
بجرنگ دل کے کارکن ہرشا کے قتل کے بعد گزشتہ ماہ سے شیواموگا میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس قتل کے بعد بڑے پیمانے پر مسلمانوں کے خلاف پُر تشدد واقعات دیکھنے میں آیےاور کئی دن تک کرفیو نافذ رہا۔
کرفیو ہٹائے جانے کے بعد شیو موگا میں بی جے پی کے کارندوں پر بھی حملہ ہوا جس سے ایک بار پھر صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔
انسانی جسم میں سور کا دل ٹرانسپلانٹ کرانے والا شہری چل بسا
امریکا: (ویب ڈیسک) پہلی بار انسانی جسم میں سور کے دل کی کامیاب پیوندکاری کا مریض دو ماہ بعد ہی چل بسا، امریکا میں ڈاکٹرز نے دو ماہ پہلے 57 سالہ مریض کی ٹرانسپلانٹ کر کے جان بچائی تھی۔
اسپتال کے حکام کی جانب سے وہ موت کی وجہ کے بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے، کیونکہ اس کے معالجین نے ابھی مکمل معائنہ کرنا ہے۔
جس کے بعد نتائج کو میڈیکل جریدے میں شائع کیا جائے گا۔ ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ آیا اس کے جسم نے سور کے عضو کو مسترد کر دیا تھا۔ اسپتال کے ترجمان نے کہا کہ اس کی موت کے وقت کوئی واضح وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔
ٹرانسپلانٹ کرنے والے سرجن ڈاکٹر بارٹلی گریفتھ نے کہا کہ مسٹر بینیٹ کے مر جانے سے پورا عملہ افسردہ ہے۔ وہ ایک بہادر شخص تھا جس نے آخری دم تک مقابلہ کیا۔
یاد رہے یہ شاندار کارنامہ پاکستانی ڈاکٹر منصور نے انجام دیا تھا، ڈاکڑوں کی ٹیم نے جنیتیاتی طور پر تبدیل شدہ سور کے دل کو 57 سالہ شخص میں کامیابی سے ٹرانسپلانٹ کیا تا، جس بعد ڈیوڈ بینیٹ دنیا کے پہلے انسان بن گئے تھے جنہیں کسی جانور کا دل لگایا گیا ہو۔
دل کی پیوندکاری میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستانی ڈاکٹڑ منصور محی الدین کے مطابق سرجری سے قبل سور کے ڈی این اے میں تین جینز حزف کر کے چھ انسانی جینز شامل کیے گئے تھے، جو دل کو قبول کرنے کا سبب بنے تھے۔
رپورٹ کے بتایا گیا تھا کہ مریض کو کئی سنگین بیماریوں کا سامنا تھا جس کے باعث انسانی دل کی پیوند کاری ممکن نہیں تھی۔
ٹرانسپلانٹ پر ایک کروڑ 75 لاکھ پاکستانی روپے لاگت آئی۔ ڈاکٹر منصور کے مطابق چند مہینوں کے سور کا دل حجم میں بالغ انسان کے دل کے برابر آ جاتا ہے اور اس کی ساخت انسانی دل سے کافی حد تک ملتی جلتی ہے۔
اس سے قبل انسان میں بندروں کے دل ٹرانسپلانٹ کرنے کے تجربے کئے گئے جو کامیاب نہیں ہو سکے۔
روس کا بچوں کے اسپتال پر حملہ، 17 افراد زخمی، یوکرین کا دعویٰ
ماریوپول: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس پر الزام لگایا ہے کہ اس نے بندرگاہی شہر ماریوپول میں بچوں کے اسپتال اور زچگی کے وارڈ پر بمباری کی ہے۔ جس سے 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جبکہ یوکرین کا کہنا ہے کہ کئی بچے ملبے تلے دب چکے ہیں، جن کا جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
جبکہ روس کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ہی ماریوپول اور دیگر محصور علاقوں سے ہزاروں شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکلنے کے لیے سیز فائر کیا تھا، لیکن ماریوپول کی سٹی کونسل نے کہا کہ اسپتال کو کئی بار فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ جو تباہ کن قرار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماریوپول کمپلیکس کو سلسلہ وار دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا، جس سے کھڑکیوں کے شیشے اُڑ گئے اور ایک عمارت کے سامنے کا بڑا حصہ اکھڑ گیا۔ جبکہ زمین ایک میل دور تک لرز گئی۔
دھماکے والی فوٹیج میں بھی دکھایا گیا ہے کہ پولیس اور سپاہی متاثرین کو نکالنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ رہے ہیں، جس میں دیگر خواتین سمیت حاملہ خاتون کو بھی اسٹریچر پر لے جایا جارہا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی ٹویٹر پر مبینہ حملے کی فوٹیج شیئر کی، جس میں عمارت کو تباہ حال دیکھا جا سکتا ہے۔ صدر نے لکھا کہ دنیا کب تک دہشت گردی کو نظر انداز کرتی رہے گی؟ ابھی آسمان بند کرو! قتل و غارت بند کرو! آپ کے پاس طاقت ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ آپ انسانیت کھو رہے ہیں۔
تاہم رائٹرز کی جانب نے کریملن کے ترجمان سے رابطہ کیا، جس نے اس حملے کی تردید کی اور کہا کہ روسی افواج شہری اہداف کو نشانہ نہیں بنا رہی۔
رحیم یار خان میں رشتے سے انکار پر خاتون ٹیچر اغوا
لاہور: (ویب ڈیسک) رحیم یار خان میں رشتے سے انکار پر خاتون ٹیچر کو اغوا کر لیا گیا ، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
خاتون ٹیچر کے اغوا کا واقعہ تھانہ ظاہر پیر کے علاقے ججہ عباسیہ میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغوا کاروں کو دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی کا نمبر سامنے آنے کے باوجود ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی لڑکی کو اسکے کزن نے شادی سے انکار کی رنجش پر اغوا کیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا: محکمہ موسمیات
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ ختم ہوگیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ گلگت بلتستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
روس کے یوکرین پر حملوں میں شدت آ گئی، کئی شہروں میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر
کیف: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین کے شہروں پر حملوں میں شدت آ گئی، خرکیف، ماریو پول، سومی سمیت دیگر شہروں میں بمباری سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ترکی کی میزبانی میں روس اور یوکرین میں مذاکرات آج ہوں گے۔
یوکرین میں جنگ کے دوران روسی ٹینک مشرق سے دارالحکومت کیف کی طرف بڑھنے لگے۔ ارپن میں شدید بمباری سے خرکیف ، ماریو پول، سومی کا محاصرہ بھی جاری ہے، بمباری سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ ادھر کیف میں لڑنے کے لیے آنے والوں کو ٹینک تباہ کرنے کی ٹریننگ شروع کردی گئی ہے، جب کہ شہریوں نے یوکرینی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں سے انخلا تیز کردیا ہے۔
جنگ کے خاتمے کے لیے ترکی کی کوششوں سے روس اور یوکرین میں مذاکرات آج ہونے جا رہے ہیں، صدر طیب اردوان اور امریکی صدر بائیڈن میں بھی ٹیلی فونک بات چیت ہو گی۔
دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی اور برطانوی وزرائے خارجہ نے حملے نہ روکنے پر روس پر مزید پابندیوں کا عندیہ دیا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے لیے آنے والے دن بھیانک ہو سکتے ہیں، صدر پیوٹن جنگ میں طاقت کا اندھا دھند استعمال کر سکتے ہیں، دارالحکومت کیف میں 10 دنوں میں خوراک اور پانی ختم ہو سکتے ہیں۔
ادھر یوکرین نے گندم، اجناس اور گوشت کی برآمدات پر پابندی لگا دی، یوکرین دنیا بھر کی گندم کی 12 فیصد ضروریات پیدا کرتا ہے۔
پشاور میں سستے بازار غیر فعال، شہریوں کا بحال کرنے کا مطالبہ
پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم سستے بازارغیر فعال ہونے سے مہنگائی کے مارے شہریوں کو سستی اشیاء کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی، شہریوں نے فعال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
پشاور میں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے جہاں شہریوں کو پریشان کررکھا ہے تو وہیں حکومت کی جانب سے سستے بازاروں کے غیر فعال ہونے سے سستی اشیاء کی خریداری بھی پہنچ سے باہرہو گئی۔
اشیائے خورونوش کی مد میں سبسڈی نہ دینے پر سستے بازاروں کے دکانداروں نے نقصان کرنے کی بجائے سٹال چھوڑ دیئے، شہری کہتے ہیں حکومت سستے بازاروں کو فعال کرنے سمیت اشیائے خورونوش کی سبسڈی پر فراہمی کو یقینی بنائے۔
شہر کے تمام سستے بازار ویران پڑے ہیں جبکہ کئی بازاروں میں مقامی دکانداروں نے گودام بنا رکھے ہیں۔