All posts by Khabrain News

6.5 بلین ڈالر کی کریڈٹ لائن اس ہفتے کے ساتھ ہی دوبارہ شروع ہو جائے گی، نوید قمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ 6.5 بلین ڈالر کی کریڈٹ لائن اس ہفتے کے ساتھ ہی دوبارہ شروع ہو جائے گی، معیشت کے فروغ کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف ڈیل ‘کسی بھی دن’ متوقع ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ آئی ایم ایف اس ہفتے کے اوائل میں معاہدے کا اعلان کرے گا، قرضے کی بحالی سے سرمایہ کاروں کو اعتماد ملے گا، آئی ایم ایف کے فنڈز کو غیر منجمد کرنے کے لیے درکار تمام اقدامات کیے ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ معاہدے سے سرمایہ کاروں اور قرض دہندگان کو یہ اعتماد ملے گا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو رہی ہے، ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کی معاشی نمو 2024 کے مالی سال کے دوران 3.2 فیصد ہو جائے گی۔
نوید قمر نے کہا کہ زرمبادلہ کے محدود ذخائر نے پاکستان کی درآمدات کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی صلاحیت کو محدود کر دیا، آئی ایم ایف ممکنہ طور پر پاکستان کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت پر اپنے عملے کی سطح کے معاہدے کا جلد اعلان کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام آغاز ہے، نہ کہ مستقل حل، سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، ملک میں درآمدات میں اضافے سے اس کے ذخائر میں اضافہ برآمدات کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، مالی نظم و ضبط کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کے مزید فروغ کے خواہشمند ہیں۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ معیشت اور تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو مشکل معاشی صورتحال میں حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے فکر مند ہے، اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو پاکستان کی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں پر بھی بریفنگ دی۔
ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے مواقعوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں، ڈونلڈ بلوم نے معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی لیے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر کو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں: اٹارنی جنرل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اٹارنی جنرل آف پاکستان نے صدر مملکت کی جانب سے صوبوں میں الیکشن تاریخ دینے پر اعتراض اٹھا دیا۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے صدر کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دینے کا معاملے پر الیکشن کمیشن کو اپنے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں صدر مملکت کو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں، یہ اختیار صرف گورنرز کو حاصل ہے۔
اٹارنی جنرل آفس نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو آئینی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے جاری تاریخ پر 90 روز میں الیکشن کرانا ناقابل قبول عمل ہے، اگر الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے تو 27 اپریل سے پہلے الیکشن ہونا ممکن نہیں۔
اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگی کے قانون 1976 میں الیکشن تاریخ دینے کا اختیار صدر پاکستان کے پاس نہیں تھا، جنرل ضیاء نے 1985 میں آٹھویں ترمیم کے ذریعے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صدر مملکت کو دیا جبکہ 18 ویں ترمیم سے صوبوں میں الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار گورنرز کو دیا گیا۔
اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کو تحریری رائے دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں ریاست کی نہیں حکومت کی نمائندگی کر رہا ہوں، تحریری طور پر اپنی رائے نہیں دے سکتا، اٹارنی جنرل کی معذرت کے بعد الیکشن کمیشن نے دو آئینی ماہرین شاہ خاور اور سجیل سواتی سے آج شام تک تحریری رائے مانگ لی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا حکم دیا: نگران پنجاب حکومت

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایس ایل کے میچوں کی وجہ سے شہر کے مختلف حصوں میں دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا تھا، کرکٹ ٹیموں کی آمد کی وجہ سے آج حکومت نے مال روڈ پر خصوصی اقدامات کئے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر مظاہرہ کیا، مظاہرین زبردستی پولیس وین میں سوار ہو گئے، صوبہ بھر میں امن اور امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

جیل بھرو تحریک شروع، کل ہم پشاور میں گرفتاریاں دیں گے، اسد قیصر

پشاور: (ویب ڈیسک) سابق سپیکر و سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے کل پشاور میں جیل بھرو کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کر دیا۔
اسد قیصر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج لاہور سے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، جس طرح قائدین اور کارکنان نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا ان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
سابق سپیکر نے کہا کہ کل پشاور میں جیل بھرو تحریک کا دوسرا دن ہو گا، میں اور دیگر قائدین وہاں موجود ہوں گے، ہم کل خود اپنی گرفتاریاں پیش کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ جیل بھرو تحریک پاکستان کو قانون کی حکمرانی کی طرف گامزن کرنے کی ضمانت ہے، امید کرتے ہیں کہ قوم ہماری جیل بھرو تحریک میں ہمارا بھرپور ساتھ دے گی۔

صدر مملکت سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور اراکین نے شرکت کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے فٹ بال کھلاڑیوں کو تربیت کی بہتر سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹ بال سے متعلق مسائل کے حل کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فٹ بال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دیا جائے، کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں، ملک کا امیج بہتر بنانے کے لیے کام کریں، افسوس کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا، امید ہے کہ فیفا کی کمیٹی کی مدد سے فیڈریشن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔
فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے صدر مملکت کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد لوگ فٹ بال کھیلتے ہیں، فیڈریشن کے انتظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، خواتین کی فٹبال قومی ٹیم نے 8 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مردوں کی فٹبال قومی ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا، اب تک ملک کے 163 اضلاع سے تقریباً 4600 کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، دستاویزات اور فزیکل سکروٹنی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
صدر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردوں کی ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی، خواتین کی قومی ٹیم اس سال پیرس 2024 کے اولمپکس کوالیفائرز میں کھیلے گی۔

جرمنی نے اپنے شہری کی سزائے موت پرایرانی سفارت کاروں کو ملک بدرکردیا

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی نے تہران عدالت کی جانب سے جرمن شہری کو سزائے موت سنانے پر احتجاجاً ایران کے دو سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 67 سالہ جمشید شرمہد نامی شخص امریکی نژاد جرمن شہری ہے جسے ایرانی عدالت نے 2008 میں ہونے والے ایک مسجد میں بم دھماکے کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی ہے۔
2008 میں ہونے والے اس دھماکے میں 14 نمازی جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایران نے جمشید شرمہد پر تندر نامی جماعت کے سربراہ ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا جس کا مقصد ایران میں خمینی انقلاب سے پہلے رائج شاۂ ایران کے دور کی بحالی تھا۔
بقول ایران اس تنظیم کو امریکا کی حمایت اور معاونت حاصل ہے۔ نیویارک اور لاس اینجلس سے اس تنظیم کے ٹیلی وژن اور ریڈیو سے ایران کی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کی جاتی ہے۔
جمشید شرمہد کی سزائے موت کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے جرمنی کے وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے کہا کہ ایرانی سفارت خانے سے دو سفارت کاروں کو نان گریٹا قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر جرمنی چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
جرمنی کے وزیر خارجہ نے اس معاملے پر ایران کے چارج ڈی افیئرز کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا جب کہ ایرانی حکومت سے جمشید شرمہد کی سزائے موت کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
جرمن وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کی حکومت قانون کی حکمرانی کی بنیاد پر منصفانہ اپیل کو ممکن بنائے۔
خیال رہے کہ اگست 2020 میں ایران نے جمشید شرمہد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک “پیچیدہ آپریشن” کے ذریعے جمشید شرمہد کو گرفتار کرکے لایا گیا ہے۔
دوسری جانب جمشید شرمہد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دبئی میں ٹرانزٹ کے دوران ایرانی سیکیورٹی سروسز نے جمشید اغوا کیا اور ایران لے کر گئے۔

100 سال قبل بھیجا گیا خط موصول

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ایک شخص نے ایک صدی سے زائد عرصہ قبل بھیجا گیا خط موصول کیا ہے جو در حقیقیت ان کے گھر کی پُرانی مکین کو 1916 کے ابتداء میں بھیجا گیا تھا۔
لندن سے تعلق رکھنے والے فِنلے گلین کا کہنا تھا کہ چند سال قبل انہیں ان کے گھر کے پتے پر یہ خط موصول ہوا لیکن یہ کسی ناآشنا شخص کے لیے لکھا گیا تھا اور اس پر بہت پرانی مہر ثبت تھی۔
فِنلے نے بتایا کہ انہوں نے دیکھا کہ اس پر سال 16 لکھا ہے جس سے وہ سمجھے کہ یہ 2016 لکھا ہے۔ لیکن بعد ازاں انہوں نے غور کیا کہ مہر پر ملکہ کے بجائے بادشاہ کا چہرہ تھا لہٰذا ان کو احساس ہوا کہ یہ 2016 نہیں ہوسکتا۔
یہ خط ’اوسولڈ مارش‘ کے نام لکھا گیا تھا اور خط بھیجنے والے کی شناخت کرسٹیبل مینیل کے نام سے ہوئی۔
فِنلے کا کہنا تھا کہ جب انہیں یہ احساس ہوا کہ یہ خط بہت پُرانا ہے، تو اس کو کھولنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔

ن لیگ نے سپریم کورٹ کے دو ججز کے سامنے حکومت یا پارٹی کے کیسز نہ لگانے کی استدعا کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ کے دو ججز کے سامنے حکومت یا پارٹی کے کیسز نہ لگانے کی استدعا کردی۔
ن لیگی رہنماؤں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ 2 ججز کے سامنے حکومت کے کیس نہ لگائے جائیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ دونوں ججز ن لیگ کے خلاف ذہن رکھتےہیں اور چیف جسٹس سےاپیل کرتےہیں ہمارا کوئی کیس ان دو ججز کے پاس نہ لگایا جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ راناثنا اللہ کاکہنا تھاکہ سپریم کورٹ میں نوازشریف کےکیس میں ایک جج نگراں جج رہے، ان سے انصاف کی توقع نہیں، دوسرے جج کی آڈیولیک کا ناقابلِ تردید ثبوت سامنے آچکا ہے، ان کی غیرجانبداری پر سوال اٹھ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جج نواز اور شہباز شریف سے متعلق درجنوں مقدمات میں مخالفانہ فیصلے دے چکے ہیں، قانون اورعدالتی روایت ہے متنازعہ جج متعلقہ مقدمے کی سماعت سے خود کو الگ کرلیتے ہیں۔

پولیس کی پی ٹی آئی کارکنان کو قیدیوں کی گاڑی میں بیٹھنے کی آفر

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پولیس کی جانب سے مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں کو قیدیوں کی گاڑی میں بیٹھنے کی آفر کر دی گئی۔
پولیس اہلکار نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جو کارکنان گرفتاریاں دینا چاہتے ہیں وہ قیدیوں کی گاڑیوں میں بیٹھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ قیدیوں کی گاڑیوں موجود ہیں جس نے گرفتاری دینی ہے دے دے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی سمیت کئی پی ٹی آئی رہنماوں نے آج گرفتاری دی ہے۔