All posts by Khabrain News

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیر کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 33ویں اوور میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
شامار بروکس 42 اور کائیل مئیرز 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے، بابر اعظم 77 اور امام الحق 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور شاداب خان 22، 22 رنز، فخرزمان 17 ، محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اختتامی اوورز میں محمد وسیم 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الزاری جوزف اور اینڈرسن فلپ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

فٹبال ورلڈ کپ: اسرائیلی شہریوں کو قطر آنے کی خصوصی اجازت

دوحہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور خلیجی عرب ریاست قطر کے مابین سفارتی تعلقات ابھی تک قائم نہیں ہوئے لیکن صہیونی شہریوں کو فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء دیکھنے کے لیے قطر آنے کی خصوصی اجازت ہو گی۔
اسرائیل کی وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور کھیلوں کی وزارت نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا ہے کہ فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی شہری بھی دنیا بھر کے دیگر شائقین کی طرح ورلڈ کپ کے دوران قطر میں میچز دیکھ سکیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو دیگر غیر ملکیوں کی طرح ٹکٹ کی خریداری کے ثبوت کے ساتھ آن لائن ویزا حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپیڈ نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ یہ ایک سفارتی کارنامہ ہے، جس نے مداحوں کے دلوں کو خوشی سے بھر دیا ہے۔ فٹ بال اور کھیل کی محبت لوگوں اور ملکوں کو جوڑتی ہے اور اس ورلڈ کپ نے گرمجوشی کے نئے رشتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل ستمبر 2020ء کے بعد سے 3 عرب ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر چکا ہے جبکہ سوڈان بھی اس راستے پر گامزن ہے۔
خلیجی ممالک میں ہونے والی اس پیش رفت کے باوجود قطر کا رویہ اس حوالے سے انتہائی محتاط رہا ہے اور اس نے ابھی تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے کسی واضح پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔ قطر غزہ میں حماس کا بڑا حمایتی ہے اور دوحہ حکومت نے غزہ جنگ کے ردعمل میں 2009ء میں اسرائیل کے ساتھ کمرشل روابط بھی منقطع کر دیے تھے۔
ان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات 1996ء میں اس وقت قائم ہوئے تھے، جب اس وقت کے اسرائیلی وزیراعظم شمعون پیریز نے قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کیا تھا۔
اسرائیلی سفارتی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی شہریوں کو ورلڈ کپ کے لیے قطر کا سفر کرنے کی اجازت دینے والا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی توسیع نہیں کرتا۔ اسرائیل کی قومی فٹ بال ٹیم ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ اس نے آخری بار 1970ء میں ورلڈ کپ فائنل مراحل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

سفرو سیاحت میں بہتری پر عالمی بنک کی پاکستان کو مبارکباد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے بین الاقوامی سفر و سیاحت کے فروغ کے اشاریہ میں بہتری پرپاکستان کومبارکباد دی ہے۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے پاکستان کو 2021 کے بین الاقوامی سفر و سیاحت کے فروغ کے اشاریہ میں 6 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ اپنا درجہ بہتر بنانے پر مبارک باد دی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پغام میں 2019 میں عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 89 واں نمبرتھا جو 2021 میں چھ پوائنٹس کی بہتری کے بعد 83 واں ہوگیا۔ ناجی بن حسائن نے کہاکہ ملک کی بہتر کارکردگی میں سازگار کاروباری ماحول،سیاحوں کی وسیع سیکورٹی اور باہمی رابطے کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری شامل ہے۔

برطانوی شہری نے ایک انگلی سے 129 کلوگرام وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اسٹیو کلر نامی شہری نے ہاتھ کی درمیانی انگلی سے 129 کلو گرام وزن اٹھا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 48 سالہ اسٹیو کلر مارشل آرٹسٹ بھی ہیں جنہوں نے 121 کلوگرام وزن اٹھانے کا عالمی ریکارڈ توڑ کر اپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی فہرست میں درج کرایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی ریکارڈ ہولڈر نے 6 لوہے کی پلیٹوں پر مشتمل 129 کلو گرام وزنی وزن اٹھایا۔ اسٹیو کا کہنا ہے اٹھارہ سال کی عمر سے ایک انگلی سے بھاری وزن اٹھانے کی مشق کررہا تھا جبکہ گزشتہ چال سالوں کے دوران خصوصی ٹریننگ بھی لی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پریکٹس کے دوران ہی میں نے عالمی ٹائٹل پر اپنی نظریں جما لی تھیں اور بالآخر ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔

توہین آمیز کلمات، بھارتی ناظم الامور طلب، شدید احتجاج ریکارڈ کرایا: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہے، توہین آمیز کلمات پرمعاملے پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کہ شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بھارت کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو ہی بیوقوف بنا رہا ہے، بھارت کو کشمیر میں مظالم بند کر کہ وہاں فوری اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ استصواب رائے کرانا چاہیے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی بی جے پی کے دو حکام کی جانب سے توہین آمیز کلمات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے مختلف سفارتکاروں کو بھارت میں توہین آمیز کلمات، ہندوتوا کے فروغ اور اقلیتوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کیا، اگر بھارت میں تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات ہے تو وہ فوری طور پر ان بی جے پی حکام کے بیانات کی مذمت کرے، بھارت ان حکام کو کٹہرے میں لائے، پاکستان مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان نے 6 سو سے زائد سکھ یاتریوں کو مقدس مقامات کی یاترا کے لیے ویزے جاری کیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ جرمن وزیر خارجہ انالینا بئیر بوک نے پاکستان کا دورہ کیا، بدقسمتی سے کورونا ٹسٹ مثبت آنے کے باعث جرمن وزیر خارجہ کو دورہ مختصر کرنا پڑا، ایرانی سفیر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، شہباز شریف نے بلوچستان میں لگی آگ بجھانے میں ایران کی مدد پر شکریہ ادا کیا، گزشتہ روز وزارت خارجہ اور آذربائجان کے سفارت خانہ کی جانب سے مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے دوران مزید 5 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، ان کشمیریوں میں ایک نوجوان طالب علم بھی تھا، بھارت کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو ہی بیوقوف بنا رہا ہے، بھارت کو کشمیر میں مظالم بند کرکہ وہاں فوری اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ استصواب رائے کرانا چاہیے، بھارت کی سلامتی کونسل میں مستقل نمائندگی کے حوالے سے پاکستان کے بارے میں رپورٹس بے بنیاد ہیں، امریکی سیکریٹری خارجہ سے وزیر خارجہ کی ملاقات میں بھارت کی حمایت کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، پاکستان سلامتی کونسل میں اصلاحات کا حامی ہے، ایک ایسی اصلاح شدہ سلامتی کونسل جو کہ اراکین کے مسائل کو حل کر سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کو سزا کے حوالے سے ہمیں سعودی عرب میں ہمارے مشن نے معلومات دیں، اس پاکستانی کو سعودی عرب میں مقدس جگہ پر نا خوشگوار واقعہ پر سوشل میڈیا کے استعمال پر سزا ہوئی، طاہر کو تین برس قید اور دس ہزار سعودی ریال کا جرمانہ ہوا، انہیں سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر سزا ہوئی۔

مالی چیلنجوں، مشکلات کے باوجود بجٹ کی تیاری نہایت کٹھن کام تھا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی پوری ٹیم کو ایک متوازن، ترقی پر مرکوز اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی طور پر درپیش چیلنجوں اور بہت سی مشکلات کے باوجود بجٹ کی تیاری نہایت کٹھن کام تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے فنڈز میں اضافہ کیا ہے، بے نظیر سکالرشپ پروگرام کا دائرہ کار ایک کروڑ طلباء تک بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے مالی طور پر کمزور طبقات کی معاشی مشکلات کو کم کرنے کی خواہاں ہے اور میری سوچ یہ ہے کہ مالی لحاظ سے مضبوط لوگوں کو ٹیکسوں کی ادائیگی کے ذریعے قومی خزانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سولر پینلز کی درآمد اور ترسیل پر ٹیکس زیرو کر دیا ہے، زرعی مشینری و مداخل کی درآمد پر بھی ٹیکس صفر کر دیا گیا ہے، یہ کسانوں اور زراعت کی ترقی کیلئے بہت اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی و انتظامی کے حالیہ سالوں کے باعث ہمیں مشکل وقت کا سامنا ہے، اس بجٹ کے ذریعے میری حکومت مشکل فیصلوں کے ذریعے چیلنجوں پر قابو پائے گی اور معاشرے کے کمزور طبقات پر ان مشکل فیصلوں کے اثرات کو کم سے کم کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کو سولر پینلز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے دسمبر تک جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کا کام مکمل کرنے اور جامع آف گرڈ سسٹم کا منصوبہ بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے ہیں اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بجٹ کی شکل میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، مفتاح اسماعیل نے چند ماہ پہلے قوم کو کہا تھا کہ پٹرول کی قیمت 137 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور اب 210 روپے پر لے گئے ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ اسی طرح مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا تھا کہ 12 روپے یونٹ سے زیادہ بجلی نہیں ہونی چاہیے اور اب اس میں بھی 7 سے 8 روپے اضافہ کر دیا ہے، بجٹ پڑھنے سے قبل حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ایک سال کی نسبت بنیادی اشیا پر مہنگائی میں 24 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، ایک طرف تو مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف معیشت تیزی سے تباہ ہورہی ہے، سیمنٹ کی سیل میں 16 فیصد کمی آ چکی ہے سیمنٹ کی سیل متاثر ہونے سے تعمیرات رک جائیں گی اور اس سے منسلک افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں 24 روپے کمی واقع ہوئی ہے، اس وقت ملک میں معیشت کے حوالے سے صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے خدانخواستہ سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، قوم کواس امپورٹ حکومت سے نجات دلانے کا وقت آن پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازش اور حرام کے پیسے کے ذریعے لائی گئی حکومت جب تک ختم نہیں ہوتی اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے نمائندے نہیں آتے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہو سکتے۔

جوہری پلانٹس سے کیمرے ہٹانا ایران کو عالمی سطح پر تنہا کردے گا، امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ جوہری پروگرام کی نگرانی کرنے والے کیمروں کو ہٹانے سے ایران عالمی سطح پر تنہا رہ جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایران کی جانب سے جوہری پروگرام کی نگرانی کرنے والے ادارے کے 27 کیمروں کو جوہری پلانٹ سے ہٹانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے 2015 کے چھ فریقی جوہری معاہدے کی ممکنہ بحالی کھٹائی میں پڑ سکتی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ایران کا یہ اقدام اسے دنیا بھر سے اقتصادی اور سیاسی طور پر تنہا کردے گا۔ یہ راستہ چن کر ایران نے نیوکلیئر بحران میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ اس معاہدے سے امریکا 2018 میں نکل گیا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے صدر تھے۔
امریکا میں آنے والی نئی حکومت کے سربراہ جوبائیڈن نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں واپسی کے لے بات چیت کا آغاز کیا ہے تاہم اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

سونے کی قیمت میں پھر سے کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8ڈالر کی کمی سے 1840ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعہ کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500روپے اور 430روپے کی کمی واقع ہوئی۔
حالیہ کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 140400 روپے ہوگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 120370روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 30روپے کی کمی سے 1540روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72روپے کی کمی سے1320روپے کی سطح پر آگئی۔

مئی 2022ء: اوورسیز پاکستانیوں نے دو ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجیں

لاہور: (ویب ڈیسک) مئی 2022ء میں بیرون ملک سے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔
سٹیٹ بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ مئی 2022 میں دو ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر کی آمد ہوئی۔ اس طرح اوورسیز کارکنوں کی ترسیلات زر نے جون 2020 سے مسلسل 2 ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔
سٹیٹ بینک نے بتایا کہ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیاد پر 25.4 فیصد اور سال بہ سال کی بنیاد پر 6.9 فیصد کمی ہوئی، جس سے بڑی حد تک عید کے بعد معمول کے مطابق موسمی کمی اور اس کی طویل چھٹیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
مالی سال 2022 کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلات زر 6.3 فیصد (سال بہ سال) نمو کے ساتھ مجموعی طور پر 28.4 ارب ڈالر رہیں۔ مئی 2022ء میں ترسیلات زر کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (542 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (435 ملین ڈالر)، برطانیہ (354 ملین ڈالر) اور امریکا (233 ملین ڈالر) شامل ہیں۔