All posts by Khabrain News

کورونا کے مزید 30 کیسز رپورٹ، 13 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 483 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 483 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.67 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک بھر میں شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں شب معراج مذہبی جوش و خروش اور روایتی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
شب معراج کے موقع پر مساجد پر چراغاں کیا گیا، پوری رات مساجد میں درود وسلام کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں فرزندان اسلام نے شب بیداری کی، نوافل ادا کئے اور روزے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
محافل میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے شب معراج کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں اس رات کی فضیلت بیان کی، واقعہ معراج کا تفصیلی ذکر کیا اور نبی آخرالزماںؐ کی حیات طیبہ کو اجاگر کیا۔

عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ ہر چیز کا الزام حکومت پر مت لگایا جائے، امن وامان کے مسئلے کو حکومت کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا حکومت کارروائی کرتی ہے تو مطالبہ کرنے والے خود سڑکوں پر آ جاتے ہیں، فورسز کو نشانہ بنانے والوں سے نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سکیورٹی کے حوالے سے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ادارے ملکر کام کر رہے ہیں، بلوچستان میں تمام غیر ضروری چیک پوسٹس ختم کر دی ہیں۔
ضیاء لانگو نے مزید کہا کہ ہم ملک کا دفاع ضرور کریں گے، دہشت گردوں کو عوام کے تعاون سے ختم کریں گے، صوبے کے ہر علاقے میں امن و امان بحال رکھنے والے اداروں کو سہولیات ملنی چاہیئں، ہمیں حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کو بھی بے نقاب کرنا چاہیے۔

کوئٹہ سے مبینہ خودکش بمبار خاتون گرفتار

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) محکمہ انسداد دہشت گردی نے سیٹلائیٹ ٹاون لیڈیز پارک کے قریب کارروائی کرکے خود کش حملہ آور خاتون کو گرفتار کرلیا۔
زرائع کے مطابق کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے لیڈیز پارک سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایک باقاعدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں خودکش حملہ آور خاتون ماہل بلوچ کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آورخاتون کے قبضے سے خود کش جیکٹ بھی برآمد کر لی گئی ہے، خودکش بمبار خاتون برآمد شدہ خودکش جیکٹ میں 4 /5 کلوگرام بارود بھرا ہوا تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مبینہ خودکش خاتون حملہ آور کا ہدف اہم تنصیبات اور سیکورٹی فورسز تھے، مبینہ خودکش خاتون کا تعلق دہشت گرد تنظیم پی ایل ایف سے ہےجبکہ یہ تاثر دینا بالکل غلط ہے کہ خودکش خاتون مسنگ پرسن میں شامل ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکش خاتون پر مقدمہ نمبر 09/2023 تھانہ سی ٹی ڈی کوٸٹہ میں درج ہے، مبینہ خودکش بمبار سے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف افغان عبوری حکام کی استعداد بڑھانے میں مدد کرے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے افغان عبوری حکام کی استعداد کار بڑھانے میں مدد کرے۔
میونخ سکیورٹی کانفرنس میں پینل ڈسکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کئے جائیں، پُرامن افغانستان خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری چاہتی ہے کہ افغان عبوری حکومت خواتین کی تعلیم، ہمہ گیر حکومت اور داعش، ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے دہشت گرد گروپوں سے پیدا ہونے والے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے جیسے شعبوں میں اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں پر عمل کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو دہشت گرد گروپ افغانستان سے دہشت گردی کی کارروائیاں کر سکتے ہیں جیسا کہ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے واقعات اس کی مثال ہیں، انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت کے پاس کوئی فوج تھی نہ ہی انسداد دہشت گردی کی فورس، ان کے پاس کوئی سرحدی فورس ہے نہ ہی کوئی صلاحیت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی برادری افغان عبوری حکومت کو دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے پر قائل کرے، انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردی نہ صرف افغانستان کے قریبی ہمسایوں بلکہ مغرب کے لیے بھی خطرہ ہے، پاکستان نے ماضی میں بھی افغانستان کی مدد کی تھی اور کرتا رہے گا، اس نے اپنی سرزمین پر سب سے زیادہ افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان سے منہ نہیں موڑ سکتی، دنیا کو انسانی امداد جاری رکھنی چاہیے، افغانوں کے اثاثوں کو غیر منجمد کرنا چاہئیں اور طالبان، معاشرے اور خواتین کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پرامن افغانستان خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت نے اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی یقین دہانی کرائی، وزیر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ معاشی سرگرمیوں کا جاری رہنا جنگ زدہ افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے اور اس سے عبوری افغان حکام کو ملک کے معاملات چلانے میں مدد ملے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ 8 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک رنز 71 بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ تاہم، ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے۔ عرفان خان نیازی 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جیمز ونس 22، میتھیو ویڈ 15 جبکہ کپتان عماد وسیم 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جبکہ نسیم شاہ، محمد نواز اور قیس احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل 67 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افتخار احمد 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 5، عمر اکمل 4 اور محمد نواز 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن روئے اور عبدالوحید بنگلزئی کوئی رن اسکور نہ کر سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم اور عامر یامین نے 3،3 جبکہ محمد عامر نے 1 وکٹ حاصل کی۔

عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں اور منصب کی عزت کا پاس کریں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کروائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا، صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

آڈیو لیک پرائیویسی ایکٹ کی خلاف ورزی، عدالت جا کر بدلہ لوں گی: ڈاکٹر یاسمین راشد

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پرائیویسی ایکٹ کے تحت آڈیو لیک معاملے کو چیلنج کر رہی ہوں، انشاء اللہ عدالت جا کر بدلہ لوں گی، میری پٹیشن تیار ہو گئی ہے، پیر والے دن ہائی کورٹ میں دائر کروں گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جس سے دل کرے گا بات کروں گی کیا ویزا لینا پڑے گا؟ کون سے قانون میں لکھا ہے کہ میں فلاں شخص سے بات نہیں کر سکتی، مجھ پر کسی چیز کا پریشر نہیں، دہشت گرد تو پورے ملک میں دندناتے پھرتے ہیں، دہشت گردوں کی تو آڈیو آپ لوگوں کو ملتی نہیں، نگران حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔
پی ٹی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، دنیا کی چھٹی بڑی پارٹی کے لیڈر پر قاتلانہ حملہ کرایا گیا، عمران قاتلانہ حملہ کیس کی جے آئی ٹی کے کنوینئرغلام ڈوگر ہیں، گوجرانوالہ گئے تو پتا چلا وہاں سے جے آئی ٹی کا ریکارڈ غائب ہے، پرانی جے آئی ٹی کو کسی کا باپ بھی ختم نہیں کر سکتا، وفاقی حکومت نے جے آئی ٹی بنا کر غلط کام کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حملے میں نمبر ون شہباز شریف، نمبر ٹو رانا ثنا اللہ اور ڈرٹی ہیری ملوث ہے، آج عالمی دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے، پاکستان کو بنانا ری پبلک کہہ رہی ہے، ان کا اصل مسئلہ یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں، جتنی مرضی تاخیر کر لیں جیتنا عمران خان نے ہی ہے، ان کو ہمیں جیل میں ڈالنے کا بڑا شوق ہے، جیل بھرو تحریک میں ان کا شوق پورا کر دیں گے۔

دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں، مل کر نمٹیں گے، آرمی چیف

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا، کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا، دورہ کے دوران آرمی چیف کراچی پولیس آفس (کے پی او) بھی گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ بھی موجود تھے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو کراچی پولیس آفس میں دہشت گردی کے واقعے کی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں، کوئی قوم اس طرح کے چیلنجز کا سامنا صرف زمینی آپریشن سے نہیں کر سکتی، مل کر دہشتگردی سے نمٹیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون ضروری ہے، ہم سب کا مستقبل خوشحال ہو گا، آرمی چیف نے جوانوں کی بہادری اور حوصلے کو سراہا، آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ سندھ نے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی پولیس آفس کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سی ٹی ڈی سندھ اور پاکستان آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس بھی شامل تھی۔
شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین شہید ہوا تھا۔

سیاسی جماعتیں ملک کیلئے وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں: چودھری شجاعت حسین

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین موجود تھے، اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، چودھری شجاعت حسین نے قومی سیاست میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نمٹ سکتی، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مملکت خداداد کو بحرانوں سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کے معاشی چیلنجز اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کرتے ہیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کا وقت ہے، پاکستان کا استحکام، اس وقت سب سے اہم چیز ہے۔