All posts by Khabrain News

طالبان کی چھاپہ مار کارروائی میں مساجد حملوں کے 2 منصوبہ ساز ہلاک

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان کی چھاپہ مار کارروائیوں میں امام بارگاہوں پر خودکش حملوں کے 2 منصوبہ ساز ہلاک اور 3 کو گرفتار کرلیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغانستان کی طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیوں میں داعش خراسان کے دو اہم کمانڈرز یوسف اور محمد آغا مارے گئے۔
نائب وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ دونوں کمانڈرز امام بارگاہوں، پاور اسٹیشن اور الیکٹریکل تنصیبات پر خود کش حملوں کے منصوبہ ساز تھے۔ چھاپہ مار کارروائی میں داعش کے کارندوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امام بارگاہوں، مساجد، سیکیورٹی قافلوں اور سرکاری تنصیبات پر خود کش حملے اور بم دھماکے کیے گئے ہیں جن کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی ہیں۔

اکشے کمار کی نئی فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘ بری طرح فلاپ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی نئی فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘ کو باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سمراٹ پرتھوی راج فلم بینوں کی توجہ حاصل کرنے سے قاصر رہی، فلم ریلیز ہونے کے دوسرے ہفتے بعد بھی کوئی خاطر خواہ بزنس نہیں ہوا اور اس ہفتے صرف 7.25 کروڑ کا بزنس ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم کی تیاری میں تقریباً 300 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت آئی لیکن اب تک مجموعی کمائی صرف 61.72 کروڑ ہے۔ فلمی شائقین نے سمراٹ پرتھوی راج پر عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور سینما گھروں میں مذکورہ فلم کے بجائے دوسری فلموں کو ترجیح دی۔
بھارتی فلم بین کارتک آریان کی ریلیز ہونے والی فلم ’بھول بھولائیاں 2‘ اور ہالی ووڈ فلم ’جوریسک ورلڈ ڈومینئن‘ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اسی سبب مختلف ریاستوں کے سینما گھروں میں مذکورہ فلموں کی ٹکٹوں کی مانگ ہے۔
سمراٹ پرتھوی راج فلم کو چندرپرکاش نے ڈائریکٹ کیا جس میں اکشے کمار نے ہندو بادشاہ ’پرتھوی راج چوہان‘ کا کردار نبھایا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی سے کرپشن اور بد انتظامی میں کمی لائی جاسکتی ہے، صدرمملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن اور بد انتظامی میں کمی لائی جاسکتی ہے، ٹیکس محتسب کے ادارے نے ٹیکس دہندگان کو بروقت اور فوری ریلیف کی فراہمی کے ذریعے انصاف کی راہ ہموار کی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی ٹیکس محتسب کے زیر اہتمام ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکس کلچر کو عام کرنے اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید بہتربنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شفاف نظام یقینی بنا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف شکایات کے ازالے کا عمل آسان ہوا بلکہ مستند ٹیکس ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی مدد ملی ہےجدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن اور بد انتظامی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے فنڈز کی کرپشن، انڈر انوائسنگ اور رشوت کو روکاجاسکتا ہے، جدید آئی ٹی نظام کے ذریئے ٹیکس گزاروں کو جلد ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے اور وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے پر عوام کا اعتبار بڑھ رہا ہے اور شکایت کنندگان کی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے شرکا کو ادارے کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ادارے کو امسال اب تک 25 سو شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 22 سو کو نمٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ٹیکس محتسب کے ادارے نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے ڈیلروں اور ذخیرہ اندوزوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی سفارش کی تھی انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارہ کا مقصد شکایات کے فوری ازالے کے ساتھ ساتھ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرنا ہے۔

پاکستانی پی ایچ ڈی طالبعلم نے قطر میں غیر ملکی ایوارڈ جیت لیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم دائم آصف راجہ نے حال ہی میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کی ٹریول گرانٹ اور قطر کے شہر دوحہ میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کے تحت منعقدہ ایک ریسرچ کانفرنس کے پوسٹر مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ طالب علم دائم آصف ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر عمران ملک کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالب علم نے 250 پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے 800 افراد شرکت کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق امریکن کیمیکل سوسائٹی کی صدر اینجیلا کے ولسن نے کامیاب طالب علموں کو انعامات پیش کیے جبکہ اس موقع پر 2016 کے نوبل انعام یافتہ سائنسدان پروفیسر فریزر اسٹوڈرٹ بھی موجود تھے۔
علی دائم کے پوسٹر کا عنوان ’پولی ایتھائلینیمائن، اسٹیبلائزڈ سلور نینو پارٹٰیکلز کو پرمیتھیزائن کے لیے بطور کیلوریمیٹرک ایسے‘ کا استعمال تھا۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے دائم آصف کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالب علم کو اس کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔

OPPO F21 Pro 5Gکی پاکستان بھر میں فروخت جاری

لاہور(ویب ڈیسک)انتظار کی گھڑیاں بالا آخر ختم ہوئیں،OPPO F21 Pro 5Gباضابطہ طور پر ملک بھر میں آن لائن اور اسٹورز پر خریداری کیلئے دستیاب ہے۔
اپنے ناقابل یقین ڈیزائن،فائیو جی کے باعث تیز ترین انٹر نیٹ کنکشن،6nm پروسیسر اور کیمرے کی شاندار صلاحیتوں کے ساتھ۔لوگ اسے انتہائی پسند کررہے ہیں،لانچنگ کے بعد سے OPPO F21 Pro 5Gکی پسندیدگی اور فروخت کے حوالے سے حوصلہ افزاء اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اسٹورز پر فروخت کے پہلے ہی روز لوگوں کی بڑی تعداد نے فون کے شاندار اور منفرد میگا لینس اور میگا پورٹریٹ خصوصیات کا مشاہدہ کیا۔
Qualcomm® Snapdragon™ 695 5Gموبائل پلیٹ فارم 6nm پروسیس پر تیار کیا گیا ہے،جو طویل بیٹری لائف کے ساتھ انتہائی پتلا اور چمکدار ہے،OPPO F21 Pro 5Gایک غیر معمولی صارف تجربہ کو یقینی بناتا ہے،فون کی طاقتور
4500mAhبیٹری 33W SUPERVOOCفلیش چارجنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ آئی ہے،128GB روم اور 8GBریم ہے،جس کو اوپو کی ریم توسیع کے ساتھ 5GBسے توسیع دی جاسکتی ہے۔
یہ فون دو رنگوں Cosmic Blackاور Rainbow Spectrum.میں آیا ہے،یہ اسٹور اور دراز پر 69,999روپے میں دستیاب ہے۔
VoNRاور VoLTEٹیکنالوجی کے ذریعہ کالز اور تیز رفتار کنکشن کے معیار کو بڑھانے کے مقصد کے ساتھ،یہ فون ایسی خصوصیات سے لیس ہے جس کے ذریعہ صارفین فور جی پلس کے ساتھ ساتھ فائیو جی کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں۔
یہ فون ڈیٹا کی رازداری اور حفاظت کو صبعت کے معیار سے بڑھکر یقینی بناتا ہے،اور پبلک ایریا میں فوبن کے استعمال پر اسمارٹ نوٹیفکیشن دیتا ہے۔
یہ فون 64میگا پکسل کے مرکزی کیمرہ،2میگا پکسل میکرو کیمرہ،2میگا پکسل ڈیپتھ کیمرہ اور 16میگا پکسل فرنٹ کیمرہ سے لیس ہے۔
ColorOS 12,پر ایئر جسچرز کے ساتھ آپ ڈیوائس کو چھوئے بغیر یو ٹیوب،انسٹا گرم،فیس بک اور ٹک ٹاک جیسی ایپس پر سوئپ اپ جسچرز یا اسکرول کرتے ہوئے کالز کو muteکرسکتے ہیں۔
ایک ناقابل یقین ڈیزائن کے ساتھ یہ نئی ڈیوائس جدید ٹیکنالوجی،وضع دار ڈیزائن اور اسٹائل کو ایک جگہ سموتی ہے،یہ فون ملک بھر میں خریداری کیلئے دستیاب ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوگل ماہرین سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوگل ماہرین سے ملاقات ، پارلیمنٹ کی ڈیجٹیلائزیش سے متعلق امور پرغور کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گوگل ماہرین کے وفد سے ملاقات کی ہے، وفد کی سربراہی ٹیک ویلی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے کی گئی، ملاقات میں پارلیمنٹ کی ڈیجٹیلائزیش سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی ڈیجیٹلازیشن سے ممبران اور سٹاف کے استعداد کار میں اضافہ ہو گا، ڈیجیٹلائزیشن سے اسمبلی کی کارروائی مزید موثر اور نتیجہ خیز ہوگی، قومی اسمبلی میں گوگل آفس متعارف کرانے سے وہ جنوبی ایشیا کی پہلی پیپر لیس پارلیمنٹ بن جائے گی، ڈیجیٹلائزیشن اور گوگل آفس پارلیمنٹ کے ماحول کو بدل دے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی خواہش رکھتا ہوں، انفارمیشن، ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج بنا دیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے پارلیمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
سی ای او ٹیک ویلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ جنوبی ایشیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جسے ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ٹیک ویلی پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے گوگل پارٹنر ہے، قومی اسمبلی کے مختلف دفاتر میں کام کرنے والے عملے کی ڈیجیٹلائزیشن کی تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے۔

استعمال شدہ کافی اور چائے سے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ بنانے کا عملی مظاہرہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں استعمال شدہ چائے کی پتی اور کافی کی باقیات سے ایک اہم کیمیکل ہائیڈروجن پرآکسائیڈ بنانے کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا ہے۔ اسطرح بہت سہل اور ماحول دوست انداز میں یہ اہم کیمیکل بنایا جاسکے گا۔
ہائیڈروجن پرآکسائیڈ (H2O2) ایک مفید تجارتی کیمیکل ہے جسے کئی صنعتوں اور کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ روایتی انداز میں اسے بنانا مشکل اور مہنگا عمل ہوتا ہے جس کے ماحولیاتی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔
ٹوکیویونیورسٹی آف سائنس اور نارا وومن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے چائے اور کافی کی باقیات میں خاص پولی فینولز کا انکشاف کیا ہے جنہیں تبدیل کرکے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ میں بدلا جاسکتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق انہوں نے چائے کی پتی اور کافی کی باقیات سے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ تیار کی ہے جنہیں دوسری صورت میں پھینکا جاتا ہے یا بہت معمولی کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ماہرین نے کافی اور چائے کے بچے ہوئے کچرے کو سوڈیم فاسفیٹ کے عمل سے گزارا۔ پھر اسے انکیوبیٹر میں رکھا اور آؒخر میں اس پر سے آکسیجن گزاری گئی تو حاصل ہونے والا کیمیکل ہائیڈروجن پرآکسائیڈ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہےکہ اس عمل سے بننےوالا ہائیڈروجن پرآکسائیڈ دیگر کیمیکل کی تیاری میں مددگار بنا۔ سائنسدانوں نے اس پر ایک خامرہ (اینزائم) شامل کیا تو وہ اسٹائرین کے مالیکیول سے ملک کر اسٹائرین آکسائیڈ میں بدل گیا۔ اسٹائرین آکسائیڈ کو دواسازی میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
سب سے بڑھ کر چائے اور کافی سے تیار ہائیڈروجن پرآکسائیڈ ماحول دوست اور ارزاں ہے۔ روایتی طریقے سے تیاری میں اس پر بہت خرچ آتا ہے اور بہت سارا ماحول دشمن فالتو مواد بھی پیدا ہوتا ہے۔ توقع ہے کہ اس طرح ایک جانب تو چائے اور کافی کی باقیات کو ٹھکانہ لگانے میں مدد ملے گی تو دوسری جانب سبزٹیکنالوجی سے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی بڑے پیمانے پر تیاری کی راہ کھلے گی۔

مسلمانوں پر مظالم؛ بھارت کے جمہوری چہرے کی حقیقت دنیا کے سامنے ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر کہا ہے کہ نئی دہلی کے ’جمہوری چہرے‘ کی حقیقت دنیا کے سامنے ہے۔
شہباز شریف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پورا منصوبہ انہیں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی طور پر مزید پسماندہ کرنے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے اپنے ظالمانہ اور جابرانہ ریاستی آلہ کار کو بھارتی مسلمانوں کو سر تسلیم خم کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔
خیال رہے کہ اتر بھارت میں مودی کی فاشسٹ حکومت نے سہارنپور اور اترپردیش میں گستاخانہ بیان کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلمان رہنماؤں کے گھر مسمار کردیے ہیں
بھارتی میڈیا کے مطابق گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے والے مسلمان رہنماؤں کے گھروں کو بلڈوزر کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ گھروں کی مسماری سہارنپور اور اترپردیش میں کی گئی۔

ضمنی انتخابات، تحریک انصاف نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس جاری کر دیے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس جاری کر دیے ۔
پی پی 7 سے شبیر اعوان ،پی پی 83 سے حسن اسلم اور پی پی 90 سے عرفان نیازی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔ پی پی 97سے علی افضل ساہی، پی پی 125 سے میاں اعظم اور پی پی 127 سے نواز بھروانہ کو ٹکٹ جاری کی۔
پی ٹی آئی نے پی پی 140 سے خرم ورک، پی پی 158سے اکرم عثمان ، پی پی 167 سے عاطف چودھری ، پی پی 168سے نواز اعوان، پی پی 202 سے میجر(ر) سرور، پی پی 217سے زین قریشی، پی پی 224سے عامر اقبال شاہ، پی پی 228سے عزت جاوید خان کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔
تحریک انصاف نے پی پی 272 سے معظم جتوئی، پی پی 273 سے یاسر جتوئی، پی پی 282 سے قیصر عباس اور پی پی 228 سے سیف الدین کھوسہ کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 42 ہزار روپے سے زائد ہوگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 650 روپے اضافے سے ایک لاکھ42 ہزار 800 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کی قیمت 557 روپے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 428 روپے ہوگئی جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 13 ڈالرز کم ہوکر 1858 ڈالر فی اونس ہے۔