All posts by Muhammad Saqib

انڈیا میں ہر گھنٹے تقریبا 17 افراد خودکشی کر رہے ہیں، یومیہ اجرت والے سب سے زیادہ

تاریخ میں جب جب سنہ 2020 کا ذکر آئے گا تو کورونا کی وبا کا ذکر بھی ضرور آئے گا۔

کورونا کا ذکر آتے ہی انڈیا میں آنکھوں کے سامنے علاج کے لیے تڑپتے لوگوں، ایمبولینسز کے شور، شمشان گھاٹوں سے اٹھتے دھویں، آکسیجن سلنڈروں کے لیے بھاگ دوڑ اور ایک شہر سے دوسرے شہر پیدل جانے والے مزدوروں کی تصویریں ابھرتی ہیں۔

مزدوروں کو بھوک کے ساتھ ساتھ بیماری کے دوہرے عذاب کا بھی سامنا تھا۔

اب نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) نے سنہ 2020 کی ‘حادثاتی اموات اور خودکشی’ کی رپورٹ جاری کی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ سنہ 2020 میں سب سے زیادہ یومیہ اجرت والے مزدوروں نے خودکشی کی ہے۔

مزدوروں پر کورونا کے اثرات؟

این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق انڈیا میں گذشتہ سال تقریباً 1 لاکھ 53 ہزار لوگوں نے خودکشی کی، جن میں سے تقریباً 37 ہزار یومیہ اجرت والے مزدور تھے۔ خودکشی کرنے والوں میں تمل ناڈو کے سب سے زیادہ مزدور تھے۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، تلنگانہ اور گجرات کے مزدوروں کی تعداد ہے۔

تاہم اس رپورٹ میں محنت کشوں کی خودکشی کی وجوہات کے ذیل میں کورونا کی وبا کا ذکر نہیں ہے۔

لیکن مارچ کے آخر میں انڈیا میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد، ہر کسی نے مزدوروں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور ہجرت کی تصویریں دیکھی تھیں۔

نہ جانے کتنے ہی بھوکے پیاسے لوگ پیدل اپنے گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

کچھ ریاستی حکومتوں نے دوسری ریاستوں میں کام کرنے والے اپنے لوگوں کے لیے ٹرینوں اور بسوں کا بھی انتظام کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے غریبوں میں مفت راشن تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ لیکن محنت کشوں کے مصائب، پریشانی اور فاقہ کشی کے وسیع مسائل کے سامنے یہ کوششیں ناکافی تھیں۔

انڈیا میں سنہ 2017 سے ہر سال خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا آرہا ہے۔ سنہ 2020 میں گذشتہ سال سنہ 2019 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خودکشی کے واقعات میں اسکولی طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سعودی عرب نے لبنان کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

سعودی عرب نے لبنان سے تمام اشیاء کی درآمد پر پابندی کرتے ہوئے سفیر کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے رواں ہفتے لبنان کے وزیر اطلاعات کی اس ویڈیو پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں لبنانی وزیر نے یمن کے معاملے پر سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحاد پر تنقید کی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ سعودی عرب نے لبنان کی تمام درآمدی اشیاء پر پابندی عائد کردی ہے اور ساتھ ہی سعودی عرب میں لبنانی سفیر کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا بھی حکم دیا ہے۔

اس کےعلاوہ سعودی حکومت نے لبنان سے شہریوں کی ملک میں آمد پر بھی پابندی عائد کردی اور لبنان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حکومت کو لبنانی حکام کی جانب سے حقائق کو نظرانداز کرنے اور درست اقدامات لینے میں مسلسل ناکامی کی وجہ سے لبنان کے ساتھ تعلقات میں برآمد ہونے والے نتائج پرافسوس ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے بعد بحرین نے بھی اسی معاملے پر دو روز میں لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے جس کی تصدیق بحرین کی وزارت خارجہ کی جانب سے کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی وزیر اطلاعات نے یمن جنگ میں سعودی اتحاد پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمن میں حوثی غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کررہے ہیں۔

دوسری جانب لبنانی وزیر اطلاعات کا کہنا ہےکہ ان کا یہ بیان ذاتی نوعیت کا ہے جو وزارت میں آنے سے پہلے کا ہے۔

علاوہ ازیں لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی نے سعودی اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ بحران پر قابو پانے میں ہماری مدد کریں۔

پاک بھارت میچ کے دوران بابر کی والدہ وینٹی لیٹر پر تھیں: والد اعظم صدیق کا حیران کن انکشاف

تینوں میچز بابر نے بڑی پریشانی کے عالم میں کھیلے، میرا دبئی آنا بنتا تو نہیں تھا لیکن اس لئے آیا کہ بابر کہیں کمزور نہ پڑ جائے،
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیرو بابر اعظم کے والد نے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں قوم کو اس تلخ حقیقت کے بارے آگاہ کیا جس سے کوئی بھی ان کر حیران رہ جائے ان کا کہنا تھا کہ کچھ سچ اب میری قوم کو پتہ ھونا چاھیے آپ سب کو مبارک تینوں جیت پر ھمارے گھر پے   بڑا امتحان تھا جس دن انڈیا سے میچ تھااُس دن بابر کی والدہ ونٹیلیڑرپے تھی اُن کا آپریشن ھواتھا بابر شدید پریشانی میں یہ تینوں میچ کھیلا میرا یہاں آنا نہیں بنتا تھا پر میں آیا کہ بابر کہیں کمزور نہ پڑ ھ جاے کرم ھےپروردگا ر کا اب وہ ٹھیک ھیں بات شعر کرنے کا مقصد خدارا اپنے قومی ھیروز کو بلا وجہ تنقید کا نشانہ نا بنایا کریں اور ھاں مجھے پتہ ھے مرے    بھی دینے پڑ تے ھیں پاکساتن زندہ بادبخیر جنت نہیں

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم نے عوامی ریلیف کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم کی بڑھتی عالمی قیمتوں کے باعث قیمتیں بڑھانےکی تجویزدی تھی لیکن  وزیراعظم نے تجویزکردہ اضافہ مسترد کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ حکومت عالمی سطح پربڑھتی مہنگائی کا بوجھ منتقل کرنےکی بجائے عوامی ریلیف کو ترجیح دےرہی ہے لہٰذا اوگراکے تجویز کردہ حالیہ اضافےکی مد میں عوام پربوجھ کو حکومت خودبرداشت کررہی ہے۔

ملک میں مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی کا احتجاج

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی اپیل پر سندھ بھر میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے گئے، کارکنوں نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگائے۔ 

ملک میں مہنگائی کے خلاف بلاول بھٹو کی اپیل پر سندھ میں مظاہرے کیے گئے۔ حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ پارٹی پرچم اٹھائے کارکنوں نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

سکھر میں بھی پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی، ریلی مختلف راستوں سےہوتے ہوئےپریس کلب پہنچی۔ جیالوں نے خوب نعرے بازی کی۔ مرکزی رہنماوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نےعوام کے لئے روٹی کا حصول بھی مشکل کردیا ہے۔

لاڑکانہ میں بھی پیپلز پارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ غالب نگرسے جناح باغ تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے مہنگائی اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

ٹنڈوجام میں پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ پارٹی پرچم اٹھا کر وفاقی حکومت پر تنقید کے تیر چلائے۔

دادومیں بھی پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، پیر ہائوس سے شروع ہونے والی ریلی دادو پریس کلب پہنچی، جہاں رہنماؤں نے خطاب کیا۔

شکارپورمیں بھی مہنگائی کےخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے زندگی اجیرن کردی ہے۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی جیالوں نے ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے

بنوں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک

بنوں: سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

 کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ بنوں ریجن اور حساس اداروں نے میر علی گاؤں کی حدود میں دہشت گردوں کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس پر وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

کالعدم ٹی ایل پی سے کیساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس 2 گھنٹے جاری رہا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، آرمی چیف اور مسلح افواج کے سربراہ بھی موجود تھے ، آج کے اجلاس میں ہر آدمی نے بات چیت کی اور اجلاس میں مذاکرات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

ٹی ایل پی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن ریاست کی رٹ کو ہر حال میں قائم کیا جائے گا، خواہش ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں، حکومت نے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم نے کالعدم تحریک لبیک سے جو مذاکرات کیے اور دستخط کیے تھے ان پر قائم ہیں،کالعدم تنظیم والوں نے وعدہ کیا تھا کہ جی ٹی روڈ کھول دیں گے، اگر شام کو ہمارے ان کے ساتھ مذاکرات ہوتے ہیں اور کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں تو آپ کو بتائیں گے، وزیراعظم کل یا پرسوں قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی تقریر  پوری حکومت کا بیانیہ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کو دھرنے میں تبدیل کر دیا گیا، جی ٹی روڈ کے اطراف رہائشی اسکول اور کالجز متاثر  ہیں، 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں، 80 سے زائد اہلکاروں کو گولیاں لگی ہیں، جب ملکی فورس پر گولی چلائی جاتی ہے تو ایسے حالات میں پولیس کو رینجرز کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس حکومت کی رٹ کو قائم رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، ہم نے کل رینجرز کو آرٹیکل 147 کے تحت اختیار دیے اور پولیس کو رینجرز کے تحت کر دیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے مظاہرین بیرون ملک سے سوشل میڈیا چلا ہرے ہیں، واٹس ایپ انڈیا، ہانگ کانگ، امریکا اور برطانیہ سے چل رہے ہیں، ہانگ کانگ ،بھارت، برطانیہ اور امریکا سے ای میلز  بھی چل رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا جانیں دونوں طرف قیمتی ہیں، پولیس والوں کے بھی بچے ہیں، گھر  والے ہیں، میں توقع رکھتا ہوں کہ قومی نقصان نا ہو، سعد رضوی جہاں بھی ہیں ان سے بات چیت ہو رہی ہے، ان کو مارچ روکنا چاہیے اور  مذاکرات کے نتائج دیکھنے چاہئیں۔

عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے میر عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

میر عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جن میں ایک ووٹ اپوزیشن رکن جبکہ 38 ووٹ بی اے پی اور اتحادی جماعتوں کے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے ہوئے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے کی جس کے دوران آئین کی دفعہ 130 (4) کے تحت انتخاب عمل میں لایا گیا۔

بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے صرف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نواب ثنا اللہ زہری نے ووٹ دیا۔

ان کے سوا جمعیت علمائے اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور آزاد امیدوار نواب اسلم رئیسانی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان آج گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے سیکریٹری صوبائی اسمبلی کے پاس عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے 5کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے لیکن ان کے سوا کسی اور امیدوار نے قائد ایوان کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں حکومتی جماعت بی اے پی کے ناراض اراکین کی جانب سے 20 اکتوبر کو بلوچستان اسمبلی میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔

تاہم قرار داد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل ہی جام کمال خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ عبدالقدوس بزنجو اس سے قبل اسپیکر بلوچستان اسمبلی تھے لیکن جام کمال خان کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کے لیے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان آج تیسرا میچ افغانستان کیخلاف کھیلے گا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم سپر 12 مرحلے کا اپنا تیسرا میچ افغانستان کے خلاف آج  دبئی میں کھیلے گی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے افغانستان کو بھی خطرناک حریف تصور کیا جارہا ہے ۔

پاکستان بھارت کو  پہلے میچ میں خوب دھویا، دس بڑے ناموں کی ٹیم کو دس وکٹوں سے مارا، دوسرے میچ میں کیویز کو بھی بآسانی چت کیا، گرین شرٹس کا اگلا شکار اب افغانستان ہے۔

افغانستان کی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ میں خطرناک حریف کے طور پر سامنے آئی ہے۔وارم اپ میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دی، پھر اسکاٹ لینڈ کو گروپ ٹو کے میچ میں 130 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔

بولنگ میں راشد خان اور مجیب الرحمان اپنی گھومتی گیندوں سے بیٹسمینوں کو پریشان کررہے ہیں تو بیٹنگ میں حضرت اللہ ززائی، محمد شہزاد اور اصغر افغان شامل ہیں۔

دوسری جانب گرین شرٹس نے بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی کے لیے راہ ہموار کرلی ہے، بولرز فارم میں ہیں، بیٹسمینوں کے بلے بھی خوب چل رہے ہیں۔

کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم کو اب کمزور حریف نہیں کہا جاسکتا، یہ دونوں ٹیمیں جب بھی آمنے سامنے ہوں تو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملتا ہے۔

ورلڈ کپ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، جس میں پاکستان نے تین وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ آج شام سات بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔