All posts by Khabrain News

پُرامن احتجاج کریں! عمران خان کی مظاہرین کو ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی نااہلی کے خلاف مظاہرین کو پرامن احتجاج کی ہدایت کردی۔
بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، عمران خان نے مظاہرین کو ہدایت دی ہے کہ پُرامن احتجاج کیا کریں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بھی بریفنگ دی گئی، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان نیازی کو توشہ خانہ کیس میں 5 سال کیلئے نا اہل قرار دیتے ہوئے ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ہے اور ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دیدی 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دے دی گئی۔
پاکستان کے لیے فنڈز کی منظوری بجٹ سپورٹ لون کے طور پر دی گئی ہے۔ اے ڈی بی کے قرضے کی منظوری سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور بونڈ مارکیٹ میں بہتری آئے گی۔
اے ڈی بی کی جانب سے فنڈز کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ الحمدللہ! ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ نے پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز جاری کرنے کے سلسلے میں معاہدہ آئندہ ہفتے میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بینک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک 21 اکتوبرکو ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرضہ منظور کرے گا، جس کے بعد ہنگامی معاونت کے طور پر 40سے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی جائے گی۔ اس طرح اے ڈی بی دسمبر کے اختتام سے قبل 2 ارب ڈالر کے قرضوں کی منظوری دے گا۔
ان قرضوں کی وجہ سے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا ساتھ ہی روپے کو مستحکم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کو بھی مزید مضبوطی ملے گا۔

ملک میں فی تولہ سونا سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوگئی۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 47 ہزار 400 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 428 روپے کم ہوکر 126372 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 14 ڈالر کم ہوکر 1623 ڈالر فی اونس ہے۔

امریکی ڈالر کی قدر کو بریک لگ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے خلاف مسلسل بڑھنے والی امریکی کرنسی کی قدر کو بریک لگ گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 11 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 220 روپے 95 پیسے سے کم ہو کر 220 روپے 84 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ، 100 انڈیکس میں 76.44 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 76.44 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 42213.48 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔
ٹریڈنگ کے دوران 0.18 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 28 لاکھ 5 ہزار 300 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

عمران خان نااہل، ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج شروع کر دیا۔
توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد پارٹی کارکنان گھروں سے باہر نکل آئے اور ملک بھر میں جگہ جگہ احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
فیصلہ آنے کے فوری بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر پی ٹی آئی کارکنان نے جمع ہو کر احتجاج کیا جہاں پر پولیس نے گرفتاریاں بھی کیں۔ راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان جمع ہوئے اور مری روڈ بلاک کر دی۔ کارکنان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔
فیض آباد میں مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔
اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی۔
لاہور، رحیم یار خان سمیت متعدد شہروں میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل افراد نے الیکشن کمیشن اور مسلم لیگ ن کے خلاف احتجاج کیا۔
گجرات میں جی ٹی روڈ کو چار مقامات پر بند کر دیا گیا۔ شاہین چوک، لالہ موسیٰ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر جی ٹی روڈ کو بند کر کے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ مختلف شاہراہوں پر ٹائر بھی جلائے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے اعظم سواتی کو 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد کی عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل محفوظ کیا تھا ان پر اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کرنے کا الزام ہے۔

عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل کیا گیا ہے: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے غلط حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے، الیکشن کمیشن نے بڑی احتیاط برتی ہے ورنہ ان کے خلاف ایک اور کارروائی ہوسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی کہہ رہے ہیں بڑی نا انصافی ہوگئی ہے، ناانصافی اس صورت ہوتی ہے جب قانون کسی چیز کا احاطہ نہ کرے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے اور ان پر فوجداری مقدمے کا کہا گیا ہے۔

کارکن آمنے سامنے، رکن قومی اسمبلی گرفتار، کے پی کے پولیس اہلکار کی فائرنگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلی کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر کارکنان آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ کے پی کے پولیس اہلکار کو فائرنگ کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران مسلم لیگ کے کارکنان بھی الیکشن کمیشن آفس کے باہر پہنچ گئے۔
پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مانسہرہ سے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کو گرفتار کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کیا گیا اور اسلام آباد پولیس نے سرکاری اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگانے لگے اور صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔ موقع پر موجود پولیس نے حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔
اس دوران پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کی بھی کوشش کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہر کشیدہ صورتحال کے دوران خیبر پختونخوا (کے پی) کے پولیس اہلکار نے فائرنگ کی جسے اسلام آباد پولیس نے موقع پر ہی حراست میں لے لیا اور پولیس موبائل میں بیٹھا کر لے گئے۔

مخالفین پر کرپشن کے الزام لگانے والا خود رنگے ہاتھوں پکڑا گیا: بلاول زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نااہل کئے جانے پر عمران خان کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے لکھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز کا مجرم قرار دیا ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب نااہل قرار دیا جا چکا ہے، اپنے سیاسی مخالفین کی مبینہ کرپشن کے بارے میں جھوٹ پھیلانے والے کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔