All posts by Khabrain News

مہنگائی کی شرح 23.98 فیصدریکارڈ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔مہنگائی کی مجموعی شرح 23.98 فیصدریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کےمطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 2.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح23.98 فیصدتک جا پہنچی ہے جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ اسی دوران 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ برانڈڈ گھی فی کلو کی قیمت میں 28 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
آلو کی فی کلو قیمت میں 3روپے10پیسےاور ٹماٹر کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔دالیں، نمک، بیف، مٹن، چینی، پیاز، دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیااء میں شامل ہیں۔

صوبائی بجٹ کی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کا اجلاس 13 جون کو طلب

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے بجٹ منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کا اجلاس 13 جون کو طلب کرلیا، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2022-23 بجٹ تجاویز کی منظوری لی جائے گی، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور سالانہ اخراجات کی منظوری لی جائے گی۔
مالی سال 2022-23 کا صوبائی بجٹ وفاقی طرز کا ہو گا، بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے خصوصی امدادی پیکج متعارف کروایا جائے گا، عوام کی قوت خرید میں اضافے کے لیے اشیاء خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں گی۔
صوبائی بجٹ میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، کم وسیلہ افراد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خصوصی رعایت دی جائے گی، پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا۔
بجٹ کے دوران صوبائی محصولات میں دی گئی رعایت برقرار رکھی جائے گی، آٹے کی کم قیمت پر دستیابی کا وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا سہولت پیکج آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا، پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ بلحاط حجم پہلے سے بہتر ہو گا۔
بجٹ کا بڑا حصہ ترقیاتی مقاصد کے حصول پر خرچ کیا جائے گا، پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی اولین ترجیح سماجی شعبہ کی ترقی اور معیشت کی بحالی ہو گی، بجٹ 2022-23 میں تعلیم، صحت، زراعت، مواصلات کے میدان میں کئی اہم اقدامات متعارف کروائے جائیں گے۔
آئندہ بجٹ میں پائیدار ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے ضلعی سطح پر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا، پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بجٹ ہو گا، سرکاری ملازمین اور دیہاڑی دار طبقہ دونوں کے لیے خوشخبری لائے گا۔

توڑ پھوڑ کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 18 جون تک توسیع

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کی سیشن کورٹ نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کرنے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 18 جون تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج صائمہ قریشی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 18 جون تک توسیع کردی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے کہا کہ پولیس نے لانگ مارچ کے دوران بدترین تشدد کیا، استدعا ہے پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا اس لئے عدالت ضمانت منظور کرے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کے الزامات پرمقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تمام کیسز جھوٹ کا پلندہ ، کرپشن ثابت ہوتی تو منہ چھپاتا پھرتا: شہباز شریف

لاہور :(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن ثابت ہوتی تو منہ چھپاتا پھرتا، تمام کیسز جھوٹ کا پلندہ ہیں، جن پر منوں مٹی پڑے گی۔
تفصیلات کےمطابق سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر کی حاضری لگانے کا حکم دیا۔
دوران سماعت وزیراعظم شہباز شریف روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ میرے وکیل نے میری ضمانت کے حوالے سے تمام دلائل دے دیے ہیں، میرا حق ہے کہ میں اپنی ضمانت کے حوالے سے اپنی صفائی دوں، میرے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا ہے، مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے، میں نے درجنوں پیشیاں بھگتی ہیں۔
سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے میری گرفتاری کا کوئی راستہ نکالنے کے لیے چالان میں تاخیر کی، دوران سماعت جج نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ شوگر ملز میں آپ کا کوئی شیئر نہیں ہے؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ شوگر مل کا ڈائریکٹر ہوں نہ مالک نہ شیئر ہولڈر، میں نے منی لانڈرنگ، کرپشن کرنی ہوتی تو میں جو فائدہ لیگلی لے سکتا تھا وہ لے لیتا۔
وزیراعظم نے عدالت میں کہا کہ میں نے منی لانڈرنگ کر کے منہ کالا کرانا ہوتا تو خاندان کی شوگر ملز کو نقصان کیوں پہنچاتا، شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی تاکہ قومی خزانے پر بوجھ نہ پڑے، میں نے یتیموں اور بیواؤں کے خزانے کو اُن ہی پر استعمال کیا۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں ایف آئی اے نے جتنے بھی فیکٹس بتائے جھوٹے ہیں، میں نے 2011-12 میں بے روزگار غریب بچے بچیوں کو بولان گاڑیاں دیں، 2015 میں ہم نے 50 ہزار گاڑیوں کا منصوبہ شروع کیا، یہ 99 اعشاریہ 99 فیصد وہی الزمات ہیں جو نیب نے لگائے۔
وزیراعظم نے عدالت سے کہا کہ آپ سے پہلے جج نے سختی کی کہ چالان مکمل کیوں نہیں کرتے، اس عدالت میں کیس ٹرانسفر ہونے سے پہلے درجنوں بار پیش ہوا، جب میں اپوزیشن میں تھا تو نیب اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ گیا ہی نہیں، پراسیکیوشن نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا کیس نہیں ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرے لیے عزت کی اور کیا بات ہو گی کہ میرٹ پر بری ہوا، 4ججز نے کہا کرپشن منی لانڈرنگ اور بے نامی اثاثوں کے کوئی شواہد نہیں ملے، عدالت میں جب ضمانت کا معاملہ گیا تو 4 ججز نے میرے حق میں فیصلہ دیا۔
وزیراعظم نے کہا میرے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنایا گیا، میں نے ایف آئی اے سے کہا کہ میں زبانی جواب نہیں دوں گا، وکلا کی مشاورت کے بعد جواب دوں گا، جب عقوبت خانے میں تھا دو مرتبہ ایف آئی اے نے تحقیقات کیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو مرتبہ لاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانتیں دیں، عزت ہی انسان کا خاصہ ہوتا ہے، اللہ نے 2 ماہ پہلے مجھے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری عطا کی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ یہ ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھاؤں۔
بعدازاں عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹن بیبر اعصابی بیماری ریمسے ہنٹس کا شکار

کراچی :(ویب ڈیسک) پاپ اسٹار جسٹن بیبر اعصابی بیماری ریمسے ہنٹس کا شکار ہو گئے۔
جسٹن بیبر نے انسٹاگرام پر اپنی بیماری کے بارے میں پرستاروں کو آگاہ کیا۔ بیماری کی وجہ سے انہوں نے تمام کانسرٹس منسوخ کر دیئے ہیں۔
یہ بیماری چکن پاکس پھیلانے والے وائرس سے ہوتی ہے۔ چکن پاکس پھیلانے والا وائرس کئی سال بعد جسم میں دوبارہ فعال ہو سکتا ہے اور اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے۔
لقوے سے ملتی جلتی اس بیماری میں نصف چہرہ فالج زدہ ہو جاتا ہے۔ چہرے کے نصف حصے پر آنکھ جھپکنا، مسکرانا یا چہرے کی تاثرات دینا ممکن نہیں رہتا۔
واضح رہے کہ ریمسے ہنٹس ناقابل علاج مرض ہے اور اس سے ہونے والے اعصابی نقصان سے مکمل طور پر بحال ہونا ممکن نہیں۔

حکومت نے ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف شکنجہ کس لیا

کراچی :(ویب ڈیسک) حکومت نے ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف شکنجہ کس لیا۔
ٹیکس نہ دینے والوں کو جائیداد خریدنے پر ڈھائی سو فیصد اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔ گاڑی کی خریداری پر دو سو فیصد اضافی ٹیکس عائد ہوگا۔
ڈھائی کروڑ مالیت کی ایک سے زائد جائیداد رکھنے والوں پر بھی ٹیکس لگے گا۔ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کا پانچ فیصد کرایہ یا فکس آمدن تصور ہوگا اور اس پر ایک فیصد ٹیکس لگے گا۔
نادرا کسی شخص کی آمدن اور اثاثوں کا حساب لگا کر واجبات کا تعین کرے گا۔ایف بی آر نادرا کے تعین کردہ واجبات وصول کرے گا۔ واجبات ادا نہ کرنے والے کے خلاف ایف بی آر کارروائی کرے گا۔ایف بی آر اور نادرا معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
نادرا اور ایف بی آر معلومات کے محفوظ طریقے سے استعمال کا معاہدہ کریں گے۔ایف بی آر نادرا کی معلومات کو اپنے متعلقہ حکام کے ساتھ شئیر کر سکے گا۔نادرا اس بات کا تعین کرے گا کہ کسی شخص کی آمدن یا اثاثوں کا درست تعین کیا گیا یا نہیں۔
نادار اس بات کا بھی تعین کرے گا کہ اثاثوں کی مالیت سرکاری ریٹس سے مختلف تو نہیں۔نادرا مارکیٹ کے مطابق اس کی اصل مالیت کا تعین بھی کرے گا۔نادرا کسی بھی شخص کی آمدن اور ٹیکس کا حساب لگائے گا۔
نادرا ، آرٹیفشل انٹیلیجنس یا کسی بھی جدید طریقے کا استعمال کر سکے گا۔ایف بی آر متعلقہ شخص کو نادرا کے تعین کردہ ٹیکس سے آگاہ کرے گا۔

فہد مصطفی شاہ رخ کی طرح باصلاحیت ہیں:ماہرہ خان

کراچی :(ویب ڈیسک) آرٹس کونسل کراچی میں فلم میکر جوڑی نبیل قریشی اور فضا علی کی آنے والی فلم قائد اعظم زندہ باد کا ٹریلر لانچ کرنے کی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے فہد کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیا، فہد مصطفی شاہ رخ خان کی طرح با صلاحیت ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ فلم میں مجھے ایک گانے میں جانوروں کے ساتھ کام کرنا پڑا جو میرے لیے بہت مشکل تھا، آج کل جو حالات چل رہے ہیں اس میں قائد اعظم زندہ باد بہت معنی خیز فلم ہے
اداکار فہد مصطفی نے کہا کہ اس فلم کی کہانی بہت منفرد ہے، کرپشن کی کہانی کو مزاح کے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بار کہانی ہی آپ کو متاثر کرتی ہے، کہانی فلم کی سب سے اہم چیز ہوتی ہے۔

بجٹ میں تاریخی خسارے کے ساتھ قوم پر بجلی گرائی گئی :شیخ رشید

راولپنڈی :(ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بجٹ میں تاریخی خسارے کے ساتھ قوم پر بجلی گرائی گئی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی راطبے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ پہلے ہی پٹرول ،گیس، بجلی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے پر آ گیا تھا، اب تاریخی خسارے کے ساتھ کھاد، قدرتی گیس اور دکانداروں کے بجلی کے بلوں میں فیکس ٹیکس نے بجلی گرائی ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ غیرملکی ترسیلات اور زر مبادلہ کے زخائر میں کمی معاشی ڈیفالٹ کی طرف جارہی ہے، قوم 45 دن امپورٹڈ حکومت کے ظالمانہ فیصلوں کا انتظار کرے۔

بھارتی فوج کی بربریت نہ رکی، فائرنگ سے ایک اور کشمیری جوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، قابض فوج کی ضلع کلگام میں فائرنگ سے ایک اور نوجوان شہید ہو گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بزدلانہ کارروائی کا واقعہ ضلع کلگام میں پیش آیا جب ظالم فورسز نے کھاندی پورہ کے علاقے میں محاصرے اور گھر گھرتلاشی کے دوران نوجوان پر فائرنگ کردی۔ واقعہ کے بعد علاقے کی مکمل طورپر ناکہ بندی کر کے موبائل اور انٹرنیٹ سروسزبھی معطل کردی گئیں۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا۔

پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بادل برسنے کا امکان

لاہور :(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے مختلف علاقوں اورخیبر پختونخوا میں بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج لاہور، گوجرانوالہ سیالکوٹ اورجنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں بعداز دوپہر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے، سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا، شام کو تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، صوبے کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد گرد آلود اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کیساتھ بوندا باندی متوقع ہے، سبی 48 ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ صوبے کا گرم ترین علاقہ ریکارڈ، نوکنڈی میں درجہ حرارت 47 جبکہ تربت میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔