All posts by Khabrain News

کم جونگ ان کی بہن نے امریکا کو خبردار کردیا

سیئول : (ویب ڈیسک) امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یوجونگ نے امریکا کے لیے انتباہ جاری کر دیا۔
ورکر پارٹی کوریا سنٹرل کمیٹی کی ڈائریکٹر کم یو جونگ نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشقوں کے بعد بالواسطہ یا بلاواسطہ ردعمل کا امکان ظاہر کردیا ، شمالی کوریا نے 2 روز قبل ایک اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے بعد شمالی کوریا کےخلاف جنوبی کوریا نے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں ، جبکہ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے پڑوسی ملک شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی مذمت کی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی یہ مشق شمالی کوریا کی جانب سے جاپان کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل Hwasong-15 کے تجربے کے ایک دن بعد ہوئی۔
اس حوالے سے امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل لانچ سے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے ۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے تجربات پر جاپان کے وزیراعظم نے سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے کہا ہے۔

سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا ہسپتال کی دیکھ بھال گھر میں حاصل کرنے کا فیصلہ

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا کے 98 سالہ سابق صدر جمی کارٹر نے ہسپتال کے بجائے گھر پر ہی ہاسپیس کیئر حاصل کرنے اور اپنا باقی وقت گھر میں اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا ہے، 98 سال کی عمر میں کارٹر سب سے طویل عرصے تک زندہ رہنے والے امریکی صدر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کارٹر سنٹر ( سابق صدر کی فاؤنڈیشن ) نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کارٹر نے ہسپتال میں مختصر قیام کے سلسلے کے بعد اپنا باقی وقت گھر پر اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے اور اضافی طبی مداخلت کے بجائے ہسپتال کی دیکھ بھال حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
کارٹر سنٹر کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو اس فیصلے میں اپنے خاندان اور اپنی طبی ٹیم کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ ان کا خاندان اس وقت کے دوران پرائیویسی کا مطالبہ کرتا ہے اور اپنے مداحوں کی طرف سے ظاہر کی گئی تشویش کے لیے شکر گزار ہے۔
جمی کارٹر ایک ڈیموکریٹ سیاستدان تھے جنہوں نے جنوری 1977 سے جنوری 1981 تک صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، کارٹر کو حالیہ برسوں میں صحت کے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے بشمول میلانوما نامی بیماری جو ان کے جگر اور دماغ تک پھیل گئی ہے۔
مونگ پھلی کے سابق کاشتکار نے اس وقت کے صدر جیرالڈ آر فورڈ کو صدارتی انتخابات میں شکست دی تھی، اپنی صدارت کے دوران کارٹر نے اسرائیل اور مصر کے درمیان امن معاہدے کی ثالثی کی تھی، وہ ایک مدت کیلئے ہی صدر منتخب ہوئے تھے ، دوسری مدت کیلئے انہوں نے صدارتی انتخاب میں حصہ تو لیا تھا تاہم ریپبلکن حریف رونلڈ ریگن کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔
کارٹر کو 2002 میں بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل تلاش کرنے، جمہوریت اور انسانی حقوق کو آگے بڑھانے، اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کے لیے انتھک کوششوں کے اعتراف میں نوبل امن انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔

روس کا ایک بار پھر یوکرین پر ’’ فالس فلیگ‘‘ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے ایک بار پھر سے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین اقوام متحدہ کے اہم اجلاس سے قبل ماسکو پر الزام لگانے کے لیے اپنی سرزمین پر جوہری واقعے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاہم روس کی جانب سے اس الزام کے ثبوت فراہم نہیں کے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیف بڑے پیمانے پر اشتعال انگیزی کی تیاری کر رہا ہے جس کے لئے تابکار مادے کو ایک نامعلوم یورپی ملک سے یوکرین پہنچایا گیا ہے جبکہ اس اشتعال انگیزی کا مقصد روس کی فوج پر مبینہ طور پر یوکرین میں خطرناک تابکار تنصیبات پر اندھا دھند حملے کرنے کا الزام لگانا ہے۔
دوسری جانب یوکرین اور اس کے اتحادیوں نے ان الزامات کو غلط معلومات پھیلانے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے خود ہی ایسے ہی واقعات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ماسکو کے الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یوکرینی حکام نے امریکی حکام پر زور دیا کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر F-16 لڑاکا طیارے بھیجنے کے لیے دباؤ ڈالیں کیونکہ یہ طیارے یوکرین کی روسی میزائل یونٹوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو بڑھا دیں گے۔
بائیڈن نے پچھلے مہینے یوکرین کی F-16 طیاروں کے حوالے سے کی گئی درخواست کو منظور کرنے سے انکار کیا تھا اور بائیڈن انتظامیہ کے عہدیداروں نے بھی یہی کہا ہے کہ امریکا کو ایسے ہتھیاروں کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے جو میدان جنگ میں فوری طور پر استعمال ہو سکیں بجائے ایسے لڑاکا طیاروں کے جنہیں استعمال کرنے کے لئے وسیع تربیت کی ضرورت ہو، لیکن انہوں نے واضح طور پر F-16 کی فراہمی کو مسترد نہیں کیا۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی، اگرچہ F-16 کی تمام صلاحیتوں میں مہارت حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک سال کی تربیت درکار ہے لیکن یوکرین کے پائلٹوں کو کچھ مہینوں میں محدود تعداد میں کچھ چیزوں بارے تربیت دی جا سکتی ہے۔

ترکیہ زلزلہ : دو صوبوں کے علاوہ باقی تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ختم

انقرہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دو ہفتوں کے بعد ملک کے دو صوبوں کے علاوہ باقی تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ختم کر دی گئی ہیں، کہرامنماراس اور ہاتائے میں ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کا مرکز کہرامنماراس میں تھا، جنوب مشرقی ترکیہ اور شمالی شام میں 44,000 سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، ترکیہ میں تقریباً 345,000 اپارٹمنٹس تباہ ہو چکے ہیں اور بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ یونس سیزر نے انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے بہت سے صوبوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں مکمل ہو چکی ہیں تاہم دو صوبوں میں تقریباً 40 عمارتوں میں تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔
دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ترکیہ پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے انسانی امداد کی مد میں 100 ملین ڈالر کا اعلان کیا ہے، دو سال قبل عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ترکیہ کا پہلا دورہ ہے، انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ زلزلہ متاثرین کیلئے نئی امداد جلد ہی منتقل ہو جائے گی، شام میں امداد فراہم کرنا بہت، بہت مشکل تھا۔
انٹونی بلنکن آج ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات سے قبل ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لینے کے لیے ترکیہ کے صوبے ہاتائے کا بھی دورہ کریں گے۔

پی ایس ایل 8 میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہو گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کی قیادت موجودہ کپتان بابر اعظم کریں گے۔
ایونٹ میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 میچ کھیل چکی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب پشاور زلمی بھی اب تک 2 ہی میچ کھیل چکی ہے، اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو آؤٹ کلاس کردیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے ملتان سلطانز کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی۔

نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار سمیت دیگر کی بریت کے خلاف اپیل دائر

کراچی: (ویب ڈیسک) نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔
رواں برس 23 جنوری کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 دیگر ملزمان کو بری کردیا تھا۔
کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل نقیب اللہ کے بھائی شیر عالم کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو بری کر کے شواہد کو نظر انداز کیا ہے، اس لئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

پی ٹی آئی کے مزید 70 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب کے 70 ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی جس میں سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ممبران اسمبلی کا مؤقف نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد سے روکے۔
عدالت نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کے الیکشن کمیشن کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا، لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کروانے سے بھی روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں سپیکر کے نوٹیفکیشن سے متعلق سماعت 7 مارچ کو ہوگی۔

عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ، ایف آئی اے اور پولیس کی تیاری مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے لاہور کی 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز خان ورک کی قیادت میں ٹیم مقامی پولیس کی مدد سے عمران خان کو گرفتار کرے گی، عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد سے آئی ہوئی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے پہلے عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر کارکنوں کے شدید رد عمل کو دیکھتے ہوئے اب ہائی کورٹ میں پیش ہونے کے بعد گرفتار کیا جائے گا، اس سلسلے میں ایف آئی اے اور پولیس نے تیاری مکمل کر لی ہے۔
پولیس ایف آئی اے کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، ایف آئی اے اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس سلسلے میں وکلاء کی مختلف تنظیموں سے بھی مشاورت مکمل کر لی ہے تاکہ وکلاء سے تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہو۔

کراچی پولیس آفس حملہ ، افغان بستی سے 3 مشکوک افراد زیرحراست

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس آفس حملے کی تحقیقات میں تیزی ، قانون نافذ کر نے والے اداروں نے تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے سہولت کاروں کی تلاش میں رات گئے مزید چھاپے مارے گئے جس میں سی ٹی ڈی نے افغان بستی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر افغان بستی میں کارروائی کی گئی، اس دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے حراست میں لیے گئے افراد سے کچھ موبائل سمز بھی برآمد کر لی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ میں 100میں سے 12 بند نمبروں کو سموں سے میچ کیا جارہا ہے جبکہ جیو فینسنگ میں حملے کے وقت 100 سے زائد نمبروں کو مشکوک قرار دیا گیا اور 10 سے 12 نمبر حملے کے بعد سے بند ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر حملےکا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کیا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ جمعہ17 فروری کی رات کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18افراد زخمی ہوئےتھے

پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات :الیکشن کمیشن کا ایوان صدر جانے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے عام انتخابات کے معاملے پر ایوان صدر میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایوان صدر میں مشاورت سے متعلق شرکت پر غور کیا گیا، الیکشن کمیشن نے مشاورتی اجلاس کیلئے ایوان صدر نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن 19 فروری کو صدر پاکستان کو جواب دے چکا ہے، الیکشن کمیشن کا اب بھی وہی موقف ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کا معاملہ مختلف عدالتی فورمز پر زیر التوا ہے، الیکشن کمیشن ابھی صدارتی آفس کے مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بن سکتا۔