All posts by Khabrain News

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سکندر میندھرو انتقال کر گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر ڈاکٹر سکندر علی میندھرو امریکا میں انتقال کر گئے۔
ذرائع سندھ حکومت نے ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو کینسر کے عرضے میں مبتلا تھے اور بیرون ملک زیر علاج تھے۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ سکندر میندھرو دو ماہ سے امریکا کے اسپتال میں زیر علاج تھے جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کی میت پاکستان لائی جائے گی۔
سات جولائی 1943 کو پیدا ہونے والے 78 سالہ سینیٹر سکندر میندھرو کا تعلق سندھ کے ضلع بدین سے تھا، وہ 2013 سے 2018 کے دوران ممبر سندھ اسمبلی بھی رہے اور وزیر صحت کا قلمدان ان کے پاس رہا۔
ڈاکٹر سکندر میندھرو 4 بار رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں، سکندر میندھرو نے سندھ یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی۔

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ ودیگرکی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور : (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس کی سماعت میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر کی حاضری لگانے کا حکم دیا۔
دوران سماعت وزیراعظم شہباز شریف روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ میرے وکیل نے میری ضمانت کے حوالے سے تمام دلائل دے دیے ہیں، میرا حق ہے کہ میں اپنی ضمانت کے حوالے سے اپنی صفائی دوں، میرے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا ہے، مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے، میں نے درجنوں پیشیاں بھگتی ہیں۔
سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے میری گرفتاری کا کوئی راستہ نکالنے کے لیے چالان میں تاخیر کی، دوران سماعت جج نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ شوگر ملز میں آپ کا کوئی شیئر نہیں ہے؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ شوگر مل کا ڈائریکٹر ہوں نہ مالک نہ شیئر ہولڈر، میں نے منی لانڈرنگ، کرپشن کرنی ہوتی تو میں جو فائدہ لیگلی لے سکتا تھا وہ لے لیتا۔
وزیراعظم نے عدالت میں کہا کہ میں نے منی لانڈرنگ کر کے منہ کالا کرانا ہوتا تو خاندان کی شوگر ملز کو نقصان کیوں پہنچاتا، شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی تاکہ قومی خزانے پر بوجھ نہ پڑے، میں نے یتیموں اور بیواؤں کے خزانے کو اُن ہی پر استعمال کیا۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں ایف آئی اے نے جتنے بھی فیکٹس بتائے جھوٹے ہیں، میں نے 2011-12 میں بے روزگار غریب بچے بچیوں کو بولان گاڑیاں دیں، 2015 میں ہم نے 50 ہزار گاڑیوں کا منصوبہ شروع کیا، یہ 99 اعشاریہ 99 فیصد وہی الزمات ہیں جو نیب نے لگائے۔
وزیراعظم نے عدالت سے کہا کہ آپ سے پہلے جج نے سختی کی کہ چالان مکمل کیوں نہیں کرتے، اس عدالت میں کیس ٹرانسفر ہونے سے پہلے درجنوں بار پیش ہوا، جب میں اپوزیشن میں تھا تو نیب اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ گیا ہی نہیں، پراسیکیوشن نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا کیس نہیں ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرے لیے عزت کی اور کیا بات ہو گی کہ میرٹ پر بری ہوا، 4ججز نے کہا کرپشن منی لانڈرنگ اور بے نامی اثاثوں کے کوئی شواہد نہیں ملے، عدالت میں جب ضمانت کا معاملہ گیا تو 4 ججز نے میرے حق میں فیصلہ دیا۔
وزیراعظم نے کہا میرے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنایا گیا، میں نے ایف آئی اے سے کہا کہ میں زبانی جواب نہیں دوں گا، وکلا کی مشاورت کے بعد جواب دوں گا، جب عقوبت خانے میں تھا دو مرتبہ ایف آئی اے نے تحقیقات کیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو مرتبہ لاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانتیں دیں، عزت ہی انسان کا خاصہ ہوتا ہے، اللہ نے 2 ماہ پہلے مجھے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری عطا کی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ یہ ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھاؤں۔
بعدازاں عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

گستاخانہ ریمارکس کیخلاف بھارت میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے، 2 افراد ہلاک

بھارت ، جھارکھنڈ: (ویب ڈیسک) بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں پر تشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی جانب مظاہرین پر فائرنگ کی گئی اور لاٹھیاں برسائی گئیں، مظاہروں میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔بھارتی شہر الہ آباد میں بھی گستاخانہ بیانات کے خلاف مظاہروں کے بعد صورت حال کشیدہ ہونے پر شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
نئی دہلی کی جامع مسجد کے باہر گستاخانہ بیانات کے خلاف گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے میں شریک افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
بھارت کے سابق نائب صدر محمد حامد انصاری نے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر مودی کی خاموشی کوئی اتفاق نہیں بلکہ بہت معنی خیز ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس سے اختلاف نہیں کرتے۔

بھارت کا آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں سے جان چھڑانے کا منصوبہ

لاہور : (ویب ڈیسک) ماحولیاتی تبدیلوں کے باعث بھارت نے لاکھوں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
بھارت میں کیے گیے ایک سروے کے مطابق تقریباً 57 فیصد گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹائے جانے کا انحصار گاڑیوں کی عمر کے بجائے ان کے طے کیے گیے سفر پر ہونا چاہیے۔
یاد رہے بھارتی حکومت نے پچھلے سال لازمی قرار دیا تھا کہ 20 سال سے زائد پرانی ذاتی گاڑیوں اور 15 سال سے زائد پرانی کمرشل گاڑیوں کو سڑک پر لانے کے لیے فٹنس ٹیسٹ لازمی کروانا ہو گا۔
سروے میں نصف سے زیادہ صارفین نے کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی تعداد کو کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ کلنکرز پالیسی (دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سے متعلق پالیسی) کے تحت پرانی گاڑیاں رکھنا اب زیادہ مہنگا ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے رواں برس اپریل سے آٹو فٹنس ٹیسٹ کو مزید مہنگا کر دیا ہے جس کے تحت 15 سال سے زائد پرانی گاڑیاں رکھنے والوں کو اب اپنی رجسٹریشن کی تجدید کے لیے 8 گنا زیادہ فیس ادا کرنی ہو گی۔
بھارت کے سینٹر فار سائنس اینڈ انوائرمنٹ کی پیش گوئی کے مطابق 2025 تک بھارت میں 20 ملین پرانی گاڑیاں اپنی عمر کے خاتمے کے قریب ہوں گی جس سے ماحولیات کو بہت زیادہ نقصان پہنچے گا۔

شعیب ملک کا پرویز مشرف کیلئے پیغام

لاہور : (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شعیب ملک نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی اور ان کے لیے پیغام جاری کیا۔
شعیب ملک نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں پرویز مشرف سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ میرے دل میں آپ کے لیے بے پناہ عزت ہے، آپ ایک حقیقی رہنما اور مجھ سمیت بہت سے لوگوں کے لیے متاثر کن شخصیت ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ آپ ایک بہادر سپاہی اور اس ملک کی مٹی کے بیٹے ہیں۔
قومی کرکٹر نے سابق صدر کی صحتیابی کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اللّہ تعالیٰ آپ کے اور آپ کے اہلخانہ کے دُکھوں میں آسانی فرمائے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پرویز مشرف کی طبیعت سے متعلق کچھ خبریں سامنے آئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
بعدازاں اُن کے اہلخانہ نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پرویز مشرف اس وقت مشکل لمحے سے گزر رہے ہیں۔
دوسری جانب پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر دبئی میں اپنی رہائش گاہ پر زیر علاج ہیں، وہ امائلائیڈوسس نامی بیماری کیلئے زیر علاج ہیں، انتہائی نازک طبیعت سے متعلق اطلاعات درست نہیں ہیں۔

دبئی پلٹ شہری کو اغوا کرنے اور تاوان لینے کے الزام میں 2 پولیس اہلکار گرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) بیرون ملک سے چھٹیوں پر آئے شہری کو اغوا کرنے اور اس سے تاوان لینے کے الزام میں 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں 4 اہلکاروں نے دبئی پلٹ شہری کو اغواکیا اور 2 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔
پولیس نے بتایا کہ سی آئی اے کے 4 اہلکاروں نے ملزم مقصود کے ساتھ مل کر واردات کی، ملزمان دبئی پلٹ شہری کو گرین ٹاؤن سے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے اور اس سے لوٹ مار کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

رحیم یار خان میں باغ مالک کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ بچہ جاں بحق

رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) رحیم یار خان میں باغ مالک کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں پیش آیا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے باغ مالک سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم ملزمان گرفتار نہ کیے جا سکے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

کے پی کے جنگلات میں 210 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات، 3 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا : (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے جنگلات اور میدانی علاقوں کی جھاڑیوں میں 210 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات اور آگ بجھانے کے عمل میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے جنگلات اور میدانی علاقوں کی جھاڑیوں میں آگ لگنے کے واقعات کی مشاہداتی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے 26 فیصد سے زیادہ واقعات میں لوگ ملوث تھے جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ بھی آگ لگنے کی وجہ بنی۔ اس کے علاوہ بارشیں کم ہونا بھی آگ لگنے کی وجہ ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ باقاعدہ یا محفوظ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کم ہوئے، 60 فیصد سے زیادہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں جبکہ آگ لگنے سے متعلق 27 مقدمات درج ہوئے۔
مشاہداتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگلات میں ہائی رسک، میڈیم رسک اور کم خطرے والے علاقوں کی شناخت ہونی چاہیے، ریسکیو 1122 کے خصوصی یونٹس کی ہائی رسک ایریاز تک رسائی بھی ضروری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کی ایک وجہ یہ افواہ بھی تھی کہ سرکار جلنے والے جنگلات کی رقم دیتی ہے، مستقبل کے لیے قدرتی حادثات سے نمٹنے والے جہاز کی خریداری کی جائے۔

وفاقی بجٹ میں کے الیکٹرک کیلئے اس بار بھی بڑی سبسڈی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات پر تمام سبسڈی ختم کرنے کے باوجود کے الیکٹرک کے لیے بڑی سبسڈی مختص کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ بجٹ میں کے الیکٹرک کے لیے ایک بار پھر 80 ارب روپے کی بھاری سبسڈی مختص کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاور سیکٹر کی سبسڈی میں 502 ارب روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے اور اسے 1072 ارب روپے سے کم کر کے 570 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
آئی پی پیز کے لیے سبسڈی 434 ارب روپے سے کم کر کے 180 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے پچھلے سال رکھی گئی 44 ارب روپے کی سبسڈی اور سابق فاٹا کے لیے بجلی کی مد میں 76 ارب روپے سبسڈی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم سیکٹر کی سبسڈی کو بھی 377 ارب روپے سے کم کر کے 71 ارب روپے کر دیا گیا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی 286 ارب روپے سے کم کر کے 25 ارب روپے کر دی گئی ہے۔

سپیکر کا وزیراعظم کی درخواست پر قومی اسمبلی میں ناموس رسالت پر بحث کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر ناموس رسالت (ص) کے معاملے پر پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پیر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کردیا جس میں بی جے پی لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی مذمت کی جائے گی۔
راجہ پرویز اشرف نے اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی اور کہا کہ یہ معاملہ سیاسی، جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیں سب مل کر گستاخوں کے خلاف ایمان اور کا مظاہرہ کریں، جس کے بعد ایوان بجٹ پر بحث کا آغاز کرے گا، قومی اسمبلی قرارداد بھی منظور کرے گی جس میں بی جے پی لیڈروں کے بیانات کی مذمت کی جائے گی۔